Tag: pathrao

  • کمال اینڈ کمپنی پر پتھراؤ سے ایم کیو ایم کا کوئی تعلق نہیں، عبدالحسیب خان

    کمال اینڈ کمپنی پر پتھراؤ سے ایم کیو ایم کا کوئی تعلق نہیں، عبدالحسیب خان

    سکھر : متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء عبدالحسیب خان نے سکھرمیں پیش آنے والے واقعے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے خلاف سازشیں نئی بات نہیں، پہلے بھی اس طرح پریکٹسز کی گئی ہیں۔

    متحدہ قومی موومنٹ محب وطن لوگوں کی جماعت ہے، ہمارے اوپر لگائے جانے والے الزامات نئے نہیں ہیں، کمال اینڈ کمپنی نے قائد ایم کیو ایم کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی جس پر عوام نے اپنا رد عمل ظاہر کیا۔

    ان خیالات اظہار انہوں نے سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ایم کیو ایم کے دیکر اراکین اسمبلی بھی موجود تھے۔

    عبدالحسیب خان نے کہا کہ گزشتہ روز کمال اینڈ کمپنی پر سکھر میں ہونے والے پتھراؤ سے ایم کیو ایم کا کوئی تعلق نہیں ہے، پولیس نے بلا جواز ہمارے کارکنان پر تشدد کیا اور مقدمہ درج کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے ہی کمال اینڈ کمپنی نے کروڑوں لوگوں کے محبوب قائد کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے ہیں جس کے خلاف عوام کا رد عمل سامنے آیا ہے۔

    ایم کیو ایم اگر را سے فنڈنگ لیتی ہے تو ہمارے مرکز 90 پر ملک صدور وزراء اعظم وزراء اعلیٰ وفاقی وزیر کیوں آتے ہیں؟

    انہوں نے سوال کیا کہ اگر ہم 22سالوں سے را سے فنڈنگ لے رہے ہیں تو مصطفیٰ کمال 20 سال ہمارے ساتھ کیوں رہے؟ اظہار رائے کی آزادی کا یہ مطلب نہیں کہ کسی کے خلاف غلط الفاظ استعمال کئے جائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مائینس ون فارمولا ختم کیاجائے اور متحدہ کے قائد سے بات کرکے ان کی خدمات سے فائدہ اٹھایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ الزام لگانا آسان ہے ہمارے ہاں عدلیہ آزاد ہے مقدمات درج کرانا متحدہ کو ڈرانے کی کوشش ہے، ہم چیف آف آرمی اسٹاف وزیر اعظم ،وزیر داخلہ سمیت دیگر حکام سے مطالبہ کرتے ہیں  کہ متحدہ کے کارکنان پر درج ایف آئی ار ختم کی جائے۔

     

  • سکھر: مصطفیٰ کمال کے قافلے پرایم کیو ایم کے مشتعل کارکنان کا پتھراؤ

    سکھر: مصطفیٰ کمال کے قافلے پرایم کیو ایم کے مشتعل کارکنان کا پتھراؤ

    سکھر : پاک سر زمین پارٹی کے سکھر میں ہونے والے جلسے کے بعد ایم کیو ایم کے کارکنان نے مصطفیٰ کمال کے قافلے پر متحدہ کے کارکنوں نے پتھراؤ کیا۔

    مصطفیٰ کمال کی تقریر کے بعد ایم کیو ایم کارکنان مشتعل ہوگئے، پا ک سر زمین پارٹی کا قافلہ متبادل راستہ اختیار کرکے اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان اور پاک سر زمین پارٹی کے رہنما آمنے سامنے آگئے۔

    مصطفی کمال جلسے کے بعد دیگر رہنماؤں کے ساتھ پاک سر زمین پارٹی میں شرکت کرنے والے مقامی رہنما کے گھر جا رہے تھے کہ راستے میں بندر روڈ کے قریب ایم کیو ایم کے کارکنوں نے روڈ کو بلاک کرکے مصطفیٰ کمال کے قافلے پر پتھراؤ شروع کردیا۔

    کارکنان نے مصطفیٰ کمال کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی، پتھراؤ کے نتیجے میں میڈیا کے دیگر نمائندے بھی زخمی ہوئے، اس کے علاوہ اے آر وائی نیوز کی ڈی ایس این جی وین کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

    مصطفیٰ کمال کے قافلے میں موجود پولیس اہلکار بھی مشتعل افراد پر قابو نہ پاسکے،تاہم بعد ازاں پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر مشتعل کارکنان کو منتشر کر دیا۔

    اس سے قبل مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کی آمد پر بندر روڈ، میانی روڈ اور دیگر علاقوں میں لگائے گئے خوش آمدید کے بینرز نامعلوم افراد نے پھاڑ دیئے اور ان کے پینافلیکس پر بھی سیاہی بکھیر دی گئی تھی۔

    مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی نے سکھر میں پاک سرزمین پارٹی کے رابطہ آفسز کا افتتاح بھی کیا۔ بعد ازاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے متحدہ کے قائد کا نام لے کر ان پر شدید تنقید کی۔

    ان کا کہناتھا کہ آج بھی را کے ایجنٹوں کی کارروائیاں ختم نہیں ہوئیں، ہزاروں لوگوں کا خون بہا کر بھی قائد ایم کیوایم کا دل نہیں بھرا۔

    علاوہ ازیں مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن لوگوں نے آج پتھر پکڑے ہوئے تھے وہ کل ضرور پھول اپنے ہاتھوں میں لئے ہوں گے، متحدہ کے قائد نے بچوں اور خواتین کے ہاتھوں میں پتھر اور کلاشنکوف پکڑا دی ہے۔

    میڈیا کے نمائندوں اور ان گاڑیوں پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، ان کا کہنا تھا کہ آج میں آزاد ہوں اسی لئے سب کچھ کہہ رہا ہوں۔

    انہوں نے بتایا جلد ہی لندن کا دورہ بھی کریں گے اور وطن فروشی کی شرارتوں کا جواب بھی لندن جا کر دوں گا، مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پارٹی کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے ،کوئٹہ میں لوگوں نے دفاتر بھی کھول لئے ہیں.

