Tag: Parvez Musharraf

  • کراچی : پرویزمشرف کی میت پاکستان پہنچا دی گئی

    کراچی : پرویزمشرف کی میت پاکستان پہنچا دی گئی

    کراچی : سابق صدر پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف کا جسد خاکی لے کر خصوصی طیارہ کراچی پہنچ گیا ہے۔

    سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف کے جسد خاکی کو وطن واپس لانے کیلئے خصوصی طیارہ دبئی روانہ کیاگیا تھا۔

    پرویز مشرف کی میت کراچی ایئرپورٹ سے ملیرکینٹ روانہ کردی گئی جبکہ پرویزمشرف کے اہل خانہ بھی کراچی ایئرپورٹ سے روانہ ہوگئے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے پرویزمشرف کے جسد خاکی کو واپس وطن لانے کے معاملے پر کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان مشن مکمل تعاون اور مدد فراہم کررہا ہے۔

    یو اے ای میں پاکستانی مشن مشرف خاندان کے ساتھ رابطے میں ہے، پاکستان مشن مشرف خاندان کی ضروریات کا ہر طرح سے خیال رکھ رہا ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ روز سابق صدرپرویز مشرف انتقال کر گئے تھے ، وہ امریکن اسپتال دبئی میں زیرعلاج تھے۔

  • خصوصی عدالت کی تشکیل کے خلاف پرویز مشرف کی درخواست قابل سماعت قرار

    خصوصی عدالت کی تشکیل کے خلاف پرویز مشرف کی درخواست قابل سماعت قرار

    لاہور : عدالت نے پرویز مشرف کی خصوصی عدالت کی تشکیل کے خلاف درخواست قابل سماعت قرار دے دی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے کابینہ کی منظوری کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس مظاہرعلی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے پرویزمشرف کی درخواست پر سماعت کی۔

    عدالت نے استفسار کیا کہ فوجداری نظام عدل کے تحت مقدمہ درج کرکے ہی انکوائری ہوسکتی ہے، کیا پرویز مشرف کے معاملے میں انکوائری ہوئی ہے۔

    کیا خصوصی عدالت کی تشکیل کے لئے کابینہ سے منظوری لی گئی؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق اے خان نے کہا کہ اس معاملے پر ایف آئی اے نے انکوائری کرکے رپورٹ خصوصی عدالت پیش کی۔

    ایف آئی اے نے رپورٹ میں اقدام کو غیرآئینی قراردیا، خصوصی عدالت نےفرد جرم میں اس کا ذکرنہیں کیا،خصوصی عدالت کی تشکیل کے لئے وزیراعظم کی طرف سے وزارت داخلہ کوخط لکھا گیا۔

    اس معاملے پر کابینہ کی منظوری کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے،عبدالحمید ڈوگر کیس میں ایمرجنسی کو غداری قرار نہیں دیا گیا تھا، ترمیم شدہ ہائی ٹریژن ایکٹ میں غداری کی سزا کا ذکرموجود نہیں۔

    پرویز مشرف کے وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ ایمرجنسی کا نفاذ غداری کے زمرے میں نہیں آتا، سپریم کورٹ نے بھی عبد الحمید ڈوگر کیس میں فوجداری کاروائی کا ذکر نہیں کیا۔

    سینیئر قانون دان علی ظفر نے بیان دیا کہ ان کی رائے میں ایمرجنسی کا نفاذ غداری کے زمرے میں نہیں آتا جس پر عدالت نے قرار دیا کہ پھر یہ سارا کیس چلایا کیسے گیا؟ فوجداری نظام میں پہلے شکایت آتی یے پھر انکوائری اس کیس میں انکوائری پہلے ہوئی شکایت بعد میں۔

    عدالت نے قرار دیا کہ ہم اسپیشل کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل نہیں سن رہے بلکہ یہ دیکھ سکتے ہیں کہ کارروائی اور قانون کے مطابق ہوئی یا نہیں۔

    عدالت نے خصوصی عدالت کی تشکیل کے حوالے سے تمام تمام ریکارڈ اور سینئر قانون دان علی ظفر کو معاونت کے لیے طلب کرلیا۔

    عدالت نے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراض مسترد کرتےہوئے درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے وکلاء کو کل مزید دلائل دینے کی ہدایت کر دی۔