Tag: Parco Pipeline

  • ویڈیو: کراچی پارکو پائپ لائن سے تیل چوری کی ایک اور سرنگ پکڑی گئی

    ویڈیو: کراچی پارکو پائپ لائن سے تیل چوری کی ایک اور سرنگ پکڑی گئی

    کراچی: شہر قائد میں پارکو پائپ لائن سے تیل چوری کی پہلی تحقیقات پر ایکشن ہوا نہیں تھا کہ اسٹیل ٹاؤن کے علاقے ولی ٹاؤن میں ایک اور سرنگ پکڑی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پارکو پائپ لائن سے تیل کی چوری کی تحقیقات ایک طرف، منظم گروہ کی وارداتیں دوسری طرف، پارکو آئل چوری کی تحقیقات پر ایکشن سے قبل ایک اور سرنگ پکڑی گئی۔

    اسٹیل ٹاؤن تھانے میں پارکو اسسٹنٹ سیکیورٹی افسر رفیق کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف تیل چوری کی کوشش پر درج کروایا گیا ہے۔

    مقدمے کے متن میں لکھوایا گیا کہ ’’میں بحیثیت اسسٹنٹ سیکیورٹی افسر ڈیوٹی سر انجام دے رہا ہوں، ہماری کمپنی پارکو پیپکو کی زیر زمین پائپ لائن پورٹ قاسم سے ماچھی تک جاتی ہے، میرے سپروائزر نے اطلاع دی کہ کے ایم 008 وی او پی ایریا میں سرنگ کا شبہ ہے، جس پر ہم فوری طور پر اپنی ٹیم اور تھانے کے عملے کے ساتھ موقع پر پہنچے۔‘‘

    ڈیوٹی افسر نے بتایا ’’ایک چار دیواری کے اندر دو کمرے بنے ہوئے تھے، چیک کرنے پر 5 فٹ چوڑا 5 فٹ لمبا اور 10 فٹ گہرا گڑھا بنا ہوا مل گیا، گڑھے کے اندر 3 فٹ چوڑی 3 فٹ اونچی 12 فٹ لمبی سرنگ بنی ہوئی تھی، جسے چھپانے کے لیے اس پر لکڑی کا تختہ رکھا گیا تھا۔‘‘

    سیکیورٹی افسر رفیق نے مزید بتایا ’’ہم نے دیکھا کہ سرنگ ہماری کمپنی کی پائپ لائن کی طرف جا رہی تھی، اور یہ ہماری پائپ لائن سے 280 فٹ دور تھی، مکان چیک کرتے وقت ایک آدمی موجود تھا جو کہ فوراً بھاگ گیا۔‘‘

    انھوں نے رپورٹ میں کہا ’’معلومات کرنے پر پتا چلا مکان عبداللہ اور نثار احمد نے کرائے پر لیا تھا، میرا دعویٰ ہے کہ عبداللہ اور نثار نے مکان پائپ لائن سے تیل چوری کی غرض سے لیا۔‘‘

    مقدمے کے متن کے مطابق سرنگ کے اندر کھدائی کا سامان موجود تھا، سرنگ سے 2 بیلچے 2 بیکم، کسی، ہولہ کھرپی کلہاڑی برآمد ہوئی، خالی باچکوں کا گٹو، 4 بالٹیاں، چھوٹی سیڑھی اور ٹوکری بھی ملی۔

    نجی کمپنی کے سیکیورٹی افسر نے مطالبہ کیا کہ تیل چوری کرنے کی کوشش کرنے والے ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔

  • پارکو پائپ لائن سے تیل چرانے کے لیے کھودی گئی سرنگ میں دب کر 2 افراد ہلاک، لاشیں چھپانے کی کوشش

    پارکو پائپ لائن سے تیل چرانے کے لیے کھودی گئی سرنگ میں دب کر 2 افراد ہلاک، لاشیں چھپانے کی کوشش

    کراچی: پارکو پائپ لائن سے تیل چرانے کے لیے کھودی گئی سرنگ میں دب کر 2 افراد ہلاک ہو گئے، لاشیں چھپانے کی کوشش کی گئی لیکن پولیس نے لاشیں برآمد کر لیں۔

