Tag: parvez musharaf

  • جیل بھرو تحریک : فوادچوہدری سب سے پہلے گرفتاری دینے کو تیار

    جیل بھرو تحریک : فوادچوہدری سب سے پہلے گرفتاری دینے کو تیار

    جہلم : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پرویز مشرف نے نواز شریف کو کان سے پکڑ کر نکال کر پاکستان پر احسان کیا تھا۔

    یہ بات انہوں نے جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی رگ رگ میں پاکستان تھا، ان کو پاکستانی ہونے پر فخر تھا میرا ان کے ساتھ ذاتی احترام کا تعلق تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جیل بھرو تحریک کا آغاز کیا ہے، چیئرمین جب بھی کال دیں گے جہلم میں سب سے پہلی گرفتاری میں دوں گا۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ن لیگ کہتی تھی کہ مشرف نے آئین توڑا ،میں پوچھتا ہوں کیا آج ملک میں آئین کی عمل داری ہے؟ گزشتہ9 ماہ سے مسلسل آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے، مشرف نے صحیح پہچانا تھا کہ نوازشریف اور زرداری کے ہوتے آئین پر عمل نہیں ہوسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے بہت جلد پہچان لیا تھا کہ زرداری اور نواز ملکی سیاست کیلئے نحوست ہیں، انہوں نے کوشش کی عوام کی ان دونوں سے جان چھوٹ جائے، امریکا اور سعودی عرب نے نواز اور زرداری کو این آراو دلوایا۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکمران کس منہ سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی منارہے ہیں، جو پاکستان میں ہورہا ہے کیا کشمیرمیں اس سے زیادہ ہورہا ہے؟ کشمیر پر ہندوستان نے غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے، اسی طرح پاکستان پر پی ڈی ایم نے قبضہ کیا ہوا ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان پر چوں چوں کا مربہ اکٹھا کرکے زبردستی کی سرکار مسلط کی گئی جیسے بھارت میں مودی کی زبردستی حکومت ہے اسی طرح پاکستان میں ان کی ہے، رانا ثناءاللہ اور بھارتی وزیرداخلہ میں کیا فرق ہے؟

  • پرویز مشرف نے خصوصی عدالت کی تشکیل کیخلاف درخواست دائر کردی

    پرویز مشرف نے خصوصی عدالت کی تشکیل کیخلاف درخواست دائر کردی

    لاہور : پرویز مشرف نے ٹرائل کرنے والی خصوصی عدالت کی تشکیل کے خلاف درخواست دائر کردی، جسٹس سید مظاہرعلی کی سربراہی میں 3رکنی بنچ آج سماعت کرے گا۔

    جسٹس امیر بھٹی اور جسٹس چوہدری مسعود جہانگیر بھی بینچ میں شامل ہیں، پرویز مشرف کی درخواست میں وفاقی حکومت ودیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ پرویز مشرف کے خلاف خصوصی عدالت کی تشکیل غیر آئینی ہے، پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ چلانے کی وفاقی کابینہ سے منظوری نہیں لی گئی۔

    نوازشریف نے اپنی صوابدید پر خصوصی عدالت قائم کی، خصوصی عدالت کے پراسیکیوٹر کی تعیناتی سمیت کوئی عمل قانون کے مطابق نہیں۔

    درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ہائیکورٹ خصوصی عدالت کی کارروائی اور تشکیل کو غیرآئینی قرار دے۔

    درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے معروف قانون دان علی ظفر کو روسٹرم پر طلب کرلیا، جسٹس سید مظاہرعلی نے کہا کہ ہم نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا ایمرجنسی کا نفاذ غداری کے زمرے میں آتا ہے یا نہیں ؟

    جس پر علی ظفرایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ میرے علم کے مطابق ایمرجنسی کانفاذ غداری کے زمرے میں نہیں آتا، عدالت کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی غداری کے زمرے میں نہیں آتی تو پھر یہ سارا معاملہ چلا کیسے؟

    عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سےاستفسار کیا کہ خصوصی عدالت نے فرد جرم کس قانون کے تحت عائد کی؟ بعد ازاں ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے فرد جرم عدالت میں پڑھ کرسنائی۔

    مزید پڑھیں: ذاتی عداوت کا نشانہ بنایا گیا، پاکستانی عدلیہ سےانصاف  امید ہے، پرویز مشرف

