Tag: PAT

  • شیخ رشید نے خرم نوازگنڈا پوراورنعیم الحق میں صلح کرادی

    شیخ رشید نے خرم نوازگنڈا پوراورنعیم الحق میں صلح کرادی

    اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے خرم نواز گنڈا پور اور نعیم الحق میں صلح کرادی، ان کا کہنا ہے کہ دونوں کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ لڑائی ختم کرادی جائے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سپریم کورٹ کے باہر پی ٹی آئی اور پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں نعیم الحق اور خرم نواز گنڈاپور کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی کا ڈراپ سین ہوگیا۔

    دونوں رہنماؤں میں صلح کرادی گئی، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے صلح کرانے میں اہم کردا رادا کیا ہے، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اے آر وائی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنما سمجھدار ہیں، دونوں میرے بھائیوں کی طرح ہیں دونوں لیڈر ہیں، دونوں کی لیڈر شپ نے یہ فیصلہ کیا ہے لڑائی ختم کردی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ اس بات کو جانے دیں۔ آپ سے بھی درخواست ہے کہ اس حوالے سے مزید سوالات نہ پوچھیں، سب سے پہلے ملک ہے ایسی باتوں پر توجہ نہ دی جائے، غلطیاں انسان سے ہو ہی جاتی ہیں۔

    انہوں نے مزید سوالات سے بچنے کے لیے لائن کاٹ دی ، دریں اثناء اس حوالے سے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری نے بھی کہا ہے کہ اس معاملے پر مزید بات نہ کی جائے۔

  • خرم نوازگنڈ اپوراورنعیم الحق کے درمیان تلخ کلامی

    خرم نوازگنڈ اپوراورنعیم الحق کے درمیان تلخ کلامی

    اسلام آباد: پانامہ کیس کی سماعت کے بعد تحریک انصاف کے نعیم الحق اورپاکستان عوام تحریک کے درمیان تلخ کلامی‘ شیخ رشید نے بیچ بچاؤ کرایا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کی سماعت کے بعد پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور میڈیا سے گفتگو کرنے آئے تو تحریک انصاف کے وکلاء کی جانب سے انہیں پیچھے ہٹایا گیا اور میڈیا سے گفتگو کرنے سے روکا گیا۔

    اس موقع پر تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق بھی موجود تھے اوردونوں رہنماؤں کے درمیان بات بڑھ کر تلخ کلامی تک جا پہنچی‘ جس پر شیخ رشید نے دونوں رہنماؤں کے درمیان بیچ بچاؤ کرایا اور معاملے کو رفع دفع کرنے کی کوشش کی۔

    پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہ کہ نعیم الحق نے جو زبان استعمال کی ‘ منہاج القرآن سے تعلق رکھنے والے افراد نہ اس زبان میں بات کرسکتے ہیں ، نہ برداشت کرسکتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا تحریک انصاف کا ابھی یہ حال ہے تو طاقت ملنے پر کیا کریں گے۔ خرم گنڈا پور کے مطابق ہم تحریک انصاف کے پارٹنر ہیں اور پارٹنرشپ برابری کی سطح پر ہوتی ہے اور تحریک انصاف کو یہ بات سمجھنا ہوگی۔

    گنڈا پور نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’یہ طاہر القادری کی پارٹی نہیں ہے کہ 14 افراد قتل ہوجائے اور خاموش رہیں‘‘۔ وہ جواب دیں کہ جب پولیس نے ان کا راستہ روکا تو وہ صوبے کے چیف منسٹر ہونے کے باوجود دم دبا کر بھاگ گئے ‘ ہم تو عام شہری تھے جو کہ ریاست کے تشدد کا نشانہ بنے۔

    انہوں عمران خان کے بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’ڈاکٹر طاہر القادری دلہن کی طرح ناراض بیٹھے ہیں‘، ان الفاظ پر خرم نواز گنڈا پوربھی  شدید غم وغصے کا اظہار کیا۔

  • رائے ونڈ مارچ عمران خان کا اپنا فیصلہ ہے، طاہر القادری، خصوصی گفتگو

    رائے ونڈ مارچ عمران خان کا اپنا فیصلہ ہے، طاہر القادری، خصوصی گفتگو

    لاہور: عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ رائے ونڈ مارچ پر عمران خان نے ہم سے تبادلہ خیال نہیں کیا یہ عمران خان اور ان کی پارٹی کا فیصلہ ہے لیکن ہماری نیک تمنائیں پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔

    پروگرام لائیو ود شاہد مسعود میں میزبان ارشد شریف سےٹیلی فونک  بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ تین ستمبر کو احتجاج کے بعد عمران خان کو پیغامات بھیجے کہ آئندہ کی حکمت علی طے کرلیتے ہیں، اس معاملے پرجہانگیر ترین سے بھی بات ہوئی کہ مشترکہ حکمت عملی بنالیتے ہیں، 8ستمبر کو عمران خان سے ملاقات ہونی تھی نہ ہوئی تاہم عمران سے فون پر بات ہوئی۔

    ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک الگ الگ جماعتیں ہیں، میرے کارکنان اور عوام نے رائے ونڈ مارچ کا مینڈیٹ مجھے دیا ہے، وقت آنے پر فیصلہ کروں گا اور رائے ونڈ کی جانب مارچ کرنے کی تاریخ کا اعلان کروں گا۔

    انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف ہمارے کسی فیصلے کی پابند نہیں، پی ٹی آئی ہمارے احتجاج میں شرکت کرتی ہے تو ہمیں خوشی ہوگی، دیگر جماعتیں بھی ہمارے احتجاج میں شرکت نہیں کرتیں تو ہمیں کوئی شکوہ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی موومنٹ سیاسی ہے جب کہ ہماری موومنٹ سیاسی نہیں ہم سانحہ ماڈل ٹائون کا قصاص چاہتے ہیں ہمیں قانون کے مطابق دباؤ ڈال کر بدلہ لینا ہے، ہم جہاں بھی جائیں گے انصاف لیے بغیر واپس نہیں آئیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ تحریک قصاص کو اپنے مقدمے کے ساتھ ملا کر چل رہے ہیں، یہ لیٹرے اور قاتل ہیں ہم انہیں کسی صورت معاف نہیں کرسکتے،عید کے بعد استغاثہ کیس میں ہمارا اہم گواہ پیش ہوگا۔

  • بھیک نہیں‌ مانگ رہے، راحیل شریف انصاف دلانے کا وعدہ وفا کریں، طاہر القادری

    بھیک نہیں‌ مانگ رہے، راحیل شریف انصاف دلانے کا وعدہ وفا کریں، طاہر القادری

    راولپنڈی: عوامی تحریک کےسربراہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف  نے ہمیں سانحہ ماڈل ٹائون پر انصاف دلانے کا وعدہ کیا تھا، ان کی ریٹائرمنٹ قریب ہے، آخر ہمیں کب انصاف ملے گا، ہم فوج یا جنرل راحیل شریف سے بھیک نہیں مانگتے لیکن راحیل شریف کو ان کا وعدہ یاد دلا رہے ہیں، ہم انصاف ملنے تک اپنی جنگ جاری رہیں گے۔

     یہ بات انہوں نے راولپنڈی کے علاقے رحمان آباد میں قصاص مارچ سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ ان کے ساتھ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید، صاحبزادہ حامد رضا، ابوالخیر زبیر اور دیگر موجود ہیں۔

     زندگی بھیک میں نہیں ملتی، چھینی جاتی ہے،قادری

    طاہر القادری نے کہا کہ عوام اور کارکنوں کی وفاداروں کو سلام پیش کرتا ہوں، زندگی بھیک میں نہیں ملتی، چھینی جاتی ہے، میں نے اپنے کارکنوں کو جھکنا اور ڈرنا نہیں سکھایا، پرامن بنایا ہے۔

    احتجاجی تحریک کے تین مرحلے ہیں، قادری

    انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک کے تین  مرحلے ہیں، قصاص مارچ کے پہلے مرحلے کا آغاز سترہ جون کو ہوا تھا، ہمارا پہلا رائونڈ آج ختم ہونا تھا، اب کیا کرنا ہے میں ابھی اشارہ دیتا ہوں، میرا جلسے میں آنے کا آخر ارادہ نہیں تھا تاہم آخری وقت پر فیصلہ کیا۔

    رائے ونڈ یا اسلام آباد، دوآپشن ہیں، قادری

    طاہر القادری نے کہاکہ میرے پاس اسلام آباد اور رائے ونڈ، دو آپشن ہیں، اب ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہمارا احتجاجی مارچ اب اسلام آباد جائے یا رائے ونڈ،فیصلہ عوام کریں۔  انہوں نے کہاکہ اگر میں اپنے کارکنوں کو حکم دے دوں کہ رائے ونڈ چلنا ہے تونواز شریف سوچ لیں کیا منظر ہوگا۔

