Tag: passport office

  • پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند افراد کیلئے خوشخبری

    پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند افراد کیلئے خوشخبری

    اسلام آباد: پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند افراد کیلئے خوشخبری آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند اسلام آباد کے رہائشیوں کیلئے خوشخبری آگئی، وزارت داخلہ کی جانب سے نئے جدید ریجنل پاسپورٹ آفس میں آپریشنز کا آغاز کردیا گیا، نئی بلڈنگ آئی اینڈ ٹی سینٹر پلاٹ نمبر 18 سیکٹر جی 10 فور میں شروع کی گئی ہے۔

    ڈی جی پاسپورٹ مصطفی جمال نے کہا کہ اسلام آباد کے رہائشی پاسپورٹ بنوانے کیلئے نئی بلڈنگ کا رخ کریں، نئی اسٹیٹ آف دی آرٹ بلڈنگ میں جدید سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، اس بلڈنگ میں خواتین اور بزرگ شہریوں کے لیے الگ خصوصی کاونٹرز بنائے گئے ہیں۔

     ڈی جی پاسپورٹ نے مزید بتایا کہ نئی بلڈنگ میں ڈیجیٹل نظام کے تحت پاسپورٹ پراسس کیا جائے گا، نئے پاسپورٹ آفس میں شہریوں کو قطار میں لگنے کی ضرورت نہیں ہوگی، اضافی اسٹاف کی تعیناتی سے مسائل موقع پر حل کیے جائیں گے۔

    پاکستانی پاسپورٹ ریاست پاکستان کے شہریوں کو بین الاقوامی سفر کے لیے جاری کیا جاتا ہے۔ یہ دستاویز آپ کی شناخت اور پاکستانی شہریت کی تصدیق کرتی ہے۔ وزارت داخلہ کی شاخ ڈائریکٹریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ پاسپورٹ جاری کرنے کی ذمہ داری ادا کرتی ہے۔

    عام طور پر عام اور سرکاری پاسپورٹ جاری کیے جاتے ہیں۔ پاسپورٹ کی میعاد 5 یا 10 سال ہوتی ہے اور 15 سال سے کم عمر بچوں کے لیے 5 سال کا پاسپورٹ جاری کیا جاتا ہے۔ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ زیادہ محفوظ اور جدید ہیں۔ پاسپورٹ کی درخواست آن لائن یا قونصل خانے میں کی جا سکتی ہے۔ پاسپورٹ کے بغیر بین الاقوامی سفر ناممکن ہے۔

  • کراچی: صدر پاسپورٹ آفس میں آتشزدگی، تمام ریکارڈ جل گیا

    کراچی: صدر پاسپورٹ آفس میں آتشزدگی، تمام ریکارڈ جل گیا

    کراچی: صدر میں پوسٹ آفس کے پرانے دفاتر میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں پاسپورٹ آفس کا پرانا ریکارڈ اور ایک گاڑی جل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں صدر پاسپورٹ آفس کے عقب میں اولڈ پاسپورٹ آفس کے اندر آگ لگی گئی، حکام نے لگنے والی آگ پر ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد فائر بریگیڈ کی 5 گاڑیوں اور ایک اسنارکل سے آگ پر قابو پالیا۔

    فائر بریگیڈ حکام کا بتانا تھا کہ آگ لگنے کے باعث ریکارڈ روم میں موجود تمام ریکارڈ جل گیا ہے جبکہ قریب میں کھڑی ایک پرانی گاڑی بھی جل گئی ہے۔

    فائر بریگیڈ حکام نے مزید بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی جبکہ لوکنگ کا عمل اس وقت جاری ہے کولنگ مکمل ہونے کے بعد آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جاسکے گا۔

  • سعودی عرب : ابشر کے ذریعے وزیٹر ویزا میں توسیع کیسے ممکن؟

    سعودی عرب : ابشر کے ذریعے وزیٹر ویزا میں توسیع کیسے ممکن؟

    ریاض : محکمہ پاسپورٹ جنرل ڈپارٹمنٹ نے "ابشر” کے ذریعے وزیٹر ویزا میں توسیع یا پاسپورٹ آفس میں آنے کے امکان کے بارے میں ایک شہری کے سوال کا جواب دیتے ہوئے اس کی تفصیلات بیان کی ہیں۔

