Tag: passed away

  • عالمی شہرت یافتہ امریکی جج فرینک کیپریو چل بسے، یاد گار ویڈیو

    عالمی شہرت یافتہ امریکی جج فرینک کیپریو چل بسے، یاد گار ویڈیو

    امریکہ کے عالمی شہرت یافتہ، انسان دوست ریٹائرڈ جج فرینک کیپریو اٹھاسی سال کی عمر میں انتقال کرگئے، مرحوم گزشتہ کئی روز سے علالت کے باعث زیر علاج تھے۔

    وہ اپنے ہمدردانہ انداز، منصفانہ فیصلوں، عدل و انصاف اور رحم دلی کے لیے دنیا بھرمیں مشہور تھے، امریکی میڈیا کے مطابق جج کیپریو لبلبے کے کینسر میں مبتلا تھے اور گزشتہ کئی روز سے اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

    ان کاآخری ویڈیو پیغام پھر سوشل میڈیاکی زینت بن گیا، جس میں انہوں نے اپنے مداحوں و فالوورز کو مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں نہیں معلوم کے مستقبل میں کیا ہونے والا ہے، ہمارا کل ہمارے لیے کیا لا رہا ہے، اس لیے اپنی زندگی کا ایک ایک لمحہ انجوائے کریں اور اسے جئیں۔

    واضح رہے کہ فرینک کیپریو رواں سال کے آغاز میں 40 برس تک خدمات انجام دینے کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔

    انہوں نے رہوڈ آئی لینڈ کی میونسپل کورٹ میں بطور چیف جج اور رہوڈ آئی لینڈ بورڈ آف گورنرز اینڈ ایجوکیشن میں بطور چیئرمین خدمات انجام دیں۔

    واضح رہے کہ فرینک کیپریو جن مقدمات کی سماعت کرتے تھے وہ سوشل میڈیا پر دکھائی جاتی تھیں اور ان کے فیصلوں کا انداز انتہائی متاثر کن ہوتا تھا جس کی وجہ سے لوگ ان کا احترام بھی کیا کرتے تھے۔

  • سابق گورنر سندھ کمال اظفر خالق حقیقی سے جا ملے

    سابق گورنر سندھ کمال اظفر خالق حقیقی سے جا ملے

    کراچی : سابق گورنر سندھ کمال اظفر کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے، ان کی عمر 88 برس تھی۔ صدرمملکت اور وزیر اعظم نے اپنے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق سابق گورنر سندھ کمال اظفر مقامی ہسپتال میں انتقال کرگئے، 88سالہ کمال اظفر کافی عرصے سے علیل تھے، نماز جنازہ اور تدفین کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    کمال اظفر طویل عرصےسے علیل تھے، صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے سابق گورنرسندھ کمال اظفر کےانتقال پرافسوس اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

    اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ کمال اظفرکی وفات سے پاکستان ایک مدبر اور بڑے سیاستدان سے محروم ہوگیا، صدر آصف علی زرداری نے مرحوم کی سیاسی خدمات کوخراج تحسین پیش کیا۔

    صدرمملکت نے کہا کہ کمال الدین اظفرجیسے سیاست دان پیپلز پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں، مرحوم نے سندھ اور پیپلز پارٹی کیلئے گرانقدرخدمات انجام دیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر کامران ٹیسوری، بلاول بھٹو اور دیگر نے بھی کمال اظفر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

  • 14 سالہ طالب علم دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا

    14 سالہ طالب علم دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا

    مہاراشٹر کے ضلع رائے گڑھ کے پارک میں میونسپل اسکول کے پارک میں 14 سالہ طالب علم دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا۔

