Tag: Passengers

  • بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے 9 مسافروں کو قتل کردیا

    بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے 9 مسافروں کو قتل کردیا

    فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے کوئٹہ سے لاہور جانے والی 2 مسافر بسوں سے 9 مسافروں کو شناخت کے بعد اغوا کرکے قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق جمعرات کی رات بلوچستان ضلع کے ژوب اور لورالائی کی سرحد پر واقع سورڈکئی کے علاقے میں فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے کوئٹہ سے لاہور جانے والی 2 کوچز میں سوار کم از کم 9 مسافروں کو اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیا۔

    کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسین نے بتایا مقتولین کا تعلق پنجاب سے ہے، لاشیں مل گئیں اور شہدا کی میتیں بلوچستان سے بواٹہ بارڈر پر پنجاب حکام کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

    کمشنر سعادت حسین کا کہنا ہے کہ شہداء کا تعلق لاہور، گجرات، خانیوال، گوجرانوالہ، لودھراں اور ڈی جی خان سے ہے۔

    دوسری جانب بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الہندوستان نے ککڑ، مستونگ اور سورڈکئی میں تین مختلف مقامات پر حملے کیے ہیں۔

    ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کہتے ہیں دہشت گردوں نے بسوں سے نو مسافروں کو اتار کر شناخت کر کے شہید کیا، بےگناہ شہریوں کو بہیمانہ طریقے سے قتل کرنا فتنہ الہندوستان کی کھلی درندگی ہے۔

     واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا تعاقب کیا، دہشت گرد رات کی تاریکی میں فرار ہوئے ہیں جس کے بعد سے سیکیورٹی فورسز کا متاثرہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

    سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ یہ حملہ پاکستان کے امن و اتحاد پر حملہ ہے، بلوچستان کے عوام دشمن کے عزائم کے سامنے چٹان ہیں، ریاست دشمنوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔

    وزیراعظم کی مذمت

    وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں بس کے مسافروں کے اغوا اور قتل کی مذمت کی ہے، انہوں  نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ دہشتگردوں سے پوری قوت سے نمٹیں گے، بے گناہ افراد کے خون کا بدلہ لیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ نہتے شہریوں کا قتل فتنہ الہندوستان کی دہشتگردی ہے، وزیراعظم نے کہا کہ عزم، اتحاد اور طاقت سے دہشت گردی کے ناسورکو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔

  • منکی پاکس کے پھیلاؤ کا خدشہ: کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی اسکیننگ شروع

    منکی پاکس کے پھیلاؤ کا خدشہ: کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی اسکیننگ شروع

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منکی پاکس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر مسافروں کی اسکیننگ کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں منکی پاکس کے 2 مصدقہ کیسز اور اس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خدشے کے تحت کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی اسکیننگ شروع کردی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر طبی عملہ بیرون ملک سے آنے والوں کے ہاتھ اور بازو چیک کر رہا ہے، مشتبہ علامت کی تصدیق پر طبی عملے اور مسافروں کو اسکینر سے گزرا جارہا ہے۔

    خیال رہے کہ بیرون ملک سے آئے 2 مسافروں میں منکی پاکس کی تصدیق کے بعد قومی وزارت صحت نے اس حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

    قومی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ منکی پاکس کے دیگر کیسز کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، تاہم ملک میں منکی پاکس کے مقامی پھیلاؤ کے ثبوت نہیں ملے ہیں۔

    وزارت صحت کے مطابق پاکستان سے منکی پاکس کا عالمی سطح پر زیادہ پھیلاؤ نہیں ہوا، متعلقہ صحت حکام کو ایڈوائزری جاری کی جا چکی ہے۔

  • کرایہ مانگنے پر نوجوان لڑکوں نے ٹیکسی ڈرائیور کو قتل کردیا

    کرایہ مانگنے پر نوجوان لڑکوں نے ٹیکسی ڈرائیور کو قتل کردیا

    امریکا میں ایک ٹیکسی ڈرائیور کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر ہلاک کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، بقیہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ نیویارک سٹی میں پیش آیا جس کی ویڈیو بھی موجود ہے جو پولیس نے حاصل کرلی ہے۔

    52 سالہ ٹیکسی ڈرائیور نے 5 نوجوان مسافروں کے ایک گروپ کو ان کی منزل پر پہنچایا لیکن اسے کرایہ دینے کے بجائے نوجوانوں نے اس سے لوٹ مار کی۔

    مشتعل ٹیکسی ڈرائیور نے ان کا پیچھا کیا تو ملزمان نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا، اسے لاتیں اور مکے مارے یہاں تک ڈرائیور بے ہوش کر گر پڑا اور اس کی موت واقع ہوگئی۔