    ویزا کی توسیع:

    پاسپورٹ آفس کے جواب میں کہا گیا ہے کہ توسیع ابشر پلیٹ فارم پر میزبان اکاؤنٹ (افراد، کاروبار) کے ذریعے اس کی میعاد ختم ہونے سے 7 دن پہلے کی جاسکتی ہے اور آنے والے کو سروس کی مخصوص شرائط کے مطابق میڈیکل انشورنس کروانا ضروری ہے۔

    خلیجی ممالک کا سفر:

    اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر پاسپورٹ اکاؤنٹ نے ایک خاتون شہری کےپاسپورٹ حاصل کرنے سے پہلے خلیجی ممالک کے سفر کے امکان کے بارے میں سوال کیا کیونکہ اس کی تجدید جاری ہے۔

    پاسپورٹ آفس نے شہری کے سوال کے جواب میں کہا کہ موجودہ پاسپورٹ نئے پاسپورٹ یا قومی شناختی کارڈ کا استعمال کرتے ہوئے سفر کرنا اس وقت تک ممکن نہیں جب تک پرانا پاسپورٹ فراہم نہ کردیا جائے اور نیا پاسپورٹ فعال نہ ہوجائے۔

  • سعودی عرب : خروج وعودہ سے متعلق  محکمہ پاسپورٹ کی اہم وضاحت

    سعودی عرب : خروج وعودہ سے متعلق محکمہ پاسپورٹ کی اہم وضاحت

    ریاض : سعودی عرب میں غیرملکیوں کے لیے اقامہ اور رہائشی قوانین واضح ہیں جن پرعمل کرنا سب کے لیے لازمی ہے، آجر اور اجیر کے حوالے سے بھی قوانین موجود ہیں جن سے آگاہی بہت ضروری ہے۔

    ایوان شاہی کی جانب سے ان ممالک کے تارکین کے لیے جہاں سے لوگوں کے آنے پرعارضی پابندی عائد ہے خصوصی رعایت دیتے ہوئے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں 2 جون 2021 تک توسیع کا اعلان کیا گیا تھا۔

    ایسے افراد جو متاثرہ ممالک کے شہری ہیں ان کے اقامہ اور خروج وعودہ کی مدت میں شاہی معافی کے تحت خود کار توسیع کر دی جائے گی جس کے لیے انہیں جوازات سے رجوع کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    ایک شخص نے جوازات سے پوچھا ہے کہ میرا خروج وعودہ 27 مئی کو ایکسپائر ہوگیا ہے کیا میں سرکاری رعایت کا حقدار ہوں گا؟

    جوازات کی جانب سے کہا گیا کہ شاہی اعلان کے بعد متاثر ممالک کے ان شہریوں کےاقامہ اور خروج و عودہ کی مدت میں توسیع مرحلہ وار جاری ہے۔ اس بارے میں جوازات سے رجوع کرنے کی ضرورت نہیں۔ خروج وعودہ خود کار طریقے سے مقررہ مدت تک کے لیے تجدید کردیا جائے گا۔

    ایک اور شخص نے جوازات سے دریافت کیا کہ شاہی رعایت کے تحت اقامہ اور خروج وعودہ کی مدت میں 2 جون 2021 تک توسیع کی جائے گی۔ کیا مقررہ مدت کے بعد بھی سرکاری طور پر مزید کوئی رعایت دی جائے گی؟

    جوازات کا کہنا تھا کہ اگر سرکاری سطح پر کسی قسم کی خصوصی رعایت کے احکامات جاری ہوں گے تو ان کا اعلان سرکاری سطح پر کردیا جائے گا۔

    خروج وعودہ کے حوالے سے ایک شہری نے پوچھا ہے کہ اپنے کارکن کا خروج وعودہ ویزا لگوایا ہے مگر اب وہ مستقل طورپر جانا چاہتا ہے، کیا خروج وعودہ کو نہائی میں تبدیل کر سکتا ہوں۔