    بھارت میڈیا رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر کے ضلع رائے گڑھ کے ایک مشہور تھیم پارک اسکول میں 14 سالہ طالب علم دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا، وہ اپنے دوستوں کے ساتھ پارک میں تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس اہلکار کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ واقعہ منگل کو پیش آیا ہے، آٹھویں کلاس کے طالب علم آیوش دھرمیندر سنگھ کو اچانک بے چینی محسوس ہونے لگی جس کے بعد وہ بینچ پر بیٹھ گیا اور پھر اچانک زمین پر گر گیا۔

    رپورٹ کے مطابق لڑکے کی طبعیت بگڑنے پر اسے اسکول میں ہی فسٹ ایڈ دیا گیا اس کے بعد اسے نجی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سرکاری میڈیکل آفیسر کی موجودگی میں پوسٹ مارٹم کیا گیا جس سے معلوم ہوا کہ لڑکے کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی، اس واقعے کے بعد پولیس اسٹیشن میں اچانک موت کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ دل کا دورہ اس وقت ہوتا ہے جب دل کے پٹھوں کو آکسیجن نہیں ملتی، یہ عام طور پر اس وقت ہوتا ہے جب دل تک خون لے جانے والی شریانیں بند ہوجانے کی وجہ سے ہوتی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/rajpal-yadav-father-passes-away/

  • جنوبی کوریا کی معروف اداکارہ کم سائی کی گھر سے لاش برآمد

    جنوبی کوریا کی معروف اداکارہ کم سائی کی گھر سے لاش برآمد

    نیٹ فلیکس سیریز میں اپنے کرداروں کے لیے جانی جانے والی جنوبی کوریا کی اداکارہ کم سائی رون 24 سال کی عمر میں چل بسیں۔

    رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کی اداکارہ کم سائی رون سیول میں اپنی رہائش گاہ پر مردہ پائی گئیں، حکام اب ان کی اچانک موت وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔

    رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اداکارہ سے ملنے جانے والے دوست نے گھر کا دروازہ نہ کھلنے اور رابطہ نہ ہونے پر پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد حکام کو اداکارہ کی لاش ان کے گھر سے ملی۔

    پولیس کے مطابق گھر میں کسی مجرمانہ عمل یا بیرونی مداخلت کا ثبوت نہیں ملا تاہم موت کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔

    واضح رہے کہ کم سائی رون نے 9 سال کی عمر میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے اے برانڈ نیو لائف (2009) اور دی مین فرام نوویئر (2010) جیسی فلموں میں اپنی متاثر کن اداکاری کے لیے تیزی سے توجہ حاصل کی۔

  • سال 2024 میں وہ نامور فنکار جو اپنے مداحوں کو سوگوار کرگئے

    سال 2024 میں وہ نامور فنکار جو اپنے مداحوں کو سوگوار کرگئے

    سال 2024 کا سورج اپنے سفر کے اختتام تک آچکا ہے ہر سال کی طرح اس سال بھی بہت سے اہم واقعات رونما ہوئے، ان میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی وہ معروف فنکار بھی ہیں جن کا انتقال ہوا اور ہمیں داغ مفارقت دے گئیں۔

    اگر ان افسوسناک واقعات کا جائزہ لیا جائے تو پاکستانی شوبز انڈسٹری کے کئی نامور فنکار اس دار فانی سے کوچ کرگئے، یہ تمام فنکار پاکستان کے روشن ستارے تھے، جن کے خلاء کو پُر نہیں کیا جاسکتا۔

    اداکار خالد بٹ

    خالد بٹ

    سال 2024 پہلے ماہ جنوری میں شوبز انڈسٹری کے سینئر فنکار خالد بٹ اپنے مداحوں کو روتا چھوڑ کر خالق حقیقی سے جاملے، خالد بٹ نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز پی ٹی وی سے کیا اور اپنی لازوال اداکاری سے بہت جلد خود کو منوالیا، انہوں نے مختلف ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ جن میں سرفہرست لنڈا بازار، دلی گیٹ، اندھیرا اجالا سمیت کئی ڈرامے شامل ہیں۔

