Tag: parveen rehman murder Case

  • ڈائریکٹر اورنگی پائلٹ پروجیکٹ پروین رحمان قتل کیس میں اہم پیش رفت

    ڈائریکٹر اورنگی پائلٹ پروجیکٹ پروین رحمان قتل کیس میں اہم پیش رفت

    کراچی : انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈائریکٹر اورنگی پائلٹ پروجیکٹ پروین رحمان قتل کیس میں ترمیمی فرد جرم عائد کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر اورنگی پائلٹ پروجیکٹ پروین رحمان قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی، انسداد دہشت گردی عدالت نے ترمیمی فرد جرم عائد کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

    عدالتی حکم میں کہا گیا کہ مقدمہ اختتامی مراحل میں ہے تمام تر کارروائی مکمل ہوچکی ہے

    عدالت نے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر سے حتمی دلائل طلب کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت 30نومبر تک ملتوی کردی، استغاثہ نے مقدمے میں جرم کی سازش کرنے کی دفعہ کے تحت درخواست کی تھی۔

    یاد رہے رواں ماہ ہی سندھ ہائی کورٹ نے پروین رحمان قتل کیس دو ماہ میں نمٹانے کا حکم دیا تھا ، عدالت میں لیگل برانچ کی جانب سے ڈی ایس پی خالد خان نے گواہوں کی تفصیلات پیش کیں اور بتایا کہ پروین رحمان قتل کیس میں 29 گواہ تھے، 10 کے بیانات باقی ہیں۔

    واضح رہے ڈائریکٹر اورنگی پائلٹ پروجیکٹ پروین رحمان کو 2013 میں قتل کیا گیا تھا ، مقدمےمیں رحیم سواتی،عمران سواتی،احمدخان،امجدحسین اورایاز سواتی گرفتار ہے۔

    ان کے قتل میں نامزد مرکزی ملزم رحیم سواتی کو مئی 2016 میں خفیہ اطلاع پر منگھوپیر کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا ، ملزم کا تعلق عوامی نیشنل پارٹی سے تھا اور اس کے ریکارڈ پر قبضہ گیری اور بھتہ خوری جیسے جرائم بھی موجود تھے ۔ ملزم کا کہنا تھا کہ پروین رحمان ان کے عزائم کی راہ میں رکاوٹ بن رہی تھیں۔

    گزشتہ برس پولیس نے امجد نامی ایک اور ملزم کو طویل عرصے تک ریکی کی انتھک محنتوں کے نتیجے میں گرفتار کیا تھا، پولیس کےمطابق مذکورہ ملزم کے لیے تین سال تک ریکی کی گئی ہے۔

  • پروین رحمان قتل کیس : نئی جے آئی ٹی نے تحقیقات کا دوبارہ آغازکردیا

    پروین رحمان قتل کیس : نئی جے آئی ٹی نے تحقیقات کا دوبارہ آغازکردیا

    کراچی : معروف سماجی کارکن اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کی سربراہ پروین رحمان قتل کیس کی تحقیقات کا دوبارہ آغاز کردیا گیا، تحقیقات سپریم کورٹ کے حکم پر جے آئی ٹی نے شروع کی۔

    تفصیلات کے مطابق اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمان کے قتل سے متعلق ازسرنو تحقیات کے لیے نئی جے آئی ٹی نے کام شروع کردیا ہے۔

    اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ کے پی ایس او اختر فاروق اور ڈی آئی جی جاوید عالم اوڈھو کو اٹھارہ اپریل کو ایف آئی اے کے سامنے طلب کرلیا گیا ہے، دونوں افسران کو طلبی کے باضابطہ نوٹس بھی جاری کردیے گئے ہیں۔

    محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق جے آئی ٹی میں حساس اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ رینجرز اور سی ٹی ڈی کے افسران شامل ہوں گے، ٹیم کی سربراہی ایس ایس پی ویسٹ کر رہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی15روز میں اپنی رپورٹ جمع کرائے گی، کمیٹی میں مبینہ طور پر کیس کا رخ تبدیل کرنے کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا جس کی باریکی سے تحقیقات کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی سربراہ پروین رحمان کو2013میں اس وقت قتل کیا گیا جن وہ اپنے دفتر سے گھر کے لیے جا رہی تھیں ، ملزمان نے ان کی گاڑی کو بنارس کے قریب فائرنگ نشانہ بنایا جس میں وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

    مزید پڑھیں : پروین رحمان قتل کیس کا مرکزی ملزم رحیم سواتی گرفتار

    بعد ازاں متعدد گرفتاریاں عمل میں آئیں، گزشتہ سال پروین رحمان قتل کیس کے مرکزی ملزم رحیم سواتی کو منگھو پیر سے حراست میں لے لیا تھا جو کہ اے این پی کے ٹکٹ پر کونسلر بھی رہ چکا تھا اور جس کے تحریک طالبان سے بھی تعلقات تھے۔