Tag: Paragliding

  • پیراگلائیڈنگ کے دوران خاتون موت کے منہ میں چلی گئیں

    پیراگلائیڈنگ کے دوران خاتون موت کے منہ میں چلی گئیں

    ہماچل پردیش: بھارت کی شمالی ریاست ہماچل پردیش میں پیراگلائیڈنگ کے دوران سیفٹی بیلٹ ٹوٹنے سے خاتون موت کے منہ میں چلی گئیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہما چل پردیش کے ضلع کولو میں پیراگلائیڈنگ کے دوران 26 سالہ نویا سیفٹی سیٹ بیلٹ ٹوٹنے سے گر کر ہلاک ہوگئی۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق نویا اپنے شوہر سائی موہن کے ساتھ ہماچل پردیش میں تفریح کے لئے گئی  تھی، ناویا کا پیراگلائیڈنگ کے دوران سیفٹی بیلٹ کھل گیا اور وہ آسمان کے کافی اونچائی سے ایک گھر کی چھت پر گر گئی، جس کے نتیجے میں اس کی موت ہوگئی۔

    رپورٹس کے مطابق نویا کا تعلق تلنگانہ سے ہے جبکہ حادثہ کولو میں پیش آیا جس کے بعد یہاں پیراگلائیڈنگ روک دی گئی ہے، پولیس نے پیرا گلائیڈر مالک کے خلاف غفلت کا مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا ہے۔

    دوسری جانب ڈسٹرکٹ ٹورازم ڈیولپمنٹ آفیسر نے بتایا کہ پیرا گلائیڈر نے جہاں سے ٹیک آف کیا وہ پیرا گلائیڈر ڈیپارٹمنٹ میں رجسٹرڈ ہے اور پیرا گلائیڈنگ پائلٹ کے پاس لائسنس بھی تھا۔

  • سوتے ہوئے پیرا گلائیڈنگ، ہوش اڑا دینے والی ویڈیو

    پیرا گلائیڈنگ ایک دلچسپ ایڈونچر ہے جو اکثر افراد کو بہت پسند ہوتا ہے، تاہم ترکی کے ایک شہری نے انوکھے اور نئے انداز سے پیرا گلائیڈنگ کر کے اسے مزید پرجوش بنایا۔

    ترک شہری حسن کاول نے بستر پر سوتے ہوئے پیرا گلائیڈنگ کی۔

    حسن کی ویڈیو جو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے، میں انہیں بستر پر لیٹ کر پیرا گلائیڈ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 4 افراد ان کے بستر کو ایڈجسٹ کر رہے ہیں، بستر پر آرام دہ تکیے اور چادر بھی موجود ہے، اور صرف یہی نہیں اس کے ساتھ 2 سائیڈ ٹیبلز بھی موجود ہیں جن میں سے ایک پر الارم کلاک بھی رکھا ہے۔

    ٹیک آف کرنے کے کچھ دیر بعد حسن آئی ماسک لگا کر، چادر اوڑھ کر سو جاتے ہیں، تھوڑی دیر بعد الارم بج اٹھتا ہے جس کے بعد حسن اٹھ جاتے ہیں اور لینڈنگ کی تیاری کرتے ہیں۔

    حسن اس سے پہلے کاؤچ پر بھی پیرا گلائیڈنگ کر چکے ہیں۔ ان کی مہم جوئی کی ویڈیوز کو بے حد پسند کیا جاتا ہے۔

  • اپر چترال: 12 ہزار فٹ بلندی سے عمر ایوب سمیت پیراگلائیڈرز کی اڑان

    اپر چترال: 12 ہزار فٹ بلندی سے عمر ایوب سمیت پیراگلائیڈرز کی اڑان

    اپر چترال: 12 ہزار 800 فٹ بلندی پر پاکستان کے خوب صورت مقام زینی پاس پر پہاڑ کی چوٹی سے فضاؤں میں اڑان بھرنے کے مقابلے شروع ہو چکے ہیں، اپر چترال کے علاقے زینی میں پیرا گلائیڈنگ کے انتہائی دل چسپ مقابلے جاری ہیں، تین روزہ پیرا گلائیڈنگ مقابلوں کا انعقاد ضلعی انتظامیہ اپر چترال نے کیا ہے۔