    یاد رہے کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے خصوصی عدالت کی جانب سے پھانسی کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی کو بیان دینے کی پیش کش کی مگر اُسے مسترد کیا گیا۔

    مجھے چند لوگوں کی وجہ سے ذاتی عداوت کا نشانہ بنایا گیا تاہم پاکستانی عدلیہ سے انصاف کی امید رکھتا ہوں۔

  • غداری کیس : عدالت نے پرویز مشرف کو 342 کے بیان کیلئے سوالنامہ بھجوا دیا

    غداری کیس : عدالت نے پرویز مشرف کو 342 کے بیان کیلئے سوالنامہ بھجوا دیا

    اسلام آباد :  خصوصی عدالت  نے سنگین غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو 342 کے بیان کیلئے سوالنامہ بھجوا دیا ہے ، سوالنامے میں2007 کی ایمرجنسی لگانے سمیت 26 سوالات شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس کے معاملے پر سابق صدر پرویز مشرف کو 342 کے بیان کیلئے سوالنامہ بھجوا دیاہے۔ سوالنامے میں 2007 کی ایمرجنسی لگانے سمیت 26 سوالات شامل ہیں۔

    سوالنامے میں سابق صدر سے سوال کئے گئے ہیں کہ کیا یہ درست ہے مذکورہ تمام اقدامات آپ نے بغیر مجاز حکام کے مشورے کے انفرادی طور پر اٹھائے؟،کیا آپ اپنے دفاع میں کوئی ثبوت پیش کرنا چاہیں گے؟۔سوالنامے میں پوچھا گیا ہے کہ کیا آپ ضابطہ فوجداری کے سیکشن 340 دو کے تحت خود ہی حلف اٹھا کر اپنے حق میں گواہ بننا چاہیں گے؟

    آپ کے خلاف یہ مقدمہ کیوں بنایا گیا؟،استغاثہ اور ریاست کے گواہان نے آپ کے خلاف گواہی کیوں دی ہے؟۔ سابق صدر سے سوال کیا گیا ہے کہ کیا آپ کچھ اور کہنا چاہتے ہیں؟ سنگین غداری کی سزا کے قانون کے سیکشن ٹو کے تحت قابل سزا ہے؟ سوال کیا گیا ہے کہ کیا یہ درست ہے آئین معطل کر کے آپ نے آئین پامال کیا اور یوں آپ سنگین غداری کے مرتکب ہوئے؟

    کیا یہ درست ہے ایمرجنسی کا نفاذ کر کے آپ آئین کو معطل کرنے کے مرتکب ہوئے؟ سوالنامے میں پوچھا گیا ہے کہ کیا آپ کے ان تمام اقدامات کو کبھی بھی کسی مجاز فورم نے جائز قرار نہیں دیا؟ ۔

    سوال کیا گیا ہے کہ کیا صدارتی حکم نامہ نمبر 5 کے مطابق  پاکستان کے آئین میں ترمیم کی گئی، آپ کے ان اقدامات کو ئی نہ کوئی استثنیٰ حاصل ہوا جس کے باعث یہ تمام اقدامات آئین کی خلاف ورزی تھے؟ ۔سوال کیا گیا ہے کہ کیا تحقیقاتی رپورٹ کے نتیجے میں استغاثہ نے آپ کیخلاف یہ کیس بنایا اور فرد جرم عائد کی؟ ۔

    کیا ایف آئی اے نے 2013 کو تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کر دی؟ ۔کیا تحقیقاتی رپورٹ کے نتیجے میں دستاویزی ثبوتوں،گواہان کی فہرست اس عدالت میں جمع کرائی؟۔

    سوال کیا گیا ہے کہ کیا خط میں استغاثہ کے گواہ اور نامزد افسر سیکریٹری داخلہ کو حکم دیا کہ ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایات دیں؟۔کیا شق270 اے اے اے کو آئین میں شامل کرکےایمرجنسی نفاذ تا اختتام اقدامات کو جائزقراردیا، توثیق کی؟ ۔

    سوالنامے میں پوچھا گیا ہے کہ کیا صدارتی حکم نامہ نمبر 5 کے مطابق  پاکستان کے آئین میں ترمیم کی گئی۔کیا ججز حلف کے حکم نامے کے بعد اعلیٰ عدالتوں کے ججوں سے دوبارہ حلف بھی لیا؟۔

