Tag: parliaments-joint-session

  • کلثوم نواز کے انتقال پرحکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 2 روز کے لیے مؤخر کردیا

    کلثوم نواز کے انتقال پرحکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 2 روز کے لیے مؤخر کردیا

    اسلام آباد: حکومت نے پارلیمنٹ کا جمعرات کو ہونے والے اجلاس سابق خاتون اول کلثوم نواز کی وفات کے باعث دو روز کے لیے موخر کردیا، اجلاس سے صدر عارف علوی خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے سابق وزیر میاں نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کے انتقال کے باعث جمعرات کو ہونے والا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس موخر کردیا، مسلم لیگ ن نے اجلاس موخر کرنے کی درخواست کی تھی۔

    دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس اب پیر 17 ستمبر کو ہوگا، جس سے نومنتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی خطاب کریں گے۔

    اس حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز کی آخری رسومات میں مصروف ہوں گے جس کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہوسکتے۔

    انہوں نے حکومت اور اسپیکر قومی اسمبلی سے مطالبہ کیا تھا کہ پارلیمان کا مشترکہ اجلاس جمعہ کے بجائے پیر کے روز بلایا جائے۔

    عارف علوی پاکستان کے تیرہویں صدر منتخب ہوئے جو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے والے نویں صدر ہوں گے، گزشتہ 33 سال میں 8 صدور مشترکہ اجلاس سے 27 مرتبہ خطاب کرچکے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز لندن میں انتقال کرگئیں تھیں جن کی میت جمعے کو لندن سے پاکستان پہنچے گی اور جمعے کو ہی ان کی نماز جنازہ اور تدفین کی جائے گی۔

  • صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

    صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

    اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے، وہ  مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے والے ملک کے نویں صدر ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اپنا پہلا خطاب کریں گے، جس کے ساتھ ہی نئے پارلیمانی سال کا آغاز ہو جائے گا، صدر مملکت پارلیمنٹ کو گائیڈ لائن دیں گے۔

    عارف علوی مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے والے نوویں صدر ہوں گے۔

    اُن سے قبل آٹھ سابق صدور ستائیس مرتبہ خطاب کر چکے ہیں، آصف زرداری اب تک واحد صدر ہیں، جنہیں سب سے زیادہ چھ مرتبہ مشترکہ اجلاس سے خطاب کا اعزازحاصل ہے۔

    ضیاء الحق اور غلام اسحاق خان نے پانچ پانچ بار، ممنون حسین اور فاروق لغاری نے تین تین مرتبہ ، رفیق تارڑ نے دو جبکہ پرویز مشرف اوروسیم سجاد نے ایک ایک مرتبہ مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔

    مزید پڑھیں :ڈاکٹرعارف علوی نےصدرپاکستان کےعہدے کا حلف اٹھا لیا

    تئیس مارچ انیس سو پچاسی کو اُس وقت کے صدر ضیاء الحق نے پہلی بار پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا تھا۔

    یاد رہے 9 ستمبر کو صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے ملک کے 13 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔ ایوان صدر میں تقریب حلف برداری میں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے صدرڈاکٹرعارف علوی سے حلف لیا تھا۔

    صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی پیشے کے اعتبار سے ڈینٹسٹ ہیں، وہ پہلی بار 2013 کے انتخابات میں کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