Tag: Parking

  • پارکنگ پر جھگڑے کا خوفناک نتیجہ، گارڈ نے رکشہ ڈرائیور کی جان لے لی

    پارکنگ پر جھگڑے کا خوفناک نتیجہ، گارڈ نے رکشہ ڈرائیور کی جان لے لی

    کراچی : نارتھ ناظم آباد بلاک ایل میں جھگڑے کے دوران سیکیورٹی گارڈ کے تشدد سے رکشہ ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایل میں شادی ہال کے باہر پارکنگ پر جھگڑا کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 50سالہ رکشہ ڈرائیور محبوب مکا لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوا جبکہ رکشہ ڈرائیور محبوب کو تشدد کرکے قتل کرنے والے ملزم ولید کو گرفتار کرلیا گیا ہے، مذکورہ ملزم ولید خان اسی شادی ہال میں سیکیورٹی گارڈ ہے۔

    گرفتار ملزم کا ویڈیو بیان اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلیا ہے جس میں اس نے بتایا کہ میرا نام ولید خان ہے، پرانی سبزی منڈی کا رہائشی ہوں، ملزم نے بتایا کہ میں نے رکشہ ڈرائیور کو گاڑی ہٹانے کا کہا بات نہ ماننے پر تلخ کلامی ہوئی۔

    ملزم ولید نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ جھگڑے کے دوران پہلے میں نے دھکا دیا پھر محبوب نے مجھے لات ماری، جواب میں میں نے مقتول کے سینے پر مکا مارا تو وہ زمین پر گرگیا، ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

     دوست نے دوست کی جان لے لی

    علاوہ ازیں کراچی میں ایک اور واقعے میں کورنگی نمبر 3 میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کاشاخسانہ ہے۔

    ایس ایس پی کورنگی کامران خان نے بتایا کہ مقتول سفیان کے دوست شاہزیب نے فائرنگ کرکے دوست کو قتل کیا،۔

    ملزم شاہزیب واقعے کے بعد موقع واردات سے فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے، فائرنگ کا یہ واقعہ ملزم شاہزیب کے گھر پر پیش آیا۔

  • ابو ظہبی: مساجد کے اطراف غلط پارکنگ پر بھاری جرمانہ عائد

    ابو ظہبی: مساجد کے اطراف غلط پارکنگ پر بھاری جرمانہ عائد

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی کی ٹریفک پولیس نے عبادات و تراویح کے لیے آنے والوں کی گاڑی پارکنگ کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ابو ظبہی محکمہ ٹریفک نے خبردار کیا ہے کہ مساجد کے اطراف غلط طریقے سے گاڑی پارک کرنے پر 500 درہم جرمانہ ہوگا۔

    دبئی ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کے مالکان سے کہا ہے کہ رمضان کے دوران مثبت طرز عمل اپنائیں، ٹریفک کے نظام میں خلل نہ پیدا کریں، پارکنگ کے داخلی راستے بند کرنے سے گریز کریں۔ گاڑیاں منظم شکل میں پارک کی جائیں۔

    پولیس نے کہا کہ تراویح کے لیے مسجد آتے ہوئے گاڑی ایسے پارک کریں کہ پہلے سے پارک گاڑی کو نکلنے میں پریشانی نہ ہو۔

    ٹریفک پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ رمضان کے دوران ٹریفک سلامتی کا جامع پلان تیار کیا گیا ہے، ٹریفک اہلکار سمارٹ سسٹم کے ذریعے ٹریفک خلاف ورزیاں کرنے والوں کے حوالے سے قانونی کارروائی کریں گے۔

    ٹریفک پولیس نے مزید کہا کہ فرض نمازوں خصوصاً تراویح کے موقع پر مساجد کے اطراف ٹریفک رش ہے، نماز کے لیے آنے والے فٹ پاتھ اور گاڑیوں کے آگے پیچھے بھی پارکنگ کر دیتے ہیں جس سے پہلے سے پارک گاڑیوں کے مالکان کو نکلنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔

    رمضان کے دوران ہر سال یہ مناظر دیکھنے میں آتے ہیں، اس سے سب کو پریشانی ہو رہی ہے، ٹریفک اہلکار اسے منظم کرنے کے لیے مہم چلا رہے ہیں۔

  • پارکنگ میں ننھی سائیکل کھڑی کرنے والے بچے کا اطمینان، گاڑی کا ڈرائیور پریشان

    پارکنگ میں ننھی سائیکل کھڑی کرنے والے بچے کا اطمینان، گاڑی کا ڈرائیور پریشان

    سوشل میڈیا پر حال ہی میں وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ایک بچے کی کار پارکنگ میں اپنی سائیکل پارک کرنے کی معصومانہ حرکت نے صارفین کا دل موہ لیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پارکنگ میں گاڑیوں کے درمیان ایک بچہ اپنی ننھی سی سائیکل پارک کر رہا ہے، بچے کی عمر 5 سے 6 سال ہے۔

    مزے کی بات یہ ہے کہ اس وقت سامنے ہی ایک گاڑی کا ڈرائیور اپنی گاڑی کو وہاں پارک کرنے کے لیے موجود ہے لیکن بچہ مکمل طور پر اسے نظر انداز کر کے اپنی سائیکل وہاں کھڑی کردیتا ہے۔

    اس کے بعد بچہ نہایت اطمینان سے اتر کر وہاں سے چلا جاتا ہے۔

    ٹویٹر صارفین اس بچے کی معصومیت اور اعتماد سے خوب لطف اندوز ہوئے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ جس طرح وہ بچہ اعتماد سے وہاں سے گیا ہے وہ دیکھنے کے قابل ہے۔

  • چارجڈ پارکنگ سے متعلق کے ایم سی کا بڑا فیصلہ

    چارجڈ پارکنگ سے متعلق کے ایم سی کا بڑا فیصلہ

    کراچی: کے ایم سی نے چارجڈ پارکنگ کو ایک سال کی مدت کے لیے نیلام کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں غیر قانونی چارجڈ پارکنگ اور اس سے کمائے جانے والے غیر قانونی پیسے کے سلسلے میں تحقیقاتی کمیٹی نے 162 مقامات پر غیر قانونی پارکنگ کی نشان دہی کی تھی جس کے بعد کے ایم سی نے بڑا فیصلہ کر لیا۔

    کے ایم سی نے چارجڈ پارکنگ کو ایک سال کی مدت کے لیے نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شہر بھر میں کے ایم سی کی 70 چارجڈ پارکنگ ہوں گی، جن کی نیلامی 8 فروری کو کی جائے گی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق پارکنگ مقامات کی نیلامی ایک سال کی مدت کے لیے ہوگی، اور نیلام کیے گئے مقامات میں کے ایم سی کی جانب سے مقرر کی گئی پارکنگ فیس لی جائے گی۔

    گاڑی، رکشہ اور ہائی روف کے لیے 30 روپے پارکنگ فیس ہوگی، موٹر سائیکل پارکنگ کے لیے 10 روپے لیے جائیں گے، ہائیس اور کوچز سے 70 روپے جب کہ بسوں اور ٹرکوں سے 150 روپے پارکنگ فیس لی جائے گی۔

    حیدری مارکیٹ موٹر سائیکل اتواز بازار میں داخلے کے لیے 30 روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اگر نیلامی 8 فروری کو کسی وجہ سے نہ ہو سکی تو پھر 9 یا 10 فروری کو ہوگی، کے ایم سی کی چارجڈ پارکنگ کو نیلام کرنے کا فیصلہ بنائی گئی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے بعد کیا گیا ہے۔

    ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا ہے کہ مختص کیے گئے مقامات کے علاوہ کہیں پارکنگ ہوئی تو وہ غیر قانونی ہوگی، اگر پارکنگ لگائی گئی تو ہٹا دی جائے گی، اگر مقررہ فیس سے زیادہ فیس لی گئی تو اس کنٹریکٹر کا کنٹریکٹ ختم کر دیا جائے گا۔