    تفصیلات کے مطابق پارکو پائپ لائن سے تیل چوری مافیا کو سرنگ بنانا مہنگا پڑ گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پارکو پائپ لائن سے تیل چوری کرنے کے لیے سرنگ کھودی گئی تھی، تاہم سرنگ میں دب کر 2 افراد ہلاک ہو گئے۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے لاشوں کو چھپانے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے لاشیں برآمد کر لیں اور 2 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے گلشن حدید میں ایک کار کی ڈگی سے دو نوجوانوں کی لاشیں ملی ہیں، تھانہ بن قاسم کی حدود میں پولیس اہل کاروں نے ایک کار روکنے کی کوشش کی، جس پر کار سوار گاڑی بھگانے لگا، پولیس نے کار کا پیچھا کیا اور گلش حدید میں کار کو روک لیا۔

    جب کار کی تلاشی لی گئی تو ڈگی سے دو لاشیں برآمد ہو گئیں، ایک لاش کی شناخت زاہد کے نام سے ہوئی ہے، پولیس حکام کے مطابق یہ نوجوان تیل چوری کے لیے کھودی گئی سرنگ میں دب کر ہلاک ہوئے تھے۔

  • پائپ لائن سے خام تیل کی چوری پر "پارکو” کی وضاحت

    پائپ لائن سے خام تیل کی چوری پر "پارکو” کی وضاحت

    کراچی کے علاقے کلفٹن سی ویو کے قریب گزشتہ روز پارکو کی لائن سے لیک ہونے والا تیل دراصل چوری کیا جارہا تھا، ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    پولیس نے واقعے کا مقدمہ سیکیورٹی آفیسرعزیز الرحمان کی مدعیت میں درخشاں تھانے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا، جس میں چوری کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    اس حوالے سے پارکو ترجمان نے وضاحتی بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ساحل کے قریب پائپ لائن سے خام تیل کے اخراج کی نشاندہی ہوئی ہے۔ نامعلوم افراد کے ایک گروپ نے لائن سے تیل چوری کرنے کی کوشش کی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی علاقے کو سیل کرکے تیل کی ترسیل عارضی طور پر روک دی گئی تھی اور تقریباً 24 گھنٹے میں پائپ لائن آپریشن دوبارہ بحال کردیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ
    قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    واضح رہے کہ کچھ روز قبل شاہ لطیف ٹاؤن میں بھی پارکو کی لائن کو لیک کرکے تیل چوری کیا جارہا تھا، واقعہ 15 مارچ رات 1 بجے کے قریب پیش آیا۔

    پولیس نے بتایا کہ چوروں نے پائپ لائن پر لوہے کا کلپ لگایا ہوا تھا اور کلپ کے ساتھ ایک پائپ پریشر پائپ کے ساتھ جڑا ہوا پایا گیا جبکہ تیل چوری کرنے کے لئے پائپ سیوریج نالے کے اندر سے جارہا تھا، مینٹیننس ٹیم نے کلپ نکال کر سیفٹی کلپ لگاکر پائپ کو نکالا۔

    ترجمان ڈی آئی جی ساؤتھ نے کہا ہے کہ ایس ایس پی ساؤتھ کو واقعہ کی مکمل انکوائری کرنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے اور تیل چوری میں ملوث گینگ کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔

  • پارکو پائپ لائن سے تیل چوری میں ملوث مطلوب ملزم زخمی حالت میں گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے بن قاسم میں پارکو پائپ لائن سے تیل چوری میں ملوث مطلوب ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بن قاسم میں پارکو پائپ لائن سے تیل چوری میں ملوث ملزم پکڑا گیا، ملزم کی شناخت محمد اشرف کے نام سے ہوئی ہے، جو پولیس کو مطلوب تھا۔

    پولیس حکام نے کہا ہے کہ ولی ٹاؤن میں پولیس اہل کاروں اور ملزمان کے درمیان دو طرفہ فائرنگ کے بعد محمد اشرف زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔

    پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم اشرف تیل چوری گروہ کا ماسٹر مائنڈ ہے، مقابلے کے دوران اس کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے کلپ کی مدد سے پارکو کی پائپ لائن کو کئی بار نقصان پہنچایا، اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