Tag: Pankaj Kapur

  • راج کمار راؤ کی فلم ’بھیڑ‘ کے ٹریلر پر ناراض ناظرین کو پنکج کپور کا جواب

    راج کمار راؤ کی فلم ’بھیڑ‘ کے ٹریلر پر ناراض ناظرین کو پنکج کپور کا جواب

    راج کمار راؤ اور بھومی پڈنیکر کی آنے والی نئی فلم ’بھیڑ‘ کے ٹریلر پر ناظرین سخت ناراض ہو کر تنقید کر رہے ہیں، جس پر فلم کے ایک اور اداکار پنکج کپور رد عمل ظاہر کرنے پر مجبور ہو گئے۔

    راج کمار راؤ کی فلم بھیڑ کا ٹیزر جیسے ہی سامنے آیا، ناظرین اس پر سخت ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں اور اسے ’ملک دشمن‘ فلم قرار دے رہے ہیں۔

    فلم میں اہم کردار ادا کرنے والے اداکار پنکج کپور نے اس تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’فلم دیکھنے سے پہلے فیصلہ نہ کریں۔‘‘

    پنکج کپور نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ہم اتنے بے صبرے اور فوری رائے دینے والے لوگ ہیں کہ بارش کی ایک بوند آنے سے بھی قبل لوگ مون سون کا اعلان کر دیتے ہیں۔

    پنکج کپور کا کہنا تھا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم صبر کریں اور یہ کہیں کہ ٹھیک ہے اسے دیکھتے ہیں اور اس پر غور کرتے ہیں، لیکن اس کی بجائے ہم بندوق کی طرف چھلانگ لگا لیتے ہیں۔

    اداکار کا کہنا تھا کہ اس فلم میں بھی ایسی ہی صورت حال آپ کو دکھائی دے گی، آپ رائے دے سکتے ہیں، لیکن پہلے فلم دیکھیں۔

    انھوں نے کہا ’’یہ مضحکہ خیز ہے کہ ایک چھوٹا ٹیزر دیکھ کر آپ کہنا شروع کر دیں کہ یہ ایک سیاسی فلم ہے۔ یہ ایک تجزیاتی فلم ہے جس میں ہمارے مائنڈ سیٹ پر بات کی گئی ہے، کہ ہمارے معاشرے کی ذہنیت کیسی ہے، ہم کس طرح سوچتے ہیں، بہت کم فلموں نے حکام کو مثبت معنوں میں پیش کیا ہے، اس فلم میں ایسا ہی دکھایا گیا ہے۔‘‘

    واضح رہے کہ فلم ’بھیڑ‘ ایک سماجی و سیاسی ڈراما ہے، جو کرونا وائرس کی وبا کے تاریک دور کی کہانی کے گرد گھومتا ہے، جس نے ملک کے اندر سرحدیں پیدا کر دی تھیں، فلم سازوں نے اس فلم کے پلاٹ کا موازنہ 1947 میں ہونے والی تقسیم سے کیا ہے۔

    انوبھو سنہا کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں دیا مرزا، آشوتوش رانا، کریتکا کامرا بھی شامل ہیں۔