    اپنی زندگی کے آخری ایام میں وہ دل اور پھیپھڑوں کی بیماریوں سے سبب اسپتال میں زیر علاج تھے اور دوران علاج گیارہ جنوری کو اس دنیا کو خیرباد کہ دیا اور انتقال کرگئے۔

    اداکار طلعت حسین

     Talat Hussain

    اپنے منفرد انداز اور بے مثال ٹیلنٹ کے سبب مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والے ستارہ امتیاز اور پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ یافتہ اداکار طلعت حسین طویل علالت کے بعد 26مئی کو اس دنیا سے رخصت ہوئے۔

    انتہائی باوقار اداکاری کے فن میں کمال رکھنے والے طلعت حسین نے 70کی دہائی میں اپنے فن کا آغاز پاکستان ٹیلی ویژن سے کیا انہیں اپنی منفرد انداز اداکاری سے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھرپور پذیرائی ملی۔

    معروف کامیڈین سردار کمال

    Sardar Kamal

    اسٹیج اور ٹی وی کے معروف مزاحیہ اداکار سردار کمال کا اچانک انتقال ان کے مداحوں کو سوگوار کرگیا۔

    اپنے فنی کیرئیر کے دوران انہوں نے 30 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں ، اس کے علاوہ وہ ہندوستانی پنجابی فلموں کا بھی حصہ رہے۔ سردار کمال ماہ جولائی میں 52 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔

    اداکار مظہر علی

    Passed Away

    عروسہ، افشاں اور دیمک جیسے کئی مشہور ڈراموں کا حصہ رہنے والے پی ٹی وی کے نامور اداکار مظہر علی مختصر علالت کے بعد کراچی کے مقامی اسپتال میں انتقال کرگئے وہ اپنی زندگی کے آخری ایام میں امریکہ سے وطن واپس آگئے تھے۔

    انہوں نے لاتعداد ڈراموں میں اپنی اداکاری کے انمٹ نقوش چھوڑے، اداکار مظہر علی اکتوبر 2024میں پھیپھڑوں اور دل کی بیماری کے باعث دوران علاج خالق حقیقی سے جاملے۔

    اداکار عابد کشمیری

    Abid Kashmiri

    پاکستانی سینما اور ٹی وی کے معروف اداکار عابد کشمیری کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں، عابد کشمیری بھی ماہ اکتوبر میں طویل علالت کے بعد 74 برس کی عمر میں اس دنیا کو چھوڑ کر چلے گئے۔ وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ امریکا منتقل ہوگئے تھے لیکن حال ہی میں پاکستان واپس آگئے تھے۔

    استاد طافو

    King Tafu

    فن موسیقی کا بڑا نام استاد طافو بھی اسی سال 26 اکتوبر کو اس دنیا سے رخصت ہوئے۔ کئی لازوال فلموں کی موسیقی دینے والے استاد طافو کو فن موسیقی میں نمایاں مقام حاصل تھا۔

    استاد طافو خان گزشتہ کئی ماہ سے علیل تھے ان کو گردوں کا مرض لاحق تھا، ان کا ترتیب دیا ہوا پنجابی گانا جو میڈم نورجہاں نے گایا، سن وے بلوری اکھ والیاں، بہت مشہور ہوا۔

    گلوکارہ اور گٹارسٹ ہانیہ اسلم

    Haniya Aslam

    سال 2009ء میں کوک اسٹوڈیو سے شہرت حاصل کرنے والے میوزک بینڈ ’زیب اینڈ حنیا‘سے وابستہ 39 سالہ معروف پاکستانی گلوکارہ اور گٹارسٹ ہانیہ اسلم دل کا دورہ پڑنے سے 11 اگست کو انتقال کر گئی تھیں۔

