Tag: PCB

  • کلب کرکٹ کے حوالے سے پی سی بی چیف ایگزیکٹو کا اہم بیان

    کلب کرکٹ کے حوالے سے پی سی بی چیف ایگزیکٹو کا اہم بیان

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ کلب کرکٹ پی سی بی کے لیے بہت ضروری ہے، ملک میں اپنے تمام کلبوں کو رجسٹرڈ کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے بیان میں کہا ہے کہ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی رجسٹریشن کرونا کی وجہ سے متاثر ہوئی تھی، اب تک 2 کرکٹ ایسوسی ایشنز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں دیگر بھی ہوں گی۔

    وسیم خان نے کہا کہ نئے قانون میں 6 ایسوسی ایشنز رکھی گئی ہیں، ہماری 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کلب کرکٹ کو چلائیں گے، پی سی بی کے لیے کلب کرکٹ بہت ضروری ہے، اس لیے تمام کلبز کو رجسٹرڈ کیا جائے گا۔

    انھوں نے انٹرنیشنل ٹیموں کے پاکستان دورے سے متعلق کہا کہ زمبابوے کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے، جنوبی افریقہ کی ٹیم جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گی، امید ہے ملک میں مزید کرکٹ بھی آئے گی، پاکستان ٹیم بھی نیوزی لینڈ جائے گی،جہاں 2 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

    پی ایس ایل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ابھی یہ کیس عدالت میں ہے اس لیے کیس کے حوالے سے ابھی بات نہیں کی جا سکتی، تاہم پی سی ایل میچز کے بعد دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی، مشکل حالات میں پاکستان کرکٹ بورڈ بہترین کام کر رہا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ کو وِڈ 19 کے بعد کرکٹ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے، مصباح الحق اور اظہر علی سے اگلے ہفتے ملاقات کروں گا۔

  • یونس خان کی خدمات سے مستقبل میں بھی فائدہ اٹھایا جائے گا، پی سی بی

    یونس خان کی خدمات سے مستقبل میں بھی فائدہ اٹھایا جائے گا، پی سی بی

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ بیٹنگ کوچ یونس خان کی خدمات سے مستقبل میں بھی فائدہ اٹھایا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ یونس خان کو مستقبل میں سسٹم کا حصہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے، یونس خان کی خدمات کی تفصیلات طے کی جارہی ہے۔

    پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ سابق کپتان یونس خان جلد پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان سے ملاقات کریں گے، آئندہ ہفتے ممکنہ ملاقات میں یونس خان کے رول کو حتمی شکل دی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یونس خان سے بیٹنگ کوچ سمیت ایج گروپ ٹیموں کے لیے خدمات لیے جانے کا امکان ہے۔

    مزید پڑھیں: یونس خان قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر

    واضح رہے کہ پی سی بی کی جانب سے دورہ انگلینڈ کے لیے یونس خان کو بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔

    یونس خان کا کہنا تھا کہ میرے لیے اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں، انگلینڈ کے مشکل دورے میں ملک کی نمائندگی میرے لیے اعزاز ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا کہ یونس خان کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

  • اظہرعلی کی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی، پی سی بی نے اہم بیان جاری کردیا

    اظہرعلی کی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی، پی سی بی نے اہم بیان جاری کردیا

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے واضح کیا ہے کہ قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کو قیادت سے ہٹانے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کو ٹیم کی کپتانی سے ہٹایا جا رہا ہے یا نہیں؟ اس حوالے سے پی سی بی نے واضح بیان جاری کردیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام نے تصدیق کی ہے کہ اظہر علی کو قیادت سے ہٹائے جانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں جبکہ وزیراعظم عمران خان نے حالیہ ملاقات کے دوران اس امر کا اظہار بھی کیا کہ اظہر علی طویل عرصے تک ٹیم کی قیادت کریں۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل یہ خبریں منظرعام پر آئی تھیں کہ وزیراعظم عمران خان اظہر علی کی کپتانی کے انداز سے ناخوش ہیں اور ان سے قیادت واپس لینے کا بات بھی کی تاہم پی سی بی نے ان خبروں کی تردید کر دی ہے۔

    اظہر علی کو گزشتہ سال اکتوبر میں سابق کپتان سرفراز احمد کی جگہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپی گئی تھی جس کے بعد قومی ٹیم کو آسٹریلیا اور انگلینڈ کے ہاتھوں سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا البتہ سری لنکا اور بنگلہ دیش کیخلاف کامیابی حاصل ہوئی۔