     

  • کنورنوید جمیل کی گاڑی پرحملہ سوچی سمجھی سازش ہے، رابطہ کمیٹی

    کنورنوید جمیل کی گاڑی پرحملہ سوچی سمجھی سازش ہے، رابطہ کمیٹی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے عائشہ منزل کے قریب جماعت اسلامی کے کارکنوں کی جانب سے ایم کیو ایم کے نامزد حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل کی گاڑی پر حملے اور ایم کیو یم کے کارکنان پر حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔

    اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ نامزد حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل کریم آباد دہلی اسکول کے قریب کارنر میٹنگ میں شرکت کیلئے جارہے تھے کے عائشہ منزل کے قریب جماعت اسلامی کی ریلی میں شریک شرپسند عناصر نے کنور نوید کی گاڑی پر حملہ کیا ۔

    شرپسندوں نے گاڑی کے شیشے توڑ دیئے گاڑی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی اور ایم کیو ایم کے ہمدردوں و کارکنان پر پتھراؤ شروع کردیااور اشتعال انگیز نعرے لگائے جس کی بناء پر ناخوشگوار واقعہ رونماء ہوا ۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت این اے 246کے ضمنی انتخاب کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد جناب الطاف حسین کے ہدایت کے مطابق ایم کیو ایم ضمنی انتخاب کے سلسلے میں تمام سیاسی سرگرمیاں قطعی طورپر امن انداز میں جاری رکھے ہوئے ہے ۔

    رابطہ کمیٹی نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے کارکنان کو پابند کریں کہ وہ کسی دوسری سیاسی جماعت اور اس کے رہنماؤں کے خلاف اشتعال انگیز نعرے بازے سے گریز کریں ۔

    نامزد حق پرست امیدوار برائے این اے 246 کنور نوید جمیل اور رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیو ایم اپنی جانب سے کے جماعت اسلامی اور تمام جماعتوں کو مکمل تعاون کی پیش کش کررہی ہے آئے اس شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اپنا کردار اداکریںاور اپنے اپنے کارکنان کو پابند کریں کہ وہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیز کاروائی سے گریز کریں۔

    رابطہ کمیٹی نے جماعت اسلامی ، کے رہنماؤں سے اپیل کی کہ ضمنی انتخاب کے حلقہ این اے 246میں الیکشن پرامن طریقے ہونے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔

    رابطہ کمیٹی نے عوام اور کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ صبرتحمل سے کام لیں اور ہر قیمت پر امن رہیں اگر کسی بھی جماعت کے کارکنوں کی جانب سے اشتعال انگیز نعرے بازی بھی کی جائے تو آپ ہرگز مشتعل نہ ہوں اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں ۔

    رابطہ کمیٹی نے حکومت اورپولیس وانتظامیہ سے بھی مطالبہ کیاکہ وہ انتخابی مہم کے دوران امن وامان برقرار رکھنے اورصورتحال کوقابومیں رکھنے کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلائیںاور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔

  • لیاقت آباد : جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے کارکنان میں تصادم، تین زخمی

    لیاقت آباد : جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے کارکنان میں تصادم، تین زخمی

    کراچی :لیاقت آباد کے قریب جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے کارکنان  میں تصادم، نامعلوم افراد کی فائرنگ، پتھراؤ اور ڈنڈے لگنے سے تین کارکنان زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 کی انتخابی مہم کے سلسلے میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی۔

    ریلی کا آغاز نصیر آباد سے ہوا جو موسیٰ کالونی سے ہوتے ہوئے این اے 246 کے مختلف علاقوں سے گزر ی۔ ریلی کی قیادت این اے 246 سے نامزد جماعت اسلامی کے امیدوار راشد نسیم کررہےتھے۔

    ریلی میں جماعت اسلامی کے کارکن بڑی تعداد میں شریک تھےاور نعرے بازی بھی کررہے تھے، مذکورہ ریلی جس وقت شریف آباد کے علاقے میں داخل ہوئی تو وہاں موجود ایم کیو ایم کے کیمپ کے پاس دونو جماعتوں کے  کارکنان میں تلخ کلامی ہوگئی، جو بعد ازاں تصادم کی صورت اختیار کرگئی۔

    پتھراؤ اور ڈنڈے لگنے سے تین افراد زخمی ہوگئے، جماعت اسلامی ترجمان کے مطابق تینوں زخمیوں کا تعلق جماعت اسلامی سے ہے۔

    اس موقع پر پولیس دو موبائلیں بھی موجود تھیں جو صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے خاموشی سے چلی گئیں، اس دوران نامعلوم افراد کی جانب سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔

      پتھراؤکے باعث متعدد گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئےاور دیگر نقصان بھی پہنچا، ریلی میں شریک بیشتر افراد اپنی گاڑیاں چھوڑ کر چلے گئے۔

    تاہم بعد ازاں پولیس کی دو تازہ دم موبائلیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور صورت حال پر قابو پانے کی کوشش کی، آخری اطلاعات تک تصادم کی صورتحال پر قابو نہیں پایا جا سکا تھا۔