Tag: paragon-housing-scam

  • خواجہ برادران کےجسمانی ریمانڈ میں 2 فروری تک توسیع

    خواجہ برادران کےجسمانی ریمانڈ میں 2 فروری تک توسیع

    لاہور: احتساب عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جسمانی ریمانڈ میں 2 فروری تک توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت لاہور میں پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی، نیب کی جانب سے خواجہ برادران کو7 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پرعدالت میں پیش کیا گیا۔

    عدالت میں سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ خواجہ برادران کا مزید جسمانی ریمانڈ درکار ہے، سعد رفیق 7 روزہ راہداری ریمانڈ پررہے، تفتیش نہیں ہوسکی۔

    وکیل خواجہ برادران نے کہا کہ تمام بینک ٹرانزیکشن کا ریکارڈ نیب کوفراہم کرچکے ہیں، نیب کہتی ہے جن اکاؤنٹس کی تحقیقات ہورہی ہیں وہ بے نامی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ثابت نہیں ہوا نیب کیسے اکاؤنٹس کوبے نامی کہہ سکتا ہے، تمام ریکارڈ نیب، الیکشن کمیشن اورایف بی آرکے پاس ہے۔

    وکیل ملزمان امجد پرویز نے کہا کہ نیب کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکا، ریمانڈکی استدعا مسترد کی جائے، نیب نےخواجہ برادران سے کہا گزشتہ 10سال کی ٹرانزیکشن پیش کریں۔

    انہوں نے کہا کہ نیب کو 10سال کی تفصیل اورٹرانزیکشن فراہم کرچکے ہیں، کہیں بھی یہ بات ظاہر نہیں ہوتی کوئی بھی اکاؤنٹ چھپایا ہو۔

    امجد پرویز نے کہا کہ خواجہ برادران باربارکہتے رہے پیراگون سوسائٹی سے تعلق نہیں ہے، کسی بے نامی اکاؤنٹ سے کسی بھی اکاؤنٹ سے کوئی پیسے نہیں آئے۔

    وکیل خواجہ برادران نے کہا کہ آج پانچویں مرتبہ جسمانی ریمانڈ مانگا جا رہا ہے، نیب کی جانب سے خواجہ برادران کے 15روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

    احتساب عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جسمانی ریمانڈ میں 2 فروری تک توسیع کردی۔

    خواجہ برادران کی پیشی سے قبل سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی جبکہ احتساب عدالت کی جانب آنے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کرسیل کردیے گئے۔

    خواجہ برادران مزید 7 دن کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

    یاد رہے کہ 19 جنوری کو احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار سعدرفیق اورسلمان رفیق کو مزید 7 دن کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا تھا ، نیب کی جانب سے 14 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔

    واضح رہے 11 دسمبر کو لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی، جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔

    خواجہ برادران کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دونوں بھائی پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت 3 مقدمات میں نیب کو مطلوب تھے۔

  • پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل ،خواجہ برادران مزید 7 دن کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

    پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل ،خواجہ برادران مزید 7 دن کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

    لاہور : احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار سعدرفیق اورسلمان رفیق کو مزید 7 دن کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ، نیب کی جانب سے 14 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق خواجہ برادران کےخلاف پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں سعدرفیق اورسلمان رفیق کو جسمانی ریمانڈمکمل ہونے پر لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ،

    احتساب عدالت کےجج نجم الحسن بخاری نے خواجہ برادران کےخلاف کیس کی سماعت کی ، سماعت میں وکیل نیب نے کہا بینک اکاونٹس کے حوالے سے تفتیش جاری ہے، عدالت مزید جسمانی ریمانڈ دے تاکہ تفتیش مکمل کی جا سکے، جس پر خواجہ سعد رفیق نے دلائل میں کہا تاحال تفتیش میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ، نیب کو جسمانی ریمانڈ دینے کی ضرورت نہیں۔

    احتساب عدالت نے سعدرفیق اورسلمان رفیق کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ سناتے ہوئے 7دن کاجسمانی ریمانڈ منظور کرلیا اور خواجہ برادران کو 26 جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

