Tag: passangers

  • دبئی ایئرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے نئی سفری ہدایات جاری

    دبئی ایئرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے نئی سفری ہدایات جاری

    دبئی ایئرپورٹ اتھارٹی نے نئی سفری ہدایات جاری کی ہیں جس پر عمل درآمد یکم اگست سے ہوگا۔ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ، دبئی ورلڈ سینٹرل ایئرپورٹ سے تمام سفر کرنے والے مسافروں پر نئی ہدایات لاگو ہوں گی۔

    الامارات الیوم کے مطابق دبئی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اماراتی حکام کی جانب سے پروازوں کی بحالی کے بعد فضائی کمپنیوں کی منظورشدہ شیڈولڈ پروازوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ کیا جائے گا۔

    دبئی کے باشندوں کو صحت ضوابط مکمل کرنے کی صورت میں پہلے ہی فضائی سفر کی اجازت دی گئی ہے۔ اس پر 23 جون سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔

    دبئی ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تمام شہریوں، غیرملکیوں، سیاحوں اور ٹرانزٹ کے مسافروں کو دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور دبئی ورلڈ سینٹرل ایئرپورٹ پہنچنے سے قبل کورونا وائرس نہ ہونے کا سرٹیفیکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔

    اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پی سی آر منفی سرٹیفیکیٹ ٹیسٹ کے وقت سے 96 گھنٹے تک موثر ہوگا۔ بعض مسافروں کا پی سی آر دبئی ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد لیا جائے گا۔ البتہ 12 برس سے کم عمر اور معذور بچے اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    دبئی ایئرپورٹ اتھارٹی نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ سفر سے قبل متعلقہ فضائی کمپنی سے رابطہ کرکے تازہ ترین معلومات حاصل کرنے کا اہتمام ضرور کریں۔

    اتھارٹی کا کہنا ہے کہ لمبی مسافت اور سلامتی کے تقاضوں کی خاطر دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جانے والے تمام مسافر مندرجہ ذیل امور کی پابندی کریں۔

    ایئرپورٹ میں صرف ان مسافروں کو داخل ہونے دیا جائے گا جن کے پاس موثر ٹکٹ ہوں گے۔
    کوئی بھی مسافر شیڈولڈ پرواز سے 4 گھنٹے پہلے ایئرپورٹ کا رخ نہ کرے۔
    ایئرپورٹ آتے وقت دستانے اور ماسک کی پابندی کرنا ہوگی۔
    جن مسافروں پر کورونا وائرس کی علامتیں نمودار ہوگئی ہوں وہ ایئرپورٹ نہ آئیں۔

    امارات ایئر کی تمام پروازیں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مسافر ہال تھری سے آپریٹ کر رہی ہیں۔ دیگر فضائی کمپنیاں یا تو مسافر ہال ٹو یا تھری سے آجا رہی ہیں، لہٰذا تمام مسافر ایئرپورٹ کا رخ کرنے سے قبل مسافر بلڈنگ کے بارے میں اپنی ایئرلائن سے رابطہ ضرور کرلیں۔

     

  • دبئی : ایئرپورٹ سے مسافروں کا سامان چوری کرنے والا گروہ گرفتار

    دبئی : ایئرپورٹ سے مسافروں کا سامان چوری کرنے والا گروہ گرفتار

    دبئی : ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے مصری شخص کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ہوائی اڈے سے مسافروں کا سامان چوری کرنے کے الزام میں تین ایشیائی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے عالمی ہوائی اڈے پر تعینات ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے ایئرپورٹ پر مسافروں کا سامان چورانے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مصر سے تعلق رکھنے والے شخص نے دبئی پولیس کو شکایت درج کروائی تھی کہ اس کے سامان سے مہنگا ترین موبائل آئی فون چور ہوگیا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق مصری شخص کا کہنا تھا کہ جب میں نے اپنا سامان دیکھا تو حیران رہ گیا کہ بیگ کھلا ہوا تھا، میں نے کھلا بیگ دیکھ کر فوراً اپنے سامان کی تلاشی لی تو پتہ چلا کہ میرا آئی فون چوری ہوچکا ہے۔

    دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ مصری شخص نے آئی کلاؤڈ سافٹ فیئر کی مدد سے اپنے موبائل کو ٹریک کیا تو معلوم ہوا کہ موبائل دبئی میں ہے، جس کے بعد متاثرہ شخص نے پولییس کو اطلاع دی اور پولیس نے ملزمان کو گرفتار کیا۔

    دبئی پولیس کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ تین ملزمان ہیں جو دبئی کے عالمی ہوائی اڈے سے سامان چوری کرنے میں ملوث ہیں۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ تینوں ملزمان کا تعلق ایشیائی ممالک سے ہے اور ان کی عمریں19 برس سے 27 برس ہیں، جو ایئرپورٹ پر ملازمت کرتے ہیں اور جہاز کی صفائی کرنے کا کام کرتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ تینوں ملزمان نے پولیس تفیش کے دوران ایئرپورٹ پر مسافروں کے بیگوں سے سامان چوری کرنے کا اعتراف کیا، جس کے بعد پولیس نے مذکورہ ملزمان کو عدالت کے حکم پر جیل منتقل کردیا۔