Tag: passenger plane

  • امریکی مسافر طیارے کا 5 ہزار فٹ کی بلندی پر اچانک انجن فیل، پھر کیا ہوا؟

    امریکی مسافر طیارے کا 5 ہزار فٹ کی بلندی پر اچانک انجن فیل، پھر کیا ہوا؟

    واشنگٹن (30 جولائی 2025) امریکی مسافر طیارے کا اڑان بھرنے کے فوری بعد انجن فیل ہوگیا، پائلٹ کی حاضر دماغی سے طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا۔

    یونائیٹڈ ایئرلائنز کا مسافر طیارہ جو 25 جولائی کو واشنگٹن ڈلس ایئرپورٹ سے میونخ جا رہا تھا کو اُس وقت ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی جب اُڑان بھرنے کے فوری بعد طیارے کے بائیں انجن میں خرابی پیدا ہوگئی۔

    رپورٹ کے مطابق طیارہ جب تقریباً 5ہزار فٹ کی بلندی پر پہنچا تو اچانک بائیں انجن نے کام کرنا چھوڑ دیا۔ پائلٹ نے فوری طور پر "مے ڈے” کی کال دی اور ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطے کے بعد ہنگامی لینڈنگ کیلیے طیارے کو واپس ایئرپورٹ لانے کی تیاری شروع کی۔

    فلائٹ ایئر ویوز‘ کے مطابق ہوائی جہاز دو گھنٹے 38 منٹ تک فضا میں رہا اور واشنگٹن کے شمال مغرب میں ایک ہولڈنگ پیٹرن میں چکر لگاتا رہا تاکہ واشنگٹن ڈلس ایئرپورٹ پر واپس اترنے سے پہلے موجود ایندھن کو ختم کیا تاکہ طیارے کا وزن لینڈنگ کے قابل ہو جائے۔

    ایندھن ختم ہونے کے بعد پائلٹ نے رن وے 19 سینٹر پر انسٹرومنٹ لینڈنگ سسٹم اپروچ کا استعمال کرتے ہوئے ایئر ٹریفک کنٹرول سے لینڈ کرنے کی اجازت طلب کی۔

    لینڈنگ کے بعد بوئنگ ڈریم لائنر انجن فیل ہونے کی وجہ سے اپنے طور پر آگے نہیں بڑھ سکا اور اسے مشین کے ذریعے رن وے سے ہٹانا پڑا۔ یہ پیر تک واشنگٹن ڈلس ایئرپورٹ پر گراؤنڈ رہا۔

    رپورٹ کے مطابق خوش قسمتی سے تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہے اور کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

     

  • جاپانی ایئر لائن کا مسافر طیارہ خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا

    جاپانی ایئر لائن کا مسافر طیارہ خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا

    جاپانی ایئرلائنس کا ایک مسافر طیارہ خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا، مسافروں نے آخری پیغام بھی لکھ دیا تھا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جاپان میں بوئنگ 737 کا طیارہ چین سے پرواز بھر کر جاپان کی راجدھانی ٹوکیو کی جانب رواں دواں تھا، شنگھائی میں پرواز بھرتے ہی طیارہ میں خرابی آ گئی اور جہاز نیچے کی جانب آنے لگا۔

    رپورٹس کے مطابق تقریباً 26 ہزار فٹ اوپر سے طیارہ کو نیچے گرتا دیکھ کر مسافروں نے ’الوداعیہ پیغام‘ تک لکھ کر رکھ دیا تھا، مگر خوش قسمتی سے طیارہ بحفاظت لینڈنگ کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپانی ایئرلائنس کے بوئنگ طیارے میں 191 مسافر سفر کررہے تھے، پائلٹ ٹیم کے اراکین کو جوڑ کر یہ تقریباً 200 افراد تھے۔

    جاپانی حکومت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کیبن میں کچھ ٹیکنیکل فالٹ کا مسئلہ سامنے آیا تھا، جسے پائلٹ ٹھیک کرنے کی کوشش میں مصروف ہو گئے۔ اسی دوران طیارہ کو 10 منٹ میں 26 ہزار فیٹ اونچائی سے نیچے کی جانب لایا گیا۔