    سوال کیا گیا ہے کہ کیا آپ نے15 دسمبر 2007 کو بطور صدر ایمرجنسی نفاذ کے حکم ،عبوری آئین کافرمان منسوخ کرنے کاحکم نامہ جاری کیا۔سوالنامے میں پوچھا گیا ہے کہ کیا20 نومبر2007کو بطور صدر مملکت صدارتی حکم نامہ نمبر پانچ جاری کیا؟ سوال کیا گیا ہے کہ کیا یہ درست ہے؟ چیف جسٹس آف پاکستان،سپریم کورٹ ججز ،چیف جسٹسز ہائی کورٹس اور ججز کی تقرری کی گی؟

  • سپریم کورٹ نے پرویزمشرف اور آصف زرداری کے خلاف این آراو کیس ختم کردیا

    سپریم کورٹ نے پرویزمشرف اور آصف زرداری کے خلاف این آراو کیس ختم کردیا

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے پرویزمشرف، آصف زرداری اور ملک قیوم کے خلاف این آراو کیس ختم کردیا، چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ اثاثوں کی تفصیلات آچکی ہیں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے این آراو کیس کی سماعت کی، اس موقع پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کیے تھے درخواست گزار کہاں ہیں؟ ہم نے دونوں سابقہ صدور سے دوبارہ بیان حلفی مانگے تھے۔

    جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ درخواست گزار فیروز شاہ گیلانی ان دنوں علیل ہیں، سپریم کورٹ نے فیروز شاہ گیلانی کی درخواست نمٹاتے ہوئے سابق صدور آصف زرداری، پرویز مشرف اور سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم کے خلاف این آر او کیس ختم کر دیا۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آصف علی زرداری، پرویز مشرف اور سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آچکی ہے اور اومنی گروپ کیس میں بھی بہت پیش رفت ہو چکی ہے، قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

    مزید پڑھیں: این آر او کیس ، آصف زرداری کےاثاثوں کی تفصیل اورحلف نامہ سپریم کورٹ میں جمع

    واضح رہے کہ درخواست گزار نے سابق صدور کو فریق بناتے ہوئے موقف اپنایا تھا کہ این آر و سے کرپشن کیسز ختم کیے گئے جس سے ملک کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔درخواست گزار نے استدعا کی تھی ملک کی لوٹی ہوئی رقم وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرائی جائے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سماعت میں سپریم کورٹ نے آصف زرداری سےپھر گزشتہ 10سال کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کیں تھیں اور بچوں کے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم برقرار رکھا تھا جبکہ سابق صدر کی بے نظیر بھٹو کے اثاثوں کی تفصیلات نہ مانگنے کی نظرثانی اپیل منظور کرلی تھی۔

  • مہاجرہونے پرفخر ہے، بٹے رہنے سے ہمیں بہت نقصان ہوا، پرویزمشرف

    مہاجرہونے پرفخر ہے، بٹے رہنے سے ہمیں بہت نقصان ہوا، پرویزمشرف

    کراچی : سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ فخر سے کہتا ہوں میں مہاجر ہوں لیکن خود کو ایم کیو ایم کا نہیں سمجھتا، بٹے رہنے سے ہمیں بہت نقصان ہوا، عوام آپس میں لڑانے والے رہنماؤں سے چھٹکارا حاصل کریں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں آل پاکستان مسلم لیگ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    ویڈیو لنک کے ذریعے کیے جانے والے خطاب میں پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ شہر قائد میں ہرقوم کے لوگ بستے ہیں، جو کراچی میں رہ رہا ہے وہ اسی شہر کا ہے، ہمیں قومتیں چھوڑنی پڑیں گی، بٹےرہنےسے ہمیں بہت نقصان ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں مہاجر 20 سے30 سال تک مصیبتوں میں رہے، ایم کیوایم کا نام پاکستان میں ایک دھبہ بن چکاہے، اس جماعت کی وجہ سے بچوں کونقصان ہوا، سڑک پرجاتے ہوئے مہاجر نوجوان کو بھتہ خور اور را کا ایجنٹ کہا جاتا ہے۔

    پرویز مشرف نے کہا کہ بھارت سے ہجرت کرکے آنے والی پڑھی لکھی قوم جاہل بنتی جارہی ہے، فخر سے کہتا ہوں کہ میں مہاجر ہوں لیکن خود کوایم کیوایم کا حصہ نہیں سمجھتا، ایم کیو ایم اور اے این پی والے ہتھیار دے کر کہتے تھے لو اور ایک دوسرے کوجان سے مارو۔

