Tag: passes away

  • دبئی کے حکمران  شیخ محمد بن راشد المکتوم  کے بھائی انتقال کرگئے

    دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کے بھائی انتقال کرگئے

    اسلام آباد : دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کے بھائی شیخ حمدان بن راشد انتقال کرگئے ، وہ کافی عرصے سے علیل تھے۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بھائی شیخ حمدان بن راشد کے انتقال کی تصدیق  کرتے ہوئے کہا میرا بھائی میرا ساتھی اب اس دنیا میں نہیں رہا۔

    شیخ حمدان بن راشد کافی عرصے سے علیل تھے، وہ متحدہ عرب امارات کے وزیرخزانہ اور دبئی کے نائب حکمران بھی تھے۔

    شیخ حمدان بن راشد نے متحدہ عرب امارات کی فائنانس پالیسیز اور اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کیا، انھیں یہ اعزاز حاصل رہا کہ وہ 1971 میں متحدہ عرب امارات کی پہلی کابینہ میں بطور وزیر خزانہ شامل ہوئے اور آخری وقت تک یہ قلمدان ان کے پاس رہا۔

    شیخ حمدان کے انتقال پر دبئی میں دس روزہ سو گ کا اعلان کیا گیا ہے، اس دوران قومی پرچم سر نگوں رہے گا اور تین روز کیلئے حکومتی امور بھی معطل کردئیےگئے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات کی تمام مساجد میں مغرب کے بعد غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔

    دبئی کے نائب حکمران شیخ حمدان کے انتقال پر دنیابھر کے رہنما افسوس کا اظہار کر رہے ہیں، اے آروائی فیملی کی جانب سے شیخ حمدان بن راشد کے انتقال پر اظہارافسوس کیا گیا۔

  • مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان انتقال کرگئے

    مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان انتقال کرگئے

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے رہنماسینیٹرمشاہد اللہ خان انتقال کرگئے، وہ طویل عرصہ سے بیمار تھے، ان کی نمازجنازہ بعدنمازظہر11ایچ اسلام آباد میں ادا کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کےرہنمااورسینیٹرمشاہد اللہ خان اسلام آباد میں انتقال کر گئے، وہ طویل عرصہ سے بیمار تھے ، بیٹے ڈاکٹر افنان اللہ خان نے ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ ان کے والد مشاہد اللہ خان کی نمازجنازہ آج بعدنمازظہر الیون ایچ اسلام آبادمیں ادا کی جائے گی۔

    مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور ملک بھر کے سیاسی رہنماؤں نے مشاہد اللہ خان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔

    مریم نوازنے مشاہداللہ خان کےانتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے وفا دار اور اہم رہنما کے انتقال نے افسردہ کردیا، مشاہداللہ خان کی وفات پارٹی کیلئے بہت بڑانقصان ہے، ان کاخلا کبھی پرنہیں ہوگا۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ مشاہداللہ خان نے ہمیشہ باپ جیسی محبت اور شفقت دی، ان کو کبھی بھول نہیں پائیں گے،اللہ جوار رحمت میں جگہ دے۔

    ن لیگی رہنما محمد زبیر نے سینیٹرمشاہداللہ خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا بہت افسوسناک خبر ہے، مشاہداللہ خان اچھےانسان اورپارلیمنٹیرین تھے۔

    خیال رہے مشاہد اللہ خان نے سیاست کا آغاز مزدور رہنما کے طور پر کیا، وہ بلدیہ کراچی کے ایڈمینسٹریٹر بھی رہے۔

  • سعودی شہزادی کا انتقال

    سعودی شہزادی کا انتقال

    ریاض: سعودی عرب کی شہزادی نورہ بنت فہد بن محمد بن عبدالرحمٰن انتقال کر گئیں، شہزادی کی تدفین آج بروز سوموار ہوگی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی ایوان شاہی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہزادی نورہ بنت فہد بن محمد بن عبدالرحمٰن آل سعود کا اتوار کو انتقال ہوگیا ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ تدفین پیر کو ہوگی، نمازجنازہ کہاں ہوگی اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا۔

    شہزادی نورہ کے والد شہزادہ فہد بن محمد بن عبدالرحمٰن بن فیصل آل سعود تھے، یہ شہزادہ محمد بن عبدالرحمٰن آل سعود کے دوسرے بیٹے اور شہزادہ خالد بن محمد بن عبدالرحمٰن کے سگے بھائی تھے۔

    2 روز قبل سعودی شہزادے ترکی بن ناصر بن عبد العزیز السعود بھی 72 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔

