Tag: passport

  • حکومت  کا بڑا فیصلہ ، پاسپورٹ سے پروفیشن کا خانہ ختم

    حکومت کا بڑا فیصلہ ، پاسپورٹ سے پروفیشن کا خانہ ختم

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے پاسپورٹ سے پیشے کا خانہ ختم کردیا اور سرکاری ملازمین کے پاسپورٹ کی ایمنسٹی اسکیم میں دو ماہ کی توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ایک اور فیصلہ کرتے ہوئے پاسپورٹ سے پروفیشن کا اندراج ختم کردیا جبکہ سرکاری ملازمین کے پاسپورٹ کی اسکیم میں2ماہ کی توسیع کردی۔

    وفاقی کابینہ نے پاسپورٹ سے پیشے کا خانہ ختم کرنے اور  پرائیویٹ پاسپورڈ کے حامل سرکاری ملازمین کے لئے کوائف اور پاسپورٹ کے اندراج کی تاریخ میں دو ماہ کی توسیع کی منظوری دی ، ملازمین کے لئےکوائف کے اندراج میں توسیع 25 جولائی سے دو ماہ کے لئے ہوگا۔

    پروفیشن کا کالم ختم کرنے کے باوجود سرکاری ملازمین کو اپنے محکمہ کا این او سی لازمی جمع کرواناہوگا، این او سی اجراء کا مقصد سرکاری ملازمین کے بائیو ڈیٹا میں سرکاری ملازمین کا اندراج ہے۔

    کوائف میں اندراج کی توسیع کے لئے پہلے سے کئےگئے فیصلہ کے مطابق 5 ہزار اضافی فیس کی ادائیگی کی شرط بدستور لاگو رہے گی جبکہ یرون ملک مقیم سرکاری ملازمین کے لئے بھی یہی شرائط لاگو ہوں گی۔

    دو ماہ کے اندر سرکاری ملازمین کواپنا پروفیشن ظاہر کر ناہوگا ورنہ نومبر کے بعد سرکاری ملازمین کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی، پروفیشن کاخانہ ختم کرنے کا اطلاق سرکاری ملازمین پر نہیں ہوگا۔

    پرائیویٹ پاسپورٹ کے حامل سرکاری ملازمین کے لئے پروفیشن کی تبدیلی پر مبنی اندراج کے لئے تین ماہ مدت کا اطلاق 21 اپریل 2019 سے کیاگیاتھا۔

  • کراچی کے تینوں ضلعوں میں پاسپورٹ آفسز قائم کرنے کے لیے اقدامات شروع

    کراچی کے تینوں ضلعوں میں پاسپورٹ آفسز قائم کرنے کے لیے اقدامات شروع

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے ضلع وسطی، غربی اور کورنگی میں پاسپورٹ آفسز قائم کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے تینوں ضلعوں میں دوبارہ پاسپورٹ آفسز قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے شعبہ پاسپورٹ نے دفتر کے لیے سروے کا کام شروع کردیا۔

    ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں ایک دفتر ناظم آباد نمبر 1 میں ای او بی آئی بلڈنگ میں قائم کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ نئے دفتر کے قیام سے ضلع وسطی رہائشیوں کو پاسپورٹ کے حصول میں درپیش دشواریاں دور ہوجائیں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع وسطی میں پاسپورٹ آفس قائم ہونے سے یومیہ 500 سے 600 درخواست گزاروں کو پاسپورٹ فراہمی کی کارروائی ممکن ہوسکے گی۔

    عید کے بعد نئے پاسپورٹ آفسز کو حتمی شکل دے دی جائے گی جہاں پر شہریوں کو نئے دفتر کے قیام سے آسانی ہوگی اور تمام تر سہولتیں میسر ہوں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے میں ضلع غربی اور ضلع کورنگی کے لیے بھی پاسپورٹ آفس قائم کرنے کے لیے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

    ضلع وسطی، غربی اور کورنگی میں نئے پاسپورٹ آفسز قائم ہونے سے شہریوں کو پاسپورٹ بنوانے میں آسانی ہوجائے گی۔