    واقعے کے بعد 2 ملزمان نے خود ہی پولیس کے پاس پہنچ کر سرینڈر کردیا، بقیہ 3 ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹیکسی میں بیٹھنے والے مسافروں میں نوجوان لڑکیاں بھی شامل تھیں۔

    دا نیویارک اسٹیٹ فیڈریشن آف ٹیکسی ڈرائیورز نے ملزمان کے بارے میں اطلاع دینے والے کے لیے 15 ہزار ڈالر کا انعام رکھا ہے، مقتول کی بیوہ اور 4 بچوں کی بھی مقامی حکومت کی جانب سے دیکھ بھال کی جارہی ہے۔

  • ایئرپورٹ پر کتے نے عملے کی دوڑیں لگوا دیں، ویڈیو وائرل

    ایئرپورٹ پر کتے نے عملے کی دوڑیں لگوا دیں، ویڈیو وائرل

    میکسیکو میں ایئرپورٹ کے رن وے پر کتے نے عملے کی دوڑیں لگوا دیں۔ وہاں موجود مسافر اس منظر کو دیکھ کر محظوظ ہوتے رہے۔

    ایئرپورٹ کے رن وے پر کسی بھی قسم کے جانور کی موجودگی سے بڑے نقصان کا اندیشہ پیدا ہوجاتا ہے جس کے سدباب کیلئے انتظامیہ الرٹ رہتی ہے۔

    عام طور پر ہوائی جہاز میں سفر کرنے والے مسافروں کے پالتو جانوروں کو کارگو سیکشن میں پنجروں میں احتیاط سے رکھا جاتا ہے لیکن بعض اوقات وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ایک ایسی ہی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں میکسیکو کے ہوائی اڈے پر ایک پالتو سفید کتا موقع پاتے ہی رن وے کی حدود میں داخل ہوگیا۔

    یہ خوبصورت اور چھوٹا سا سفید کتا جو تجارتی طیارے کے کارگو ایریا میں اپنے پنجرے سے کسی طرح فرار ہونے کے بعد باہر نکل آیا اور ادھر ادھر بھاگنا شروع کردیا۔

    کتے کو ایئرپورٹ کے اندر دیکھ کر عملے کی دوڑیں لگ گئیں اور اسے پکڑنے کیلیے کوششیں شروع کردی لیکن اس کتے نے اپنی پھرتیاں دکھا کر عملے کے تین سے چار ارکان کو بھگا بھگا کر تھکا دیا۔

    یہ منظر دیکھ کر وہاں موجود مسافر محظوظ ہوتے رہے اور اس منظر کو اپنے موبائل فون میں محفوظ کرلیا۔

  • کورونا وائرس : نیوزی لینڈ جانے والے مسافروں کی بڑی مشکل آسان

    کورونا وائرس : نیوزی لینڈ جانے والے مسافروں کی بڑی مشکل آسان

    نیوزی لینڈ نے کورونا ایس او پیز میں نرمی اختیار کرتے ہوئے شہریوں کے لیے سفری پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔فیصلے کے تحت فضائی مسافروں کے لیے قرنطینہ کی شرط ختم کردی گئی ہے۔

    اس حوالے سے میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ دنیا بھر سے نیوزی لینڈ آنے والے مسافروں کے لیے قرنطینہ کی شرط ختم کی جارہی ہے۔

    نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا ہے کہ ویکسین شدہ مسافروں کے لیے نیوزی لینڈ پہنچنے پر ایک ہفتے کا قرنطینہ کرنے کی شرط بدھ کو ختم ہوجائے گی۔

    آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے سفری پابندی ختم کردی

    انہوں نے کہا کہ ابتداء میں یہ تبدیلی صرف واپس آنے والے نیوزی لینڈ کے شہریوں کے لیے ہوگی جبکہ سیاحوں کو ابھی بھی آنے کی اجازت نہیں ہے۔

    قرنطینہ کی شرط ختم ہونے کے بعد بھی مسافروں کو ملک کے لیے سفر کرنے سے پہلے اور پہنچنے کے بعد کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ کی ضرورت ہوگی۔

    نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے کہا کہ وہ جانتی ہیں کہ یہ بیرون ملک موجود ہمارے لوگوں کے لیے خوشی کی خبر ہوگی، جو جلد از جلد گھر آنے اور احباب سے ملنے کے لیے بیتاب ہیں۔

    حکومت کی جانب سے کی گئی ان تبدیلیوں پر سیاحتی شعبے نے مسرت کا اظہار کیا ہے البتہ رہنماؤں نے سیاحوں کی واپسی ہونے کے متعلق مزید یقین دہانی مانگی ہے۔

