Tag: Parliament

  • مخصوص نشستیں، حکومت کا عدالتی فیصلے کے خلاف پارلیمان کا فلور استعمال کرنے کا فیصلہ

    مخصوص نشستیں، حکومت کا عدالتی فیصلے کے خلاف پارلیمان کا فلور استعمال کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے خلاف حکومت نے پارلیمان کا فلور استعمال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کے فیصلے کے خلاف ایک طرف حکومت نے سپریم کورٹ میں درخواست دی ہے، دوسری طرف آج حکومت نے پارلیمان کا فلور استعمال کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 30 جولائی سے قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہو رہا ہے، جس میں پارلیمان کی بالا دستی اور خود مختاری سے متعلق بحث کرائی جائے گی، تقاریر ہوں گی اور حکومت ارادہ رکھتی ہے کہ قومی اسمبلی اجلاس میں عدالتی فیصلے کے خلاف قرارداد بھی منظور کرائی جائے۔

    تمام حکومتی ارکان کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کے اس اجلاس میں اہم قانون سازی بھی متوقع ہے۔

    واضح رہے کہ قومی اسمبلی کا یہ اجلاس شیڈول سے ایک ہفتہ قبل طلب کیا گیا ہے۔

  • ہم نے عہدے نہیں اختیار مانگا ہے: خالد مقبول صدیقی

    ہم نے عہدے نہیں اختیار مانگا ہے: خالد مقبول صدیقی

    اسلام آباد: ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ عہدوں کی لالچ کیلئے نہیں آئے  ہم نے اختیار مانگا ہے۔

    متحدہ قومی موومنٹ پاکستان(ایم کیو ایم) کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایک بار پھر عوام نے اپنے حصے کا کام کیا۔

    خالد مقبول  صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم وزارتوں کے لئے ایوان میں نہیں آئی، ایک نسخہ کیمیا لائے ہیں اس پر 5 سال چلیں گے، ہمیں وزارتوں کا مسئلہ بعد کا ہے 10 سال پہلے اس سے زیادہ مینڈیٹ تھا۔

    ایم کیو ایم کے کنوینر کا کہنا تھا کہ اپنے لئے نہیں آئے ملک کے عوام کی تقدیر بدلنے آئے ہیں، ہم نے عہدے نہیں اختیار مانگا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن عدالتوں کے پاس جائیں گے ایوان میں احتجاج کریں گے ملک میں ایسے انتخابات ہوئے ہیں جس پر سب کو اعتراضات ہیں۔

  • پارلیمنٹ کی عمارت کو مکمل طور پر محفوظ قرار دے دیا گیا

    اسلام آباد: دو روز قبل پارلیمنٹ ہاؤس میں شارٹ سرکٹ کے بعد پارلیمنٹ کے اندر بجلی کی تاروں اور وائرنگ کو چیک کرنے کا کام مکمل کر لیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق سی ڈی اے اور آئیسکو نے شارٹ سرکٹ کے بعد پارلیمنٹ کی عمارت کی سرچنگ مکمل کر لی اور عمارت کو مکمل طور پر محفوظ قرار دے دیا ہے۔

    واضح رہے کہ پیر کو شارٹ سرکٹ کے باعث پارلیمنٹ ہاؤس کے تمام دفاتر تین دن کے لیے بند کر دیے گئے تھے، اور چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی ہدایت پر پیر کو ہونے والا اجلاس 26 جنوری تک ملتوی کر دیا گیا تھا، اور قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس بھی منسوخ ہو گئے تھے۔

