Tag: parvez elahi

  • ‘عثمان بزدار قبول نہیں’، جہانگیر ترین گروپ کا پرویز الہیٰ کو جواب

    ‘عثمان بزدار قبول نہیں’، جہانگیر ترین گروپ کا پرویز الہیٰ کو جواب

    لاہور: جہانگیرترین گروپ نے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی سے ملاقات میں اپنا فیصلہ سنادیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک اعتماد جمع ہونے کے بعد پنجاب میں بھی بزدار کی تبدیلی کی بازگشت میں تیزی آگئی ہے۔

    پی ٹی آئی کے تین ناراض گروپ سامنے آنے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ عثمان بزدار نے بھی سیاسی حکمت عملی کے تحت اراکین صوبائی اسمبلی سے ملاقاتیں کرنا شروع کردیں ہیں۔

    اسی تناظر میں آج جہانگیر ترین گروپ نے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی سے ان کی خواہش پر ملاقات کی ، ملاقات کرنے والوں میں نعمان لنگڑیال، عون چوہدری ،لالہ طاہر رندھاوا، عبد الحئی دستی ،اجمل چیمہ اور دیگر شامل تھے۔

    ملاقات میں چوہدری پرویزالٰہی نے جہانگیر ترین کی خیریت دریافت کی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا, ملاقات میں ترین گروپ نے پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد اسمبلی سیکریٹری میں جمع ہونے پر استفسار کیا، جس پر اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ ابھی عدم اعتماد کی تحریک پنجاب اسمبلی میں جمع نہیں ہوئی۔

    ملاقات میں جہانگیر ترین گروپ کے وفد نے پرویز الٰہی کو مائنس ون ایجنڈے پر آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گروپ کا مشترکہ فیصلہ ہے کہ ہمیں عثمان بزدار قبول نہیں،  پنجاب تباہ ہو چکا ہے عوام کے مفاد کے لئے سامنے آنا ہوگا، ہم عثمان بزدار کو ہٹانے نکلے ہیں ہمارا ساتھ دیا جائے کیونکہ عثمان بزدار نے تحریک انصاف کے مخلص ساتھیوں کو مایوس کیا۔

    اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ تمام تر صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کرکے ہی تمام فیصلے کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ق تحریک عدم اعتماد پر کس کا ساتھ دے گی ؟ حکومت یا اپوزیشن، واضح ہوگیا

    ملاقات میں صوبے اور عوام کی بہتری کیلئےترین گروپ اور پرویزالٰہی نے رابطےجاری رکھنےپر اتفاق کیا، یہ بھی فیصلہ ہوا کہ ترین گروپ کے رہنما جلد چوہدری شجاعت حسین سے بھی ملاقات کریں گے۔

    اس سے قبل آج پنجاب کی سیاست میں ڈرامائی تبدیلی ہوئی تھی جہاں حکمران جماعت کی اہم اتحادی مسلم لیگ (ق) نے بھی حکومت کےاتحادی کے طور پر نظرثانی کا اشارہ دے دیا تھا۔

    گزشتہ روز تین وفاقی وزرا سے مونس الہیٰ اور طارق بشیرچیمہ کی دوسری ملاقات ہوئی، جس میں رہنماؤں نے واضح کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے اپنے ہی پندرہ سے بیس ارکان فلورکراسنگ کرکے اپوزیشن کے ساتھ ہوگئے تو پھر ہمارے لیے مشکل ہوگا کہ ہم مزید حکومت کا ساتھ دیں ، ہم مجبور ہوں گے کہ اپوزیشن کے ساتھ ہوجائیں۔

  • وزیراعظم غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں، پرویزالٰہی

    وزیراعظم غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں، پرویزالٰہی

    لاہور : پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں، موجودہ حکومت کی مؤثر معاشی پالیسیوں کی وجہ سے سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے سرمایہ کاری ضروری ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو مکمل تحفظ حاصل ہوگا۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری میں اضافے کے بغیر تبدیلی کی منزل حاصل نہیں کی جاسکتی، پنجاب حکومت بھی وزیراعظم کی ہدایات پرسرمایہ کاری کو اہمیت دے رہی ہے۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے قطری وزیرخارجہ محمد بن عبدالرحمان سے ملاقات میں‌ باہمی تعاون کے فروغ اور سرمایہ کاری پر گفتگو کی تھی۔
    قطری وزیرخارجہ نے کہا تھا کہ امیر قطر پاکستان کی نئی قیادت کے ساتھ کام کرنے کے خواہش مند ہیں، ہم دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کی مضبوطی چاہتے ہیں، پاکستانیوں‌ کو ملازمتیں فراہم کریں‌ گے۔

  • چوہدری پرویزالہیٰ پنجاب اسمبلی کے اسپیکر، سردار دوست محمد مزاری ڈپٹی اسپیکر منتخب

