Tag: Passenger boarding bridge

  • لاہور ایئرپورٹ پر طیارے سے منسلک بورڈنگ برج خراب، مسافر خوفزدہ

    لاہور ایئرپورٹ پر طیارے سے منسلک بورڈنگ برج خراب، مسافر خوفزدہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پر طیارے سے منسلک بورڈنگ برج خراب ہوگیا جس سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پر طیارے سے منسلک بورڈنگ برج خراب ہوگیا، مسافروں کے سوار ہونے کے بعد بورڈنگ برج طیارے سے الگ نہیں ہوا۔

    اس موقع پر بورڈنگ برج میں خرابی کو مسافر، طیارےمیں خرابی سمجھ بیٹھے اور ان میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ کچھ مسافر خوف کے باعث طیارے سے اتر گئے۔

    بورڈنگ برج میں خرابی کے باعث کراچی جانے والی پرواز ایک گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی۔

    خیال رہے کہ بورڈنگ برج سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ملکیت ہوتا ہے، برج کے ذریعے مسافر ایئرپورٹ کی عمارت سے جہاز میں داخل ہوتے ہیں۔

    گزشتہ روز قومی ایئر لائن کے طیارے کے خوفناک حادثے نے پورے ملک کو سوگوار کردیا ہے، پی آئی اے کا طیارہ گزشتہ روز لاہور سے کراچی پہنچنے کے بعد لینڈنگ سے صرف چند لمحے قبل آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

    المناک حادثے میں اب تک 97 افراد کی موت کی تصدیق کی جاچکی ہے جبکہ 2 افراد معجزانہ طور پر زندہ بچ گئے جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

  • جناح ایئر پورٹ پرنصب پسنجربورڈنگ برج خطرناک قرار

    جناح ایئر پورٹ پرنصب پسنجربورڈنگ برج خطرناک قرار

    کراچی: شہر قائد کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر نصب پسنجر بورڈنگ برج کو مسافروں کے لیے خطرناک قرار دے دیا گیا، ایئرپورٹس پرنصب برجز کا معائنہ اسلام آباد ایئرپورٹ کا برج گرنے کےبعد شروع کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق جناح ایئر پورٹ پر نصب پسنجر برج کی فوری تبدیلی کی سفارش سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیکنیکل کمیٹی نے انتظامیہ سے کی ہے ۔

    پسنجر بورڈنگ برجز کی فوری تبدیلی کے لئے لکھے گئے خط کی نقل اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے ، برج کی جانچ پڑتال اسلام آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر پسنجر بورڈنگ برج کو پیش آنے والے حادثے کے بعد تحقیقات شروع کی گئی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سی اے اے کی ٹیکنیکل کمیٹی کی جانب سے بورڈنگ برج کی کارکردگی ،ان کی تنصیب اور مسافروں کی سیفٹی پر کئی سوالیہ نشان اٹھا ئے ہیں، جناح ٹرمینل کے پسنجر بورڈنگ برج کو فوری تبدیل نہ کیا گیا تو کسی بھی وقت جانی اور مالی نقصان کا اندیشہ ہے۔

    جناح ایئرپورٹٹیکنیکل کمیٹی نے پسنجر بورڈنگ برج نصب کرنے والی غیر ملکی کمپنی ایڈلٹی جے وی کو 14 جنوری کو طلب کرلیا ہے ، کراچی کے بین الاقوامی ایئر پورٹ پر ایڈلٹی جے وی کمپنی نے برج کی تنصیب کی تھی۔

    یاد رہے کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرغیرملکی ایئرلائن کے طیارے کے ساتھ پسنجر برج لگایا جا رہا تھا کہ برج گرگیا تھا ، جس کے نتیجے میں آپریٹر زخمی ہو ا تھا تاہم مسافر اور دیگر عملہ کسی قسم کے نقصان سے محفوظ رہے تھے۔

    اس واقعے کے چند دن بعد ڈائریکٹر انجینئرنگ نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر پسنجر برج گرنے کے بعد ایئر پورٹ کے تمام بورڈنگ برج خطرناک قرار دے دیے تھے۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ایئر پورٹ کے تمام پسنجر بورڈنگ برج پہلے دن ہی سے خراب اور نقائص کا شکار ہیں۔

    انکوائری کمیٹی نے اسلام آباد ائیر پورٹ پروجیکٹ کے منیجمنٹ کنسلٹنٹ کی کارکردگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا تھا اور کمیٹی نے تجویز دی تھی کہ ملک کے تمام ائیر پورٹس کے بورڈنگ برجز کا از سرِ نو معائنہ کیا جائے۔