    نیب کی جانب سے 14دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔

    پیشی کے موقع پر احتساب عدالت کےاطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات ہیں جبکہ عدالت آنےوالےراستوں کوکنٹینر،خاردارتاریں لگاکرسیل کردیاگیا، اینٹی رائٹس فورس اورخواتین پولیس اہلکار بھی عدالتی احاطے میں موجود ہے۔

    مزید پڑھیں : پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل: خواجہ برادران مزید 14 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

    یاد رہے 5جنوری کوعدالت نےملزمان کےجسمانی ریمانڈمیں14روزکی توسیع کی تھی، نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ دونوں کے اکاؤنٹس میں 2 ارب روپے گئے ہیں، دونوں بیٹوں کے اکاؤنٹس میں اتنے پیسے کیوں گئے تحقیقات جاری ہیں۔ 260 مختلف لوگوں کو ٹرانزیکشن گئی ہیں۔ صرف 4.06 ملین روپے کا بتایا گیا باقی کا نہیں بتایا گیا۔

    واضح رہے 11 دسمبر کو لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت کردی تھی، جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔

    خواجہ برادران کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دونوں بھائی پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت 3 مقدمات میں نیب کو مطلوب تھے۔

    نیب کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر ہوتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا تھا اور شواہد کو ٹمپر کرنے کی کوشش بھی کی، دونوں بھائیوں نے اپنے ساتھیوں سے مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور رقم بٹوری، خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سے فوائد حاصل کرتے رہے، خواجہ برادران کے نام پیراگون میں 40 کنال اراضی موجود ہے۔

    خیال رہے آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں انکشاف ہوا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے آشیانہ اسکیم لانچ کی گئی تھی۔

  • خواجہ سعدرفیق اورسلمان رفیق کی گرفتاری کی وجوہات سامنے آگئیں

    خواجہ سعدرفیق اورسلمان رفیق کی گرفتاری کی وجوہات سامنے آگئیں

    لاہور : مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعدرفیق اور سلمان رفیق کی گرفتاری کی وجوہات منظر عام پر آگئیں ، نیب کا کہنا ہے کہ خواجہ سعدرفیق نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا اور شواہد کو ٹمپر کرنے کی کوشش بھی کی ، دونوں نےاپنےساتھیوں سےمل کرعوام کودھوکادیااوررقم بٹوری۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعدرفیق اور سلمان رفیق کی گرفتاری کی وجوہات سامنے آگئیں، نیب کا کہنا ہے کہ سعدرفیق نے اہلیہ،سلمان رفیق، ندیم ضیا، قیصر امین سے مل کر ایئرا یونیو سوسائٹی بنائی ، بعد ازاں ایئرا یونیو سوسائٹی کا نام تبدیل کرکے پیراگون رکھ لیا گیا۔

    [bs-quote quote=”خواجہ سعدرفیق نےاپنےاختیارات کاغلط استعمال اور شواہدکوٹمپرکرنےکی کوشش بھی کی ” style=”style-6″ align=”left”][/bs-quote]

    نیب نے الزام لگایاہے کہ خواجہ برادران نےاپنےساتھیوں سےمل کرعوام کو دھوکا دیا اور رقم  بٹوری، سعدرفیق اورسلمان رفیق پیرا گون ہاوسنگ سوسائٹی سے فوائد حاصل کرتے رہے، خواجہ برادران کے نام پیراگون میں 40کنال اراضی موجود ہے۔

    نیب کا مزید کہنا تھا کہ خواجہ سعدرفیق نےاپنےاختیارات کاغلط استعمال کیا اور شواہدکوٹمپرکرنےکی کوشش بھی کی جبکہ غیرقانونی ہاوسنگ سوسائٹی کی تشہیر کرکے عوام سےاربوں روپے بٹورے۔

    مزید پڑھیں : نیب نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو حراست میں لے لیا

    یاد رہے لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے خواجہ برادران کی عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد ہونے کے بعد نیب نے سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور سابق وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق کو گرفتار کرلیا اور تفتیش کیلئے لاہور آفس میں منتقل کردیا ہے۔