    چوہدری پرویزالہیٰ پنجاب اسمبلی کے اسپیکر، سردار دوست محمد مزاری ڈپٹی اسپیکر منتخب

    لاہور: متحدہ اپوزیشن کے امیدوار چوہدری پرویز الٰہی اسپیکر پنجاب اسمبلی  اور سردار دوست محمد مزاری ڈپٹی اسپیکر پنجاب  منتخب ہوگئے۔ 

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر رانا اقبال کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس کا ایجنڈا اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب تھا۔

    نو منتخب اراکین نے نئے اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا۔

    اسپیکر پنجاب کے عہدے کے لیے پاکستان تحریک انصاف اور ان کے اتحادیوں کی جانب سے چوہدری پرویز الٰہی کو نامزد کیا گیا تھا جبکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے چوہدری محمد اقبال امیدوار تھے۔

    پرویز الٰہی نے 201 اور چوہدری اقبال نے147 ووٹ حاصل کیے۔ اسپیکر کے انتخاب کے دوران 348 ووٹ کاسٹ ہوئے جس میں سے ایک ووٹ مسترد کردیا گیا۔

    منتخب ہونے کے بعد چوہدری پرویز الٰہی نے رانا اقبال سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

    مزید پڑھیں: پنجاب اسمبلی میں نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا

    دوسری جانب ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لیے تحریک انصاف کے سردار دوست محمد لغاری اور مسلم لیگ ن کے محمد وارث شاد کے درمیان مقابلہ تھا۔

    ڈپٹی اسپیکر کے لئے سردار دوست محمد نے187 ووٹ حاصل کئے، محمد وارث کو159 ووٹ ملے۔

    پاکستان پیپلز پارٹی نے پنجاب اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں کسی کو بھی ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی کے نئے ایوان میں تحریک انصاف ارکان کی تعداد 175، مسلم لیگ ن کے ارکان کی تعداد 162 جبکہ مسلم لیگ ق اور پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد 10 ہے۔

    واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کا ایوان 371 اراکین پرمشتمل ہے۔ عام انتخابات میں 360 ارکان منتخب ہو کر ایوان میں پہنچے ہیں جبکہ 11 نشستیں تاحال خالی ہیں۔

  • موجودہ حکمرانوں سے بہت جلد چھٹکارا ملنے والاہے، پرویزالہٰی

    موجودہ حکمرانوں سے بہت جلد چھٹکارا ملنے والاہے، پرویزالہٰی

    تلہ گنگ: پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الہی نے پیشن گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو بہت جلد ان ظالم حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل ہونے والا ہے، نواز لیگ جے آئی ٹی میں بری طرح پھنس چکی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے تلہ گنگ میں ایک تعزیتی ریفرنس سےخطاب کرتے ہوئے کیا، چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے ملک میں پچیس سالوں میں تباہی کی، ان کی ناقص پالیسیوں نے اسکولز اور اسپتالوں کو تباہ کردیا۔

    انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب کا سارا کا سارا بجٹ لاہور پر لگا دیا گیا، یہ حکومت مال بنانےآئی تھی، چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ کسانوں کے ساتھ ن لیگ کی خاص دشمنی ہے۔

    عدلیہ اور پاناما جےآئی ٹی کے لیے دعائیں ہو رہی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ عوام ن لیگ کے تئیس سال کی کارکردگی کا ہمارے پانچ سال سے موازنہ کر لیں فرق واضح ہو جائے گا۔

  • عبدالستارایدھی خادم اعظم تھے، چوہدری پرویزالٰہی

    عبدالستارایدھی خادم اعظم تھے، چوہدری پرویزالٰہی

    لاہور : سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے معروف سماجی کارکن عبدالستارایدھی کو ان کی قومی خدمات پر خادم اعظم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے مشن کو آگے بڑھانا ان کے وارثوں اور حکومتوں کا فرض ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ قاف کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الہی نے عبدالستار ایدھی کی انسانی و قومی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ثابت کیا کہ خدمت کا جذبہ مال و زر کا محتاج نہیں۔

    چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ ان کے دور میں ایدھی صاحب کے مشورے سے ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور ان کا کردار خود کو خود ساختہ دعوﺅں کی بنیاد پر خادم اعلیٰ کہلوانے والوں کیلئے ایک مثال ہے۔

    پرویز الہی نے اس بات پر زور دیا کہ عبدالستار ایدھی کے مشن کو آگے بڑھانا اب ان کے وارثوں کے ساتھ ساتھ تمام حکومتوں کا بھی فرض ہے۔

     