    واضح رہے کہ بین الاقوامی سیاحت کی مد میں نیوزی لینڈ 20 فیصد آمدنی کماتا ہے جو عالمی وباء کے آنے سے اب تک تقریباً ختم ہوچکی ہے۔

  • سعودی عرب : مسافر کتنی نقد رقم اور زیورات لا سکتے ہیں؟

    سعودی عرب : مسافر کتنی نقد رقم اور زیورات لا سکتے ہیں؟

    ریاض : سعودی محکمہ شہری ہوا بازی نے فضائی کمپنیوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے مسافروں کو مملکت میں کسٹم قوانین کے بارے میں مطلع کرتے رہیں۔

    اس حوالے سے سوال ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ مملکت آنے یا جانے والے مسافروں پرلازم ہے کہ وہ اپنے پاس موجود 60 ہزار ریال سے زائد نقد یا زیورات ہونے کی صورت میں کسٹم حکام کواس بارے میں مطلع کریں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ مسافروں کے لیے لازمی ہے کہ وہ جاری ہدایات کی پابندی کرتے ہوئے امیگریشن سے قبل کسٹم حکام سے رابطہ کرکے اپنے پاس موجود مقررہ حد سے زائد رقم اورزیوارت کے بارے میں مطلع کریں۔

    سعودی عرب کے سفری قوانین کےتحت مسافروں کے لیے نقد رقم اور سونے کے زیوارت کی انتہائی حد مقرر کی گئی ہے اس سے زائد رقم یا قیمتی دھاتیں لانے اور لے جانے کی صورت میں کسٹم حکام کو مطلع کرنا ضروری ہے۔

    یاد رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے اس بارے میں پابندی ہے کہ کسی مسافرکے پاس مجموعی طورپر60 ہزار ریال سے زائد نقد رقم یا یا قیمتی زیورات کی موجودگی کی صورت میں کسٹم اہلکارسے رابطہ کرکے اس کا باقاعدہ اندراج کرائیں۔

  • پاکستان سے  متحدہ عرب امارات  جانے والے مسافروں کیلئے اہم خبر

    پاکستان سے متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کیلئے اہم خبر

    اسلام آباد : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے دبئی، شارجہ اور ابوظہبی جانیوالے مسافروں کو 4 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچنے کی ہدایت کردی اور کہا مسافر کی ٹیسٹ رپورٹ ایک ساتھ جاری نہ کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کے رش کے معاملے پر انتظامیہ حرکت میں آگئی ، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اقدامات کرتے ہوئے بیرون ملک جانیوالے مسافروں کو 4 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچنے کی ہدایت کردی۔

    دبئی،شارجہ،ابوظہبی جانیوالے مسافروں کو اپنی پرواز سے 5گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ امارات جانیوالے مسافر کی ٹیسٹ رپورٹ ایک ساتھ جاری نہ کی جائے ، 30مسافروں کے ٹیسٹ رپورٹ جاری کرکے بورڈنگ ایریا میں جانے کے احکامات دیئے ہیں۔

    ایئرپورٹ منیجر عدنان خان نے کہا ہے کہ ایئر لائن کاونٹر بند کرنے سے پہلے باقاعدہ طور پر اناونسمنٹ کرے گی جبکہ مسافروں کی سہولت اور رش سے نمٹنے کیلئے سیکیورٹی چیک کیلئے اے ایس ایف کی نفری میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔

    عدنان خان کا کہنا تھا کہ اے ایس ایف بیرون ملک جانیوالے مسافروں کی سیکیورٹی چیک کوئک رسپانس کے تحت کرے گی۔

  • دوحا سے پشاور پہنچنے والے 30 مسافروں میں کرونا وائرس کی تصدیق

    دوحا سے پشاور پہنچنے والے 30 مسافروں میں کرونا وائرس کی تصدیق

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں دوحا سے آنے والے 30 مسافروں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، مسافروں کو ضلعی انتظامیہ کی مدد سے قرنطینہ کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحا سے پشاور پہنچنے والے 30 مسافروں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، مسافر نجی ایئر لائن کی پرواز سے دوحا سے پشاور پہنچے تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور ایئرپورٹ پر مسافروں کے ریپڈ ٹیسٹ کیے گئے، ریپڈ ٹیسٹ میں 30 مسافروں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔

    مسافروں کو ضلعی انتظامیہ کی مدد سے قرنطینہ کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    یاد رہے کہ ملک بھر میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 12 لاکھ 38 ہزار 668 ہوچکی ہے، این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 1 ہزار 780 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 42 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد کرونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 27 ہزار 566 ہوگئی۔