    سابق صدر کا کہنا تھا کہ کراچی کی قسمت میں صرف مرنا اور مارنا نہیں، یہاں ہر قوم کو ان کے سیاسی لیڈروں نے استعمال کیا اور قوم کو ہتھیار اورگولیاں دیتے رہے، عوام آپس میں لڑانے والے رہنماؤں سے چھٹکارا حاصل کریں۔

    انہوں نے واضح کیا کہ میں اس ملک میں آرمی چیف، صدراور چیف ایگزیکٹو رہا ہوں مجھے کچھ نہیں چاہئیے، مجھے صرف غریب عوام کی خوشی چاہیے، میں سیاست میں بنیادی تبدیلی لانا چاہتا ہوں۔

    پاکستان میں اصلی لیڈرشپ نہیں ہے، کامیاب ہوں گا یا نہیں، یہ بعد کی بات ہے آپ میرے ساتھ قدم اٹھاؤ آپ کو صحیح راستے پر لے جاؤں گا۔

    اپنے دور حکومت میں کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ لیاری میں اسٹیڈیم کو ٹھیک کیا، باکسر کو 50 لاکھ روپے دیئے، لیاری میں باکسنگ، سائیکل اور گدھا گاڑی ریس کروائی۔

  • پاکستان کا مسئلہ دہشتگردی نہیں عمران اورمشرف ہیں، احسن اقبال

    پاکستان کا مسئلہ دہشتگردی نہیں عمران اورمشرف ہیں، احسن اقبال

    لاہور : وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ سال دو ہزار سترہ کا سب سے بڑا مسئلہ لوڈشیڈنگ یا دہشت گردی نہیں عمران خان اور پرویز مشرف جیسے مسٹر کلین ہیں، کرپشن کے سارے بڑے مگرمچھ عمران خان کی چھتری تلے جمع ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ آئندہ سال مسلم لیگ نون کی طرف سے وزارت عظمیٰ کے امیدوار شہباز شریف ہوں گے۔

     ان کے دو وزارت اعلیٰ کے ادوار میں پنجاب میں جو ترقی ہوئی ہے ان کے وزیر اعظم بننے سے ترقی کا دور پورے پاکستان میں پھیلے گا۔

    وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ 2013 میں کسی سے پوچھتے کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کیا ہے تو جواب ملتا تھا بجلی یا دہشت گردی لیکن 2017 میں کوئی یہ نہیں کہے گا کہ بجلی اور دہشت گردی مسئلہ ہے، اس سال کا سب سے بڑا مسئلہ عمران خان اور پرویز مشرف ہیں۔

    احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان ہمیں صبح وشام درس دیتے ہیں کہ کرپشن ختم کروں گا، عمران خان بتائیں خیبرپختونخوا میں 5 سال میں بھی احتساب کمیشن کیوں نہ بن سکا اور ان ہی کی جماعت میں کرپشن کے خلاف آواز اٹھانے والے جسٹس (ر) وجیہ کو کیوں نکالا گیا؟ پختونخوا کی کرپشن کا مقابلہ مشرف بھی نہیں کر سکتے۔


    مزید پڑھیں: تحریک انصاف کا احسن اقبال سے استعفی کا مطالبہ


    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے توانائی بحران کو شکست دی، دہشتگردی کے خلاف جنگ ابھی جاری ہے، دہشت گردی کے جن کو بوتل میں بند کر رہے ہیں، پاکستان دشمنوں نے ہمارے خلاف سازشیں تیز کر دی ہیں، موجودہ حکومت نے پاکستان کو دلدل سے نکالا ہے۔