    ترکی بن ناصر کی نماز جنازہ اتوار کو مملکت کے دارالحکومت ریاض میں ادا کی گئی تھی۔

  • نواز شریف کی والدہ لندن میں انتقال کر گئیں

    نواز شریف کی والدہ لندن میں انتقال کر گئیں

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر 93 برس کی عمر میں لندن میں انتقال کر گئیں، وزیر اعظم عمران خان نے نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطا تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف کی والدہ محترمہ وفات پا گئی ہیں۔

    سابق وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کی والدہ شمیم اختر 93 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملیں، انتقال کے وقت وہ بیٹے نواز شریف کے ساتھ لندن میں تھیں۔

    پشاور میں موجود مریم نواز کو جلسہ گاہ میں دادی کے انتقال کی خبر دے دی گئی ہے۔

    بیگم شمیم اختر 9 مارچ سنہ 1927 کو لاہور میں پیدا ہوئی تھیں، ان کی شادی میاں شریف سے ہوئی جن سے ان کے 3 بیٹے عباس شریف، نواز شریف اور شہباز شریف تھے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کےا نتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ مرحومہ کے درجات بلند فرمائے۔

    تاحال ان کی نماز جنازہ اور تدفین سے متعلق کوئی تفصیلات موصول نہیں ہوئیں۔

  • وفاقی وزیر داخلہ  کے بھائی پیر طارق شاہ انتقال کر گئے

    وفاقی وزیر داخلہ کے بھائی پیر طارق شاہ انتقال کر گئے

    ننکانہ صاحب: وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کے ایک اور بھائی پیر طارق شاہ کورونا کے باعث انتقال کر گئے، ان کی نماز جنازہ 11 بجے نبی پور پیراں میں اداکی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ کےبھائی پیر طارق شاہ انتقال کر گئے، خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر طارق شاہ کورونا وائرس سے متاثرتھے اور لاہور کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔

    مرحوم پیر طارق شاہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کےصدر تھے ، ان کی نماز جنازہ 11 بجے نبی پور پیراں میں اداکی جائے گی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیرداخلہ اعجازشاہ کے بھائی پیر طارق شاہ کے انتقال پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ وزیرداخلہ کے بھائی کے انتقال پر دلی رنج ہوا۔

    اس سے قبل گذ شتہ ماہ وزیر داخلہ کے بھائی پیر حسن احمد شاہ بھی وفات پا چکے ہیں، پیر حسن کورونا کاشکار ہوئے تھے تاہم علاج کے بعد ان کا کورونا ٹیسٹ نیگیٹو آیا تھا۔

  • سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن خالق حقیقی سے جاملے

    سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن خالق حقیقی سے جاملے

    کراچی : سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کراچی کے نجی اسپتال میں زیرعلاج رہنے کے بعد انتقال کر گئے، وہ گزشتہ کئی روزسے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسن طویل علالت کے باعث کراچی کے مقامی اسپتال میں انتقال کر گئے۔

    چند روز قبل طبیعت بگڑنے پرسید منورحسن کو ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا، امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر  سراج الحق، نائب امیر  جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ و دیگر مرکزی و مقامی قیادت نے اسپتال میں زیرعلاج سید منور حسن کی عیادت کی تھی۔

    سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن جماعت اسلامی پاکستان کے چوتھے امیرتھے، اگست 1941 ء میں دہلی میں پیدا ہوئے، تقسیم برصغیر کے بعد ان کے خاندان نے پاکستان کو اپنے مسکن کے طور پر چنا اور کراچی منتقل ہو گئے۔

    انہوں نے 1963 ء میں جامعہ کراچی سے سوشیالوجی میں ایم اے کیا،1966 ء میں دوبارہ کراچی یونیورسٹی سے اسلامیات میں ایم اے کیا، زمانہ طالب علمی میں ہی منور حسن اپنی برجستگی اور شستہ تقریر میں معروف ہو گئے، کالج میگزین کے ایڈیٹر بھی رہے۔

  • سکھر میں آئی بی اے کی بنیاد ڈالنے والے پروفیسر ڈاکٹر نثار احمد صدیقی انتقال کرگئے

    سکھر میں آئی بی اے کی بنیاد ڈالنے والے پروفیسر ڈاکٹر نثار احمد صدیقی انتقال کرگئے

    سکھر : سندھ ایک نامور ماہر تعلیم سے محروم ہوگیا، سکھر میں آئی بی اے کی بنیاد ڈالنے والے پروفیسر ڈاکٹر نثار احمد صدیقی انتقال کرگئے، مرحوم کی تدفین خیرپور ضلع کے علاقے پریالوئی میں کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر میں آئی بی اے جیسے اعلیٰ تعلیمی ادارے کی بنیاد ڈالنے والے 77 سالہ وائس چانسلر وسندھ کے نامور ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر نثار احمد صدیقی آج صبح کراچی میں علالت کے بعد انتقال کرگئے۔