  • پاکستان کو حکمران نہیں اللہ ہی چلارہا ہے، شجاعت حسین، پرویزالٰہی

    پاکستان کو حکمران نہیں اللہ ہی چلارہا ہے، شجاعت حسین، پرویزالٰہی

    گجرات : مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ اسلام اور پاکستان دشمنوں کے خلاف اتحاد کا عہد کیا جائے، وزیراعظم اور وزراء ملک سے باہر ہیں، پاکستا ن کو اللہ ہی چلارہا ہے۔

    گجرات میں نماز عید کے بعد عید ملنے والوں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ وزیراعظم اور وزراء تو پہلے ہی ملک سے باہر ہیں، پاکستان کو اللہ ہی چلارہاہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکمران خود تو شاپنگ کر رہے ہیں یہاں غریب پینشنر مارے مارے پھر رہے ہیں۔ چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ اللہ کریم ہمارے بزرگوں کی جدوجہد، قربانیوں اور دعاﺅں سے رمضان المبارک میں قائم ہونے والی اسلامی جمہوریہ پاکستان کی سلامتی و یکجہتی کی حفاظت کرے، اسے خوشحالی دے، بداَمنی، لوڈشیڈنگ اور دیگر بحرانوں سے نجات دلائے۔

    انہوں نے پاکستان کیلئے جانیں قربان کرنیوالے پاک فوج، پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز کے افسروں، جوانوں اور شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر پاکستانی ان کا ممنون ہے کیونکہ ان شہداءکی قربانیوں کی بدولت ہی آج ہم آزادی سے یہ تہوار منا رہے ہیں۔

    انہوں نے بداَمنی کا شکار ہونیوالوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، اللہ تعالیٰ امت مسلمہ اور ہمارے معاشرہ میں بداَمنی پیدا کرنیوالوں کو بھی اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق دے اور ہماری اس مملکت خداداد کے تمام حصوں میں مکمل امن قائم ہو۔

    عید کے موقع پر اپنے پیغام میں مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ ہمیں آج شہداء کے خاندانوں کو یاد رکھنا چاہئے اور بیواﺅں، یتیموں کو عید کی خوشیوں میں شامل کریں۔

     

  • محمود خان اچکزئی کیخلاف آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی کی جائے، پرویز الٰٰہی

    محمود خان اچکزئی کیخلاف آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی کی جائے، پرویز الٰٰہی

    لاہور : سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے محمود خان اچکزئی کے متنازعہ بیان کو ملکی سلامتی کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔

    لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ محمود اچکزئی کے بھائی گورنر بلوچستان سمیت خاندان کے متعدد افراد پارلیمنٹ اور ریاستی اداروں میں موجود ہیں۔

    انہیں پاکستان کے خلاف بولتے ہوئے خیال کرنا چاہیئے۔ قائد اعظم ریذیڈنسی پر حملے کے بعد ان کی پارٹی کے جنرل سیکرٹری نے مذمت سے انکار کردیا تھا۔

    پٹھان کوٹ واقعہ پر آرمی پر الزام  لگانے کی سازش کی، جسے خود انڈیا تسلیم کرچکا ہے کہ پاکستان کا کوئی ہاتھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1979ءمیں روس نے افغانستان پر قبضہ کیا، جسے چھڑانے کے لئے پاکستانی فوج اور عوام نے کلیدی کردار ادا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 30 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دی، جواب میں ہمیں کلاشنکوف کلچر ملا جسے ہم اب تک دہشت گردی کی شکل میں بھگت رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی بھارتی جاسوس کلبھوشن کی گرفتاری، پٹھان کوٹ کے واقعہ اور اب محمود اچکزئی کے بیان پر خاموشی قابل مذمت ہے۔

    چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ڈیورنڈ لائن افغانستان اور پاکستان کے درمیان مسلمہ بارڈر ہے، جسے اقوام متحدہ قبول کرچکی ہے اور سپریم کورٹ کی رولنگ بھی اس پر موجود ہے۔ اس لئے پارلیمنٹ سے حلف کی خلاف ورزی اور پاکستان کے خلاف لابنگ کرنے کے الزام میں محمود اچکزئی کے خلاف آرٹیکل چھ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔

     

  • پاناما لیکس : مونس الہی کا نام فہرست میں موجود ہی نہیں، پرویزالٰہی

    پاناما لیکس : مونس الہی کا نام فہرست میں موجود ہی نہیں، پرویزالٰہی

    لاہور : پاکستان مسلم لیگ قاف کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے اپنے صاحبزادے چودھری مونس الٰہی اور دیگر خاندان والوں کا پانامہ لیکس میں نام آنے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاناما لیکس کی اصل فہرست میں مونس الہی کا نام موجود ہی نہیں۔