    راحیل شریف ریٹائرمنٹ قریب ہے، انصاف کا وعدہ کب وفا ہوگا؟ قادری

    انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو مخاطب کیا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کی ایف آئی آر آپ کے حکم پر درج ہوئی اور آپ نے انصاف دلانے کا وعدہ کیا تھا، آپ کی ریٹائرمنٹ قریب ہے، آپ کا وعدہ کب وفا ہوگا، آپ شریف آدمی ہیں میں بھی شریف آدمی ہوں، اگر ریٹائرڈ ہو کر گھر چلے گئے اور چودہ شہیدوں کو انصاف نہ ملا تو  سوچیں کہ اللہ کے حضور کیا جواب دیں گے یہ آپ کے سوچنے کے لیے چھوڑنا چاہتا ہوں۔

    فوج یا راحیل شریف سے بھیک نہیں مانگ رہے، قادری

    انہوں نے کہا کہ ہم جنرل راحیل شریف یا فوج سے بھیک نہیں مانگ رہے ، ہم بھکاری نہیں، ہم صرف وعدہ یاد دلا رہے ہیں، نواز شریف یاد رکھیں، ہم بھیک نہیں مانگ رہے، ہمیں انصاف لینا آتا ہے اور سات دن میں وصول کرسکتے ہیں صرف تاریخ کا اعلان کرنا ہے۔

    پشاور اور مردان حملہ نواز شریف نے کرایا، قادری

    قبل ازیں اے آر وائی سے گفتگو میں انہوں نے کہا تھا کہ ان لوگوں نے پشاور  اور مردان پر حملہ کرایا اور لائن آف کنٹرول پر اپنے حامیوں کو کہہ کر فائرنگ کرائی،جب تک نواز شریف کا اقتدار ختم نہیں ہوگا ملک محفوظ نہیں رہے گا۔

    نواز شریف کی شوگر مل میں 300 بھارتی موجود ہیں، قادری کا انکشاف

    انہوں نے تقریرکے دوران دس بھارتی باشندوں کے نام پڑھے اور کہا کہ یہ صرف دس افراد ہیں، ایسے تین سو افراد ایک سال میں بھارت سے یہاں آکر نواز شریف کی شوگر ملوں میں موجود ہیں، میرے پاس ان کا تمام ڈیٹا موجود ہے، ان کی آمد کی تاریخیں اور پاسپورٹ تک موجود ہیں، یہ لوگ انجینئرز کے ویزے پر ہیں، قانوناً اس عہدے کے افراد پاکستان سے بھارت یا بھارت سے پاکستان نہیں آسکتے لیکن شریف خاندان ایسے افراد کو باقدعدگی سے بلارہا ہے اور یہ لوگ آ اور جارہے ہیں۔

    کلبھوشن یادیو کا ٹیلی فون ریکارڈ شریف برادران کی ملز سے ملا،قادری

    انہوں نے کہا کہ بھارتی ایجنٹ کلبھوشن کی ٹیلی فون کالز کا ریکارڈ شریف برادران کی شوگر مل سے ملا تھا، یہ لوگ پاکستان کی سالمیت کے خلاف سازشوں میں ملوث ہیں انہوں نے بھارتی ایجنٹوں کو اپنی ملوں میں رکھا ہواہے، ملکی سالمیت کے ادارے چاہیں تو مجھ سے یہ دستاویزات حاصل کرلیں۔

    کوئٹہ کا ایک لیڈر پڑوسی ملک کا ایجنٹ ہے، اس کے اکاؤنٹ میں 10 لاکھ ڈالر کی ٹرانزیکشن ہوئی، قادری

    انہوں نے کوئٹہ کے ایک لیڈر  کا تذکرہ کیا اور نام نہیں لیا، انہوں نے تقریر کے دوران ایک سرکاری لیٹر پیش کیا جو کہ وزارت داخلہ کی جانب سے سیکریٹری خارجہ اور کوئٹہ کی حکومت کو لکھا گیا جس میں کہا گیا کہ یہ شخص پڑوسی ملک کی فلاں ایجنسی کے پے رول پر ہے، اسے دس لاکھ امریکی ڈالر کی ایک ٹرانزیکشن ملی ہے، ایسے افراد کا اب تک محاسبہ کیوں نہیں کیا گیا؟؟ یہ شخص نواز شریف کا اتحادی ہے اور قومی اسمبلی کا ممبر ہے۔