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق جب طیارے نے فالٹ کے بارے میں الرٹ جاری کیا، تو پائلٹس نے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا۔ مسافر طیارہ کے نیچے اترنے کے ساتھ ہی ایئر ہوسٹیس نے تنبیہ جاری کی۔ تنبیہ سنتے ہی فلائٹ میں افرا تفری کی صورتحال پیدا ہوگئی، لوگوں نے چیخنا شروع کردیا۔

    کچھ لوگوں نے فوراً سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنا شروع کیا، جبکہ کچھ لوگ آخری وصیت لکھنا شروع کردی۔ ایک مسافر نے لکھا کہ ”میرا جسم اب بھی یہیں ہے۔ میرے پیر کانپ رہے ہیں۔ جب آپ زندگی یا موت کا سامنا کرتے ہیں تو باقی سب کچھ ادنیٰ لگتا ہے۔

    دبئی سے کراچی آنیوالا مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    جاپان ایئرلائنس کے مطابق اس صورتحال کے بعد تمام مسافروں کو تقریباً 10 ہزار روپے معاوضہ کے طور پر دینے کی پیشکش کی ہے۔ واقعہ سے متعلق جاپان ایئرلائنس نے افسوس کا بھی اظہار کیا ہے۔

  • کراچی ایئرپورٹ : مسافر طیارہ اڑان بھرتے ہی واپس کیوں آگیا؟

    کراچی ایئرپورٹ : مسافر طیارہ اڑان بھرتے ہی واپس کیوں آگیا؟

    کراچی ایئرپورٹ سے پرواز کیلیے اڑان بھرنے والا مسافر طیارہ فوری طور پر واپس اتار لیا گیا، بصورت دیگر بڑا حادثہ رونما ہوسکتا تھا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سے نجف جانے والی عراقی ایئرلائن کی پرواز میں فنی خرابی پیدا ہوگئی، مسافر طیارے کو اڑان بھرتے ہی واپس کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق کپتان نے اڑان بھرتے ہی کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرکے طیٓارے کے لینڈنگ گیئر کی خرابی سے آگاہ کیا تھا۔

    اطلاع ملتے ہی ایئرٹریفک کنٹرولر نے رہنمائی کرتے ہوئے ہنگامی طور پر طیارے کی بحفاظٖت لینڈنگ کروائی، فنی خرابی کے باعث طیارے کو گراؤنڈ کردیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کی لینڈنگ کے بعد انجینئرز کی جانب سے طیارے کا مکمل جائزہ لیا گیا، انجینئرز خرابی دور کرنے کیلیے مصروف عمل ہیں۔

    طیارے میں فنی خرابی آج صبح اڑان بھرنے کے بعد پیدا ہوئی تھی، مسافروں کو ایئرپورٹ لاؤنج میں منتقل کردیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : مسافر طیارہ 8 گھنٹے پرواز کے بعد واپس ممبئی آگیا

    رواں ہفتے بھارتی شہر ممبئی سے نیویارک جانے والا مسافر طیارہ بم کی اطلاع ملنے پر 8 گھنٹے پرواز کے بعد واپس اتار لیا گیا تھا، جہاز میں 322 افراد سوار تھے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بوئنگ 777 طیارہ جس میں 303 مسافر اور 19 عملے کے ارکان سوار تھے، آذربائیجان کی فضائی حدود میں تھا جب اس کے عملے کو بم کی موجودگی کی اطلاع دی گئی۔

  • پائلٹ نے مسافر طیارے کو یقینی تباہی سے کیسے بچایا؟

    پائلٹ نے مسافر طیارے کو یقینی تباہی سے کیسے بچایا؟

    تریچی : بھارتی ایئر لائن کا مسافر طیارہ بڑی تباہی سے بال بال بچ گیا، طیارہ 2 گھنٹے تک ایئر پورٹ کے گرد چکر لگاتا رہا، تاہم پائلٹ کی مہارت نے لوگوں کی زندگیاں بچالیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایئرانڈیا کا مسافر طیارہ بالآخر تامل ناڈو میں بحفاظت اتر گیا، بھارتی طیارے کے 141مسافر دو گھنٹے تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہے۔