    پارلیمنٹ کی بجلی وائرنگ میں کٹ کا انکشاف، شارٹ سرکٹ کا خطرہ

    پارلیمنٹ سیکریٹریٹ کے مطابق عمارت میں چند مقامات پر برقی چنگاریوں کے بعد کچھ تاروں کو نقصان پہنچا تھا، سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کسی بھی قسم کے نقصان سے بچنے کے لیے تمام دفاتر کی چیکنگ کی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے چوہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کی ناک میں دم کر دیا ہے، چوہوں کے کترنے سے بجلی کی تاروں اور کیبلز کو شدید نقصان پہنچا ہے، تاہم اب ان تاروں اور کیبلز کو محفوظ بنانے کا عمل جاری ہے، اور کیبلز کو لوہے کے پائپس میں محفوظ کیا جا رہا ہے۔

  • ڈپٹی اسپیکر نے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد مسترد کردی

    ڈپٹی اسپیکر نے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد مسترد کردی

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اہم ترین اجلاس کے لیے جہاں حکومتی اور اپوزیشن کے ارکان وزیر اعظم عمران کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے وہاں اس وقت ایک اہم موڑ آیا جب ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک عدم اعتماد مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف متحدہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس 12 بجے شروع ہوا جس کے لیے حکومتی اور اپوزیشن کے ارکان وقت سے پہلے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے تھے۔

    قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کے لیے جو 6 نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا تھا اس کے تحت تلاوت اور نعت کے بعد وقفہ سوالات ہونا تھا، ایجنڈے میں تیسرے نمبر پر توجہ دلاؤ نوٹس تھا جبکہ عدم اعتماد کی تحریک کے لیے ووٹنگ چوتھے نمبر پر تھی۔

    اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کی۔

    اجلاس شروع ہونے کے بعد تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ ہوئی، جس کے بعد وقفہ سوالات شروع ہونے پر ڈپٹی اسپیکر نے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری کو بات کرنے کی اجازت دی۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد آرٹیکل 95 کے تحت پیش کی جاتی ہے، آرٹیکل 5 کے مطابق ریاست سے وفاداری ہر شہری کا فرض ہے۔ 7 مارچ کو بتایا جاتا ہے کہ پاکستان میں عدم اعتماد پیش کی جارہی ہے۔ 7 مارچ کو ہمارے سفیر کو ایک آفیشل میٹنگ میں بلایا جاتا ہے، اس ملاقات میں دوسرے ملک کے آفیشلز بھی بیٹھتے ہیں، میٹنگ میں سفیر کو بتایا جاتا ہے کہ عمران خان کے خلاف عدم اعتماد پیش کی جا رہی ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سب کے ساتھ ہی ہمارے اتحادیوں اور اپنے 22 ارکان کا بھی ضمیر جاگ جاتا ہے، بتایا جائے کہ کیا بیرونی مدد سے پاکستان میں حکومت تبدیل کی جاسکتی ہے؟ کیا یہ آرٹیکل 5 کی خلاف ورزی نہیں؟

    انہوں نے کہا کہ ہم غیرت مند قوم ہیں تو یہ تماشا نہیں چل سکتا۔

    فواد چوہدری کی تقریر ختم ہونے پر ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا ہے کہ یہ قرارداد آئین کے منافی ہے، اس لیے وہ اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے اسپیکر کی رولنگ کے مطابق اسے مسترد کرتے ہیں۔

    ڈپٹی اسپیکر کا کہنا تھا کہ تحریک اعتماد عالمی سازش کے تحت لائی جا رہی ہے اسے مسترد کرتے ہیں، وفاقی وزیر کی جانب سے اٹھائے گئے نکات بالکل درست ہیں۔

    رولنگ دینے کے بعد انہوں نے قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کردیا۔

    اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع

    متحدہ اپوزیشن نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی جس کے بعد اسد قیصر قومی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت نہیں کر سکے۔

    تحریک عدم اعتماد جمع ہونے پر اسپیکر اسد قیصر کی جگہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے اجلاس کی صدارت کی۔

    اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر 100 سے زائد ارکان قومی اسمبلی کے دستخط موجود ہیں۔

