Tag: Pavel Durov

  • بانی ٹیلی گرام پر 12 الزامات عائد، کیا سزا ہوسکتی ہے؟

    بانی ٹیلی گرام پر 12 الزامات عائد، کیا سزا ہوسکتی ہے؟

    سماجی ویب سائٹ ٹیلی گرام کے بانی اور سی اِی او پاول دورو کو فرانس میں گرفتار کیا گیا تھا، فرانسیسی حکومت نے ان پر بارہ الزامات عائد کردیئے ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹیلی گرام کے بانی پاول دورو پر فرانسیسی حکومت نے بارہ الزامات عائد کردیئے ہیں، پاول دورو کو کل تک حراست میں رکھا جاسکتا ہے۔

    فرانسیسی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاول دورو کو بیس برس تک قید کا سامنا ہے، 39 سالہ کے پاول دورو پر قانون نافذ کرنیوالے حکام سے عدم تعاون، منشیات کی اسمگلنگ، کمسنوں سے مجرمانہ فعل اور دھوکہ دہی میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ پاول دورو روس اور فرانس دونوں ممالک کی شہریت رکھتے ہیں۔

    سوڈان میں ڈیم پھٹ گیا، 30 افراد ہلاک، متعدد لاپتہ

    واضح رہے کہ پاول دورو روس میں پیدا ہوئے تھے، تاہم اپنا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بند کرنے سے متعلق مطالبات تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے انہوں نے روس چھوڑ دیا تھا، انہیں ہفتے کو آزربائیجان سے پیرس پہنچنے پر گرفتار کرلیا گیا تھا۔

  • ٹیلیگرام کے بانی پاول دورو کی گرفتاری کے بعد ایک اور اہم خبر آ گئی

    ٹیلیگرام کے بانی پاول دورو کی گرفتاری کے بعد ایک اور اہم خبر آ گئی

    پیرس: فرانسیسی حکام نے ٹیلیگرام کے بانی پاول دورو کی حراست میں توسیع کر دی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پال دورو با اثر ٹیک آئکونز میں سے ایک ہیں، اس گرفتاری کو ان کے کیریئر کے ایک اہم موڑ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ دی گارڈین کے مطابق پوچھ گچھ کے لیے ان کی یہ حراست ابتدائی طور پر زیادہ سے زیادہ 96 گھنٹے تک چل سکتی ہے۔ جب نظر بندی کا یہ مرحلہ ختم ہوگا تو جج انھیں رہا کرنے یا مزید حراست میں چارج اور ریمانڈ کا فیصلہ کر سکتا ہے۔

    عالمگیر شہرت یافتہ میسیجنگ ایپ ٹیلیگرام کے بانی سی ای او پاول دورو نے رواں برس امریکی ٹی وی کو ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’’جب بھی میں امریکا آتا ہوں تو ایف بی آئی اور دیگر امریکی سیکیورٹی ایجنسیوں کی طرف سے مرکز نگاہ ہو جاتا ہوں۔‘‘

    میزبان ٹکر کارلسن کو انٹرویو میں ٹیلی گرام چیف کا کہنا تھا ’’پچھلی بار جب میں امریکا آیا تو اپنے ساتھ اپنے ایک انجینئر کو بھی ساتھ لایا تھا، جو ٹیلی گرام کے لیے کام کر رہا تھا۔‘‘ انھوں نے کہا ’’میری اطلاعات کے مطابق میرے انجینئر سے خفیہ طور پر ان کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔‘‘

    پاوِل دورو نے انکشاف کیا تھا کہ ’’سیکیورٹی ایجینسیاں یہ جاننا چاہتی تھیں کہ کون سی اوپن سورس لائبریریز ٹیلیگرام ایپ کے ساتھ منسلک ہیں، اور انھوں نے انھیں کچھ اوپن سورس ٹولز استعمال کرنے پر راضی کرنے کی کوشش کی جس سے وہ ٹیلیگرام کوڈ میں ضم ہو جائیں۔‘‘

    ادھر فرانس میں پاول دورو کی گرفتاری کے بعد ٹیلیگرام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سی ای او پاول دورو کے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہیں ہے اور وہ اکثر یورپ کا سفر کرتے رہتے ہیں، یہ دعویٰ کرنا مضحکہ خیز ہے کہ پلیٹ فارم یا اس کا مالک اس پلیٹ فارم کے غلط استعمال کا ذمہ دار ہے۔

    اے ایف پی کے مطابق ٹیلیگرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پاول دورو کو ہفتے کی رات پیرس کے باہر ایک ایئرپورٹ پر گرفتار کیا گیا تھا، انھیں میسجنگ ایپ سے متعلق مبینہ جرائم کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔ 39 سالہ روسی نژاد ارب پتی پر الزام تھا کہ وہ مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے اپنے پلیٹ فارم کے غلط استعمال کو کم کرنے میں ناکام رہے۔ فرانس میں نابالغوں کو تشدد سے بچانے کے لیے ذمہ دار ادارے OFMIN نے پاوِل دورو کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا تھا۔

    گرفتاری کی خبر آنے کے بعد فرانس میں روس کے سفارت خانے نے کہا تھا کہ اس نے فوری طور پر فرانسیسی حکام سے گرفتاری کی وضاحت طلب کی ہے اور پاول کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے اور قونصلر رسائی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

    واضح رہے کہ میسجنگ ایپ ٹیلیگرام کے تقریباً 800 ملین صارفین ہیں، اور یہ روس کے ساتھ ساتھ یوکرین میں بھی مقبول ہے۔ دورو دبئی میں رہائش پذیر ہیں، جہاں ٹیلیگرام کا مرکز قائم ہے، ان کے پاس فرانس اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی شہریت ہے۔ متحدہ عرب امارات میں ٹیلی گرام کو اپنے مواد کو معتدل کرنے کے لیے بہت کم دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