    شیف ناہید انصاری

    Naheed Ansari

    پاکستان کی معروف شیف ناہید انصاری المعروف ناہید آپا گزشتہ 35 برس سے پکوان اور گھر کی سجاوٹ کے شعبے سے منسلک تھیں۔ انہوں نے اپنے کیرئیر کے دوران مختلف چینلز کے لیے کئی کوکنگ شوز بھی کئے، ناہید انصاری کینسر سے جنگ لڑتے ہوئے آخرکار 06 جولائی کو زندگی کی بازی ہار گئیں۔

    یہ سال شوبز کی دنیا کے لئے ایک بہت بڑا صدمہ ثابت ہوا، جہاں ان عظیم شخصیات کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔

  • پاکستان کے طویل القامت شخص ضیا رشید انتقال کر گئے

    پاکستان کے طویل القامت شخص ضیا رشید انتقال کر گئے

    وہاڑی: پاکستان کے طویل القامت شخص ضیا رشید طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے طویل القامت شخص ضیا رشید کئی عرصے سے گھٹنوں کی بیماری میں مبتلا تھے تاہم آج ان کا انتقال ہوگیا۔

    ضیا رشیدکی عمر26 سال اور قد 8 فٹ 3 انچ تھا، دنیا کے دوسرے طویل القامت شخص کا اعزاز ضیا رشید کے حصے میں آیا تھا۔

  • اداکارہ مایا خان کی والدہ انتقال کرگئیں

    اداکارہ مایا خان کی والدہ انتقال کرگئیں

    پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف میزبان و اداکارہ مایا خان کی والدہ انتقال کر گئیں۔

    اداکارہ مایا خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کی اسٹوری میں اپنی والدہ کے انتقال کی افسوسناک خبر شیئر کی، اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ میری جنت، میری ماں، اب اللہ تعالیٰ کے حوالے ہیں۔

    اداکارہ  نے بتایا کہ اُن کی والدہ کی نمازِ جنازہ آج دوپہر جمعے کی نماز کے بعد عثمان غنی مسجد میں ادا کی جائے گی، ساتھ ہی انہوں  نے اپنے دوستوں اور مداحوں سے درخواست کی کہ وہ اُن کی مرحومہ والدہ کی مغفرت کے لیے دُعا کریں۔

    دوسری جانب اداکارہ کی والدہ کے انتقال پر شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے گہرے دُکھ کا اظہار کیا جارہا ہے

  • اداکار اسد صدیقی کے والد انتقال کرگئے

    اداکار اسد صدیقی کے والد انتقال کرگئے

    پاکستانی اداکار اسد صدیقی کے والد کے انتقال کرگئے، انہوں نے یہ افسوس ناک خبر شیئر کرتے ہوئے اپنے والد کے نام جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔

    اداکار اسد صدیقی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر  اپنا غم بتاتے ہوئے اپنے والد کے دنیائے فانی سے کوچ کرجانے کی اطلاع دی ہے۔

     اسد نے انسٹاگرام پر اسٹوری پر لکھا کہ گزشتہ رات میں نے اپنی چھت، طاقت، ہمت اور ہر وہ چیز جو میری تھی کھودی، میں نے اس خاندان کی سب سے مضبوط شخصیت، خاندان کے ستون، اپنے ابّو کو کھودیا۔

    اسد صدیقی نے لکھا کہ ’ یہ بات گہرے صدمے اور غم میں ڈوبے ہوئے دل کے ساتھ بتا رہا ہوں کہ میرے پیارے والد دنیائے فانی سے کوچ کر گئے ہیں، ان کی دنیا سے رخصتی ہماری زندگیوں میں کبھی نہ پُر ہونے والی خلا چھوڑ گئی ہے‘۔

    اداکارہ نے کہا کہ ابو ہمارے لیے حوصلے، سمجھداری اور بے انتہا محبت کا گھر تھے، ان کی موجودگی سے ہم سب کی زندگیوں میں روشنی تھی اور ان کے جانے سے سب کچھ بے رونق ہوگیا ہے۔