    سماعت میں وکلا صفائی نے دلائل میں کہا آج تک پیراگون کےساتھ ان کےموکلوں کاکوئی تعلق سامنےنہیں آیا،ایک ایک پیسہ قانونی ہے، جس پر نیب کےوکلا نے کہا سعد رفیق اور سلمان رفیق تفتیش میں تعاون نہیں کر رہے گرفتاری کے بغیر تفتیش مکمل نہیں کر پائیں گے۔

    واضح رہے آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں انکشاف ہوا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے آشیانہ اسکیم لانچ کی گئی تھی۔

    بعد ازاں خواجہ برادران سے  الگ الگ قومی احتساب بیورو (نیب) کے افسران نے کی ایک گھنٹے پوچھ گچھ کی تھی، جس دوران وہ افسران کو مطمئن نہیں کرسکے تھے۔

    خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی نے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کی تھی، خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت 3 مقدمات میں مطلوب تھے۔

  • قیصرامین بٹ نے نیب کے سامنے بڑے راز کھول دیے،  ن لیگ کے بڑے رہنما بے نقاب

    قیصرامین بٹ نے نیب کے سامنے بڑے راز کھول دیے، ن لیگ کے بڑے رہنما بے نقاب

    لاہور : آشیانہ اسکینڈل اورپیراگون کیس میں ن لیگ کے بڑے رہنماؤں کے گردشکنجہ مزید تنگ ہوگیا، پیراگون اسکینڈل کےاہم کردار قیصرامین بٹ بڑے راز کھول دیے اور کئی پردہ نشینوں کوبے نقاب کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آشیانہ اسکینڈل اورپیراگون کیس میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ، پیراگون اسکینڈل کے اہم کردار قیصر امین بٹ نے وعدہ معاف گواہ بننے سے متعلق بیان چیئرمین نیب کے سامنے ریکارڈ کرادیا۔

    ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ نے سنسنی خیز انکشافات میں بڑے رازوں سے پردہ اٹھا دیا، قیصرامین بٹ نے بیان میں کہا پیراگون سوسائٹی ایل ڈی اے سے منظورشدہ نہیں، خواجہ برادران بینی فشل اونرزہیں، لین دین ک اکام ندیم ضیا کرتا تھا اور خواجہ برادران کو نقد ادائیگیاں کی جاتی تھیں۔

    نیب ذرائع کے مطابق نیب چیئرمین کے سامنے بیان دیتے ہوئے قیصر امین بٹ کی آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی گئی۔

    ملزم قیصرامین بٹ نے لاہور کی ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ کےروبروبھی بیان ریکارڈ کرایا اور کہا کہ انیس سو اٹھانوے میں پراپرٹی کے کام میں آیا، دوہزار میں سعدرفیق نے ندیم ضیا نامی شخص سے ملوایا اور کہا یہ آپ کے ساتھ کام کرے گا۔

    مزید پڑھیں : نیب نے پیرا گون ہاوسنگ سوسائٹی کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ کو گرفتار کرلیا

    خیال رہے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل کے تانے بانے بھی پیراگون کیس سے ملتے ہیں، جس میں میگا کرپشن کے الزام میں شہباز شریف گرفتار ہیں۔

    یاد رہے 14 نومبر کو نیب نے پیرا گون ہاوسنگ سوسائٹی کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ کو گرفتار کیا تھا، قیصر امین بٹ سندھ کے علاقہ خیر پور میں رو پوش تھے۔

    واضح رہے پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی کرپشن اسکنیڈل کی تحقیقات نیب نے شروع کر رکھی ہیں اور اس کرپشن اسکینڈل میں خواجہ سعد رفیق ، خواجہ سلمان رفیق اور ندیم ضیاء کے نام بھی قابل ذکر ہیں ، لیکن خواجہ برادران نے عدالت عالیہ سے گرفتاری کے خوف سے حفاظتی ضمانت کرا چکے ہیں۔

    گزشتہ سال نومبر میں آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں۔