    نواز شریف، ان کی حکومت اور میڈیا سیل بغیر تصدیق کئے خبریں لگوا کر ہمیں بدنام کر رہا ہے۔ ساری رات نواز شریف کی حکومت اور ان کے میڈیا سیل نے مخالفین کے نام لکھوائے تاکہ کنفیوژن پیدا کی جا سکے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ 2013 کے انتخابات میں بھی ان ہی لوگوں نے ایسی خبریں لگوائی تھیں، جن کی اس وقت بھی تردید کی تھی۔

    پرویز الٰہی نے کہا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کے مذاکرات ہو رہے ہیں اور آج دن تک ہمیں کسی جماعت پر کوئی شک نہیں۔

    قرضے معاف کروانے کے حوالے سے سوال پر پرویز الہی نے شہبازشریف کو آڑے ہاتھوں لیا، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف زرداری کے آگے پیچھے انڈے کوفتے لیکر پھرتے رہے۔

    مسلم لیگ قاف کے رہنماء نے کہا کہ آصف علی زرداری کو گریبان سے پکڑ کر شہر میں گھسیٹنے کی باتیں کرنے والے انہیں اپنے گھر بلا کر خوشامد یں کرتے رہے۔

    پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ نواز شریف میرے بیٹے کا نام پانامہ لیکس میں لانے کیلئے جتنی محنت کر رہے ہیں، اتنی محنت اپنی اولاد کا نام نکلوانے کیلئے کر لیں تو شاید کچھ کامیابی مل جائے۔

     

  • کسانوں کو بدحال کرنے کے ذمہ دارحکمران ہیں، پرویزالٰہی

    کسانوں کو بدحال کرنے کے ذمہ دارحکمران ہیں، پرویزالٰہی

    قصور: مسلم لیگ کے مرکزی رہنما پرویز الہی نے کہا ہے کہ حکومت کا کسان پیکج اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر ہے،نواز شریف اگر کسانوں سے مخلص ہوتے تو پہلے بجٹ میں ہی کسانوں کے لیے فنڈز مختص کرتے۔

    قصور کے علاقے الہ آباد میں کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ حکمران کسانوں کو بدحال کرنے کی سازش کے ذمہ دار ہیں کیونکہ جب بھی آلو اور ٹماٹر کی فصل تیار ہوجاتی ہے تو وہ بھارت سے تجارت شروع کردیتے ہیں۔

     انھوں نے کہا کہ کپاس،چاول اور گنے کے کاشتکاروں کو پورا خرچہ بھی نہیں مل رہا اگر یہی طرز حکومت رہا تو زرعی ملک بدحال ملک میں تبدیل ہوجائے گا۔

     چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ ایک سو اسی ارب جنگلہ بس پر لگادیے گئے سو ارب روپے کا سر پلس صوبہ پنجاب آج دو ہزار ارب کا مقروض ہے ، آشیااسکیم ، سستی روٹی اسکیم اور دانش اسکول اسکیمز فیل ہوچکی ہیں۔

    انھوں نے کہا میں کسانوں کے ساتھ ہوں اور بلدیاتی انتخابات میں کسان سائیکل کو مہر لگا مسلم لیگ ق کا ساتھ دیں۔

  • پاک بھارت امن کا راستہ کشمیرسے گزرتا ہے، پرویزالٰہی

    پاک بھارت امن کا راستہ کشمیرسے گزرتا ہے، پرویزالٰہی

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان کے تاجر اور منافع خور حکمران فیصلہ کرلیں کہ بھارت سے آلو پیاز لینا ہے یا مقبوضہ کشمیر؟

    کشمیر پر بھارتی تسلط کے دن کی مناسبت کے حوالے سے مقبوضہ علاقہ میں ظلم و بربریت اور اس پر پاکستانی حکمرانوں کی سردمہری پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کو زیر تسلط رکھنے کیلئے وہاں آٹھ لاکھ سے زائد بھارتی فوج تعینات ہے جو کسی بھی علاقہ میں قابض فوج کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

    عالمی برادری کی توجہ اس جانب مبذول کرانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکمرانوں کو سب سے پہلے کشمیر سے بھارتی فوجوں کی جلد از جلد واپسی کا مطالبہ کرنا چاہئے تاکہ وہاں بھارتی مظالم میں کمی آئے۔

    انہوں نے خبردار کیا کہ کشمیریوں کی امنگوں اور مطالبات کے منافی سودے بازی کو کشمیری عوام قبول کریں گے اور نہ ہی پاکستان کے غیور عوام اس کی اجازت دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کو بھی چاہئے کہ وہ زمینی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے اربوں ڈالر کا اسلحہ خریدنے کی بجائے خطہ کے اس سب سے بڑے مسئلہ کو حل کرنے پر توجہ دے تاکہ وسائل کو سماجی مسائل کے حل پر صرف کر کے کروڑوں عوام کو غربت اور جہالت سے نجات دلائی جا سکے کیونکہ اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ پاک بھارت امن کا راستہ کشمیر سے گزرتا ہے