    ان مقابلوں میں ملک بھر سے 63 سے زائد پیرا گلائیڈرز شرکت کر رہے ہیں، وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب بھی پیرا گلائیڈنگ مقابلوں کے لیے زینی پاس پہنچ گئے، عمر ایوب نے بھی دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ پیرا گلائیڈنگ مقابلوں میں حصہ لیا۔

    اڑان بھرنے سے قبل عمر ایوب نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ وہ پہلے بھی پیرا گلائیڈنگ کے مقابلوں میں حصہ لے چکے ہیں، زینی پاس انتہائی بلندی پر واقع پیرا گلائیڈنگ اسپاٹ ہے، یہاں پیرا گلائیڈنگ کا اپنا مزہ ہے۔

    عمر ایوب نے بتایا کہ ان کی حکومت سیاحت کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، اس سوال پر کہ چترال کی سڑکوں کی حالت انتہائی خراب ہے، عمر ایوب نے بتایا کہ انھوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان سے اس بارے میں بات کی ہے، سڑکوں کو ٹھیک کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد علی خان خود پیرا گلائیڈنگ کے ان مقابلوں کی نگرانی کر رہے ہیں، انھوں نے بتایا کہ ملک بھر سے 63 پیرا گلائیڈرز مقابلوں میں شریک ہوئے ہیں، پہلی بار ملکی سطح پر پیرا گلائیڈنگ کے مقابلے منعقد کیے گئے ہیں۔

    انھوں نے کہا زینی پاس پیراگلائیڈنگ کے لیے ایشیا کا دوسرا سب سے بڑا موزوں مقام ہے، پیرا گلائیڈنگ کے مقابلے اب یہاں ہر سال منعقد کیے جائیں گے، اور ہماری کوشش ہے کہ اگلے سال غیر ملکی کھلاڑی بھی مقابلوں میں شرکت کریں، اور یہاں انٹرنیشل سطح پر پیرا گلائیڈنگ مقابلے ہوں۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا چترال میں سیاحت کے ساتھ کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ سیاح یہاں کے خوب صورت نظاروں کے ساتھ کھیلوں کے مقابلوں سے بھی لطف اندوز ہوں۔

    زینی پاس میں پیرا گلائیڈنگ مقابلوں میں شریک کھلاڑی بھی اتنی اونچائی پر پہلی بار پیرا گلائیڈنگ مقابلے منعقد ہونے پر خوش ہیں، چترال سے تعلق رکھنے والے پیرا گلائیڈر محمد شفیق نے بتایا کہ زینی پاس پر تیز ہوائیں چلتی ہیں، جس کی وجہ سے یہاں پیرا گلائیڈنگ کرنا آسان نہیں ہے، تیز ہواؤں کی وجہ سے نئے کھلاڑیوں کو یہاں اڑان بھرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔

    اسلام آباد سے آئے پیرا گلائیڈر محمد سلمان نے بتایا کہ پہلے بھی پیرا گلائیڈنگ کر چکے ہیں لیکن آج پہلی بار اتنی اونچائی سے پیرا گلائیڈنگ ہو رہی ہے، یہاں پیرا گلائیڈنگ ایڈونچر سے کم نہیں ہے۔

    محمد سلمان نے کہا 12 ہزار فٹ سے زائد بلندی سے جب آپ پرواز بھرتے ہیں تو اس علاقے کے خوب صورت نظاروں کو دیکھنے کا موقع بھی ملتا ہے اور جب آپ ققلشت میں اترتے ہیں تو احساس ہوتا ہے کہ ہاں میں نے پیرا گلائیڈنگ کی ہے۔

  • چترال میں پیراگلائیڈنگ میلہ، چند دن رہ گئے!

    چترال میں پیراگلائیڈنگ میلہ، چند دن رہ گئے!

    چترال: سطح سمندر سے 12 ہزار فٹ بلندی پر واقع اَپر چترال کے سرسبز علاقے زینی میں پیراگلائیڈنگ کا شان دار میلہ سجنے میں چند ہی دن رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چترال میں پیراگلائیڈنگ کا میلہ سجنے جا رہا ہے، اَپر چترال کے علاقے زینی میں یکم اکتوبر سے 3 اکتوبر تک پیراگلائیڈنگ کا میلہ سجے گا، جس میں ملک بھر سے پیراگلائیڈنگ کے شوقین افراد حصہ لیں گے۔