  • اہل کراچی کو نئے نام اور قیادت تلے متحد کرنا ہے، پرویزمشرف

    دبئی : آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ اہل کراچی کو نئے نام اور قیادت تلے متحد کرنا ہے، پنجاب میں چھوٹی قوتوں کو ساتھ ملا کر بڑا اتحاد قائم ہوسکتا ہے، بیت المقدس کے معاملے پر امت مسلمہ متحد ہوکرامریکا پردباؤ ڈالے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے دبئی میں منعقدہ پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پرویز مشرف نے کہا کہ ملک میں سیاسی اورانتخابی اصلاحات کی ضرورت ہے، قوانین پر عمل درآمد اور چیک اینڈ بیلنس کا مؤثر نظام ہونا بھی ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں تمام قومیتوں کے لوگ آباد ہیں، پاکستانیت شہر قائد سے شروع ہوتی ہے، اہل کراچی کو نئے نام اور قیادت تلے متحد کرنا ہے، پاکستان میں انتظامی بنیادوں پر15سے20صوبوں کی ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اندرون سندھ پیرپگاڑا کے ساتھ مل کر دیگر جماعتوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے، سندھ میں تمام قومیتوں اور پنجاب میں چھوٹی طاقتوں کو ساتھ ملاکر سیاسی اتحاد بنایا جاسکتا ہے،23جماعتی پاکستان عوامی اتحاد مزید بڑھے گا تو دوسری جماعتیں بھی شامل ہوں گی۔

    سابق صدر نے کہا کہ بیت المقدس کے معاملے پرامت مسلمہ متحد ہوکرامریکا پردباؤ ڈالے، دنیا میں مسلمانوں کی بڑی آبادی ہے مگر اتحاد کا فقدان ہے، ہمیں عالمی سطح پروہ بات کرنی چاہیےجوقومی مفادمیں ہو، مسلم ممالک امداد بند ہونے کے ڈرسے امریکا کےخلاف نہیں بولتے۔

  • جلد وطن واپس آؤں گا، کسی کی مدد نہیں چاہیئے، پرویزمشرف

    جلد وطن واپس آؤں گا، کسی کی مدد نہیں چاہیئے، پرویزمشرف

    کراچی : سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ وطن واپس آکر ہر چیز کا سامنا خود کروں گا کسی کی مدد نہیں چاہیئے، ملک میں تیسری سیاسی قوت کی ضرورت ہے، چاہتا ہوں ایم کیو ایم کے سارے دھڑے مل جائیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملیر کراچی میں اے پی ایم ایل کے جلسے سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پرویز مشرف نے کہا کہ جلد پاکستان آؤں گا، ملک کو نیا پاکستان بنانےکی ضرورت ہے، اے پی ایم ایل سب سے پہلے پاکستان کی سیاست کرتی ہے، شہریوں کو سب سے پہلے پاکستان سے محبت ہونی چاہیے۔

     انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کسی قومیت نہیں پورے پاکستان سے منسوب ہے، پاکستان کی حالت تشویشناک ہے، کرپشن کی وجہ سے پاکستان کی معیشت تباہ ہو گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی پورے پاکستان کاشہر ہے، اس سے متعلق خبریں دیکھ کرافسوس ہوتا ہے، ہمارے دورمیں کراچی میں ترقیاتی منصوبے لگ رہے تھے، یہاں اصل ترقی ہمارے دورمیں ہوئی۔

    چاہتا ہوں ایم کیو ایم کے سارے دھڑے مل جائیں

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی صرف مہاجروں کا نہیں سب کا شہر ہے، مہاجر دھڑوں میں بکھر گئے ہیں، میں کسی دھڑے کےساتھ نہیں، میرے لئے ایم کیوایم پاکستان، لندن اور پی ایس پی سب برابرہیں، چاہتا ہوں سارے دھڑے مل جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ قومیتیں آگےآ گئی ہیں،ملک پیچھے رہ گیا ہے، قائداعظمؒ نے کہا تھا کہ صوبائیت کو ترجیح دی تو حماقت ہوگی، ہم نے صوبائیت کی سوچ نہ چھوڑی توترقی نہیں ہو سکتی، بھارت کے پاکستان سے متعلق خطرناک عزائم ہیں۔

    علاوہ ازیں آل پاکستان مسلم لیگ کے جلسے میں گلوکار محمد علی شہکی نے ملی نغمہ گا کر شرکا کا جوش بڑھایا۔ جلسے سے اے پی ایم ایل کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر امجد اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

