Tag: passports

  • پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کا بڑا مسئلہ حل

    پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کا بڑا مسئلہ حل

    ان دنوں پاکستانیوں کی بڑی تعداد کیلئے وقت پر پاسپورٹ کا حصول کافی حد تک دشوار بلکہ ذہنی اذیت کا باعث بن رہا ہے جس کی بڑی وجہ پاسپورٹس کی بروقت چھپائی کا نہ ہونا ہے۔

    پاسپورٹ کی دستیابی میں تاخیر کی شکایات ارجنٹ اور فاسٹ ٹریک دونوں کیٹیگریز میں سامنے آرہی ہیں جس کا اظہار شہریوں کی جانب سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کیا جارہا ہے۔

    عوام کو پاسپورٹ کی ڈلیوری میں تاخیر سے متعلق متعلقہ حکام نے نوٹس لیا اور وزرات خزانہ نے پاسپورٹ کا موجودہ بیک لاگ ختم کرنے کے لیے فنڈز جاری کردیے ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت 8 لاکھ سے زیادہ پاسپورٹ کی پرنٹنگ التواء کا شکار ہے، تاہم پاسپورٹ مشینری اور لیمینیشن پیپر کی خریداری مکمل ہوتے ہی یہ بیک لاگ ختم ہوجائے گا۔

    پاسپورٹ اینڈ امیگریشن حکام کے مطابق یومیہ 20 سے 25 ہزار پاسپورٹ کی پرنٹنگ کی جارہی ہے جب کہ یومیہ بنیادوں پرپاسپورٹ اجراء کی 40 سے45 ہزار درخواستیں موصول ہورہی ہیں۔

    علاوہ ازیں ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پرنٹنگ مشینز اور ای پاسپورٹ مشینز کی خریداری کے ٹینڈرز کا انٹرنیشنل اشتہار دے دیا گیا ہے جب کہ چھپائی میں استعمال ہونے والے لیمینیشن پیپرز کے ٹینڈرز کا بھی انٹرنیشنل اشتہار جاری ہے۔

  • پاکستانی بارڈر پر جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے استعمال کا انکشاف

    پاکستانی بارڈر پر جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے استعمال کا انکشاف

    اسلام آباد: پاکستانی بارڈر پر جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے خصوصی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی سرحد پر جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔

    اس حوالے سے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈی جی نے تمام زونز کو خصوصی تحقیقات کا حکم جاری کر دیا ہے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ 2 سال میں مشتبہ افراد نے جعلی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کا استعمال کیا، مشتبہ افراد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہو سکتے ہیں۔

    ایف آئی اے نے ہدایت کی ہے کہ تمام زونز خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر کارروائی کریں، جعلی پاسپورٹ سے انٹری کرنے والے افراد کو ٹریس کر کے گرفتار کیا جائے۔

    خیال رہے کہ ایف آئی اے نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ہدایات پر خصوصی تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔

  • افغانستان کی نئی انتظامیہ کا بڑا اعلان

    افغانستان کی نئی انتظامیہ کا بڑا اعلان

    کابل: نئی افغان انتظامیہ نے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کا اجراء دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق انتظامیہ کے ترجمان ذبیع اللہ مجاہد نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے آگاہ کیا کہ امارت اسلامیہ افغانستان کی وزراء کونسل نے اپنے حالیہ اجلاس میں وزارت داخلہ کو پاسپورٹ اور تذکرہ یا قومی شناختی کارڈ کا اجراء دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    مقامی میڈیا نے بھی ان خبروں کی تصدیق کی ہے اور محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر عالم گل حقانی کے حوالے سے بتایا کہ ہر روز تقریباً چھ ہزار پاسپورٹ کے حساب سے پہلے مرحلے میں تقریباً پچیس ہزار پاسپورٹ جاری کیے جائینگے۔

    یاد رہے کہ پندرہ اگست کو افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کا اجرا روک دیا گیا تھا جہاں بیرون ملک سفر کیلئے روزانہ ہزاروں افراد کابل میں محکمہ پاسپورٹ کا دروازہ کھٹکھٹاتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: طالبان نے افغانستان میں آئین نافذ کرنے کا اعلان کردیا

    اس سے قبل  گزشتہ ماہ طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا تھا کہ افغانستان کے لیے ایک نئے آئین کی ضرورت ہے جو آزاد افغانستان میں بنایا جائے گا اور اس میں سب کے حقوق درج ہوں گے، طالبان نے کہا تھا کہ وہ شریعت کے مطابق ملک میں نیا آئین نافذ کریں گے۔