  • ڈومیسٹک کرکٹ: فرسٹ الیون ٹیموں کی دوسری کرونا ٹیسٹنگ رپورٹ جاری

    ڈومیسٹک کرکٹ: فرسٹ الیون ٹیموں کی دوسری کرونا ٹیسٹنگ رپورٹ جاری

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ فرسٹ الیون ٹیموں کی دوسری کرونا ٹیسٹنگ رپورٹ جاری کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے کہا ہے کہ 6 ٹیموں کے 102 کھلاڑیوں اور اسٹاف کا مسلسل دوسرا ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے ہیڈ کوچ فیصل اقبال اور اسسٹنٹ ہیڈ کوچ وسیم حیدر نے کرونا پروٹوکول کی خلاف ورزی کی، جس پر دونوں کوچز کو مزید 5 روز سیلف آئسولیشن میں گزارنے ہوں گے۔

    پی سی بی نے کہا ہے کہ مذکورہ دونوں کوچز اس دوران ہونے والے 2 کو وِڈ 19 ٹیسٹس کی فیس بھی خود ادا کریں گے۔

    بتایا گیا ہے کہ کامران اکمل 24 ستمبر کو کیمپ جوائن کریں گے، کامران اکمل کا دوسرا کرونا ٹیسٹ 23 ستمبر کو ہوگا، 6 ٹیمیں آج سے ملتان کے بائیو سیکیورببل میں چلی جائیں گی، بائیو سیکیورببل میں کھلاڑیوں اور اسٹاف کو ملنے جلنے کی آزادی ہوگی۔

    پی سی بی رپورٹ کے مطابق اسکواڈز کل سے اپنی ٹریننگ اور نیٹ پریکٹس کا آغاز کریں گے۔

    ڈومیسٹک کرکٹ‌‌ کے کورونا پروٹوکولز جاری

    یاد رہے کہ 15 ستمبر کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ کے کرونا پروٹوکولز جاری کیے تھے، جس میں کہا گیا تھا کہ کھلاڑیوں کی تفریح کے لیے ایک کمرہ مختص ہوگا جہاں تمام سہولیات ہوں گی، بائیو سیکیور ببل توڑنے والے فرد کو 5 روز (میں 2 کو وِڈ 19 ٹیسٹ منفی آنے) تک سیلف آئسولیشن میں رہنا ہوگا۔

    پروٹوکولز کے مطابق کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف، میچ ریفریز، امپائرز، ڈیوٹی ڈاکٹرز، سیکورٹی منیجرز اور بس ڈرائیورز کو بائیو سیکیور ببل میں رہنا تھا، گراؤنڈ اسٹاف، وینیو منیجرز، اسکوررز اور دیگر عہدے داران کو بائیو سیکیور زون کی دوسری تہہ میں رکھا گیا تھا۔

  • پی سی بی اور پی ٹی وی اسپورٹس کے درمیان 3 سالہ معاہدے پر دستخط

    پی سی بی اور پی ٹی وی اسپورٹس کے درمیان 3 سالہ معاہدے پر دستخط

    اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان ٹیلی وژن اسپورٹس کے درمیان 3 سالہ معاہدے پر دستخط ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی اور پی ٹی وی اسپورٹس کے درمیان تین سالہ معاہدہ ہوا ہے، اس معاہدے سے پی سی بی کو 200 ملین امریکی ڈالر کی آمدن متوقع ہے، معاہدے پر ایم ڈی پی ٹی وی عامر منظور اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے دستخط کیے۔

    سال 2023 تک جاری معاہدے کی پہلی اسائنمنٹ نیشنل ٹی 20 کپ ہوگا، 30 ستمبر سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کی پروڈکشن پی سی بی اور براڈ کاسٹنگ پی ٹی وی کرے گا۔

    چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے کہا ہے کہ یہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی براڈ کاسٹنگ ڈیل ہے۔

    اگر ہم اپنا کرکٹ کا اسٹرکچر درست کر لیں تو پاکستان ناقابل شکست ہوجائے گا، وزیراعظم

    انھوں نے کہا 3 سالہ معاہدے سے پاکستان کی کرکٹ پر بہت مثبت اثرات مرتب ہوں گے، پی سی بی 3 سال میں قومی مینز اور ویمنز کرکٹ کے فروغ پر 15 ارب روپے خرچ کرے گا۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ یہ رقم اعلیٰ کارکردگی مراکز میں سابق کرکٹرز کے روزگار کے لیے بھی خرچ ہوگی۔

    دریں اثنا، وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں ڈومیسٹک کرکٹ کے نشریاتی حقوق کے معاہدوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم اپنا کرکٹ اسٹرکچر درست کر لیں تو پاکستان ناقابل شکست ہو جائے گا، پاکستان میں جتنا ٹیلنٹ ہے وہ کسی اور ملک میں نہیں ہے، ہمارا ٹیلنٹ ایک نظام نہ ہونے کے باوجود نکلتا تھا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ اچھے مقابلے اور میرٹ سے کرکٹ بہتر ہوتی ہے، دنیا میں سب سے بہترین کرکٹ کا نظام آسٹریلیا میں ہے جو سب سے بہتر کرکٹ کو پالش کرتی ہے اور لوگ اوپر آتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے یہاں ٹیلنٹ تو نظر آ جاتا ہے لیکن اس کو پالش کرنے کے نظام میں مسئلہ ہے جسے ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔

  • ڈومیسٹک کرکٹ‌‌ کے کورونا پروٹوکولز جاری

    ڈومیسٹک کرکٹ‌‌ کے کورونا پروٹوکولز جاری

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ کے کورونا پروٹوکولز جاری کردئیے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ پروٹوکولز کے مطابق فرسٹ، سیکنڈ الیون کے کھلاڑیوں کی کورونا ٹیسٹنگ 18 اور 21 ستمبر کو ہوگی۔

    پی سی بی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کھلاڑیوں کی تفریح کے لیے ایک کمرہ مختص ہوگا جہاں تمام سہولت ہوگی، بائیو سیکیور ببل توڑنے والے فرد کو 5 روز (میں 2 کوویڈ19 ٹیسٹ منفی آنے) تک سیلف آئسولیشن میں رہنا ہوگا۔

    کرکٹ بورڈ کے مطابق کھلاڑی، اسپورٹ اسٹاف، میچ ریفریز، امپائرز، ڈیوٹی ڈاکٹرز، سیکورٹی منیجرز اور بس ڈرائیورز بائیو سیکیور ببل میں رہیں گے، گراؤنڈ اسٹاف، وینیو منیجرز، اسکوررز اور دیگرعہدیداران کو بائیو سیکیور زون کی دوسری تہہ میں رکھا جائے گا۔

    دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل ٹی 20 اور قائد اعظم ٹرافی کے لیے میڈیا پروٹوکولز کا بھی اعلان کیا ہے۔

    واضح رہے کہ نیشنل ٹی 20 کپ سے قبل کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کا سلسلہ جاری ہے، جس کھلاڑی کا پہلا کورونا ٹیسٹ منفی آئے گا وہ ٹیم کو جوائن کرسکے گا۔

    یاد رہے کہ نیشنل ٹی 20 کپ 30 ستمبر سے ملتان اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، پہلے میچ میں سینٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی، دونوں ٹیموں کے کپتان بابر اعظم اور عماد وسیم کاؤنٹی کھیلنے کے سبب پہلے راؤنڈ میں دستیاب نہیں ہوں گے، دونوں کھلاڑی دوسرے راؤنڈ میں دستیاب ہوں گے۔

  • ’’ٹیم میں ایسے کھلاڑی بھی شامل ہیں جن کے نام نہیں جانتا‘‘

    ’’ٹیم میں ایسے کھلاڑی بھی شامل ہیں جن کے نام نہیں جانتا‘‘

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ ٹیم میں ایسے کھلاڑی شامل ہیں جن کے نام تک نہیں جانتا، انگلینڈ میں جو میچ جیتے اس میں حفیظ اور وہاب ریاض کی کارکردگی تھی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی اور جگہ کھیلنے کے بجائے میں تھوڑا انتظار ہی کرلوں، سینئر کھلاڑی ہوں بورڈ جو بھی فیصلہ کرے گا قبول ہوگا۔

    سابق اوپنر نے کہا کہ ٹی ٹوینٹی میں کامران اکمل کے ساتھ اوپننگ کرتا رہا ہوں، تحفظات ہیں لیکن بورڈ کو اعتماد میں لینے کی ضرورت ہے۔

    سلمان بٹ نے کہا کہ نئے کھلاڑی میچز میں نہیں چلتے تو ان سے کیا سوال کیا جاسکتا ہے، سینئر اور تجربہ کار کھلاڑی نہیں پرفارم کریں تو ان سے سوال کیا جاسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: سلمان بٹ نے صاف انکار کردیا

    انہوں نے کہا کہ ٹیم میں ایسے کھلاڑی بھی شامل ہیں کے نام تک نہیں جانتا ہوں، انگلینڈ میں جو واحد ٹی ٹوینٹی میچ جیتے اس میں محمد حفیظ اور وہاب ریاض کی کارکردگی تھی۔

    واضح رہے کہ ڈومیسٹک سیزن میں وسطی پنجاب کی فرسٹ الیون سے باہر ہونے پر سلمان بٹ نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ سینٹرل پنجاب کے ہیڈکوچ نے پیشکش کی تھی کہ سلمان بٹ کو سیکنڈ الیون کا کپتان بنا دیا جائے لیکن بعد میں فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے ان کی جگہ کسی نوجوان کھلاڑی کو موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

    پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے لیےچھ ایسوسی ایشنز کے اسکواڈز کا اعلان کر رکھا ہے۔

  • کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی، سرفراز احمد بچ گئے

    کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی، سرفراز احمد بچ گئے

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی کارروائی سے بچ گئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق دورہ انگلینڈ میں آخری ٹی 20 میچ کھیلنے سے انکار کی خبروں کے بعد سرفراز کے خلاف ایکشن لیا جاسکتا تھا لیکن بورڈ سابق کپتان کے خلاف کارروائی سے گریزاں ہے۔

    پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد نے انکار نہیں کیا انہوں نے تحفظات کا اظہار کیا تھا، واضح رہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں لکھا ہے کہ کرکٹر بورڈ کی تمام پالیسیوں کا پابند ہوگا۔

    مزید پڑھیں: سرفراز احمد سے متعلق اہم انکشاف

    واضح رہے کہ سرفراز احمد دورہ انگلینڈ کا آخری میچ کھیلنے کیلئے تیار نہیں تھے۔ ہیڈ کوچ اوربیٹنگ کوچ کے منانے پر سابق کپتان نے آخری میچ کھیلا تھا۔

    سیریز کا آخری میچ کہیں کیریئر کا آخری مقابلہ نہ ہوجائے اس ڈر سے سابق کپتان سرفراز احمد نے دورہ انگلینڈ میں تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ مصباح اوریونس نےسرفراز کو یقین دہانی کرائی تھی آخری میچ میں وہ ناکام ہوئے تو بھی ٹیم کیلئےسیکنڈ وکٹ کیپررہیں گے۔

  • کرکٹر عمر اکمل کی مشکلات میں مزید اضافہ

    کرکٹر عمر اکمل کی مشکلات میں مزید اضافہ

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھیلوں کی ثالثی عدالت سے عمر اکمل کیس کی سماعت ویڈیو لنک پر کرنے کی درخواست کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھیلوں کی ثالثی عدالت سے عمر اکمل کیس کی سماعت ویڈیو لنک پر کرنے کی درخواست کردی، پی سی بی نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ویڈیو لنک سماعت سے فریقین کے اخراجات کم ہوں گے۔

    واضح رہے کہ کھیلوں کی ثالثی عدالت میں پی سی بی اور عمر اکمل فریقین ہیں، عمر اکمل نے سزا میں کمی کے لیے جبکہ پی سی بی نے سزا کم ہونے پر اپیل دائر کررکھی ہے۔

    مزید پڑھیں: عمر اکمل نے سزا کے خلاف عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کر لیا

    آزاد ایڈجیوڈیکٹر نے عمر اکمل کی سزا 36 ماہ سے کم کرکے 18 ماہ کردی تھی، ثالثی عدالت نے فریقین سے اپیلوں کا پہلے ہی تبادلہ کردیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی اور عمر اکمل دونوں فریقین 20 روز میں کارروائی مکمل کرکے ثالثی عدالت کو جواب دیں گے۔

    یاد رہے کہ دو مختلف مواقع پر پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے کی وجہ سے عمر اکمل پر تین سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

    چیئرمین ڈسپلنری پینل جسٹس ریٹائرڈ فضلِ میراں چوہان نے 27 اپریل کو مختصر فیصلہ سناتے ہوئے عمر اکمل پر 3 سال کے لیے ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کی تھی۔

  • پی سی بی نے سلیم ملک کا جواب ایک بار پھر مسترد کر دیا

    پی سی بی نے سلیم ملک کا جواب ایک بار پھر مسترد کر دیا

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیم ملک کے جواب کو ایک بار پھر مسترد کر دیا ہے، تاہم پی سی بی نے انھیں اپیل کا حق بھی دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے سابق ٹیسٹ کرکٹر سلیم ملک کا جواب ایک بار مسترد کرتے ہوئے انھیں اپیل کا حق دے دیا، جس پر انھوں نے پی سی بی ہیڈکوارٹر میں اپیل دائر کر دی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس اپیل پر پینل کا اعلان جلد کرے گا۔ یاد رہے کہ سلیم ملک نے پابندی کے خاتمے سے متعلق آئی سی سی ٹرانسکرپٹ کا دوسرا جواب 18 اگست کو پی سی بی میں جمع کرایا تھا۔

    سلیم ملک نے پی سی بی میں جواب جمع کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اپنے خلاف موجود تمام دستاویزات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ آئی سی سی کا معاملہ پی سی بی نے خود بنایا ہوا ہے۔ ان کا مؤقف تھا کہ اگر کوئی مسئلہ ہوتا تو آئی سی سی کی جانب سے انھیں بھی خط لکھا جاتا۔

    سلیم ملک کا کہنا ہے کہ انھیں 2 سو صفحات پر مشتمل نوٹس دیا گیا تھا، تاہم بورڈ نے اب تک انھیں کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا۔

    واضح رہے کہ پی سی بی حکام نے سلیم ملک کو آئی سی سی کی جانب سے میچ فکسنگ کے سوالات کے جواب دینے کا کہا تھا۔