  • بھارت جنگ چاہتا ہے تو ہم بھی تیار ہیں، پرویزمشرف

    بھارت جنگ چاہتا ہے تو ہم بھی تیار ہیں، پرویزمشرف

    کراچی/ لندن : سابق آرمی چیف اور سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ بھارت کو منہ توڑجواب دے کر بات چیت کریں، اگر بھارت کو جنگ چاہئیے تو ہم بھی جنگ لڑیں گے، پانی کامسئلہ اہم ہے اسے سنجیدگی سے لیناچاہئے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں میزبان ماریہ میمن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    سابق صدر پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے میرا ذاتی طور پر کوئی رابطہ نہیں رہا،و ہ 10کور کمانڈر تھے جو بہت بڑی کور ہے۔آرمی چیف کی شخصیت کا ملک پراثر ضرور ہوتا ہے،جنرل قمر جاوید باجوہ پربہت بڑی ذمہ داری آئی ہے۔فوج کی سب سے بڑی ذمہ داری دشمن کے چیلنجز سے ہر وقت تیار رہنا ہے،فیصلوں میں سب سے پہلے پاکستان کو مد نظر رکھا جائے تو کوئی غلطی نہیں ہوگی۔

    میں نے بھی واجپائی کے لئے ہاتھ بڑھایا تھا انہوں نے بھی بھرپور جواب دیا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی ایک طرف ملنے کے لئے بلا رہے ہیں اور دوسری طرف ہمارا پانی بند کر رہے ہیں،وہ پاکستان کو دبانا چاہتے ہیں۔

    بھارتی وزیر اعظم چالاکی کر رہا ہے،ہمیں بھی اپنے سارے حربے استعمال کرنے چاہیئں۔ نریندر مودی کوپانی روکنے کے لئے ڈیم بنانا ہوگا،اپنے کمرے کانل بند کرنے سے پانی بند نہیں ہوگا، پانی کا مسئلہ بہت اہم ہے اسے حل کرنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے اس وقت بھارت کا امن پر بات کرنے کا کوئی موڈ نہیں ہے،اگر وہ امن چاہتا ہے اور بات چیت کرتا ہے توپھر آپ بھی بات کریں،ان کو منہ توڑ جواب دے کر بات چیت کرنی چاہیے۔

    لائن آف کنٹرول پر جہاں آپ بیٹھے ہیں وہ آپ کی جگہ ہے،ہمیں امن چاہیے جس کے لئے مسائل حل کرنے ہیں۔ پرویز مشرف نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی امن کے حوالے سے بات کرنے کے موڈ میں نہیں، اگر بھارت کو جنگ ہی چاہیے تو ہم بھی جنگ لڑیں گے۔ مجھے پورا یقین ہے بھارت پاکستان کے خلاف کوئی مہم جوئی نہیں کرسکتا۔

    پی ٹی آئی کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کامیاب ہوتے ہوئے نہیں دیکھ رہا، انتخابات میں ہارتے کے باوجود وہ ہمیشہ سولو فلائٹ لیتے ہیں۔

  • پرویز مشرف نے اپنے دور میں ڈرون حملوں کی اجازت دی، یوسف گیلانی

    پرویز مشرف نے اپنے دور میں ڈرون حملوں کی اجازت دی، یوسف گیلانی

    ملتان : سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نے اپنے دور حکومت میں امریکہ کو ڈرون حملوں کی اجازت دے رکھی تھی اور ہوسکتا ہے کہ امریکہ نے اس ڈرون حملے سے قبل پاکستان حکومت کو آگا کیا ہو۔

    انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے ٹی او آرزپر بات کرنے کیلئے اسپیکر صاحب کل آئے تھے، ان سے کہا ہے کہ میرے لئے بھی ٹی او آرز بنائے جائیں کیونکہ مجھ پر بھی بہت الزام لگائے گئے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے ملتان میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکہی ۔ سابق وزیر اعطم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اور ٹیکس کم ہونے چاہئیں۔

    انہوں نے کہا کہ بجٹ میں غریب عوام کو ریلیف دیا جائے، جب ملک میں امن ہو گا تو سرمایہ کاری بھی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان پاکستان کا ہمسایہ ملک ہے اور ہم دونوں نے ساری زندگی اکھٹے رہنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ افغانستان میں حالات کا ردعمل پاکستان میں ہوتا ہے، افغانستان میں قیام امن کیلئے طالبان کے ساتھ مذاکرات کا عمل جاری رہنا چاہیئے۔اگر وہاں امن ہوگا تو پاکستان میں بھی امن ہوگا۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں اتنی لوڈشیڈنگ پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ ہم نے اپنی حکومت میں کئی میگاواٹ بجلی کا اضافہ کیا، مسلم لیگ ن لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا کہہ کر اقتدار میں آئی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ 90 روز میں بجلی کا بحران ختم کر دیں گے۔