    تریچی سے شارجہ جانے والا ایئر انڈیا ایکسپریس کا مسافر طیارہ مکینیکل خرابی کی وجہ سے تقریباً ڈیڑھ سے دو گھنٹے تک تریچی کے علاقے میں آسمان میں چکر لگاتا رہا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق تامل ناڈو کے تروچی راپلی میں جمعہ کی شام ایئر انڈیا کے ایک طیارے کا ہائیڈرولکس سسٹم فیل ہوگیا تھا جس کی وجہ سے وہ رن وے پر اترنے کے قابل نہیں تھا۔

    طیارے کے پائلٹس نے بحفاظت لینڈ کرنے کی کوشش شروع کردی، احتیاطی تدابیر کے طور پر تریچی ہوائی اڈے پر دس سے زیادہ ایمبولینسوں کو طلب کرلیا گیا تھا، معلومات کے مطابق فلائٹ رات 8:14 بجے ایئرپورٹ پر اتری۔

    طیارے میں خرابی کے بعد بیلی لینڈنگ کی باتیں ہو رہی تھیں، ایسے میں ہمارے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ طیارے کی ایمرجنسی کی صورت میں ایسی لینڈنگ کیسے کی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق جب طیارہ ہوا میں چکر لگا رہا تھا تو پرواز کو ہلکا کرنے کے لیے فیول ڈمپنگ پر غور کیا جا رہا تھا، تاہم ایسا نہیں کیا گیا۔

    بیلی لینڈنگ کیا ہوتی ہے؟

    بیلی لینڈنگ کا مطلب ہے کہ ہوائی جہاز اپنے پیٹ کے حصے سے رن وے پر اترتا ہے۔ یہ ایک ہنگامی صورتحال ہوتی ہے جس میں طیارے کے اترنے کے لیے کوئی اور آپشن نہیں ہوتا۔ اس کے بہت سے سنگین نتائج بھی ہیں۔ اس سے طیارے اور رن وے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ جھٹکے کی وجہ سے مسافر اور ملازمین زخمی ہو سکتے ہیں۔

    بیلی لینڈنگ ایک ہنگامی لینڈنگ کا طریقہ کار ہے جس میں ایک ہوائی جہاز اپنے لینڈنگ گیئر کو مکمل یا جزوی طور پر کھولے بغیر لینڈ کرتا ہے۔

    رن وے پر اترنے کے اس طریقہ کار کو گیئر اپ لینڈنگ بھی کہا جاتا ہے کیوں کہ ہنگامی صورتحال میں طیارے کا لینڈنگ گیئر مکمل طور پر کام نہیں کرتا یا پھر اسے کھولا نہیں جا سکتا۔

  • انڈونیشیا : ٹیک آف سے پہلے مسافر طیارہ کو حادثہ : متعدد زخمی

    انڈونیشیا : ٹیک آف سے پہلے مسافر طیارہ کو حادثہ : متعدد زخمی

    جکارتہ : انڈونیشیا میں ایک مسافر طیارہ ٹیک آف سے کچھ لمحے قبل بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا، اڑان بھرنے سے پہلے ہی رن وے پر پھسل گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کہ انڈونیشیا کے مشرقی علاقے پاپوا میں پیر کے روز ایک طیارہ جس میں 48 افراد سوار تھے، رن وے سے پھسل گیا واقعے میں متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔

    رپورٹ کے مطابق جنوب مشرقی ایشیائی جزیرہ نما پاپوا پہاڑی خطے میں ڈھکا ہوا ہے جہاں بار بار خراب موسم کی وجہ سے پرواز میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔

    تریگانا ایئر سے تعلق رکھنے والا اے ٹی آر 42 طیارہ پیر کی صبح یاپن جزیرے کے ایک ہوائی اڈے سے دارالحکومت جایا پورا کے لیے پرواز کرنے ہی والا تھا کہ ٹیک آف سے پہلے رن وے سے پھسل گیا۔ پرواز میں ایک بچے سمیت 42 مسافر اور عملے کے چھ افراد سوار تھے۔