    سطح سمندر سے 12 ہزار فٹ بلندی پر واقع اَپر چترال کے سرسبز علاقے زینی میں پیراگلائیڈرز اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔

    واضح رہے کہ خیبر پختون خوا میں پہلی بار پیراگلائیڈنگ کے مقابلے منعقد ہو رہے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر اَپر چترال محمد علی نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ چترال میں پہلی بار یہ مقابلے منعقد ہونے جا رہے ہیں، جن میں شرکت کرنے کے لیے ملک بھر سے 59 کھلاڑیوں نے اب تک رجسٹریشن کی ہے۔

    ڈی سی محمد علی نے بتایا کہ ایشیا میں پیراگلائیڈنگ کے لیے یہ دوسری سب سے موزوں جگہ ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ تین دن یہاں پر پیراگلائیڈنگ کے مقابلے جاری رہیں گے، جس کے لیے تمام اتنظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    محمد علی کا کہنا ہے کہ ان مقابلوں کے انعقاد کا مقصد علاقے میں سیاحت کو فروغ دینا ہے، یہ ایک اچھا سیاحتی مقام بنے گا، ہم تمام پاکستانیوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ان مقابلوں کو دیکھنے کے لیے آئیں، اور پیراگلائیڈنگ کے ساتھ ساتھ یہاں کے خوب صورت نظاروں سے بھی محظوظ ہوں۔

  • یورپی پیراگلائیڈرز نے پاکستان میں  پیرا گلائیڈنگ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا

    یورپی پیراگلائیڈرز نے پاکستان میں پیرا گلائیڈنگ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا

    راولپنڈی: پاکستان ایڈونچرسپورٹس کیلئے پُرکشش ترین مقام بن گیا، یورپی پیراگلائیڈنگ ٹیم نے اسکردومیں واقع بلتورو گلیشئر پر پیرا گلائیڈنگ کا نیا ریکارڈقائم کردیا۔

    پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یورپی پیراگلائیڈنگ ٹیم نےنیا ریکارڈ قائم کردیا ، پیرا گلائیڈرز نے 8407 میٹر بلندی پر پیرا گلائیڈنگ کا ریکارڈ قائم کیا، آرمی اسکول آف فزیکل ٹریننگ کاکول کی ٹیم پیراگلائیڈنگ میں شامل تھی۔

    دنیا میں 8ہزار میٹر سے بلند14میں سے5چوٹیاں پاکستان میں واقع ہیں اور 6یورپی پیرا گلائیڈرز 25مئی سے ہنزہ اور اسکردو میں موجود تھے ، ان کی قیادت عالمی شہرت یافتہ پیرا گلائیڈر انٹائن جراڈ کر رہے تھے، جون میں ان پیرا گلائیڈرز نے ہنزہ کی پہاڑیوں پر پریکٹس کی ، ان کا مشن پیرا گلائیڈنگ کر کے بلندی پر جانے کا عالمی ریکارڈ بنانا تھا۔

    نیا ریکارڈ8407میٹر کا بنایا گیا اس سے قبل عالمی ریکارڈ8157میٹر کا ہے ، اسکردو میں واقع بلتو رو گلیشئر پر ریکارڈ یورپی پیرا گلائیڈر انٹائن جراڈنے بنایا اور پاکستان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ یہ ریکارڈ اس کی سر زمین پر بنا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی اسکول،فزیکل ٹریننگ کے مایہ ناز پیرا گلائیڈرز بھی پریکٹس میں شریک رہے ، پاکستان آرمی پیرا گلیڈنگ ٹیم کی قیادت کیپٹن احسن نے کی، ان کےساتھ حوالدار قاسم اور حوالدار مقید بھی مہم میں شامل تھے، انھوں نے5سے6ہزار میٹر بلند 4مختلف چوٹیوں سے کامیاب پیرا گلائیڈنگ کی۔

    غیر ملکی پیرا گلائیڈرز نے حکومت ،پاک فوج کی سہولتوں،معاونت پر شکریہ ادا کیا جبکہ عالمی ریکارڈکی شہرت کیساتھ شمالی علاقہ جات کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا۔

  • پیراگلائیڈنگ کے دوران خاتون کے ساتھ دلچسپ واقعہ، ویڈیو وائرل

    پیراگلائیڈنگ کے دوران خاتون کے ساتھ دلچسپ واقعہ، ویڈیو وائرل

    استنبول : ترکی میں پیرا گلائیڈنگ کے دوران خاتون نے اپنا توازن کھو دیا لیکن چند سیکنڈ بعد ہی اس نے معجزانہ طور پر کنٹرول کرلیا، دیکھنے والے اسے بت بن کر حیرت سے دیکھتے رہے۔