    جوازات کی جانب سے کہا گیا کہ خروج وعودہ لگوانے کے بعد اگر سفر نہیں کیا جائے تو اسے کینسل کرانا لازمی ہے۔ کینسلیشن کی فیس نہیں ہوتی تاہم خروج وعودہ کے لیے جو فیس جمع کرائی گئی ہے وہ ری فنڈ بھی نہیں کی جا سکتی ہے۔ خروج وعودہ "ابشر” پورٹل سے کینسل کرایا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ خروج وعودہ جاری کرانے کے بعد یا تو اسے استعمال کیا جاتا ہے یا وقت مقررہ کے اندر اسے کینسل کرایا جائے، بصورت دیگر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

    خروج وعودہ ویزے کو نہائی یعنی فائنل ایگزٹ ویزے میں تبدیل نہیں کرایا جا سکتا۔ اس کےلیے پہلے خروج وعودہ کو کینسل کرایا جائے بعد ازاں فائنل ایگزٹ ویزہ لگایا جائے۔

    یاد رہے کہ فائنل ایگزٹ ویزے کی کوئی فیس نہیں ہوتی تاہم اس کے لیے لازمی ہے کہ جس شخص کا فائنل ایگزٹ لگایا جا رہا ہے اس کا اقامہ کارآمد ہو۔

    سعودی محکمہ پاسپورٹ سے ایک شخص نے سوال کیا کہ جن ممالک سے لوگوں کے براہ راست مملکت آنے پر پابندی عائد ہے وہ کب تک اٹھائے جانے کا امکان ہے؟

    جوازات کا کہنا تھا کہ پابندی اٹھائے جانے کے بارے میں سرکاری سطح پراحکامات جاری کیے جائیں گے، جیسے ہی اس حوالے سے احکامات صادر ہوں گے جوازات کی جانب سے اس بارے میں اطلاع دی جائے گی۔

  • پاکستانی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو بڑی سہولت فراہم کردی

    پاکستانی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو بڑی سہولت فراہم کردی

    اسلام آباد: اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن میں پاسپورٹ آفس قائم کردیا گیا ، اوورسیزپاکستانی نادراکے علاوہ پاسپورٹ سروس بھی حاصل کر سکیں گے ، زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کواوپی ایف سے بہترسہولتیں میسر ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن میں پاسپورٹ آفس قائم کردیا گیا ، جس کے تحت اوورسیزپاکستانی نادراکے علاوہ پاسپورٹ سروس بھی حاصل کر سکیں گے ، پاسپورٹ آفس کھولنے کا مقصد اوورسیز کو ایک جگہ پرسہولتیں فراہم کرناہے۔

    اوورسیز پاکستانیوں کےخاندان کےافرادبھی اس سہولت سےمستفیدہوسکیں گے، اوورسیزپاکستانیوں کےاہلخانہ کوپاسپورٹ کیلئےآبائی علاقوں کو نہیں جانا پڑتا تھا۔


    معاون خصوصی زلفی بخاری نے اوورسیزپاکستانی فاؤنڈیشن میں پاسپورٹ آفس کا افتتاح کیا، اس موقع پر زلفی بخاری نے کہا اوپی ایف کیساتھ رجسٹرڈ اوورسیز کو ایک چھت کے نیچے سہولتیں ملیں گی، اوورسیز پاکستانیوں کواوپی ایف سے بہترسہولتیں میسر ہوں گی۔

    زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ سمندرپارپاکستانیوں کومزیدسہولتیں فراہم کریں گے، اوورسیز کے زمین کے تنازعات سب سے بڑا مسئلہ ہیں اس کیلئے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں اورجلد کورٹس کا قیام لایا جائے گا ۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ کل وزیراعظم نےبھی کہاتھااوورسیزپاکستانیوں سےفراڈکیاجاتاہے، حکومت پاکستان فراڈ سوسائٹیز کے خلاف بڑا کریک ڈاون کرنے والی ہے ، اوورسیزانویسمنٹ کرتے ہیں بعدمیں پتہ چلتاہےفراڈہوگیا، میری وزارت فارن منسٹری کوایک مراسلہ بھی بھیجے گی، اس حوالے سے دو ہفتے میں فارمولہ آجائےگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اوورسیزکےووٹنگ رائٹس سےمتعلق سمری بھی بھیجی ہے، قوانین بھی بنائے جارہے ہیں این سی سی میں ڈیجٹلائزیشن کا آغاز کیاجارہاہے، سسٹم ڈیجیٹل ہوگیا تو نوے فیصد مسائل حل ہوجائیں گے، چاہتےہیں پاکستانی کہیں بھی ہو اس کے پاس اپنےملک کاپاسپورٹ ہو۔