    جہاز کا توازن بگڑتے ہی مسافروں میں چیخ و پکار مچ گئی، متعدد مسافر جھٹکے لگنے سے شدید زخمی ہوگئے جنہیں بعد ازاں بی امداد کیلیے اسپتال منتقل کرنا پڑا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہم اس واقعے کی تحقیقات اور متعلقہ فریقوں کے ساتھ رابطہ کر رہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ ایسا دوبارہ کبھی نہ ہو۔

    یاد رہے کہ سال2015 میں ٹریگانا ایئر کا ایک طیارہ اسی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں سوار تمام 54 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

  • غیرملکی مسافر طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

    غیرملکی مسافر طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

    کراچی : دبئی سے کولمبو جانے والی غیر ملکی ایئرلائن کے طیارے کو اچانک کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پرواز کے دوران غیرملکی ایئرلائن میں ایک خاتون مسافر کی طبیعت اچانک بگڑ گئی، جس پر کپتان نے کراچی اے ٹی سی سے فوری کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی۔

    تاہم دوران پرواز ہی مذکورہ خاتون مسافر خاتون انتقال کر گئیں مرحومہ کا تعلق سری لنکا سے بتایا جارہا ہے، ہنگامی لینڈنگ کے فوری بعد سی اے اے ڈاکٹروں نے خاتون مسافر کو چیک کرکے ان کے مرنے کی تصدیق کردی۔

    اس حوالے سے ذرائع سی اے اے کا کہنا ہے کہ 57 سالہ سری لنکن خاتون مسافر پالونی انتقال کرگئیں، خاتون مسافر کی موت حرکت قلب بند ہونے سے ہوئی۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر تعینات وفاقی ہیلتھ افسر نے خاتون مسافر کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا، بعد ازاں خاتون مسافر کی میت کو لے کر مذکورہ پرواز کراچی ایئرپورٹ سے کولمبو کی جانب روانہ کردی گئی ہے۔

  • مسافر طیارے کا ٹائر دوران پرواز نیچے گر گیا، ویڈیو وائرل

    مسافر طیارے کا ٹائر دوران پرواز نیچے گر گیا، ویڈیو وائرل

    امریکی ایئر لائن کے مسافر بردار طیارے کا ٹائر اڑان بھرنے کے فوراً ہی بعد زمین پر گر گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ایئر لائن کے مسافر بردار طیارے نے امریکی شہر سان فرانسسکو کے ایئرپورٹ سے جاپان کے لیے اڑان بھری تھی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے کی سمت ٹیک آف کے بعد ابھی مکمل طور پر سیدھی بھی نہ ہوئی تھی کہ اس کا ایک ٹائر ایئر پورٹ کے پارکنگ ایریا میں گر گیا جس کے باعث متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد طیارے کو فوری طور پر ہنگامی بنیادوں پر لینڈ کرنا پڑا، جس وقت یہ واقعہ رونما ہوا طیارے میں 249 افراد موجود تھے۔

    کینیڈا میں فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد قتل

    رپورٹس کے مطابق ہنگامی لینڈنگ کے لیے طیارے کا رُخ امریکی شہر لاس اینجلس کی جانب کردیا گیا تھا، جہاں لینڈنگ کے بعد ایئر پورٹ پر مرمتی کام کے لیے جہاز کو گراؤنڈ کردیا گیا ہے۔

  • مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    روم : اٹلی کے شہر میلان سے نیویارک (امریکہ) جانے والا مسافر بردار طیارہ پائلٹ کی مہارت سے بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈیلٹا ایئر لائن کی پرواز نمبر 185 نے 215 مسافروں کے ساتھ میلان سے اڑان بھری تھی جسے کچھ دیر بعد ہی روم میں ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جب طیارے نے رن وے سے اڑان بھری تھی اس وقت موسم سازگار تھا لیکن سفر شروع ہونے کے 15 منٹ بعد ہی طیارہ شدید ژالہ باری اور گرج چمک کے طوفان کی لپیٹ میں آگیا۔