  • تمام یوکرائنی شہریوں کے لیے نرم شرائط پر روسی شہریت زیر غورہے، پیوٹن

    تمام یوکرائنی شہریوں کے لیے نرم شرائط پر روسی شہریت زیر غورہے، پیوٹن

    ماسکو : روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے یوکرائن کے تمام شہریوں کے لیے روسی شہریت کے حصول کو آسان بنانے پر غور شروع کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ یوکرائن کے علیحدگی پسند علاقوں ڈونَیٹسک اور لوہانسک کے روس نواز شہریوں کے بعد ماسکو حکومت اب یوکرائن کے تمام شہریوں کے لیے روسی شہریت کے حصول کو آسان تر بنا دینے پر غور کر رہی ہے۔

    ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم واقعی اس بارے میں سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں کہ یوکرائن کے تمام شہریوں کے لیے روسی شہریت کے حصول کے عمل میں زیادہ آسانیوں کی اجازت دے دیں اور ایسا صرف ریپبلک ڈونَیٹسک اور ریپبلک لوہانسک کے شہریوں کے لیے ہی نہ کیا جائے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ ساتھ ہی برلن میں جرمن دفتر خارجہ کی طرف سے یہ بھی کہا گیا کہ ہم فرانس کی حکومت کے ساتھ مل کر اس روسی صدارتی حکم نامے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

    کریملن کا یہ اقدام یوکرائن کے تنازعے سے متعلق منسک میں طے پانے والے معاہدے کی روح اور مقاصد کے سراسر منافی ہے اور اس حقیقت کی نفی بھی کہ یوکرائن کے تنازعے میں مزید شدت پیدا کرنے کے بجائے دراصل اس وجہ سے پائی جانے والی کشیدگی کو کم کیا جانا چاہیے۔

    مزید پڑھیں : یوکرائن نے روسی شہریوں کے ملک میں‌ داخلے پر پابندی لگادی

    روس اور یوکرائن کے درمیان جاری کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے، یوکرائن نے روسی شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یوکرائنی صدر پیٹرو پورشنکوف نے جاری بیان میں کہا ہے کہ 16 سے 60 سالہ روسی باشندوں کے ملک میں داخلے پر پابندی ہوگی۔

    یوکرائن کے صدر پورشنکوف کا کہنا تھا کہ روسی صدر یوکرائن کو اپنی کالونی سمجھتے ہیں، یوکرائنی بحری جہازوں نے روسی سمندری حدود کی خلاف ورزی نہیں کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ روسی صدر پرانی روسی سلطنت واپس چاہتے ہیں، یوکرائنی صدر نے جرمنی سے مطالبہ کیا کہ وہ روسی جارحیت کے خلاف مضبوط اور واضح ردعمل دے اور گیس پائپ لائن پراجیکٹ پر کام روک دے۔

  • یورپی یونین کا رکن ممالک سے غیر ملکیوں کو شہریت کم دینے کا مطالبہ

    یورپی یونین کا رکن ممالک سے غیر ملکیوں کو شہریت کم دینے کا مطالبہ

    پیرس: یورپی یونین کی جانب سے اپنے رکن ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ غیر ملکیوں کو یورپی شہریت کم دیں اور احتیاط کا مظاہرہ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس بلاک سے باہر کی ریاستوں کے باشندوں کو یورپی شہریت کم دیں اور اس عمل میں بہت احتیاط کا مظاہرہ کریں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کی کمشنر برائے انصاف ’ویرا جوروا‘ نے کہا ہے کہ یورپی یونین اور یورپی کمیشن کو اس بات پر گہری تشویش ہے کہ یورپ میں ’گولڈن پاسپورٹ‘ کا اجراء زور پکڑتا جا رہا ہے۔

    نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ایسے غیر ملکیوں کی صورت میں یورپ میں ممکنہ طور پر بہت خطرناک افراد بھی آزادانہ گھومتے پھرتے رہیں۔


    ایران پر امریکی پابندیاں یورپی یونین نے مسترد کردیں


    ویرا جوروا کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے بلاک میں شامل ایسے بھی ممالک ہیں جو ان غیر ملکیوں کو زیادہ سے زیادہ شہریت دے رہے ہیں جو ان کے ملک میں بھاری سرماریہ کاری کر رہے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ یونین کے قبرص، مالٹا اور یونان جیسے ممالک میں ایسا ہوتا ہے کہ وہاں بہت زیادہ سرمایہ کاری کرنے والے غیر ملکیوں کو طویل المدتی رہائشی ویزے یا مقامی شہری حقوق بھی دے دیے جاتے ہیں۔