  • عید الاضحیٰ کے موقع پر سعودی حکومت کا اہم اعلان

    عید الاضحیٰ کے موقع پر سعودی حکومت کا اہم اعلان

    ریاض : سعودی محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران مملکت کے تمام صوبوں اور کمشنریوں میں دفاتر کھلے رہیں گے۔

    سعودی ذرائع ابلاغٖ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران اوقات کار صبح ساڑھے سات بجے سے دوپہر ڈھائی بجے تک رہیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار سے جمعرات تک دفاتر کھلے رہیں گے۔ ابشر، اعمال اور مقیم آن لائن کے ذریعے جو کام نہ ہورہے ہوں ان کے لیے دفاتر سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔

    محکمہ پاسپورٹ نے بتایا کہ ریاض ریجن میں الرمال کا دفتر سہ پہر چار بجے سے رات نو بجے تک جمعہ 3 ذی الحجہ سے جمعرات 9 ذی الحجہ تک کام کرے گا۔

    صحارا مرکز (لیڈیز سیکشن) کا دفتر روزانہ دوپہر دو بجے سے رات 8 بجے تک ہفتہ 4 ذی الحجہ سے جمعرات 9 ذی الحجہ تک کھلا رہے گا۔

    مکہ مکرمہ ریجن میں ریڈسی مال میں محکمہ پاسپورٹ کا دفتر سہ پہر چار بجے سے رات 9 بجے تک جمعہ 3 ذی الحجہ سے لے کر بدھ 8 ذی الحجہ تک کام کرے گا جبکہ التحلیہ مال میں شام چار بجے سے رات نو بجے تک جمعہ تین ذی الحجہ سے بدھ 8ذی الحجہ تک کھولا جائے گا۔

    الصیرفی مال میں سہ پہر چار بجے سے رات نو بجے تک جمعہ 3 ذی الحجہ سے بدھ 8 ذی الحجہ تک کام کرے گا، محکمہ پاسپورٹ نے بیان میں مزید کہا کہ سعودی شہری نئے پاسپورٹ میں توسیع کے بعد ابشر کے ذریعے ڈاک سے پاسپورٹ حاصل کرسکتے ہیں۔

    بیان میں کہا گیا کہ عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران پاسپورٹ آفس صرف ایسے معاملات ہی نمٹائیں گے جو ابشر سسٹم کے ذریعے نہ ہوسکتے ہوں۔

    اگر کسی کو ابشر کے ذریعے کسی کام میں رکاوٹ پیش آرہی ہو تو وہ ابشر پر جاکر (الرسائل و طلبات) سروس کے ذریعے رکاوٹ حل کراسکتا ہے، محکمہ پاسپورٹ کے تمام دفاتر معمول کی شکل میں اتوار 19 ذی الحجہ سے کام شروع کریں گے۔

  • سعودی محکمہ پاسپورٹ کا اقامہ ہولڈرز کے لئے بڑی سہولت کا اعلان

    سعودی محکمہ پاسپورٹ کا اقامہ ہولڈرز کے لئے بڑی سہولت کا اعلان

    ریاض : سعودی محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ شاہی فرمان کے مطابق تمام تارکین وطن کے اقاموں میں توسیع جلد ہی خود کار نظام کے تحت کردی جائے گی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ان تمام غیرملکیوں کے اقاموں میں توسیع نیشنل انفارمیشن سینٹرکے ساتھ یکجتہی پیدا کر کے خودکار نظام کے تحت جلد کردی جائے گی ۔

    بیان میں کہا گیا ہے  یہ توسیع ان اقامہ ہولڈرز کو دی جائے گی جنہیں  شاہی فرمان کے ذریعے جرمانوں اور فیس سے استثنی دے دیا گیا ہے جبکہ وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے ان کے ورک پرمٹس میں توسیع کردی ہے۔

    محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سلیمان الیحیی نے اس سے قبل اپنے بیان میں بتایا تھا کہ سعودی حکومت نے متعدد زمروں میں آنے والےغیرملکیوں کو ویزے اور اقامہ ختم ہو جانے پرلگنے والے جرمانوں اور فیسوں سے استثنی دے دیا ہے۔

    اس سے قبل سعودی محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سلیمان الیحیی نے جرمانے اور فیس سے مستثنی غیرملکیوں کے زمروں کی تفصیلات جاری کی تھیں۔

    واضح رہے کہ سعودی حکومت نے کورونا وبا کے دوران سفری پابندیوں کے باعث اقامے اور ویزے کی مدت ختم ہوجانے کی مشکلات سے دوچار غیرملکیوں کو جرمانے اور فیس سے استثنیٰ دینے اعلان کیا تھا۔

    الاخباریہ چینل اور سبق کے مطابق میجر جنرل سلیمان الیحیی نے بتایا کہ جو لوگ خروج و عودۃ (ایگزٹ ری انٹری) ہولڈر ہیں، ان کا اقامہ موثر ہے اور وہ بین الاقوامی پروازوں پر پابندی کی وجہ سے سعودی عرب واپس نہیں آ سکے، ان پر کوئی جرمانہ ہوگا اور نہ ہی ان سے کوئی فیس وصول کی جائے گی۔

    اسی طرح وہ غیرملکی جن کا اقامہ ختم ہوگیا ہو، یا سعودی عرب سے باہر رہتے ہوئے ان کے ویزے کی میعاد نکل گئی ہو، وہ بھی جرمانوں اور فیس سے مستثنی ہوں گے۔

    سعودی عرب میں مقیم وہ غیرملکی جو فائنل ایگزٹ (خروج نہائی) جاری کر چکے ہوں یا ان کے پاس خروج و عودہ (ایگزٹ ری انٹری ) ہو اور سفر نہ کرسکے ہوں، وہ بھی جرمانوں اور فیس سے مستثنی ہوں گے۔

    وہ لوگ جو سعودی عرب وزٹ ویزے پر آئے ہوں اور سفری پابندیوں کی وجہ سے واپس نہ جا سکے ہوں وہ بھی جرمانوں اور فیس سے مستثنی ہیں۔

  • کراچی کے تینوں ضلعوں میں پاسپورٹ آفسز قائم کرنے کے لیے اقدامات شروع

    کراچی کے تینوں ضلعوں میں پاسپورٹ آفسز قائم کرنے کے لیے اقدامات شروع

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے ضلع وسطی، غربی اور کورنگی میں پاسپورٹ آفسز قائم کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے تینوں ضلعوں میں دوبارہ پاسپورٹ آفسز قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے شعبہ پاسپورٹ نے دفتر کے لیے سروے کا کام شروع کردیا۔

    ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں ایک دفتر ناظم آباد نمبر 1 میں ای او بی آئی بلڈنگ میں قائم کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ نئے دفتر کے قیام سے ضلع وسطی رہائشیوں کو پاسپورٹ کے حصول میں درپیش دشواریاں دور ہوجائیں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع وسطی میں پاسپورٹ آفس قائم ہونے سے یومیہ 500 سے 600 درخواست گزاروں کو پاسپورٹ فراہمی کی کارروائی ممکن ہوسکے گی۔

    عید کے بعد نئے پاسپورٹ آفسز کو حتمی شکل دے دی جائے گی جہاں پر شہریوں کو نئے دفتر کے قیام سے آسانی ہوگی اور تمام تر سہولتیں میسر ہوں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے میں ضلع غربی اور ضلع کورنگی کے لیے بھی پاسپورٹ آفس قائم کرنے کے لیے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

    ضلع وسطی، غربی اور کورنگی میں نئے پاسپورٹ آفسز قائم ہونے سے شہریوں کو پاسپورٹ بنوانے میں آسانی ہوجائے گی۔

  • بلوچستان میں پہلے ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس کا افتتاح

    بلوچستان میں پہلے ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس کا افتتاح