  • سعودی عرب: غلط پارکنگ پر 2 ہزار سے زائد افراد پر جرمانہ

    سعودی عرب: غلط پارکنگ پر 2 ہزار سے زائد افراد پر جرمانہ

    ریاض: سعودی عرب میں معذور افراد کے لیے مختص پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے والے 2 ہزار سے زائد افراد پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔ محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ معذور افراد کے لیے مختص پارکنگ دن بھر خالی رہے تب بھی وہاں گاڑی کھڑی کرنا منع ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے معذور افراد کے لیے مختص پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 ہزار 261 افراد پر جرمانہ عائد کیا ہے۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں مشترکہ کارروائی کی گئی جس میں خاص طور پر معذوروں کی پارکنگ استعمال کرنے والوں کو جرمانہ کیا گیا ہے۔

    محکمے کے مطابق معذور افراد کے لیے مختص پارکنگ دن بھر خالی رہے تب بھی وہاں تھوڑی دیر کے لیے گاڑی کھڑی کرنا منع ہے۔

    بیان میں کہا گیا کہ بعض لوگ دکانوں کے سامنے پارکنگ نہ ملنے پر معذور افراد کی جگہ میں گاڑی پارک کر دیتے ہیں، ان کا خیال ہے کہ چند منٹ میں وہ واپس آ کر پارکنگ خالی کردیں گے، انہیں اندازہ نہیں ہوتا کہ معذور افراد کی جگہ کو چند منٹ کے لیے استعمال کرنا ہی خلاف ورزی ہے۔

    محکمے کے مطابق تمام ڈرائیوروں کو چاہیئے کہ ٹریفک قوانین کا احترام کریں اور معاشرے کے اس طبقے کے ساتھ خاص رعایت کریں جس کے لیے پارکنگ مختص کی ہوئی ہے۔

    محکمے کا مزید کہنا تھا کہ معذور افراد کی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے کی خلاف ورزی پر صرف جرمانہ ہی نہیں ہوتا، بعض حالات میں گاڑی ضبط بھی کرلی جاتی ہے۔

  • کتے کو کار میں اکیلا چھوڑنے کا انجام، ویڈیو دیکھیں

    کتے کو کار میں اکیلا چھوڑنے کا انجام، ویڈیو دیکھیں

    بیجنگ: پالتو جانور پالنے کے شوقین افراد ممکنہ خطرات سے بچنے کے لیے تیار ہوجائیں، پالتو جانور ناصرف آپ کو کسی بھی مشکل میں ڈال سکتے ہیں بلکہ جانی اور مالی نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

    ایسا ہی کچھ ہوا چین کے صوبے ژیجوائنگ میں جہاں ایک شہری نے اپنا پالتو کتا گاڑی میں چھوڑا جس کے بعد اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑگیا، کتے نے ازخود گاڑی چلا کر سب کو ورطہ حیرت میں مبتلا تو کیا لیکن انجام برا ہوا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق چینی شہری کی گاڑی میں اس کا پالتو کتا موجود تھا جب اس نے سڑک کنارے کار پارک کی، تاہم اس نے گاڑی کا انجن کھلا چھوڑ دیا تاکہ وہ جلد واپس آکر منزلِ مقصود پر روانہ ہوگا۔

    پھر کیا تھا، کتے نے آؤ دیکھا نہ تاؤ اور گاڑی کی گیراسٹک چھیڑ دی جس کے بعد کار سڑک کنارے موجود مصنوعی تالاب( واٹر پول) میں جاگری اور مالک کو لینے کے دینے پڑگئے، پانی میں گرنے کے باعث اندرونی حصے گل گئے اور گاڑی میں نصب برقی آلات بھی خراب ہوگئے۔

    اسی لیے کہا جاتا ہے کہ بےزبان جانوروں پر کبھی بھروسہ نہیں کرنا چاہیئے۔

  • پشاور ہائیکورٹ پارکنگ میں دھماکا کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار

    پشاور ہائیکورٹ پارکنگ میں دھماکا کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار

    پشاور: پشاور ہائیکورٹ پارکنگ میں دھماکے سے متعلق تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آگئی، دھماکا کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ ہائیکورٹ کی پارکنگ میں دھماکا کرنے والا ملزم افغانستان کا رہائشی ہے، گرفتار ملزم 12 دسمبر2019 کو براستہ چمن پاکستان میں داخل ہوا۔

    پولیس نے کہا ہے کہ ملزم اکرام اللہ حاجی کیمپ اڈا پشاور کے قریب ہوٹل میں قیام پذیر تھا، ملزم نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے کمانڈر کے کہنے پر رقم کے عوض جرم کیا، ملزم سے 29100 پاکستانی روپے اور 100امریکی ڈالر اور افغان دستاویزات برآمد ہوئیں۔

    پشاورہائی کورٹ کے باہر دھماکا، تحقیقات میں پیش رفت

    خیال رہے کہ دو روز قبل پشاور ہائی کورٹ کے باہر رکشے میں دھماکے کے باعث متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا تھا اور 11 افراد زخمی ہوئے تھے، پولیس کا ابتدائی طور پر کہنا تھا کہ دھماکا سلنڈر پھٹنے سے ہوا۔

    گزشتہ روز رکشا ڈرائیور کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ایک شخص سامان سمیت ہشت نگری سے ہائی کورٹ تک آیا، رکشے میں سوار شخص نے بتایا کہ کچھ کاغذات ہائی کورٹ تک پہنچانے ہیں، پارکنگ پہنچتے ہی اس نے مجھے رکنے اور کچھ دیر میں آنے کا کہا، مشکوک شخص کے جانے کے چند لمحے بعد ہی دھماکا ہو گیا۔

    گرفتار ملزم سے تفتیش کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔

  • لاہور ایئر پورٹ پر پارکنگ کے قریب فائرنگ، 2 افراد جاں بحق

    لاہور ایئر پورٹ پر پارکنگ کے قریب فائرنگ، 2 افراد جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایئر پورٹ پارکنگ کے قریب فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے، مقتولین میں سے ایک عمرے کی ادائیگی کر کے واپس آیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ایئر پورٹ کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کا کہنا ہے کہ فائرنگ ایئر پورٹ پارکنگ ایریا میں ہوئی۔

    اے ایس ایف کے مطابق فائرنگ کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے بیرون ملک سے آنے والے شخص کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایک ٹیکسی ڈرائیور سمیت 2 مزید افراد زد میں آگئے۔

    فائرنگ سے نشانہ بننے والا شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا، بعد ازاں زخمی ٹیکسی ڈرائیور بھی جان کی بازی ہار گیا۔ مقتول کی شناخت زین نفیس کے نام سے ہوئی جبکہ ٹیکسی ڈرائیور کا نام اکرم تھا۔ واقعے میں ایک اور شخص عنصر بھی زخمی ہوا۔

    ایس پی کینٹ صفدر رضا کاظمی کا کہنا ہے کہ مقتول زین نفیس کے خلاف پیپلز پارٹی کے رہنما بابر بٹ کے قتل کا مقدمہ درج تھا۔ ان کے مطابق فائرنگ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔

    فائرنگ کے واقعے کے بعد رینجرز اہلکار ایئرپورٹ پہنچ گئے، ایئر پورٹ کے خارجی راستے بند کردیے گئے ہیں جبکہ گاڑیوں کی چیکنگ جاری کی جارہی ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ایئرپورٹ پارکنگ ایریا میں فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل جون 2014 میں کراچی ایئرپورٹ پر دہشت گردی کا بدترین واقعہ پیش آچکا ہے جب 10 دہشت گردوں نے ایئرپورٹ پرحملہ کردیا تھا۔

    سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 12 گھنٹوں تک جوابی کارروائی میں تمام دس حملہ آوروں سمیت 29 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    اسی کے چند روز بعد پشاور ایئرپورٹ پر پاکستان ایئر لائنز کے ایک طیارے پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی جس سے طیارے میں بیٹھی ایک خاتون مسافر جاں بحق اور عملے کے 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