    خیال رہے کہ یورپی یونین کی شہریت حاصل کرنے والے غیر ملکی اکثر ایسے چینی، روسی یا سابق سوویت یونین کی ریاستوں کے شہری ہوتے ہیں۔

  • خواجہ سرا جنس کے اندراج کے ساتھ پہلا پاسپورٹ جاری

    خواجہ سرا جنس کے اندراج کے ساتھ پہلا پاسپورٹ جاری

    پاکستانی تاریخ میں پہلی بار پاسپورٹ میں جنس کے زمرے میں خواجہ سرا کا اندراج کردیا گیا جس کے بعد پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہوگیا جہاں سرکاری دستاویزات میں خواجہ سرا کو ایک علیحدہ جنس کے طور پر درج کیا جارہا ہے۔

    اس سلسلے میں سرکاری طور پر تو کوئی اعلان نہیں کیا گیا تاہم خیبر پختونخواہ میں خواجہ سراؤں کی فلاح کے لیے کام کرنے والے ادارے ٹرانس ایکشن پاکستان نے سوشل میڈیا پر اس اہم اقدام کا اعلان کیا۔

    فیس بک پر کی جانے والی پوسٹ کے مطابق ادارے کی سربراہ فرزانہ جان وہ پہلی خواجہ سرا بن گئی ہیں جن کے پاسپورٹ میں ان کی جنس بطور مخنث درج کی گئی ہے۔

    پوسٹ میں حکومت پاکستان اور وزارت داخلہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاسپورٹ میں جنس کے خانے میں مخنث کا اندراج ایک اہم سنگ میل ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستانی پاسپورٹ میں اس سے قبل جنس کے لیے صرف ’میل‘ اور ’فی میل‘ کا آپشن موجود تھا تاہم اب خواجہ سراؤں کے لیے علیحدہ جنس کا اندراج بھی شروع کردیا گیا جسے ’ایکس‘ سے ظاہر کیا جائے گا۔

    پاسپورٹ ملنے کے بعد خواجہ سرا فرزانہ جان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اتفاق سے وہ پہلی خواجہ سرا ہیں جن کے شناختی کارڈ میں بھی ان کی جنس بطور خواجہ سرا درج کی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انہیں بے حد خوشی ہے کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہوگیا ہے جہاں خواجہ سراؤں کو بطور علیحدہ جنس تسلیم کرلیا گیا ہے تاہم دنیا میں سعودی عرب جیسے ممالک بھی موجو دہیں جنہوں نے اپنے ملک میں خواجہ سراؤں کا داخلہ ممنوع قرار دے رکھا ہے۔

    مزید پڑھیں: مردم شماری میں خواجہ سراؤں کا اندراج

    یاد رہے کہ سرکاری دستاویزات میں جنس کے خانے میں مخنث کا اندراج کرنے والے دیگر ممالک میں بھارت، نیپال، جرمنی اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔ حیرت انگیز طور پر اس فہرست میں امریکا شامل نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ رواں برس ہونے والی چھٹی مردم شماری میں بھی خواجہ سراؤں کے لیے علیحدہ جنس کا خانہ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • دبئی میں پاسپورٹ کی جگہ اسمارٹ فون کا استعمال

    دبئی میں پاسپورٹ کی جگہ اسمارٹ فون کا استعمال

    دوحہ: دبئی ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے ایک حیرت انگیز موبائل ایپ متعارف کرادی جس کے بعد اب مسافر پاسپورٹ کے بجائے اسمارٹ فونز کے ذریعے چیک آؤٹ کرسکیں گے۔

    خصوصی اسمارٹ گیٹ نصب

    دبئی امیگریشن حکام نے یہ سہولت ایمریٹس ایئر لائن کے تعاون سے دبئی ایئرپورٹ پر منگل کو متعارف کرادی ہے جس کے لیے خصوصی اسمارٹ گیٹ لگایا گیا ہے۔

