Tag: PCB Central Contract

  • پی سی بی کا سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان: بڑے نام بی کیٹیگری میں شامل

    پی سی بی کا سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان: بڑے نام بی کیٹیگری میں شامل

    پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی کی جانب سے 26-2025 کے لیے کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا گیا ہے۔ جس کے تحت 30 کھلاڑیوں کو کنٹریکٹس دیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری کو ختم نہیں کیا گیا ہے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کوئی بھی کھلاڑی اے کیٹیگری کے معیار پر پورا اترنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔

    کیٹیگری بی، سی اور ڈی میں پرفارمنس کی بنیاد پر 10،10 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، کنٹریکٹس یکم جولائی 2025 سے 30 جون 2026 تک لاگو ہوں گے۔

    رپورٹس کے مطابق 27 کھلاڑیوں کو گزشتہ سال کنٹریکٹ دیے گئے تھے جبکہ اس سال 12 نئے کھلاڑیوں کو بھی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

    9 کھلاڑی اس مرتبہ اپنی سابقہ کیٹیگری برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے، جبکہ 8 کھلاڑی کنٹریکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

    بی کیٹیگری میں قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، شاداب خان، ابرار احمد، حارث رؤف، حسن علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا ہیں۔

    سی کیٹیگری میں عبداللہ شفیق، نسیم شاہ، سعود شکیل، فہیم اشرف، ساجد خان، محمد نواز، محمد حارث، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز، نعمان علی شامل ہیں۔

    ڈی کیٹیگری کی اگر بات کی جائے تو اس میں شان مسعود، حسین طلعت، محمد عباس، محمد وسیم جونیئر، محمد عباس آفریدی، خوشدل شاہ، احمد دانیال، سلمان مرزا، خرم شہزاد، سفیان مقیم شامل ہیں۔

    بابر اعظم امریکا سے براستہ دبئی لاہور واپس پہنچ گئے

    پی سی بی کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ کی سی اور ڈی کیٹیگری کے معاوضوں میں اضافہ کردیا گیا ہے، سی کیٹیگری میں قومی کرکٹرز کو اب 20 لاکھ کے بجائے 25 لاکھ روپے ماہانہ دیئے جائیں گے جبکہ ڈی کیٹیگری میں قومی کرکٹرز کو اب 12 لاکھ کے بجائے 15 لاکھ روپے ماہانہ ملیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کے ماہانہ معاوضے میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے، واضح رہے کہ گزشتہ برس اے کیٹیگری میں قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان شامل تھے۔

  • پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان، حسن علی اور وہاب جگہ بنانے میں ناکام

    پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان، حسن علی اور وہاب جگہ بنانے میں ناکام

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا، 18 کھلاڑیوں پر مشتمل سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹگری میں اظہرعلی، بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق اے کیٹگری میں صرف تین ہی کھلاڑی جگہ بنا پائے ہیں جن میں کپتان بابراعظم ، ٹیسٹ کپتان اظہر علی اور باولر شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں، نیا سینٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی سے نافذالعمل ہو گا۔

    سینٹرل کنٹریکٹ کے مطابق عابد علی، محمد رضوان اور شان مسعود کو بی کیٹیگری میں ترقی دے دی گئی ہے۔ حسن علی، وہاب ریاض اور محمد عامر سینٹرل کنٹریکٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے تاہم تینوں کھلاڑی بدستور قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے جب کہ فہرست میں شامل امام الحق، سرفراز احمداور یاسر شاہ کی ایک ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے۔

    جبکہ سی کیٹگری میں فخر زمان، افتخار احمد ، عماد وسیم ،امام الحق ،نسیم شاہ ، عثمان شنواری شامل ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایمرجنگ پلیئرز کیٹگری میں حیدر علی ، حارث روف اور محمد حسین کو شامل کیا گیا ہے ۔

    یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ نسیم شاہ پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ حسن علی، وہاب ریاض اور محمد عامر سینٹرل کنٹریکٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے تاہم تینوں کھلاڑی بدستور قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔

  • قومی کرکٹرز کو نیا سنٹرل کنٹریکٹ سری لنکا بھجوانے کی یقین دہانی

    قومی کرکٹرز کو نیا سنٹرل کنٹریکٹ سری لنکا بھجوانے کی یقین دہانی

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو نیا سنٹرل کنٹریکٹ دورہ سری لنکا کے دوران بھجوانے کی یقین دہانی کرادی ہے۔

    ذرائع کے مطابق سنٹرل کنٹریکٹ کے معاملے پر سینئر کھلاڑیوں اور پی سی بی میں معاملات گزشتہ رات طے پا گئے تھے، کھلاڑیوں کو تمام مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی، کچھ کھلاڑیوں کی کیٹیگریز میں ردو بدل بھی پی سی بی کے لیے درد سر بن گیا۔

    سیئنر کرکٹرز کی کٹیگری میں ردو بدل انکی کارکردگی کے مطابق کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق اس سال کھلاڑیوں کو صرف چھ ماہ کا نیا سنٹرل کنٹریکٹ دیا جائے گا جبکہ پی سی بی نے ورلڈ کپ کے دوران کھلاڑیوں سے وعدہ کیا تھا کہ ایک سال کا سنٹرل کنٹریکٹ دیا جائے گا، کھلاڑیوں نے ورلڈ کپ سے قبل تین ماہ کا سنٹرل کنٹریکٹ مسترد کردیا تھا۔

  • پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست تیار کرلی

    پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست تیار کرلی

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کی سنٹرل کنٹریکٹ کمیٹی نے 29 کھلاڑیوں کے ناموں کی حتمی فہرست تیار کرلی۔

    پی سی بی ذرائع کے مطابق سنٹرل کنٹریکٹ کمیٹی نے حتمی فہرست تیار کرلی ہے، جس میں انتیس کھلاڑیوں کے نام شامل ہیں۔ اے کیٹیگری میں مصباح الحق، شاہد آفریدی، اظہر علی، محمد حفیظ، سرفراز احمد اور یونس خان کو شامل کیا گیا ہے۔

    سعید اجمل اے سے بی کیٹیگری میں پہنچ گئے ہیں۔

    وہاب ریاض، عمر اکمل، احمد شہزاد، عمر گل، محمد عرفان، سہیل تنویر، ذوالفقار بابر اور راحت علی کو بی کیٹگری دی گئی۔

    احسان عادل، حارث سہیل، سمیع اسلم، بابر اعظم، سہیل خان، اور محمد رضوان کو سی کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو سنٹرل کنٹریکٹ زمبابوے سیریز کے بعد دیا جائے گا، چیئرمین پی سی بی کو سینٹرل کنٹریکٹ میں ردوبدل کا اختیار ہوگا۔