    مرحوم عارضہ قلب میں مبتلا تھےاور گذشتہ ایک ہفتے سے کراچی کے اسپتال میں زیر علاج تھے، مرحوم نے پسماندگان میں 3 بیٹے اور 4 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

    پروفیسر ڈاکٹر نثار احمد صدیقی کی میت ایمبولینس کے ذریعے کراچی سے ان کے آبائی گاؤں پریالوئی ضلع خیرپور لائی جارہی ہے، مرحوم نے سندھ کے چیف سیکریٹری، ہوم سیکرٹری اور سکھر کے کمشنر سمیت دیگر اہم سرکاری عہدوں پر بھی اپنے فرائض انجام دیئے۔

    انتقال کے وقت وہ نہ صرف سکھر آئی بی اے کے وائس چانسلر تھے بلکہ سکھر الیکٹرک پاور کمپنی سیپکو کے بورڈز آف ڈائریکٹرز کے چیئر مین بھی تھے، مرحوم نے اپنی پوری زندگی تعلیم کے فروغ اور بہتری کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

    چیف سیکریٹری سندھ ممتازعلی شاہ نے اپنے بیان میں کہا نثاراحمدصدیقی کی وفات سےپاکستان ایک ماہرتعلیم سےمحروم ہوگیا،انھوں نےسکھرپبلک اسکول کے2کمروں سےعالمی معیارکی یونیورسٹی بنائی، نثارصدیقی کی تعلیمی خدمات کوہمیشہ یادرکھاجائےگا۔

  • خیبرپختونخوا کے صحافی فخرالدین سید کورونا سے انتقال کر گئے

    خیبرپختونخوا کے صحافی فخرالدین سید کورونا سے انتقال کر گئے

    پشاور : خیبرپختونخوا کے صحافی فخرالدین سید کورونا سے انتقال کر گئے، کےپی حکومت نے صحافی سید فخر الدین کے اہلخانہ کو 10لاکھ روپے دینے کااعلان کردیا۔

    مشیراطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا خیبرپختونخواکے صحافی فخرالدین سید کورونا سے انتقال کر گئے ، کےپی حکومت صحافی سید فخر الدین کےاہلخانہ کیلئے10لاکھ روپے کااعلان کرتی ہے۔

    مشیراطلاعات کےپی کا کہنا تھا کہ کوروناکیخلاف جنگ میں کےپی حکومت صحافی برادری کیساتھ کھڑی ہے ، کوروناکیخلاف لڑنےوالے صحافیوں، ریلیف اور سیکیورٹی اداروں کو سلام پیش کرتاہوں۔

    اجمل وزیر نے کہا کہ کل خود بازاروں کا دورہ کیا، کاروباری مسائل کاادراک ہے ، کاروباری حضرات سے اپیل ہے کہ ایس اوپیز کا خیال رکھیں، کورونا کی وبا بےاحتیاطی کی وجہ سے پھیل رہی ہے ، کاروبارسمیت ہرسطح پر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد بہت ضروری ہے، ایس اوپیز پر عمل درآمد ہوگا تو حکومت نرمی کی طرف جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی وباپھیلنے سے ہونیوالے نقصانات سب کےسامنے ہیں، کےپی میں اسوقت کورونا سے31فیصد لوگ صحت یاب ہوگئے ہیں، صوبےمیں550سےزائد وینٹی لیٹرز کورونا مریضوں کیلئے مختص ہیں۔

    مشیراطلاعات کےپی نے کہا ہم خودگراؤنڈ پر چیزوں کو چیک کرتےاور مانیٹر کررہےہیں ، وزیراعلیٰ محمودخان خود بھی صورتحال کو مانیٹر کررہےہیں، تمام وسائل کا رخ عوام کی فلاح و بہبودکی طرف موڑ دیا ہے۔

    خیال رہےفخرالدین سید کا شمار پشاور کے سینئر رپورٹرز میں ہوتا تھا، انھیں  گزشتہ دس دن سے بخار اور سینے میں شدید تکلیف تھی،  حالت تشویشناک ہونے پر ان کو اسپتال داخل کرایا گیا جہاں ان کا کورونا ٹیسٹ پازیٹیو آیا، پلازمہ کے ذریعے جان بچانے کی کوشش کی گئی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