    کوئٹہ: بلوچستان میں پہلے ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس کا افتتاح کردیا گیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ماضی میں بلوچستان کی ترقی میں رہ جانے والی کمی دور کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں پہلے ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس کا افتتاح کردیا گیا۔ وزیر داخلہ احسن اقبال نے ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس کا افتتاح کیا۔

    مذکورہ ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس 4 ماہ کی ریکارڈ مدت میں ایک کروڑ 60 لاکھ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔ آفس میں ایک پاسپورٹ کی تیاری میں 20 سے 25 منٹ لگیں گے۔

    افتتاح کے بعد وزیر داخلہ احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بلوچستان میں رہ جانے والی ترقی میں کمی دور کریں گے۔ عوام کو ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس کی سہولت سے فائدہ ہوگا۔

    وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ مضبوط معیشت اور مضبوط پاکستان مسلم لیگ ن لیگ کا ایجنڈا ہے۔ بھارت سمیت دیگر ممالک سے ہمارا مقابلہ معیشت کے میدان میں ہے۔

    انہوں نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج کل دھرنوں اور احتجاج کا دور نہیں۔ داخلی انتشار اور ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچنے سے ملک آگے نہیں بڑھے گا۔ ’طاہر القادری آل پارٹیز کانفرنس منفی سیاست کے بجائے ملکی مفاد میں کروائیں۔ ہم نے کبھی وہ این آر او نہیں کیا جو پیپلز پارٹی نے کیا تھا‘۔

    وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بھارت افغان سرزمین استعمال کر کے سی پیک ناکام بنانا چاہتا ہے۔ ’بھارت پاکستان میں انتشار پھیلانے کے لیے اربوں روپے خرچ کر رہا ہے‘۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کراچی: پاسپورٹ آفس کے 663 ملازمین تنخواہوں سے محروم

    کراچی: پاسپورٹ آفس کے 663 ملازمین تنخواہوں سے محروم

    کراچی: پاسپورٹ آفس کے 663 ملازمین کو دو ماہ سے تنخواہ سے محروم ہیں، متعدد شکایات کے باوجود حکام نے کوئی کارروائی نہ کی، ملازمین کا کہنا ہے کہ حکومت نوٹس لے، گھروں کا چولہا جلانا بھی ممکن نہیں رہا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے حساس ادارے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن آفس کے 663 سے زائد ملازمین دو ماہ سے بغیر تنخواہ کے کام کررہے ہیں، وفاقی وزیر داخلہ کو تنخواہوں کی ادائیگی اور کنٹریکٹ بحالی کے خطوط بھی تحریر کیے گئے لیکن ملازمین کا کچھ بھلا نہ ہوا۔

    ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اور پاسپورٹ سروس نے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ پروجیکٹ فیز 1کے لیے 2004 میں 28ریجنل آفس اور 10 غیر ممالک میں دفاتر کے لیے 209 افراد کو بھرتی کیا تھاان میں سے 158 کو 2013 میں مستقل کردیا گیا جب کہ 51 افسر مستقلی کی تقرر نامے ملنے کی امید پر کام کررہے ہیں۔

    فیصلہ ہمارے حق میں آچکا، ادارہ توہین عدالت کا مرتکب ہورہا ہے، افسر

    پاسپورٹ اینڈ امیگریشن افسران نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ کنٹریکٹ مستقل نہ کیے جانے پر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا اور فیصلہ ہمارے حق میں آگیا تاہم ابھی تک عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں کیا گیا اور ادارہ توہین عدالت کا مرتکب ہو رہا ہے۔

    افسر نے مزید بتایا کہ نئے وزیر داخلہ کو بھی تنخوہوں کی ادائیگی کے لیے خط تحریر کر دیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 2006ء میں مشین ریڈایبل پاسپورٹ کے دوسرے مرحلے میں مزید 65 ریجنل پاسپورٹ آفس اور 83فارن مشن بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    ان دفاتر کے لیے 663 ملازمین کو بھرتی کیا گیا، 155 اندرون ملک اور بیرون ملک قائم 90 پاسپورٹ دفاتر سے محکمہ 20 ارب روپے سالانہ پاسپورٹ فیس کی مد میں خزانے میں جمع کراتا ہے لیکن ملازم دو ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کی وجہ سے گھریلو مالی پریشانیوں میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