    افغانستان کا موجودہ آئین جنوری 2004 میں بنایا گیا تھا۔ اس آئین کو بنانے کے لیے افغان سیاستدانوں اور عمائدین نے ملک کے طول و عرض میں جرگے منعقد کیے تھے۔ افغانوں کا کہنا ہے کہ ان کا موجودہ آئین اسلامی اصولوں کے مطابق ہے۔

  • دنیا بھر میں پاسپورٹ بنوانے کے لیے کتنا خرچ اور وقت لگتا ہے؟

    دنیا بھر میں پاسپورٹ بنوانے کے لیے کتنا خرچ اور وقت لگتا ہے؟

    پاسپورٹ ایک اہم دستاویز ہے جو بین الاقوامی سفر کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ پاسپورٹ کی پرنٹنگ کی لاگت تقریباً تمام ممالک میں یکساں ہے، لیکن ایک پاسپورٹ حاصل کرنے پر کتنا خرچ آتا ہے؟ یا پھر مقامی قوت خرید کے لحاظ سے پاسپورٹ بنوانا کتنا سستا یا کتنا مہنگا پڑ سکتا ہے؟ یہ وہ سوالات کے جن کے جوابات سیونگ اسپاٹ نے اپنی ایک دلچسپ تحقیق میں دیے ہیں۔

    تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں پاسپورٹ حاصل کرنے پر آنے والا اوسط خرچ 74 ڈالرز ہے۔

    جنوری 2021 میں ڈالر کی شرح تبادلہ کو دیکھتے ہوئے سیونگ پوسٹ نے ہر ملک کے لیے دستیاب ڈیٹا کا استعمال کیا تاکہ وہاں پاسپورٹ بنوانے کی لاگت کا اندازہ لگایا جا سکے۔

    تحقیق کے مطابق دنیا میں سب سے مہنگا ترین پاسپورٹ شام کا ہے، جہاں مقامی باشندوں کو پاسپورٹ بنوانے پر 800 ڈالرز خرچ کرنا پڑتے ہیں۔

    صرف ایک دہائی قبل شام کا پاسپورٹ 9 ڈالرز سے بھی کم میں بن جاتا تھا، لیکن اب گمبھیر سیاسی صورتحال، بدعنوانی، سرحدی گزرگاہوں کا تباہ ہو جانا اور مغرب میں مہاجرین کا خوف، یہ تمام عوامل ایسے ہیں جو عام شامیوں کے لیے سفر کو مشکل اور مہنگا بنا رہے ہیں۔

    شام کے بعد سب سے زیادہ مہنگا پاسپورٹ لبنان کا ہے جو 331 ڈالرز کا پڑتا ہے اور اتنے زیادہ پیسے خرچ کرنے کے بعد بھی لبنانی باشندوں کو صرف 40 ممالک میں داخلے کی اجازت ملتی ہے۔

    اس تحقیق میں یہ اندازہ بھی لگایا گیا کہ ہر ملک کے عوام کے لیے پاسپورٹ حاصل کرنا کتنا آسان ہے، مثلاً شمالی امریکا میں ایک ڈالر کی جو اہمیت ہے، وہ وسطی افریقہ میں بالکل مختلف ہے۔ اس لیے فی گھنٹہ تنخواہ کو معیار بناتے ہوئے اندازہ لگایا گیا کہ پاسپورٹ کے لیے درکار رقم اکٹھی کرنے کے لیے کتنے گھنٹے کام کرنا پڑے گا؟

    اس لحاظ سے افریقہ کا ملک ملاوی سب سے آگے ہے کہ جہاں پاسپورٹ پر آنے والی لاگت 118 ڈالرز ہے، لیکن محض اتنے پیسے کمانے کے لیے بھی کسی شخص کو 983 گھنٹے کام کرنا پڑے گا۔ ملاوی کے بعد کانگو، اینٹی گا و باربوڈا، برونڈی، سیرا لیون، روانڈا، موزمبیق، بینن، یمن اور ہیٹی کے نام سب سے آگے ہیں۔

    تحقیق کے مطابق پاکستان میں پاسپورٹ بنوانے کی لاگت 34 ڈالرز ہے، لیکن اسے کمانے کے لیے 33 گھنٹے کام کرنا پڑے گا، جو پڑوسی ممالک سے کہیں زیادہ ہے۔

