Tag: Passing out prade

  • پاک بحریہ ملک کے تحفظ میں اہم کردار ادا کررہی ہے، وزیراعظم

    پاک بحریہ ملک کے تحفظ میں اہم کردار ادا کررہی ہے، وزیراعظم

    کراچی : وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ بحریہ کا تاریخی اعتبار سے ملکوں کےاسٹریٹجک دفاع میں کلیدی کردارہے، پاک بحریہ ملک کے تحفظ میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔

    کراچی میں پاکستان نیول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ آج کی کمشننگ پریڈ میں خواتین کیڈٹس شامل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ خواتین کیڈٹس کی کمشننگ ملک کی دیگر خواتین کیلئے مشعل راہ ہوگی، کمیشن حاصل کرنے والے کیڈٹس، مڈشپ مین کے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نیول اکیڈمی دوست ملکوں کے کیڈٹس کو بھی بہترین تربیت فراہم کررہی ہے، دوست ملکوں کے یہ کیڈٹس پاکستان کے سفیر کا کردارادا کریں گے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ کیڈٹس نے بھرپور محنت اور لگن سے مادر وطن کیلئے ذمہ داریاں انجام دینی ہیں، بحریہ کا تاریخی اعتبار سے ملکوں کےاسٹریٹجک دفاع میں کلیدی کردارہے۔

    ملکی دفاع مضبوط بنانے میں قوم کو اپنی مسلح افواج پرفخر ہے، پاکستان جغرافیائی لحاظ سےایک اسٹریٹجک مقام پر واقع ہے، قومی ترقی کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنا ہے۔

    پاکستان بحریہ ملکی سمندری تحفظ میں اہم کردار ادا کررہی ہے، ایک مضبوط بحریہ کی پہلےسے کہیں زیادہ اب ضرورت ہے، پرامن بقائے باہمی، ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات پر یقین رکھتے ہیں۔

    ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان کی مسلح افواج ہر خطرے سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے، قائداعظم پاکستان کو دنیا کیلئے رول ماڈل کے طور پر چاہتے تھے۔

    یقین ہے غلطیوں سے سبق سیکھ کر محنت، لگن سے اپنا مقام حاصل کرسکتےہیں، حکومت پاک بحریہ کو تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی۔

  • پاک فوج دہشت گردی کو ملک سے اکھاڑنے کے لئے پرعز م ہے، جنرل قمر باجوہ

    پاک فوج دہشت گردی کو ملک سے اکھاڑنے کے لئے پرعز م ہے، جنرل قمر باجوہ

    کاکول : پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہپاک فوج اور قوم دہشت گردی کو ملک سے اکھاڑپھینکنے کے لئے پر عز م ہے ،ہم نے ملک سے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا خاتمہ کردیا ہے،  افغانستان میں دیرپا امن کیلئے افغان ثالثی عمل کے حامی ہیں۔

    ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔

    سعودی عرب کے کیڈٹس بھی پاس آؤٹ ہونے والوں میں شامل تھے، تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کومبارکباد پیش کی۔

    انہوں نے کہا کہ پاس آؤٹ کیڈٹس اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں پربھرپور توجہ دیں، پیشہ ورانہ تربیت مکمل کرنے کے بعد اب آپ پر اہم ذمہ داریاں ہیں، اپنی صلاحیتوں کا بھرپور انداز میں مظاہرہ کریں۔

    آرمی چیف نے کہا کہ ہمارے دشمن جانتےہیں وہ روایتی جنگ میں ہمیں شکست نہیں دے سکتے۔ افغانستان میں دیرپا امن و استحکام کیلئے افغان ثالثی عمل کے حامی ہیں، آئندہ نسلوں کیلئے پرامن اور مستحکم پاکستان دینا چاہتے ہیں۔

    پاکستان نے دہشت گردی انتہا پسندی کو مسترد کر دیا، قوم اور مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کےلئے متحد ہیں، پاکستان سے تمام دہشت گرد جماعتوں کا ڈھانچہ ختم کر دیا۔

    آرمی چیف نےمزید کہا کہ دورحاضر میں جدید جنگی رجحانات تیزی سے بڑھ رہےہیں، ردالفساد کے ذریعے حاصل کامیابیوں کو مزید تقویت دی جارہی ہے، آپریشن ردالفساد محض ایک آپریشن نہیں بلکہ نظریہ ہے، ہم اپنی سرزمین سے شدت پسندی جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں اور اپنی دھرتی کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دینگے۔

    جنرل باجوہ نے کہا کہ کے پی بالخصوص فاٹا کے عوام کی قربانیوں کے بغیر امن ممکن نہیں تھا، افغانستان میں دیرپا امن کیلئےافغان ثالثی عمل کے حامی ہیں، افغانستان میں امن کے بغیر پاکستان میں امن ممکن نہیں، فریقین کو خطے میں امن کا موقع دینا ہوگا۔

    مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کےعوام کو اپنےمستقبل کا فیصلہ کرنے کا مکمل حق حاصل ہے، کشمیری بھائیوں کی بھرپور سیاسی اوراخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔

    پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر سمیت تمام تنازعات پرامن مذاکرات سے حل کرنے پریقین رکھتے ہیں، کیونکہ کشمیرسمیت پاک بھارت تنازعات کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

     

  • ملکی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، آرمی چیف

    ملکی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، آرمی چیف

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ کراچی، فاٹا، بلوچستان میں دہشتگردی دشمن کی سازش ہے، پاکستان امن کیلئے دوسرے ملکوں سے تعاون کو تیار ہے۔

    ملک کے سپہ سالار جنرل راحیل شریف نے دو ٹوک دہرا دیا، نیول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کراچی فاٹا اور بلوچستان میں قتل وغارتگری دشمن کی سازش ہے، ملکی تحفظ اور بقاء کیلئے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں۔

    آرمی چیف نے واضح کردیا کہ امن کے لیے دوسرے ملکوں سے تعاون کرنے کو تیار ہیں لیکن ملکی وقار اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔

    سپہ سالار نے آپریشن ضربِ عضب میں پوری قوم کی حمایت کو حوصلہ افزا قراردیا۔

    جنرل راحیل شریف نے کہا کہ مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، دہشتگرد بوکھلاہٹ کا شکار ہے، آرمی چیف نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کے عوام کی تقدیر بدل دے گا۔

  • بیدیاں: انسدادِ دہشتگردی فورس کے دستے کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

    بیدیاں: انسدادِ دہشتگردی فورس کے دستے کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

    لاہور: بیدیاں میں انسدادِ دہشت گردی فورس کے دوسرے دستے کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، جس میں تئیس خواتین سمیت چار سوچوبیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔

    بیدیاں میں انسداددہشت گردی فورس کےدوسرے دستے کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، جس میں تربیت حاصل کرنے والے انسدادِ دہشت گردی فورس کے چارسو چوبیس جوانوں نے عملی مظاہرہ کیا۔

    دستے میں تئیس خواتین اہلکار بھی مادر وطن کی حفاظت کیلئے کاندھے سے کاندھا ملائےشریک تھیں۔

    ہراول دستے کامعائنہ تقریب کےمہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کیا اور اعلی کارکردگی پر اہلکاروں میں اعزازات اوراسناد تقسیم کی گئیں۔

    لاہور میں انسدادِ دہشتگردی فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دہشتگردی کے جال میں پھنسا دیا گیا ہے، اس بات پر طیش آتا ہے کہ ہم نے کرنا کچھ اور تھا لیکن کسی اور کام میں پھنس گئے، یہ باتیں ماضی کا حصہ ہیں، جس پر افسوس نہیں، مایوسی کے اندھیرے ختم کرینگے۔

    انہوں نے کہا کہ ترکی اور سری لنکا نے جس طرح دہشتگردی سے نمٹا ہے، اسی طرح پاکستان میں بھی دہشت گردی کا خاتمہ کرینگے، آج پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے۔ وزیر داخلہ پنجاب کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ تقریب کے دوران شہباز شریف کو کبھی وزیرِاعظم اور کبھی چیف منسٹر آف پاکستان کہہ کر مخاطب کرتے رہے۔

  • انسداددہشت گردی فورس کی پہلی پاسنگ آؤٹ پریڈ

    انسداددہشت گردی فورس کی پہلی پاسنگ آؤٹ پریڈ

    لاہور: انسداددہشت گردی فورس کے پہلےدستےنےفوج سےتربیت حاصل کرلی۔آرمی چیف نے خطاب میں کہا کہ امن عامہ اور سیکیورٹی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہورمیں انسداددہشت گردی فورس کے پہلےکورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈکی تقریب منعقد ہوئی ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیراعظم نوازشریف، اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف خصوصی مہمان تھے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئےجنرل راحیل شریف نے کہا کہ امن عامہ اور سیکیورٹی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریننگ کا دائرہ کار پورے ملک تک بڑھایا جائے۔

    پاسنگ آؤٹ پریڈ میں تربیت حاصل کرنے والے جوانوں نے شاندار عملی مظاہرہ کیا۔پریڈ میں دہشت گردوں کا سراغ لگانے کیلئے انٹیلیجنس اہلکار کس کس روپ میں کام کرتے اس کا بھی عملی مظاہرہ کیاگیا۔

    پاس آؤٹ کرنیوالےفوج کے تربیت یافتہ جوانوں کے پہلےدستے میں چارسواکیس جوان شامل ہیں جن میں سولہ خواتین اہلکار بھی ہیں۔ ایلیٹ فورس میں مجموعی طورپرایک ہزار ایک سو بیاسی اہلکاروں کو تربیت دی جائے گی جس کا دورانیہ نو ماہ ہے۔