    یہ بھارتی انرجی پلانٹ اپنی کمپنیوں میں لگوارہے ہیں، قادری

    انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے شارجہ اور دبئی میں نئی ناموں سے کمپنیاں کھول کر بھارتی انرجی پلانٹ اپنی کمپنیوں میں لگوارہے ہیں بعد میں یہ لوگ پاکستانی باشندوں کو بجلی فروخت کریں گے انہوں نے بھارت سے قانونی معاہدہ (لیگل ایگرمنٹ) کیا ہوا ہے میں اسے بھی سیکیورٹی اداروں کو طلب کرنے پر حوالے کردوں گا، ڈاکیومنٹ غلط ثابت ہو تو جو سزا چاہیں مجھے دیں تاکہ اتنا بڑا الزام عائد کرنے والے کو سزا ملے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ بھارت کی مدد سے 16 ہزار میگا واٹ بجلی کے پروجیکٹ لگا رہےہیں یہ منصوبے 2018ء تک مکمل ہوجائیں گے، نواز شریف سے قومی سلامتی کا کوئی ادارہ پوچھ گچھ کیوں نہیں کرتا؟

     انتظامیہ کو تین گھنٹے میں کنٹینر ہٹانے کا کہا تھا، شیخ رشید

    قبل ازیں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے رات سے ہی کنٹینر لگا کر راستے بند کردیے تھے، انتظامیہ کو تین گھنٹے میں کنٹینر ہٹانے کا کہا تھا اگر کنٹینر نہیں ہٹائے تو اسلام آباد پہنچ جائوں گا۔

    جنرل جیلانی کی انگلی پکڑ کر نہیں آیا، شیخ رشید

    انہوں نے کہا کہ میں جنرل جیلانی کی انگلی پکڑ کر نہیں آیا، میں نے جنرل ضیا الحق کا جھوٹا نہیں کھایا، ڈپٹی کمشنر نے خط لکھ کر آگاہ کیا کہ میری جان کو خطرہ ہے لیکن پھر بھی جلسے میں آیا۔

    غریب مرگئے، نواز شریف نے 32 فیکٹریاں بنالیں، شیخ رشید

    انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے منہ سے مودی کے خلاف الفاظ نہیں نکلتے،میں مودی کایار نہیں ہوں، یہ کرپٹ حکمران ہیں یہ لوگ جلسوں اور تقاریر سے نہیں جائیں گے، غریب مرگئے لیکن نواز شریف نے 32 فیکٹریاں بنالیں۔

    نواز شریف بزدل سیاست دان ہیں،میں ان کی طرح چیخیں نہیں مارتا،شیخ رشید

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جس کو میٹرو ٹرین کا ہیڈ بنایا وہ دو ٹن ایفی ڈرین کے کیس میں ملوث ہے، نواز شریف بزدل سیاست دان ہیں، میں ان کی طرح چیخیں نہیں مارتا، نواز شریف جارہے ہیں اور میں طلوع ہورہا ہوں۔

    آخری دم تک طاہر القادری کا ساتھ دیں گے، حامد رضا

    قبل ازیں سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آخری دم تک طاہرالقادی کا ساتھ دیں گے، وہ دن دور نہیں جب یہ سب لوگ کٹہرے میں کھڑے  ہوں گے، رانا ثنا اللہ وزیرلاقانون ہیں اپنی سوچ درست کریں۔

  • عوامی تحریک کا پی ٹی آئی کی تحریک احتساب میں بھرپور شرکت کا اعلان

    عوامی تحریک کا پی ٹی آئی کی تحریک احتساب میں بھرپور شرکت کا اعلان

    لاہور: پاکستان عوامی تحریک نے پی ٹی آئی کی تحریک احتساب میں شرکت کا اعلان کردیا، سربراہ عوامی تحریک طاہر القادری نے کہا ہے کہ تین ستمبر کو لاہور میں لوگوں کا سمندر امڈ آئے گا، نواز شریف کا وزیراعظم کے عہدے پر رہنا ملک کے لیے خطرناک ہے، کراچی میں پاکستان مخالف تقریر کا متن اسلام آباد سے گیا۔

    Terrorists' sanctuaries are in Punjab: Qadri by arynews
    یہ اعلان انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد بھی موجود تھے۔

    احتجاج سانحہ ماڈل ٹائون اور پاناما لیکس پر ہے، طاہر القادری

    ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ راولپنڈی کے مارچ کو پاکستان مارچ کا نام دیا گیا ہے، پاکستان مارچ کا مقصد سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا قصاص اور پاناما لیکس میں ملوث حکمرانوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہے۔