    بھارت میں 20 ڈالرز کے پاسپورٹ کو حاصل کرنے کے لیے 7.8 گھنٹے جبکہ چین میں پاسپورٹ بنانے کی لاگت 18 ڈالرز ہے جو محض 3.7 گھنٹے کی محنت سے حاصل کی جا سکتی ہے۔

    بنگلہ دیش میں 35 ڈالرز کے پاسپورٹ کو حاصل کرنے کے لیے 40 گھنٹے سے زیادہ کام کرنا پڑتا ہے۔

    دنیا کا سستا ترین پاسپورٹ افریقہ کے ملک مڈغاسکر کا ہے، جو بالکل مفت ہے۔ اس کے بعد دنیا کا سب سے سستا پاسپورٹ آرمینیا کا ہے، جو صرف 2 ڈالرز میں بن جاتا ہے۔

    متحدہ عرب امارات میں پاسپورٹ بنوانے پر محض 14 ڈالرز لاگت آتی ہے، یعنی کوئی بھی اماراتی ایک گھنٹے سے بھی کم کی اوسط آمدنی سے پاسپورٹ حاصل کر سکتا ہے۔

    گو کہ امریکی پاسپورٹ کی لاگت بہت زیادہ ہے یعنی 145 ڈالرز، لیکن تنخواہیں اتنی زیادہ ہیں کہ ایک اوسط امریکی کارکن محض آدھے دن کے کام سے ہی پاسپورٹ کے پیسے حاصل کر سکتا ہے۔

    اس کے مقابلے میں یورپی ممالک میں یکسانیت نظر آتی ہے جہاں تقریباً تمام ہی یورپی یونین کی ریاستوں میں پاسپورٹ حاصل کرنے کے لیے 10 گھنٹے سے بھی کم کام کرنا پڑتا ہے۔ واحد استثنیٰ رومانیہ کو حاصل ہے۔

    تحقیق میں یہ بھی کہا گیا کہ یورپی یونین کے کئی شہریوں کے پاس پاسپورٹ ہے ہی نہیں، کیونکہ انہیں یونین کے ممالک میں محض اپنے شناختی کارڈ پر ہی سفر کرنے کی اجازت مل جاتی ہے، جو پاسپورٹس سے کہیں سستا بن جاتا ہے۔

    لاگت اور اس کے نتیجے میں ملنے والے پاسپورٹ کی قدر و اہمیت کا اندازہ لگائیں تو شام کے بعد بدترین پاسپورٹ لبنان کا ہے، جہاں 331 ڈالرز کی بڑی رقم پر پاسپورٹ ملنے کے بعد بھی آپ کو صرف 40 ممالک میں داخلے کی اجازت ملتی ہے۔

    دوسری جانب آرمینیا کا 2 ڈالرز کا پاسپورٹ بہترین ہے، جو ملتے ہی آپ کو 63 ممالک میں داخلے کی اجازت مل جاتی ہے۔ متحدہ عرب امارات کے پاسپورٹ زیادہ پرکشش ہیں جہاں 14 ڈالرز میں پاسپورٹ حاصل کر کے 170 ممالک تک براہ راست رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔

    امریکی پاسپورٹ کے ساتھ 15 مزید ممالک کا سفر بغیر ویزے کے کیا جا سکتا ہے۔ جنوبی کوریا کا پاسپورٹ بھی صرف 32 ڈالرز میں حاصل کیا جا سکتا ہے جو ایک کوریائی باشندہ 1.6 گھنٹے کی اوسط آمدنی کے ساتھ حاصل کر سکتا ہے، اور مل جانے پر یہ پاسپورٹ اسے 189 ممالک تک رسائی دے سکتا ہے۔

    جاپان اور سنگاپور ایسے ممالک ہیں جن کے پاسپورٹ اس سے زیادہ بالترتیب 191 اور 190 ممالک تک رسائی دیتے ہیں۔

  • آزادانہ سفر کے لیے پاسپورٹ ملنے پر سعودی خواتین بے حد خوش

    آزادانہ سفر کے لیے پاسپورٹ ملنے پر سعودی خواتین بے حد خوش

    ریاض : سعودی خاتون ھیفاء کا کہنا ہے کہ بہت سی خواتین کیلئے پاسپورٹ کا حصول ناقابل یقین خواب تھا،حکومت کی جانب سے دی گئی مراعات پرخود بھی یقین نہیں آ رہا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے رواں ماہ کے اوائل میں خواتین کی سفری آزادیوں کے لیے ایک نیا سنگ میل طے کرتے ہوئے انہیں اپنی مرضی سے اندرون اور بیرون ملک سفر کی اجازت دی گئی۔

