Tag: pass away

  • کرکٹ کی دنیا کے مایہ ناز کھلاڑی چل بسے

    کرکٹ کی دنیا کے مایہ ناز کھلاڑی چل بسے

    سڈنی : آسٹریلیا کے سابق آل راؤنڈر گریم واٹسن انتقال کرگئے، مڈل آرڈر بیٹسمین کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کینسر سے برسرپیکار آسٹریلیا کے سابق آل راؤنڈر گریم واٹسن کا انتقال ہو گیا ہے، ان کی عمر 75 سال تھی، وہ گزشتہ کافی عرصے سے کینسر جیسے موذی مرض سے نبرد آزما تھے۔

    مڈل آرڈر کے بلے باز اور میڈیم پیسر واٹسن نے آسٹریلیا کے لئے 1967 سے 1972 تک پانچ ٹیسٹ اور 1972 میں دو ون ڈے میچ کھیلے تھے۔ انہوں نے اپنا گھریلو کیریئر وکٹوریہ میں شروع کیا تھا۔

    وہ اپنے کیریئر کے دوران انجری سے پریشان رہے تھے، انہوں نے 107 فرسٹ کلاس میچ کھیلے تھے اور انہوں نے اپنا آخری فرسٹ کلاس میچ 1977 میں کھیلا تھا۔

    مزید پڑھیں : نامور کرکٹر کا سوتے میں انتقال

    واضح رہے کہ رواں ماہ بھارت کے لیجنڈ کرکٹر والٹر ڈیسوزا بھی گزشتہ روز جہان فانی سے کوچ کرگئے، ان کی عمر93سال تھی، وہ رات کو سوئے اور اسی حالت میں دنیا کو الوداع کہہ گئے۔

    ڈیسوزا سب سے عمر دراز فرسٹ کلاس کرکٹر تھے، انہوں نے گجرات اور اے سی سی کے لئے کھیلا ہے اور اندور میں ہولکر ٹیم کے خلاف گجرات کے لئے 1950-51 میں رنجی ٹرافی کا فائنل کھیلا تھا۔

  • برطانوی ریسنگ لیجنڈ سر اسٹرلنگ ماس طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے

    برطانوی ریسنگ لیجنڈ سر اسٹرلنگ ماس طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے

    برطانوی ریسنگ لیجنڈ سر اسٹرلنگ ماس طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے ہیں، مرحوم برطانوی کھیلوں کی تاریخ کی ایک انتہائی معروف شخصیت تھے، ان کی اہلیہ نے موت کی تصدیق کردی۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی کار ریس فارمولا ون کے مایہ ناز ڈرائیور سر اسٹرلنگ ماس 90 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے وہ گذشتہ کئی روز سے علیل تھے۔

    ایسٹر کی صبح موٹر ریسنگ کے بہترین ڈرائیور اور برطانوی کھیل کی تاریخ کی ایک انتہائی ماہر شخصیت نے اپنی آنکھیں ہمیشہ کیلئے بند کرلیں۔ان کی اہلیہ نے بتایا کہ موت کے وقت میں ان کے پاس ہی موجود تھی۔ اب وہ ہمارے درمیان نہیں رہے، یہ میرے لیے بہت بڑا صدمہ ہے۔

    ریسنگ لیجنڈ سر اسٹرلنگ ماس اپنے انداز اور کار ڈرائیو کرنے کی مہارت کے باعث کھیلوں کے حلقوں میں بہت مقبول تھے، انہیں اب تک کے سب سے بڑے آل راؤنڈ ریسر کی حیثیت حاصل تھی۔

    ماس کا انتقال سینے کے انفیکشن کے باعث ہوا جو انہیں تھا سال 2016 میں کرسمس سے قبل سنگاپور میں ہوا، تاہم یہ کہنا غلط ہے کہ ان کی موت کرونا وائرس سے ہوئی۔

    اپنی خوبصورت ڈرائیونگ اور ورسٹائل ہونے کی وجہ سے انہیں سب سے بڑا آل راؤنڈ ریسر مانا جاتا ہے، سر اسٹرلنگ ماس نے 529ریسوں میں سے 212ریسیں جیت کر اپنے نام  کیں۔

  • نامورشاعررسا چغتائی کراچی میں انتقال کرگئے

    نامورشاعررسا چغتائی کراچی میں انتقال کرگئے

    کراچی : ممتاز بزرگ شاعر رسا چغتائی انتقال کرگئے، مرحوم کچھ عرصے سےعلیل تھے۔

    تفصیلات کے مطابق اردو کے نامور شاعر رسا چغتائی کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد کراچی میں انتقال کرگئے، مرحوم نے نوے سال کی عمر پائی۔