    سخت سیکیورٹی انتظامات

    قومی اسمبلی اجلاس کے موقع پر ریڈ زون میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے، کسی بھی جماعت کے کارکنوں کو ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    اسلام آباد میں آج اور کل کے لیے ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ میٹرو بس سروس بھی بند رہے گی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریڈ زون میں فول پروف سیکیورٹی کے حوالے سے ووٹنگ والے دن کسی کو بھی ریڈ زون میں احتجاج کی اجازت نہیں ہوگی اور نہ کسی کو داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

    پولیس حکام کے مطابق ریڈ زون میں داخلے کے لیے صرف مارگلہ روڈ کا راستہ استعمال کیا جا سکے گا جبکہ ریڈ زون جانے والے تمام راستوں پر کنٹینرز نصب کیے جائیں گے۔

    حکام نے بتایا ہے کہ اتوار کو راولپنڈی سے سیاسی جماعتوں کی ریلیوں کو بھی اسلام آباد نہیں جانے دیا جائے گا اور اس دن 2 مختلف شفٹس میں مجموعی طور پر 8 ہزار اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔

    سیکیورٹی کے لیے 3 ہزار اہلکار پنجاب پولیس اور 1 ہزار ایف سی اہلکار پہلے سے اسلام آباد میں موجود ہیں جبکہ سیکیورٹی انتظامات میں رینجرز کی معاونت بھی حاصل کی جائے گی۔

  • الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا بل منظور

    الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا بل منظور

    اسلام آباد : پارلیمنٹ میں حکومت کا الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کرنے اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا بل منظور کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہوا ، اجلاس کے دوران حکومت اور اپوزیشن ارکان میں گرما گرمی رہی اور پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن کی جانب سے نعرے بازی کی گئی، ممبران پارلیمنٹ میں گرما گرمی دیکھ کر سیکیورٹی عملہ پہنچ گیا۔

    ایوان میں انتخابات اصلاحات ترمیمی بل کی ایوان سے شق وار منظوری کا سلسلہ جاری رہا۔

    بابر اعوان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال کرنے کی ترمیم پیش کی، جس کے بعد انتخابی نظام میں تبدیلی کے حوالے سے حکومت کا الیکشن ترمیمی بل 2021 منظور کرلیا گیا ۔

    پارلیمنٹ میں حکومت کی الیکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال کرنے کا بل اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا بل منظور کیا گیا۔

    اس کے علاوہ عالمی عدالت انصاف نظرثانی بل 2021 ، مسلم عائلی قوانین ترمیمی بل2021 اور نیشنل کالج آف آرٹس انسٹیٹیوٹ بل بھی 2021مشترکہ اجلاس سے منظور کرایا گیا۔

    وزیراعظم سمیت حکومتی ارکان پارلیمنٹ نے ڈیسک بجاکرخوشی کا اظہار کیا جبکہ اپوزیشن نے کاپیاں پھاڑدیں اور ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کرکے باہر چلے گئے۔

  • بلاول بھٹو کا  ای وی ایم کے خلاف عدالت جانے کا اعلان

    بلاول بھٹو کا ای وی ایم کے خلاف عدالت جانے کا اعلان

    اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکومت پر آئین کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے پیش کئے جانے والے بلز کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ موجودہ حکومت آئین کی خلاف ورزی کررہی ہے، ہم اسے چیلنج کرینگے، حکومت کو بتارہاہوں ہم عدالت جائیں گے، ہم نے آئین بنایا اور آپ کا قانون اس کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔

    اسپیکر قومی اسمبلی پر تنقید

    اپنے خطاب میں بلاول بھٹو نے اسپیکر قومی اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ زبان دیتےہیں تو اسد قیصربلکہ کسٹوڈین آف اسمبلی دے رہا ہے، جس طریقےاندازسے سیشن چلائےجارہےہیں وہ انڈرمائن کرتےہیں، پہلی بار اتفاق رائےنہیں، یہ اکثریتی ووٹ سےفیصلےمسلط کرناچاہتےہیں، جناب اسپیکر آپ کہتے ہیں اعتراضات ممبرز تک پہنچائے مجھ تک وہ نہیں پہنچے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ پورا ملک مشکل میں ہے سب پارلیمان کی طرف دیکھ رہےہیں، عوام سیاستدانوں کی طرف دیکھ رہےہیں، پی ٹی آئی مہنگائی، غربت کاحل نکالنےکےبجائےای وی ایم لارہی ہے، یہ پاکستان کے عوام کےجیب اورپیٹ پر ڈاکاہے،ہم آپ کو اس قسم کا ظلم نہیں کرنےدیں گے اسپیکرصاحب آپ اپنےعہدےکی عزت نہیں کرینگےتوکون کرےگا۔

    بلاول بھٹو نے الزام عائد کیا کہ حکومت اپوزیشن اور عوام کو دھوکادےرہی ہے، اس جرم میں آپ کے عہدےاور دفتر کو استعمال نہیں ہوناچاہئے، یکطرفہ الیکشن ریفارمزکرنےکی کوشش کی تاریخ نہیں ملتی، حکومت پہلےازخودآرڈیننس کے ذریعےریفارمزکرنےکی کوشش کرے، آج وہی بلڈوزکرکےالیکٹورل ریفارمززبردستی پاس کراناچاہتےہیں۔

    الیکشن کمیشن کی حمایت کا اعلان

    پارلیمنٹ سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ اپوزیشن اور الیکشن کمیشن کے اعتراضات نہیں مانتے توہم آج سے ہی اگلا الیکشن نہیں مانتے، اگر ہم سب ملکرقانون سازی کرتےتواگلاالیکشن متنازع نہ ہوتا، مگر آپ زبردستی الیکٹرانک ووٹنگ مشین پاس کرارہےہیں، یہ الیکشن کمیشن اعتراضات کےباوجودکالاقانون پاس کررہےہیں، ہم الیکشن کمیشن آف پاکستان کیساتھ شانہ بشانہ کھڑےہیں، اپنی زبان کا احترام کریں بیٹھ کر مشترکہ بل پیش کرتے ہیں،ایسا بل پیش کرتے ہیں جو میں بھی مانو ،شہبازشریف اور آپ بھی مانیں۔

    کلبھوشن یادیو کا تذکرہ

    بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ کلبھوشن یادیو کو ریلیف دینے پر آپ کا ساتھ نہیں دیں گے۔ آپ پاکستان کی پارلیمان کی توہین کر رہے ہیں، اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے ماتحت دینا چاہتے ہیں، نئی قانون سازی کے تحت اسٹیٹ بینک پارلیمان کو جوابدہ نہیں ہوگا اور نہ ہی سپریم کورٹ اس سے پوچھ سکے گا۔ ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ حکومت کی قانون سازی کو چیلنج کریں گے اور ایسے ہونے والی قانون سازی کو عدالت میں شکست دیں گے۔

  • اسپین کی پارلیمنٹ میں اچانک اراکین کی دوڑیں لگ گئیں، مضحکہ خیز ویڈیو وائرل

    اسپین کی پارلیمنٹ میں اچانک اراکین کی دوڑیں لگ گئیں، مضحکہ خیز ویڈیو وائرل

    سیوائل : اسپین کی ایوان میں جاری معمول کے اجلاس کے دوران چوہے نے کھلبلی مچا دی اراکین موٹے تازے چوہے کو دیکھ کر وقتی طور پرخوف زدہ ہوگئے جس سے بھگدڑ مچ گئی۔

    اس سارے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آتے ہی وائرل ہوگئی جس پر صارفین نے کمنٹس میں اپنے تاثرات کا اظہار کیا، ایوان کی اسپیکر کی نظر جن اچانک چوہے پر پڑی تو وہ بے اختیار ہنس دیں اور شور بھی مچا دیا جس سے دیگر اراکین بھی سٹپٹا گئے۔