    اس اجازت کے بعد خواتین نے مرضی کے مطابق پاسپورٹ تیار کرانا شروع کر دیے ہیں، بہت سی خواتین کے لیے پاسپورٹس کا حصول ناقابل یقین خواب تھا مگر ان کا یہ خواب شرمندہ تعبیر ہو گیا ہے۔

    میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ بہت سی خواتین کو پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد بھی یقین نہیں آتا کہ انہیں حکومت نے کتنی آزاد فراہم کی ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق 28 سالہ طالبہ ھیفاءنے پاسپورٹس کے دفتر سے اپنا پاسپورٹ وصول کیا تو بہت سی خواتین کی طرح خود اسے بھی یقین نہیں تھا کہ حکومت اسے اتنی سہولت دے سکتی ہے، پاسپورٹ دیکھ کر اس کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو رواں ہو گئے۔

    میڈیاذرائع کا کہنا تھا کہ وہ بیرون ملک اپنا ایم اے کا تعلیمی پروگرام مکمل کرنا چاہتی تھی مگر والدین کی طرف سے اسے بیرون ملک تنہا سفر کی اجازت نہیں تھی، یہ پابندی برسوں سے برقرار رہی ہے مگراب ھیفاءکو بیرون ملک سفرمیں کوئی دقت نہیں ہوگی۔

    عرب خبر رساں ادارےکا کہنا تھا کہ برسوں تک سعودی عرب کی خواتین باپ، شوہر، بھائی یا بیٹے میں سے کسی ایک کی اجازت کی پابند رہی ہیں، اب وہ اپنی مرضی سے شادی اور سفر کر سکتی ہیں۔

    سعودی عرب کی حکومت نے یہ انقلابی قدم رواں ماہ اٹھایا اور برسوں سے بندشوں کا شکار خواتین کو سفر کی آزادی فراہم کی۔

    یہ آزادیاں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی کاوشوں کا نتیجہ ہیں جنہوں نے چار سال قبل ملک میں وسیع اقتصادی اور سماجی اصلاحات کا سفر شروع کیا اور بہ تدریج خواتین کی آزادیوں کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں۔

  • ساڑھے 47 ہزار سرکاری افسران کا عہدہ چھپا کر پاسپورٹ بنوانے کا انکشاف

    ساڑھے 47 ہزار سرکاری افسران کا عہدہ چھپا کر پاسپورٹ بنوانے کا انکشاف

    اسلام آباد : امیگریشن حکام نے 47 ہزار سے زائد سرکاری افسران کا عہدہ چھپا کر پاسپورٹ بنوانے کا انکشاف کیا ہے، حکام نے وزارت داخلہ کو خط میں سفارش کی ہے کہ ملوث افرادکو دو ماہ کاالٹی میٹم دیاجائے۔

    تفصیلات کے مطابق سرکاری افسران کاعہدہ چھپا کرپاسپورٹ بنوانے کا انکشاف سامنے آیا، امیگریشن حکام نے وزارت داخلہ کو افسران سے متعلق خط لکھ دیا ہے ، جس میں بتایا گیا ہے کہ اب تک47ہزار561افراد نے پاسپورٹ بنوارکھے ہیں، تمام افراد نے سرکاری عہدہ چھپا کرپاسپورٹ بنوائے۔

    امیگریشن حکام کے خط میں سفارش کی گئی ہے کہ ملوث افرادکو دو ماہ کاالٹی میٹم دیاجائے، افسران دوماہ میں سرکاری عہدہ بتاکرپاسپورٹ بنعوائیں۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ افسران نےجتنےعرصےغیرقانونی پاسپورٹ رکھےاین اوسی جمع کرائیں۔

    یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے دوہری شہریت چھپانے والے 147 افسروں اور 231 افسروں کو بیگمات کی دوہری شہریت چھپانے پر نوٹس جاری کر دیا جبکہ ڈی جی ایف آئی اے کو دوہری شہریت کے حامل افسران سے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔

    ڈی جی ایف آئی اے نےعدالت کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 616 افسروں نے رضا کارانہ طور پر دوہری شہریت کو تسلیم کیا، 147 افسروں نے اپنی دوہری شہریت چھپائی اور 691 افسروں کی بیگمات دوہری شہریت کی حامل ہیں جبکہ سات ایسے افسر بھی ہیں، جن کی شہریت غیر ملکی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