    یہ موبائل ایپ اور اسمارٹ گیٹ متعارف کراتے وقت جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈینسی اینڈ فارن افیئرز کے ڈی جی میجر جنرل محمد احمد المری اور ڈپٹی چیئرمین آف پولیس اینڈ اینڈ پبلک سیکیورٹی لیفٹیننٹ جنرل دہی خلفان تمیم بھی موجود تھے۔

    کلیئرنس کا دورانیہ 9 تا 12 سیکنڈ کم

    اس نئے سسٹم کو "ا سمارٹ یو اے ای والٹ” کا نام دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں دبئی سے دیگر ممالک روانہ ہونے والے ہر مسافر کی کلیئرنس کا دورانیہ 9 تا 12 سیکنڈ کم ہوسکے گا۔

    تمام ٹرمینل پر اسمارٹ گیٹ لگادیے جائیں گے

    یہ سہولت فی الوقت دبئی ایئرپورٹ کے ٹرمینل تھری پر متعارف کرائی گئی ہے بعدا زاں موبائل ایپلی کیشن کا تمام ایئرلائن سے لنک ہونے کے بعد یہ سہولت تمام ٹرمینل پر شروع کردی جائے گی اور تمام ٹرمینل پر اسمارٹ گیٹ لگا دیے جائیں گے۔

    دستاویزات اور پاسپورٹ محفوظ رہ سکے گا،لیفٹیننٹ جنرل تمیم

    لیفٹیننٹ جنرل تمیم نے بتایا کہ اسمارٹ والٹ کے ذریعے مسافروں کا وقت بچے گا، ان کی دستاویزات اور پاسپورٹ محفوظ رہ سکے گا، مسافروں کو اسمارٹ گیٹ پر صرف اسمارٹ فون اور فنگر پرنٹس کی ضرورت ہوگی اور ڈیپارچر کا عمل ختم ہوجائےگا۔

    یو اے ای والٹ میں مزید تفصیلات بھی شامل کی جائیں گی

    حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں یو اے ای والٹ ایپ میں مسافر کی ذاتی شناخت، پاسپورٹ کی تفصیلات اور اسمارٹ گیٹ کارڈ کا ڈیٹا داخل کیا جائے گا بعدازاں اس میں دیگر تفصیلات بھی شامل کی جاسکیں گی۔

    اس ایپ کی یو اے ای کے تمام سرکاری دفاتر تک رسائی ہوگی

    لیفٹیننٹ جنرل تمیم نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں تمام اماراتی باشندوں اور غیر ملکی شہریوں کا ڈیٹا اس اپیلی کیشن سے منسلک کردیا جائے گا جس کے بعد لوگوں کو متحدہ عرب امارات کے کسی بھی سرکاری ادارے میں داخل ہوتے وقت کسی بھی قسم کی دستاویز دکھانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

    اسمارٹ فون میں انسٹال ایپ کے ذریعے بار کوڈ ظاہر ہوگا

    ان کا کہنا تھا کہ موبائل ایپ میں ظاہر ہونے والا بار کوڈ تمام تفصیلات محض چند سیکنڈ میں ظاہر کردے گا۔

    یہ ایپ ایپل اسٹور سے ڈاؤن لوڈ ہوسکے گی

    یہ اپیلی کیشن ایپل اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے ،یہ اپیلی کیشن انتہائی محفوظ ہے اور تمام تر سیکیورٹی فیچرز رکھتی ہے، ڈویلپرز کے مطابق اس اپیلی کیشن کو ہیک کرنا یا اس کا غلط استعمال کرنا ناممکن ہے۔

    پاسپورٹ اور بورڈنگ کارڈ لانا نہیں پڑے گا، ایمریٹس ایئر لائن حکام

    ایمریٹس ایئرلائن کے حکام نے بتایا کہ اب مسافر کو پاسپورٹ لانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، حتی کہ بورڈنگ کارڈ بھی نہیں لانا پڑے گا اس لیے کہ مسافر کا تمام ڈیٹا یعنی اس  کا نام و تصاویر، فلائٹ نمبر اور جہاز کا سیٹ نمبر بھی موبائل والٹ ایپ کے ذریعے اسمارٹ فون سے ظاہر ہوگا۔

    یہ پڑھیں: دبئی ائیرپورٹ پرمسافروں کی تھکن دور کرنے کے لیے خصوصی کیبن نصب