  • بھارتی معروف اداکار عرفان خان چل بسے

    بھارتی معروف اداکار عرفان خان چل بسے

    ممبئی : بھارتی معروف اداکارعرفان خان چل بسے ، وہ  آئی سی یو میں زیر علاج تھے اور  والدہ کی تدفین میں شرکت نہ کرنے پر بہت زیادہ رنجیدہ تھے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف بھارتی اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، گذشتہ روز اچانک طبیعت خراب ہونے پر انھیں ممبئی کے کوکیلابین اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کرلیا تھا۔

    یاد رہے کہ عرفان خان کی والدہ کا تین روز قبل انتقال ہوا وہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ممبئی میں ہی پھنس گئے تھے اور اپنے والدہ کی تدفین میں شرکت نہ کرسکے تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق عرفان خان کی والدہ سیدہ خاتون کی تدفین آبائی علاقے راجستھان میں ہوئی، اداکار نے ویڈیو کال کے ذریعے تدفین میں شرکت کی تھی۔

    عرفان خان والدہ کی تدفین میں شرکت نہ کرنے پر بہت زیادہ رنجیدہ تھے انہوں نے اپنے اہل و عیال سے اس تکلیف کا اظہار بھی کیا تھا اور بتایا تھا کہ یہ اُن کی زندگی کا سب سے برا دن تھا۔

    خیال رہے 2018 میں عرفان خان میںنیورواینڈو کرائن ٹیومر (کینسر) کی تشخیص ہوئی تھی، بعد ازاں وہ علاج کرانے کے لیے بیرون ملک چلے گئے تھے، عرفان خان کینسر کو شکست دینے کے بعد بھارت واپس لوٹے اور وہ ان دنوں اپنے نئی آنے والی فلم پر کام کررہے تھے کہ اچانک لاک ڈاؤن ہوگیا۔

    واضح رہے عرفان خان کی پہلی فلم سلام بمبئی جسےمیرانائرنےڈائریکٹ کیاتھا جبکہ انھوں نے آخری فلم انگریزی میڈیم میں اداکاری کےجوہردکھائےتھے، اس فلم کی ریلیز سے پہلے انھوں نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنی کیفیت بیان کی تھی۔

    عرفان خان نے فلم انگریزی میڈیم کے حوالے سے پیغام میں کہا تھا کہ یہ فلم میرے لیے بہت خاص اہمیت رکھتی ہے، میں اس کی پروموشن اتنے ہی شوق سے کرنا چاہتا تھا جیسے اس فلم میں کام کرتے ہوئے تھا۔ لیکن میرے جسم میں کچھ ان چاہے مہمان گھس گئے ہیں، انھوں نے مجھے مصروف رکھا ہوا ہے۔

    عرفان خان کا کہنا تھا کہ میں آپ کو اپنی بیماری کے بارے میں آگاہ کرتا رہوں گا، ہمارے پاس مثبت رہنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوتا۔ ہم نے یہ فلم اسی مثبت رویے کے ساتھ بنائی ہے، امید ہے پسند آئے گی۔

  • لیجنڈری اداکار عمر شریف گہرے صدمے کا شکار

    لیجنڈری اداکار عمر شریف گہرے صدمے کا شکار

    لاہور: لیجنڈری اداکار عمر شریف کی بیٹی  انتقال کر گئیں ، وہ گردوں کےعارضےمیں مبتلا تھی ، مرحومہ کی نماز جنازہ ایک روز بعد عمر شریف کی امریکا واپسی کے بعد ادا کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکار عمر شریف کی بیٹی حرا عمر انتقال کر گئیں ، حراعمر طویل عرصےسے گردوں کے عارضے میں  مبتلا تھی اورلاہور کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھیں ،  ان کی شادی ایک سال قبل ہی ہوئی تھی۔

    معروف اداکار عمر شریف شوز کے سلسلےمیں امریکا میں ہیں ، بیٹی کی طبیعت کا سُن کر عمرشریف نے امریکا میں پروگرام منسوخ کردیا ہے اور کل پاکستان پہنچیں گے۔

    مرحومہ کی نماز جنازہ ایک روز بعد عمر شریف کی واپسی کے بعد ادا کی جائے گی۔

    حرا اپنے والد عمر شریف کے بہت قریب تھیں اور کراچی میں عمر شریف کے ’ماں ‘ اسپتال کی ایڈمنسٹریٹر  بھی تھیں۔

    یاد رہے گذشتہ سال  لیجنڈری اداکار عمر شریف کے بیٹے نے ان کی بیماری کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا عمر شریف بالکل صحت مند ہیں،ان کی بیماری سے متعلق خبروں اور ویڈیوز سے ہمارے جذبات مجروح ہوئے۔