    All parties invited to participate in… by arynews

    پاکستان مخالف تقریر کا ڈرافٹ اسلام آباد سے گیا، طاہر القادری

    ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حکمرانوں کا اقتدار ملک و قوم کے لیے خطرہ ہے، کراچی کی سرزمین سے پاکستان کی سالمیت کے خلاف بات کی گئی، پاکستان مخالف بات اور نعروں کا ڈرافٹ اسلام آباد سے گیا تھا، نواز شریف نے پاکستان مخالف نعروں کے معاملے کی اب تک مذمت نہیں کی اور نہ آج کے اجلاس میں یہ معاملہ زیر بحث آیا۔

    مودی نے بلوچستان پر بیان دیا، نواز شریف چپ رہے، قادری

    انہوں نے کہا کہ اسی طرح بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے بلوچستان کے معاملے پر بیانات دیے گئے لیکن نواز شریف چپ رہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی ساری جڑیں پنجاب میں ہیں، سندھ اور کراچی میں آپریشن جاری ہے لیکن پنجاب میں آج تک آپریشن نہیں ہوا۔

    شریف خاندان کی ملوں میں بھارتی شہری انجینئرز بن کر رہ رہے ہیں، قادری

    عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ بھارت سے آنے والوں کو پنجاب حکومت پروٹوکول دیتی ہے، شریف خاندان کی ملز میں بھارتی شہری انجینئرز بن کر رہ رہے ہیں، خدا جانے پاکستان آنے والے ان بھارتی شہریوں میں کتنے جاسوس ہوں گے، نواز شریف کا وزیراعظم کے عہدے پر رہنا ملک کے لیے خطرناک ہے۔

    تین ستمبر کو تحریک انصاف کی ریلی میں بھرپور شرکت کریں گے، قادری

    عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ تین ستمبر کو پوری قوم یوم احتجاج کے طور پر منائے، عوامی تحریک تین ستمبر کو تحریک انصاف کی احتساب ریلی میں شرکت کرے گی۔

    طاہرالقادری نے مزید کہا کہ ظالم حکمرانوں سے چھٹکارے کا وقت آگیا ہے، پاکستانی ایک برداری ہو کر گھروں سے نکلیں اور ملکی سالمیت کا دفاع کریں، تین ستمبر کو پاکستان کو بچانے کے لیے ملک گیر احتجاج ہوگا۔

    ق لیگ نے بھی شرکت کی دعوت قبول کرلی، جہانگیر ترین

    تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے اپنے خطاب میں کہا کہ تین تاریخ کو لاہور میں مارچ کریں گے، عوامی تحریک بھرپور طریقے سے ہمارا ساتھ دے گی۔

    تمام جماعتوں کوتحریک احتساب میں شرکت کی دعوت دی ہے اور ق لیگ سمیت کئی جماعتوں نے شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے، میں ڈاکٹر طاہر القادری کا مشکور ہوں کہ انہوں نے ہماری دعوت قبول کی۔

    تین ستمبر کو لاہور میں عوام کا سمندر موجود ہوگا، جہانگیر ترین

    جہانگیر ترین نے کہا کہ تین ستمبر کو لاہور میں عوام کا سمندر موجود ہوگا۔ کرپٹ حکومت کے خلاف تمام جماعتوں کو ساتھ ملائیں گے کیوں کہ پاناما لیکس پر اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

    گو نواز گو پر ساری جماعتیں اکٹھی ہوگئیں، شیخ رشید
    اس موقع پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم سب کا ایک ایجنڈا ہے اور وہ ہے گو نواز گو اور اس ایجنڈے پر ساری جماعتیں اکٹھی ہوگئی ہیں، تمام جماعتیں ساتھ مل کر چلیں۔

    Parties united over ‘Go Nawaz Go’ agenda, final… by arynews

    انہوں نے کہا کہ ہم سب کے دروازوں پر گئے لیکن انصاف نہیں ملا، اسپیکر کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا، نااہلی کا ریفرنس بھی دیا، مگر کہیں انصاف نہیں ملا۔

    ہمیں مبجور کردیا گیا، اب فیصلہ سڑکوں پر ہوگا، شیخ رشید

    انہوں نے کہا کہ اب فیصلہ سڑکوں پر ہوگا کیوں کہ ہمیں سڑکوں پر آنے پر مجبور کردیا گیا ہے، لوگ عوامی تحریک اور پی ٹی آئی کو ایک دیکھنا چاہتے ہیں، دونوں جماعتوں کو مل کر چلنے پر مبارک باد پیش کرتاہوں۔