    ان دنوں ایک خاتون کی ایک حیرت انگیز ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے، یوٹیوب پر اپ لوڈ کی گئی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا گیا ہے کہ دو خواتین پیرا گلائیڈنگ کرتے ہوئے ہواؤں میں اڑ رہی ہیں۔

    طوبیٰ ترکسیف نامی خاتون ماہر انسٹرکٹر آیسنور کٹیریسی کے ساتھ پیرا گلائیڈنگ پر تھی، یہ دونوں خواتین ترکی کے ایک پرفضا مقام پر اڑ رہی تھیں۔ انسٹرکٹر اپنے پیرا شوٹ کو اوپر نیچے کررہی تھی جبکہ طوبیٰ  بھی اس سے لطف اندوز  ہو رہی تھی۔

    اسی دوران خاتون انسٹرکٹر نے کچھ ایسے مووز کیے جس کے نتیجے میں پیرا شوٹ گھوم گیا۔ اچانک زوردار ہوا کی وجہ سے ان کے پیرا شوٹ نے مکمل طور پر گھوم کر اپنی سمت موڑ لی جس سے طوبیٰ نامی خاتون کا چشمہ اس کی گود میں گر گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کچھ لمحے بعد ہی معجزانہ طور پر ہوا کا دباؤ کم ہوا اور پیرا شوٹ اپنی پہلی والی پوزیشن پر آگیا، اس خطرناک منظر کے دوران یہ دونوں خواتین گھبرانے کے بجائے پرسکون رہیں۔

    سوشل میڈیا پر صارفین نے اس ویڈیو کو بے حد پسند کیا اور حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کمنٹس میں اپنے خیالات لکھے، ایک صارف نے لکھا کہ یہ پاگل پن ہے! کیونکہ یہ کتنا غیرممکن اور خوفناک عمل تھا کہ جو آپ کو نقصان بھی پہنچا سکتا تھا۔

  • پیرا گلائیڈر کو ہوا کا بگولا لے اڑا۔۔۔ ویڈیو دیکھیں

    پیرا گلائیڈر کو ہوا کا بگولا لے اڑا۔۔۔ ویڈیو دیکھیں

    کینبرا: آسٹریلیا کے علاقے نیو ساؤتھ ویلز میں پیراگلائیڈنگ کے لیے جانے والے سیاحوں کے ساتھ ہولناک واقعہ پیش آیا جس میں  کوئی نقصان نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے شمالی علاقے جنوبی ساؤتھ ویلز میں مقامی شہری پیرا شوٹ سے فضاء میں اڑنے کا مظاہرہ کے لیے بلند و بالا پہاڑ پر پہنچے تو اُن کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا۔

    ایک پیراگلائیڈر اپنے جسم سے پیرا شوٹ باندھ ہی رہاتھا کہ اسی دوران تیز ہوا کا بگولا آگیا جس کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔

    پیرا گلائیڈر کی اہلیہ اتفاق سے ویڈیو بنا رہی تھیں جو بعد میں انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پیرا گلائیڈر ابھی اپنے جسم سے پیرا شوٹ باندھ ہی رہا تھا کہ اچانک ہوا کے بگولے نے اُسے لپیٹ میں لے لیا جس کے بعد پیرا شوٹ مین فضاء میں پرواز کرنے لگا۔

    پیراگلائیڈر نے فضاء میں اڑتے ہی خود کو سنبھالا اور نیچے بیٹھے لوگ اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کے لیے سامان اکھٹا کر کے بھاگنے لگے۔

    مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ واقعہ زمین سے چالیس ہزار فٹ کی بلندی پر واقع بوڑھا پہاڑ پر پیش آیا۔

    بگولے کی زد میں آنے والا پیراگلائیڈر پندرہ منٹ فضاء میں اڑنے کے بعد باحفاظت اترا جس کے بعد اُسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے مختلف ایکسرے کیے۔

    ڈاکٹرز کے مطابق پیراگلائیڈر کا نام رابرٹ ہے جس کے پٹھوں میں کھچاؤ پیدا ہوگیا البتہ کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