Tag: Patriot missiles

  • یوکرینی فوجی پیٹریاٹ میزائل کی تربیت کے لیے امریکا روانہ

    واشنگٹن: امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ یوکرین کے فوجی پیٹریاٹ میزائل کی تربیت کے لیے امریکا روانہ ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے یوکرینی فوجیوں کو اپنے اڈوں پر فوجی تربیت دینے کا اعلان کیا ہے، پینٹاگون نے منگل کو کہا کہ یوکرین کے فوجی اگلے ہفتے سے امریکا میں پیٹریاٹ میزائل سسٹم کی تربیت شروع کرنے والے ہیں۔

    اس سے چند ہفتے قبل امریکا نے اعلان کیا تھا کہ وہ یوکرین کو ایک پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس بیٹری اور اس سے منسلک جنگی سازوسامان بھیجے گا، اب پینٹاگون کے ایک اہل کار نے میڈیا کو بتایا کہ یوکرین کے فوجی پیٹریاٹ سسٹم کی تربیت کے لیے امریکا آئیں گے تاکہ وہ یوکرین میں اسے استعمال کرنے کے لیے تیار ہوں۔

    سی این این کے مطابق یوکرینی فوجیوں کو دفاعی نظام کی تربیت ریاست اوکلاہوما کے فضائی اڈے فورٹ سِل پر دی جائے گی، پینٹاگون کے پریس سیکریٹری ایئر فورس بریگیڈیئر جنرل پیٹ رائڈر کے مطابق یہ تربیت تقریباً 90 سے 100 یوکرینی فوجیوں کو دفاعی نظام کو چلانے اور اسے برقرار رکھنے کے لیے تیار کرے گی، اور توقع ہے کہ یہ تربیتی کورس کئی ماہ تک جاری رہے۔

    رائڈر نے کہا کہ گزشتہ چند مہینوں میں، روسیوں نے یوکرین پر اپنی فضائی بمباری میں اضافہ کیا ہے، اور پیٹریاٹ یوکرینیوں کو ان حملوں کا مقابلہ کرنے میں مدد کرے گا۔

    تاہم سی این این کا کہنا ہے کہ روس یوکرین جنگ کے دوران امریکا نے یوکرینی فوجیوں کو یورپ میں تربیت دی ہے، لیکن امریکی سرزمین پر تربیت دینے کا فیصلہ ماسکو کے ساتھ کشیدگی میں مزید اضافہ کر سکتا ہے، کیوں کہ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے مغربی ممالک کو جنگ میں مزید ملوث ہونے کے خلاف مسلسل خبردار کیا ہے۔

  • امریکہ کی سعودی عرب کو پیٹریاٹ میزائلوں کی فروخت

    امریکہ کی سعودی عرب کو پیٹریاٹ میزائلوں کی فروخت

    سعودی عرب کو بیرونی کے خطرات سے نمٹنے اور اس کے سدباب کے لیے امریکہ نے پیٹریاٹ میزائل کی فروخت کی منظوری دے دی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی میزائل ڈیفنس سسٹم کی مالیت 5 ارب ڈالر سے زائد ہے، سعودی عرب 3.05 ارب اور یو اے ای 2.25 ارب ڈالرز کا میزائل ڈیفنس سسٹم خریدے گا۔

    اس حوالے سے امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے بتایا ہے کہ محکمہ خارجہ نے سعودی عرب کے ساتھ تین ارب ڈالر مالیت کے معاہدے کی منظوری دی ہے جس کے تحت پیٹریاٹ میزائل اور دیگر متعلقہ آلات بھی فراہم کیے جائیں گے۔

    پینٹاگون ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کو دفاعی سامان فراہم کرنے کے دو ارب 25 کروڑ ڈالر کے معاہدے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ اس میں امریکی دفاعی نظام ’تھاڈ‘میزائل (ٹرمینل ہائی ایلٹی ٹیوڈ ایریا ڈیفنس) اور تھاڈ ٹرمینل فائر کنٹرول اور کمیونیکیشن اسٹیشن شامل ہیں۔

    امریکی محکمہ خارجہ نے ایک نوٹس میں کانگریس کو میزائل کی فروخت کے حوالے سے بتایا کہ مجوزہ فروخت سعودی عرب کے پیٹریاٹ جم ٹی میزائلوں کے گھٹتے ہوئے ذخیرے کو مستحکم کرکے موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مملکت کی صلاحیت کو بہتر بنائے گی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ میزائل سسٹم لانگ رینج بیلسٹک، کروز میزائل اور جنگی طیارہ مار گرانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کے گزشتہ ماہ سعودی عرب کے دورے کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں اس بات کا اعادہ کیا گیا تھا کہ کئی دہائیوں سے امریکہ اور سعودی عرب کی شراکت داری خطے کی سلامتی کے لیے مرکزی کردار ادا کرتی رہی ہے، دونوں ممالک ایک مزید محفوظ، مستحکم اور خوشحال خطہ چاہتے ہیں جو دنیا کے ساتھ منسلک ہو۔