    اداکار نے اپنے والد کے لیے مزید لکھا کہ ’وہ 85 سال کی عمر میں وراثت میں ایک ایسی شخصیت کا نمونہ ہم سب کے لیے چھوڑ کر گئے ہیں جس سے ہم ہمیشہ متاثر ہوتے رہیں گے، میری فیملی کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں‘۔

    واضح رہے کہ اسد صدیقی اداکار عدنان صدیقی کے بھانجے ہیں جبکہ انہوں نے اداکارہ زارا نور عباس سے دوسری شادی کی ہے۔

  • کورونا وائرس قوم کے ایک اور مسیحا کی جان لے گیا

    کورونا وائرس قوم کے ایک اور مسیحا کی جان لے گیا

    لاہور : کورونا میں مبتلا جنرل سیکرٹری پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن ڈاکٹر ارشد منیر خالق انتقال کر گئے، ڈاکٹرارشد کئی دن سے کورونا کے باعث نجی اسپتال میں وینٹی لیٹر پر تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس قوم کے ایک اور مسیحا کی جان لے گیا، 61سالہ جنرل سیکرٹری پی آئی ایم اے ڈاکٹر ارشد منیر خالق کورونا سے انتقال کر گئے، وہ نجی اسپتال میں زیر علاج اور وینٹی لیٹرپر تھے۔

    ڈاکٹر ارشد منیر فیصل آباد میں بطور ریڈیالوجسٹ خدمات انجام دے رہے تھے، پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹرخبیب شاہد نے ڈاکٹر ارشد منیر خالق کی موت پر اظہار افسوس کیا۔

    خیال رہے چند روز قبل لاہور کے سروسزاسپتال کے 110 ڈاکٹرز کورونا میں مبتلا ہوگئے تھے ، جس میں 10 سے زائد ڈاکٹرز تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں۔

    یاد رہے پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر کی ہلاکت خیزی بڑھ گئی، ایک روز میں دس ماہ بعد 103 اموات ریکارڈ کی گئی جبکہ چوبیس گھنٹے میں تین ہزارنوسوتریپن نئے کیسزرپورٹ ہوئے اور کوروناٹیسٹ مثبت آنےکی شرح آٹھ اعشاریہ چارسات فیصد رہی۔

    این سی اوسی کےمطابق اب تک کورونا سے ہلاکتیں 14 ہزا926 ہوچکی ہیں جبکہ وائرس سے متاثرہ 3 ہزار645 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

  • پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما چوہدری احمد مختار انتقال کرگئے

    پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما چوہدری احمد مختار انتقال کرگئے

    لاہور: پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما چوہدری احمدمختارانتقال کرگئے ، احمد مختارماضی میں دفاع، پانی وبجلی اورتجارت کے وزیر رہ چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے سینئررہنما سابق وفاقی وزیرچوہدری احمد مختار انتقال کرگئے، مرحوم کی نمازجنازہ آج بعد از نماز ظہر ٹی بلاک مسجد ڈی ایچ اے لاہورمیں ادا کی جائے گی۔

    چوہدری احمد مختارپیپلز پارٹی میں ذوالفقارعلی بھٹو اوربینظیر بھٹو کے ساتھ سیاست میں متحرک رہے اور طویل عرصے سے علالت کے باعث عملی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرچکے تھے۔

    چوہدری احمد مختار سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی دوست بھی تھے،چوہدری احمد مختار وزیر تجارت، وزیردفاع رہے اور بطور چیئرمین پی آئی اے بھی خدمات سر انجام دی۔

    مرحوم چودھری مختارنےدوبیٹے،ایک بیٹی اوربیوہ سوگوارچھوڑے ہیں۔

    یاد رہے چند روز قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم پی اے جام مدد علی کرونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد انتقال کر گئے، ان کی عمر 57 برس تھی، وہ علی سانگھڑ سے پیپلز پارٹی کی نشست پر منتخب ہوئے تھے۔