  • غیر ملکی ایئر لائنز کی پروازیں منسوخ‌، پاکستانیوں کو وطن واپسی میں مشکلات

    غیر ملکی ایئر لائنز کی پروازیں منسوخ‌، پاکستانیوں کو وطن واپسی میں مشکلات

    کراچی : ملکی و غیر ملکی ائیرلائنز بیرون ممالک سے کم مسافر لانے کی شرط میں مزید توسیع کردی گئی ہے جس کے باعث پاکستانیوں کی بڑی تعداد کو امریکا سے وطن واپسی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی پروازوں میں کم مسافر لانے کی شرط میں15جولائی تک توسیع کردی گئی جس کی وجہ سے دو غیر ملکی ائیر لائنز نے امریکا سے پاکستان کیلئے پروازیں اچانک منسوخ کر دیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرکش اور قطر ائیر لائنز نے امریکا سے پاکستان کیلئے پروازیں منسوخ کی ہیں، مذکورہ دونوں ائیر لائنز نے ماہ جولائی کے پہلے ہفتے کیلئے پاکستانی مسافروں کی بکنگ کی تھی۔

    ذرائع کے مطابق مسافروں کو کورونا وائرس کی تباہ کاریوں سے بچانے کیلئے بیرون ممالک کی پروازوں میں مسافروں کی تعداد پر شرط عائد کیے جانے کے باعث پاکستانیوں کی بڑی تعداد کو امریکا سے وطن واپسی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    غیر ملکی ائیرلائنز نے مسافروں کی تعداد کی شرط میں نرمی کی توقع کر رکھی تھی، پاکستان نے کم مسافروں کی شرط میں نرمی نہیں کی تو بکنگ منسوخ کردی گئی۔

    ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ غیرملکی ایئرلائنز نے پاکستان کے لئے اوور بکنگ کی، پروازوں کی معطلی، بکنگ کی ذمہ داری متعلقہ ائیرلائن پر عائد ہوتی ہے۔

  • سعودی عرب آنے والے مسافروں پر کب کسٹم کا اطلاق ہوگا؟

    سعودی عرب آنے والے مسافروں پر کب کسٹم کا اطلاق ہوگا؟

    جدہ: محکمہ زکوہ ، ٹیکس اینڈ کسٹم اتھارٹی نے سعودی عرب آنے والے مسافروں کو مطلع کیا ہے کہ مسافر کسٹم قوانین کے تحت اپنی قیمتی اشیا کے بارے میں متعلقہ حکام کو آگاہ کریں۔

    ویب نیوز عاجل کے مطابق محکمہ کسٹم کا کہنا ہےکہ مملکت آنے والے مسافروں پرلازم ہے کہ وہ اپنے ساتھ لائی جانے والی ایسی اشیا جن کی مالیت تین ہزار ریال سے زائد ہو اس کے بارے میں محکمہ کسٹم کو مطلع کریں، وہ اشیا جن کی مالیت تین ہزار ریال سے زائد ہوگی ان پر قانون کے مطابق کسٹم وصول کیاجائے گا۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کو چاہئے کہ وہ کسٹم ایپ یا ویب سائٹ پر اپنے سامان کے بارے میں دیئے گئے فارم میں اندراج کریں۔

    یہ بھی پڑھیں: السعودیہ ایئر لائنز کا اہم اعلان

    دوسری جانب ٹریولرز اتھارٹی کی جانب سے مملکت آنے یا جانے والے مسافروں کو قوانین کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کہ مسافرو ں کے لیے لازمی ہے کہ وہ کسٹم میں ساٹھ ہزار ریال نقد یا اس کے مساوی دیگر کرنسی یا قیمتی دھاتیں جو انکے پاس ہیں ان کے بارے میں بھی محکمہ کسٹم کو آگاہ کریں۔

    اتھارٹی کا کہنا تھا کہ وہ مسافر جو اپنے سامان کے بارے میں کسٹم کو آگاہ نہیں کرتے اس صورت میں برآمد ہونے والے سامان کی مجموعی قیمت پر25 فیصد جرمانہ عائد کیاجائے گا۔

    عاجل ویب نیوز کے مطاقب دوسری باربھی ایسا ہی عمل دہرائے جانے پر جرمانہ پچاس فیصد کردیاجائے گا اگر مسافر کے بارے میں یہ شک ہو کہ وہ منی لانڈرنگ میں ملوث ہے اس صورت میں اسکا تمام سامان ضبط کرکے کیس پراسیکیوشن کے ادارے کو ارسال کردیاجائےگا۔