  • گھروں میں بیٹھنے سے نظام نہیں بدلتا، مظلوموں کو اتحاد کرنا ہوگا، طاہرالقادری

    گھروں میں بیٹھنے سے نظام نہیں بدلتا، مظلوموں کو اتحاد کرنا ہوگا، طاہرالقادری

    لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ تحریک قصاص صرف سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحریک نہیں بلکہ یہ پاکستان کی خوشحالی اور سالمیت کی تحریک ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کے 25 شہروں میں پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا، علامہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ ’’آج ملک میں ظالموں کی حکمرانی ہے اور وہ اپنے اتحاد سے مظلوم کو دبا رہے ہیں، اگر مظلوم عوام ظالموں سے نجات چاہتے ہیں تو اتحاد کر کے ان حکمرانوں کو للکاریں اور اپنا حصہ لیں‘‘۔

    انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’پنجاب کے ہر گھر سے بچے اغواء ہورہے ہیں ملک میں بے روزگاری ہے،پڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں لے کر سڑکوں پر گھوم رہے ہیں اور حکمرانوں کے بچے قوم کے پیسوں سے بیرونِ ملک مزے کررہے ہیں‘‘۔

    پڑھیں: علامہ طاہرالقادری نے آج سے قصاص تحریک کا اعلان کردیا

    علامہ طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ ’’تحریک قصاص صرف سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا قصاص لینے کے لیے نہیں بلکہ یہ اس تحریک کا پہلا ایجنڈا ہے، ہم اس تحریک کے ذریعے ملک میں حقیقی جمہوریت قائم کریں گے۔ ماڈل ٹاؤن کیس انصاف کی چابی ہے، اگر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مجرموں کو سزا مل گئی تو آئندہ بھی قوم کو انصاف مل سکے گا‘‘۔

    سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ ہم پاکستان کے استحصالی نظام کو بدلنا چاہتے ہیں جس کے لیے پوری قوم کو  طاقت ور حکمران طبقے کے آگے کھڑا ہونا ہوگا، اگر عوام دھرنوں اور مظاہروں سے کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو انہیں ظالم کے خلاف اتحاد کرنا پڑے گا، گھروں میں بیٹھنے سے ظالموں سے نجات ممکن نہیں اور اگر ہم نے اقدامات نہیں کیے تو پھر ہمارے بچے اغواء ہوتے رہیں گے۔

    طاہرالقادری نے اپنے کارکنان کے سامنے سوال رکھتے ہوئے پوچھا کہ کیا قائد اعظم نے یہ ملک صرف طاقت ور اور کرپٹ طبقے کے لیے بنایا تھا؟، ایوان بالا میں پاک فوج کے خلاف غلط زبان استعمال کی جاتی ہے وہ اب جمہوری ادارہ نہیں رہا۔

    انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر لوڈشیڈنگ سے نجات ، میرٹ کا نظام اور آئین کی بالادستی چاہتے ہیں ہو تو میرے کارکنان کے ساتھ مل کر اس تحریک کا حصہ بنیں۔

    پاناما لیکس کے حوالے علامہ طاہرالقادری نے کہا کہ تین ماہ گزر جانے کے باوجود ابھی تک ٹی او آرز کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا اور نہ ہی حکمراں اس مسئلے کے لیے سنجیدہ ہیں۔

    اس موقع پر ڈاکٹر طاہر القادری نے تحریک قصاص کے سلسلے میں 25 اگست کو ملتان 27 کو گوجرانوالہ ،29 اگست کو بلوچستان کے مختلف علاقوں کے بعد راولپنڈی میں بھی دھرنے دینے کا اعلان کیا۔

     

  • عابد شیر علی کی عمران خان اور طاہرالقادری کے خلاف ہرزہ سرائی

    عابد شیر علی کی عمران خان اور طاہرالقادری کے خلاف ہرزہ سرائی

    لاہور: وفاقی وزیر برائے بجلی اور پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے صدر عابد شیر علی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر علامہ طاہر القادری کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق عابد شیر علی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹوئیٹ کیا جس میں انہوں نے چیئر مین تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے قائد کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی جس کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اُن کے اس عمل کے خلاف سوشل میڈٰیا کے صارفین سراپا احتجاج بن گئے۔

      عوام کی جانب سے وفاقی وزیر کے اس رویے اور غلط زبان کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا اور انہیں شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سائبر کرائم بل کی یادہانی کروائی گئی.