    موسم کی اچانک خراب صورتحال کے باعث طیارے کے سامنے کے حصہ اور دیگرحصوں کو شدید نقصان پہنچا، معاملے کی نزاکت دیکھتے ہوئے پائلٹس کے لیے طیارے کو کنٹرول کرنا بہت مشکل ہوگیا اور طیارے کو اٹلی کے دارالحکومت روم کے ایئر پورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی۔

  • اسلام آباد : مسافر طیارہ خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا

    اسلام آباد : مسافر طیارہ خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا

    اسلام آباد : کراچی سے اسلام آباد پہنچنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی، پائلٹ نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت زمین پر اتار لیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی ایئرلائن کے بوئنگ737طیارہ کی دوران لینڈنگ ونڈ اسکرین پر اچانک کریک پڑ گیا، واقعے کے بعد طیارے میں موجود مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    ایئرلائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کریک پڑنے کی وجہ سے ونڈ اسکرین کی ایک سائیڈ متاثر ہوئی تاہم پائلٹ نے فوری طور پر مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت ایئر پورٹ پر اتار لیا۔

    ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ بوئنگ737طیارے کی ونڈ اسکرین ٹوٹنے کے بعد طیارے کو گراونڈ کردیا گیا ہے اور اسلام آباد سے کراچی جانے والی پرواز منسوخ کردی گئی ہے۔

    ایئرلائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انجینئرز کی ٹیم طلب کرلی گئی ہے جو ہنگامی طور پر متاثر ہونے والی ونڈ اسکرین کو تبدیل کر رہے ہیں، ونڈ اسکرین تبدیل ہونے کے بعد طیارے کو آپریٹ کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں پی آئی اے کا طیارہ بھی اسی طرح کے حادثے سے بچ گیا تھا۔ طیارے کے لاہور ایئر پورٹ پر اترتے ہی انجن سے کوئی چیز ٹکرائی جس سے اس کا توازن بگڑا خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

  • ایران میں ایک اور مسافر طیارہ تباہی سے بچ گیا

    ایران میں ایک اور مسافر طیارہ تباہی سے بچ گیا

    تہران : ایران میں ایک اور طیارہ رن وے سے پھسل گیا ، طیارے میں110مسافر سوار تھے، چند روز قبل بھی مسافر طیارے کے پائلٹ نے رن وے سے متصل سڑک پر ایمرجنسی لینڈنگ کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے مغربی علاقے میں طیارہ رن وے سے پھسل گیا تاہم حادثے سے محفوظ رہا، طیارہ برفباری کے باعث رن وے سے پھسلا، طیارے میں110مسافرسوار تھے۔

    یاد رہے چند روز قبل ایرانی مسافر طیارے کے پائلٹ نے رن وے سے متصل سڑک پر ایمرجنسی لینڈگ کردی، طیارے میں تقریباً 150 مسافر سوار تھے، طیارے کے لینڈنگ گیئر میں خرابی کے سبب پائلٹ کو مجبورآ طیارہ سڑک پر اتارنا پڑا تھا۔

    مزید پڑھیں : ایرانی پائلٹ نے مسافر طیارے کو سڑک پر اتار دیا، ویڈیو وائرل

    اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی تھی، جس میں مسافروں کو افراتفری کے عالم میں سیڑھی کے بغیر براہ راست جہاز سے اترتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔

    واضح رہے 8 جنوری کو  ایران کی فضائی حدود میں یوکرینی مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا ،جس میں سوار 176 مسافر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے، اس جہاز میں کینیڈا سے تعلق رکھنے والے 62 مسافر سوار تھے۔

    امریکا، کینیڈا، برطانیہ سمیت دیگر ممالک نے گزشتہ روز الزام عائد کیا تھا کہ ایران نے طیارے کو میزائل سے نشانہ بنایا، جس پر ایرانی حکام نے الزام کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔

    بعد ازاں  ایرانی ایرواسپیس کمانڈر علی حاجی زادے نے یوکرین طیارےکی تباہی کی ذمےداری قبول کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ’جہاز کو غلطی سے نشانہ بنایا گیا کیونکہ سیکیورٹی حکام اُسے کروز میزائل سمجھ بیٹھے تھے۔