    رسا چغتائی کا اصل نام مرزا محتشم علی بیگ تھا وہ 1928 کو بھارتی ریاست جے پور میں پیدا ہوئے رسا چغتائی نے 1950 میں ہندوستان سے پاکستان ہجرت کی یہاں آکر مختلف اداروں میں ملازمت کی۔

    تیرے آنے کا انتظار رہا
    عمر بھر موسم بہار رہا
    تجھ سے ملنے کو بے قرار تھا دل
    تجھ سے مل کر بھی بے قرار رہا

    ان کی تصانیف میں : ریختہ، زنجیر ہمسائیگی، تصنیف، چشمہ ٹھنڈے پانے کا، اور تیرے آنے کا انتظار رہا شامل ہیں، حکومت پاکستان نے ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں سال 2001 میں انہیں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا۔

  • معروف مصنف ناول نگارعبداللہ حسین 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

    معروف مصنف ناول نگارعبداللہ حسین 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

    لاہور: معروف مصنف ناول نگار عبد اللہ حسین چوراسی برس کی عمر میں انتقال کر گئے وہ کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے۔

    عبداللہ حسین کینسر میں مبتلا ہونے کے باعث کئی روز سے لاہور کے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے مگر جانبر نہ ہو سکے۔ عبداللہ حسین کی عمر چوراسی برس تھی۔

    وزیراعظم نواز شریف نے عبداللہ حسین کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی اردو زبان کو پروان چڑھانے کے لئے خدمات کو سراہا ہے۔

     وزیراعظم نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ قومی زبان کی ترقی اور اردو ادب کیلئے عبداللہ حسین نےگراں قدر خدمات انجام دیں عبداللہ حسین کی وفات ملک اور ادبی حلقوں کیلئےبڑا نقصان ہے، عبداللہ حسین کے مشہور ناولز میں باگھ، فریب، قید، نشیب، نادار لوگ اور رات شامل ہیں۔

    بعض اوقات تاریخ میں بڑے واقعات اور شہہ پاروں کی تخلیق کی وجہ بہت معمولی باتیں بنتیں ہیں، مگر یہ تاریخ بن جاتے ہیں، عبداُللہ حُسین کے ناول اُداس نسلیں کی تخلیق کا معاملہ بھی کُچھ ایسا ہی ہے۔

    اُداس نسلیں کے خالق عبداللہ حُسین داود خیل کی فیکٹری میں کیمسٹ تھے، وقت گذارنے کیلئے اُنہوں نے ایک رومانوٰ ی کہانی لکھنی شروع کی، جس کا اختتام اُداس نسلیں کے نام سے ایک ناول پرہوا، اسے پاکستان کا پہلا ناول بھی کہا جاتا ہے۔ جس کی بُنت برصغیر کی تقسیم اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل کے حوالے سے ہے ۔

    دلچسب بات یہ ہے جس وقت یہ ناول لکھا گیا اُس وقت عبداللہ حُسین کی اُردو زبان سے دسترس واجبی سی تھی، مگراُنہوں زبان سے زیادہ حقیقت نگاری پر توجہ دی، جب یہ ناول شائع ہوا اس میں موجود گالیوں کی وجہ سے اسے ہدف تنقیدبھی بنایا گیا۔

     اس ناول کی اب تک برقرار مقبولیت یہ ثابت کرنے کیلئے کافی ہے کہ پچاس برس پہلے لکھا جانے والے اس ناول نے ہرنسل کو متاثر کیا ہے۔

    عبداللہ حسین کو حکومت پاکستان کی جانب سے ان کی صلاحیتوں کے پیش نظر انھیں 2012 میں پاکستان کے سب سے بڑے لٹریچر ایوارڈ ’کمال فن‘ سے نوازا گیا۔

  • ممتاز ماہر تعلیم پروفیسرانیتا غلام علی کراچی میں انتقال کر گئیں

    ممتاز ماہر تعلیم پروفیسرانیتا غلام علی کراچی میں انتقال کر گئیں

    کراچی: ممتاز ماہر تعلیم پروفیسرانیتا غلام علی کراچی میں انتقال کر گئیں۔

    انیتا غلام علی کی عمر پچھہتر برس سے زائد تھی اور وہ کافی عرصے سے کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں، انیتا غلام علی نے تعلیم کے شعبے میں بے پناہ خدمات سر انجام دیں ان کی خدمات پر حکومت نے انھیں مختلف اعزازات سے نوازا ،تعلیم میں خدمات کے باعث مرحومہ عوام میں بھی ایک ہر دلعزیز شخصیت تھیں، صدر ممنون حسین، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اورگورنر سندھ نے پروفیسر انیتاغلام علی کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کااظہارکیا ہے۔