    یاد رہے کہ حکمران جماعت کی جانب سے 10 روز قبل سائبر کرائم کے حوالے سے ایک بل سینیٹ سے منظور کیا ہے تاہم اُن کے ہی اپنے وزیر نے اس بل کی پرواہ کیے بغیر غلیظ زبان استعمال کی۔

    پڑھیں:  سائبر کرائم بل سینیٹ میں متفقہ طور پر منظور

    دوسری جانب پاناما لیکس کے انکشاف کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے ’’تحریک احتساب‘‘ سے گورنمنٹ کے خلاف تحریک کا آغاز کردیا گیاہے، جبکہ علامہ طاہر القادری کی جماعت منہاج القرآن بھی اس وقت سڑکوں پر موجود ہے اور آج انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کے حوالے سے چلائی جانے والی تحریک قصاص کے سلسلے میں پنجاب کےمختلف اضلاع میں اپنے کارکنان سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کیا تھا۔

     

  • ستمبر میں سڑکوں پر ہی فیصلہ ہوگا، شیخ رشید

    ستمبر میں سڑکوں پر ہی فیصلہ ہوگا، شیخ رشید

    اسلام آباد : پاکستان عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ حکمراں جماعت کا کردار پوری قوم کے سامنے آگیا اب فیصلہ ہوگیا ہے کہ ملک کو کرپشن سے نجات دلائی جائے گی جس کے لیے اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے اتحاد کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ ’’اسحاق ڈار نے جس دن سچ بولا اُن کی سیاست ختم ہوجائے گی وہ جعلی دستاویزات بنانے کے ماہر ہیں‘‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’’اس وقت خزانے میں 20 ہزار ارب روپے ہیں جن میں سے 13 ہزار ارب روپے کا قرضہ لیا گیا ہے، حکمرانوں نے کرپشن کر کے پاکستانی معیشت کو تباہ کردیا ہے۔ مسلم لیگ ن ہر پروجیکٹ میں ناکام نظر آرہی ہے قائد اعظم سولر پارک کا منصوبہ بھی بری طرح سے ناکام ہوا جس کے باعث ملکی خزانے کو اربوں کا ٹیکا لگایا گیا‘‘۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’’وزیر اعظم کے خلاف سپریم کورٹ جانا سیاسی طور پر ٹھیک نہیں ہے تاہم اسپیکر اور الیکشن کمیشن میں دائر نااہلی کیس کا فیصلہ آنے کے بعد اپوزیشن کی جماعتیں سڑکوں پر نظر آئیں گی۔ میاں محمد نواز شریف اپنے خلاف کبھی بھی احتساب کا عمل شروع نہیں کریں گے‘‘۔

    عوامی مسلم لیگ نے سربراہ نے دعویٰ کیا کہ ’’حکومت کے کچھ وزراء اور اپوزیشن کے اراکین نے اپنے خاندانوں کے ہمراہ بیرونِ ملک جانے کی تیاری مکمل کرلی ہے اور وہ جلد ملک سے پیسہ سمیٹ کر بھاگ جائیں گے۔ ستمبر کا مہینہ حکومت کے لیے بہت بھاری ہوگا اور اسی مہینے میں بڑا فیصلہ ہوگا‘‘۔

    ایک سوال کے جواب میں عوامی لیگ سے سربراہ کا کہنا تھاکہ ’’اگر ملک میں کوئی مسئلہ ہوا تو فوج خاموش نہیں بیٹھے گی، اپوزیشن کی تمام جماعتیں متحد ہیں تاہم پیپلزپارٹی کی سنجیدگی کا علم ستمبر میں ہوگا، اُن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک متحد ہیں جبکہ چیئرمین پی پی اور سینیٹر اعتزاز احسن بھی موجودہ صورتحال کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں‘‘۔

    شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ ’’کچھ لوگ مجھے عمران خان کے ساتھ نہیں دیکھنا چاہتے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ شیخ رشید خودکش سیاستدان ہے اس کے ساتھ جان ہتھیلی پر رکھ کر نکلنا پڑتا ہے،  اُن کا کہنا تھا کہ پہلے بھی کہا تھا فیصلہ سڑکوں پر ہی ہوگا اور آج بھی اپنی بات پر قائم ہوں‘‘

    حکومت نے اپوزیشن کے اتحاد کو توڑنے کےلیے بہت حربے استعمال کیے تاہم ابھی تک اپوزیشن متحد ہے مگر یہ ضروری نہیں کہ کنٹینر کے معاملے میں بھی تمام جماعتوں کا مؤقف ایک ہی ہو،  اپوزیشن جماعتیں شریف برادران کے کردار کو جانتی ہیں اس لیے سب نے ستمبر میں سڑکوں پر آنے کی پکی تیاری کررکھی ہے‘‘۔