    جس کے بعد وہاں موجود اراکین اپنی نشستوں سے کود کر بھاگے جس سے کچھ لڑکھڑا کر گرتے گرتے بچے۔ اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک چوہا اندلس کی پارلیمنٹ میں گھس آیا یہ عمارت اسپین کے شہر سیوائل میں واقع ہے۔

    یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سابق علاقائی صدر سوزانا ڈائز کو سینٹر منتخب کرنے کے فیصلے کا جائزہ لیا جارہا تھا۔ تاہم اس موقع پر کارروائی روک دی گئی کیونکہ ایک چوہا پارلیمنٹ میں گھس آیا تھا۔

    چوہا اس طرح غیرمتوقع انداز میں گھس آنے سے وہاں ایک ہنگامہ برپا ہوگیا۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر "رائٹرز” نے شیئر کی ہے جہاں پارلیمنٹ کی علاقائی اسپیکر مارٹا بوسکے وہ پہلی شخصیت تھیں جنھوں نے چوہے کو دیکھا۔

    وہ جب ڈائس پر تقریر کررہی تھیں کہ مائیکرو فون پر ان کے چیخنے کی آواز آئی اور انھوں نے ایک دھچکے کی سی کیفیت میں اپنے منہ پر ہاتھ رکھ لیا۔

    جبکہ دیگر نے گھنٹی بجادی۔ متعدد ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوکر اس بڑے چوہے کو دیکھنے لگے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چند ممبران تو اپنی سیٹوں سے چھلانگ مار نکل کر بھاگنے لگے اور دیگر چوہے کو دیکھتے رہے۔

  • ‘تحریک لبیک سے متعلق معاہدے کو پارلیمنٹ میں جلد  پیش کریں گے’

    ‘تحریک لبیک سے متعلق معاہدے کو پارلیمنٹ میں جلد پیش کریں گے’

    اسلام آباد : وزیرمذہبی امورنورالحق قادری کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک سے متعلق معاہدے کو پارلیمنٹ میں پیش کریں گے، پارلیمان جو فیصلہ کرے گی وہ سب کو قبول ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرمذہبی امورنورالحق قادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تحریک لبیک سےمتعلق معاہدےکوپارلیمنٹ میں پیش کریں گے، ہم نے ان سے وعدہ کیا تھا یہ معاملہ پارلیمنٹ میں آئے گا، پارلیمان جوفیصلہ کرےگی وہ سب کو قبول ہوگا۔

    نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ اس معاملےپرپارلیمان کی تمام جماعتوں سےبات کریں گے، کوشش کررہے ہیں جلد یہ معاملہ پارلیمنٹ میں آئے۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت انتخابی اصلاحات کےلیےسنجیدہ ہے، انتخابی اصلاحات درست سمت پرلانےکےلئےکام کر رہےہیں، آئین نے ہی پاکستان کو بچایا ہوا ہے، آئین پاکستان کی حفاظت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں تحریک لبیک کے مطالبات پر مشتمل قرارداد عید سے پہلے پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ  تحریک لبیک سےمعاہدے پر عملدرآمد کے لیےکمیٹی دیگر جماعتوں سے بھی بات کرے گی۔

    خیال رہے گذشتہ سال نومبر میں حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان 4نکاتی معدہدہ طے پایا تھا ، جس کے تحت حکومت فرانس کے سفیر کو دو سے تین ماہ میں ملک بدر کرے گی، فرانسیسی سفیر کوپارلیمنٹ سےفیصلہ سازی کے ذریعے ملک بدر کیا جائے گا۔

    معاہدے میں کہا گیا تھا کہ پاکستانی حکومت فرانس میں سفیر تعینات نہیں کرےگی اور فرانس کی مصنوعات کا سرکاری سطح پر بائیکاٹ کیا جائے گا۔

  • کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی ، پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت آج کشمیر کے رنگوں میں رنگ جائے گی

    کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی ، پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت آج کشمیر کے رنگوں میں رنگ جائے گی

    اسلام آباد : کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت آج کشمیر کے رنگوں میں رنگ جائے گی اور پہلی بار بھارتی مظالم کو پارلیمنٹ ہاؤس پر3ڈی پروجیکشن سے دکھایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی زلفی بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کےعوام سے اظہار یکجہتی کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت آج کشمیرکےرنگوں میں رنگ جائے گی۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا دنیا آج غیرمسلح اور بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا عکس دیکھے گی، پہلی بار بھارتی مظالم کو پارلیمنٹ ہاؤس پر3ڈی پروجیکشن سے دکھایا جائے گا۔

    پارلیمنٹ ہاؤس میں تھری ڈی پروجیکشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، آج رات 9 بجےسے پارلیمنٹ ہاؤس کشمیر کےرنگوں میں رنگ جائے گا اور پارلیمنٹ ہاؤس کی دیوارپر’’اینڈ کشمیرسیج ‘‘بھی نمایاں ہوگا۔

    خیال رہے بھارتی لاک ڈاون اورمتنازعہ علاقہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے ہندوستان کا حصہ قراردینے کے خلاف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے کل پانچ اگس کو یوم استحصال منایا جائے گا۔

    واضح رہے پانچ اگست 2019 تاریخ کاوہ سیاہ دن جب مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کوخصوصی حیثیت دینے والے آرٹیکل ختم کر کے کشمیریوں پر زندگی تنگ کردی تھی، ایسے وقت جب کشمیریوں کوایسے رہنما کی ضرورت تھی جو اُن کامسئلہ اقوام عالم کے سامنے رکھتا۔

    وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کی آواز بننے کا اعلان کیا اور مظلوم وادی کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑنے کے لئے سفیر کشمیر بنے۔

  • پارلیمنٹ ہاؤس کے 5 ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق

    پارلیمنٹ ہاؤس کے 5 ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق

    اسلام آباد: پارلیمنٹ ہاؤس کے 5 ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، کرونا کا شکار پانچوں ملازمین کو گھر پر قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ اجلاس سے پہلے پارلیمنٹ ہاؤس کے ملازمین کرونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں اور 5 ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

    ذرائع پارلیمنٹ ہاؤس کے مطابق قومی اسمبلی کے 3 اور سینیٹ سیکریٹریٹ کے 2 ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، کرونا کا شکار پانچوں ملازمین کو گھر پر قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

    اس سے قبل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے حوالے سے پہلے ہی خدشات کا اظہار کیا جاچکا ہے، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری پارلیمان کے براہ راست سیشن سے گریز کا مشورہ دے چکے ہیں۔

    فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ایک ہفتے میں کرونا وائرس صوبائی وزیر سمیت 4 ارکان اسمبلی کی جان لے چکا ہے، ہمیں احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیئے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ہم پارلیمان کے مواصلاتی سیشن کر کے احتیاط کا مظاہرہ کر سکتے ہیں کیونکہ پارلیمنٹ کے براہ راست سیشنز کے نتائج سامنے آرہے ہیں، متعدد ارکان پارلیمنٹ براہ راست سیشن کے بعد کرونا کا شکار ہو چکے ہیں۔

    وفاقی وزیر کا مؤقف تھا کہ ہوٹلوں میں یا براہ راست سیشن بلانے کی بجائے ورچوئل اجلاس کیے جائیں۔

    دوسری جانب ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز اور اس کی اموات میں ہولناک اضافہ ہورہا ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 82 افراد انتقال کر گئے جبکہ 4 ہزار 688 نئے کرونا کیسز بھی رپورٹ ہوئے۔

    مذکورہ اموات کے بعد ملک بھر میں کرونا وائرس سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 17 سو 70 ہوگئی ہے جبکہ کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 85 ہزار 264 ہوچکی ہے۔