  • چوری کی انوکھی واردات، ایک کروڑ روپے کے ’نوڈلز‘ چوری

    چوری کی انوکھی واردات، ایک کروڑ روپے کے ’نوڈلز‘ چوری

    کوٹائی سی: جیورجیا کے دارالحکومت میں چوری کی انوکھی واردات پیش آئی جس میں نامعلوم افراد لاکھوں ڈالر زمالیت کے نوڈلز لے آڑے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق جیورجیا کے ہائی وے پر واقع چیورون نامی اسٹور کی پارکنگ میں کھڑے ٹرک سے نامعلوم افراد 1لاکھ ڈالر کے اعلیٰ کوالٹی کے نوڈلز چوری کر کے لے گئے۔

    جیورجیا حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار پارکنگ میں کھڑے ٹرک کے قریب آئے اور وہ واردات کے بعد بھاگ گئے، مذکورہ افراد کی تلاش اور واردات کی تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق واردات ایک روز میں نہیں ہوئی بلکہ اس کام میں پانچ روز لگے، اب تک حاصل ہونے والے شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ مال کی چوری 25 جولائی سے یکم اگست تک کی گئی۔

    اسٹور مالک کے مطابق ’نوڈلز‘ کی مالیت 1 لاکھ امریکی ڈالر تھی۔ اگر اس کو پاکستانی کرنسی میں تبدیل کیا جائے تو یہ ایک کروڑ 23 لاکھ اور پچیس ہزار روپے  کے قریب رقم بنتی ہے۔

    حکام کے مطابق اسٹور کے مالک کو مال چوری ہونے کا علم اُس وقت ہوا کہ جب انہوں نے کئی دنوں کے بعد اسٹور کھولا اور مال نکالنے کے لیے ٹرک کا دروازہ کھولا تو اس میں سارا سامنا بکھرا ہوا پڑا تھا۔

    مذکورہ واقعے کی خبر چینل پر نشر ہوئی تو لوگوں نے انوکھی چوری پر مزاحیہ تبصرے کیے اور کچھ نے تو نوڈلز کی تصاویر لگا کر پولیس کو بتایا کہ جو چیز وہ تلاش کررہے ہیں وہ یہ رہی۔

    ایک صارف کا کہنا تھا کہ ’مذکورہ واردات اس وجہ سے پیش آئی کہ آئندہ آنے والے وقتوں میں نوڈلز کی قیمت بڑھا دی جائے گی‘ْ

  • دبئی میں عید کے موقع پر مفت پارکنگ سروس کا اعلان

    دبئی میں عید کے موقع پر مفت پارکنگ سروس کا اعلان

    دبئی: دبئی میں عید الفطر کی تعطیلات کے موقع پر شہریوں کے لیے مفت پارکنگ کا اعلان کردیا گیا۔

    دبئی کی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کے مطابق عید الفطر کی تعطیلات میں دبئی کے تمام عوامی مقامات پر پارکنگ مفت ہوگی سوائے کثیر المنزلہ پارکنگ ٹرمنلز کے۔

    فری پارکنگ کا آغاز 29 رمضان سے ہوگا جو 3 شوال تک جاری رہے گا، 4 شوال سے پارکنگ فیس دوبارہ فعال ہوجائے گی۔

    آر ٹی اے کے اعلامیہ میں دبئی میٹرو سروس کے اوقات کار بھی دیے گئے ہیں جس کے مطابق ریڈ اور گرین لائن میٹرو سروس ان اوقات کار میں چلیں گی۔

    14 جون: صبح ساڑھے 5 بجے سے رات 2 بجے تک
    15 جون: صبح 10 بجے سے رات 2 بجے تک
    16 سے 18 جون: صبح ساڑھے 5 بجے سے رات 2 بجے تک

    جبکہ ٹرام سروس ہفتے سے جمعرات تک صبح 6 سے رات 1 بجے تک اور جمعے کے روز صبح 9 سے رات 1 بجے تک فعال ہوگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