    فضل الرحمان کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ’’اگر حالات ایسے ہی رہے تو جلد ہی مولانا صاحب بھی اپوزیشن کے ساتھ موجود ہوں گے، سیاسی جماعتوں کے ووٹ بینک پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ‘‘پنجاب کا بہت بڑا ووٹ بینک عمران خان کے ساتھ ہے جبکہ سندھ میں پی پی کا ووٹ بینک ٹوٹ رہا ہے‘‘۔

     

  • ڈاکٹرطاہرالقادری نے ڈیڑھ سو شہروں میں دھرنوں کا اعلان کردیا

    ڈاکٹرطاہرالقادری نے ڈیڑھ سو شہروں میں دھرنوں کا اعلان کردیا

    لاہور : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 20 اگست کو 150 شہروں میں دھرنے دینے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے احتجاج روکنے کی اپیل مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں آزادی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانوں کا اقتدار پاکستان کیلئے خطرہ ہے۔

    لاہور میں آزادی کنونشن سے خطاب میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے فوج کے کامبنگ آپریشن کو سراہتے ہوئے پنجاب کو دہشت گردی کا مرکز قراردے دیا۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب دہشت گردی کا مرکز اور وزیرستان کا خالق ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہر پنجاب کے ہر شہر میں کامبنگ آپریشن کیا جائے۔ جب تک ہم کرپشن اور دہشت گردی کا گٹھ جوڑ ختم نہیں کر تے اس وقت تک پاکستان میں انصاف کا راج ہوسکتا ہے اور نہ ہی قانون کی حکمرانی ہو سکتی ہے۔

    سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ 20۔ اگست کی تحریک قصاص درحقیقت تحریک سالمیت پاکستان ہے، تحریک قصاص کو روکنے کے لئے وزیر اعظم منت سماجت پر اتر آئے ہیں۔

    ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہ کرنے پر فوج نے حکومت کے خلاف چارج شیٹ جاری کردی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اور شہباز شریف کو ملک سے فرار ہونے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے ایک بار پھر آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں انصاف دلانے کا مطالبہ بھی کیا۔

     

  • ابھی ابتداء ہے، 30 اگست کو فیصلہ کن دھرنا ہوگا، طاہرالقادری

    ابھی ابتداء ہے، 30 اگست کو فیصلہ کن دھرنا ہوگا، طاہرالقادری

    لاہور : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹرطاہرالقادری کاکہنا ہے کہ قوم کو پاکستان اورکرپٹ خاندان میں سے کسی ایک کاانتخاب کرناہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستانی عوامی تحریک کی جانب سے منتعقد کیے گئے تحریکِ قصاص کے دھرنوں میں موجود  احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’’ عدلیہ کو مظلوموں کی پکار ہرصورت سننا ہوگی ور نہ اگر عوام کا اعتبار اٹھ گیا تو صورتحال بہت خراب ہوگی‘‘۔

    پڑھیں : تحریک قصاص حکمرانوں کو منطقی انجام تک پہنچائے گی، طاہر القادری

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’ریاستی ادارے شریف خاندان کی ذاتی جاگیر بن گئے ہیں جمہوریت کے نام نہاد علمبرداروں نے ملک میں بدترین آمریت مسلط کردی ہے‘‘۔

    عوامی تحریک کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ ’’منہاج القرآن کے کارکنان صرف میرے حکم کے منتظر ہیں اگر میں نے اجازت دی تو کارکنان نوازشریف سے لڑ کر اقتدار کا خاتمہ کرسکتے ہیں مگر ہم امن پسند اور جمہوریت کے حامی ہیں‘‘۔

    مزید پڑھیں :  جنرل راحیل شریف فوجی عدالت سے انصاف دلائیں، طاہر القادری کا مطالبہ

    طاہرالقادری کا مزید کہنا تھا کہ ’’ ابھی صرف ابتداء کی تو حکومت گھبرا گئی ہے ، 30 اگست کو فیصلہ کن دھرنا دیں گے اور ملک کو ظالم جابر حکمرانوں سے نجات دلوائیں گے‘‘۔

    واضح رہے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں جاں بحق ہونے والے کارکنان کا قصاص لینے کے لیے عوامی تحریک کی جانب سے آج اسلام آباد سمیت ملک کے 5 بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گیے تھے بعد ازاں مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