Tag: PCB

  • عید کے بعد ملک میں کرکٹ کی سرگرمیاں بحال ہونے کا امکان

    عید کے بعد ملک میں کرکٹ کی سرگرمیاں بحال ہونے کا امکان

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کی سرگرمیاں جون کے پہلے ہفتے سے شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے، حکومتی اجازت کے بعد حتمی شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا لاک ڈاؤن کے باعث کھیلوں کی سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد ہے تاہم پی سی بی نے کرکٹ شائقین کو بڑی خوشخبری سنادی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک میں کرکٹ سرگرمیاں بحال کرنے کیلئے حکومت کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کر لیا ہے اور حکومتی اجازت ملنے کے بعد ہی کرکٹرز کی ٹریننگ کے حتمی شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث حکومت کی جانب سے تاحال کھیلوں کی سرگرمیوں پرپابندی میں نرمی نہیں کی گئی ہے اس لئے کھلاڑیوں کو میدان میں واپس لانے کیلئے پی سی بی کی جانب سے روڈ میپ تیار کرنے کے بعد حکومت سے اجازت لی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ کی سرگرمیاں عید کی چھٹیوں کے بعد جون کے پہلے ہفتے سے شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ دورہ انگلینڈ کے حوالے سے کھلاڑیوں کو عید کے بعد ہی اعتماد میں لیا جائے گا اور کرکٹرز

    سے آن لائن سیشن کے دوران انہیں حفاظتی اقدامات کے حوالے سے بریف کیا جائےگا تاہم کسی بھی کھلاڑی کو انگلینڈ جانے کیلئے ہرگز مجبور نہیں کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : ہاکی سرگرمیوں کی بحالی کی اجازت مل گئی

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق، باﺅلنگ کوچ وقار یونس اور ذاکر خان کھلاڑیوں کی ٹریننگ کیلئے روڈمیپ تیار کریں گے۔

  • پاکستان کرکٹ بورڈ نے کبھی مجھے بچانے کی کوشش نہیں کی، محمد آصف

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے کبھی مجھے بچانے کی کوشش نہیں کی، محمد آصف

    لاہور : اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ سابق فاسٹ بالر محمد آصف نے کہا ہے کہ کرکٹ بورڈ نے کبھی مجھے بچانے کی کوشش نہیں کی، کیرئیر کا جس طرح اختتام ہوا اس پر افسو س ہے، محمد عامر کاکیریئر بچانے پر پی سی بی کو برا بھلا کہتا ہوں۔

    یہ بات انہوں نے ایک میڈیا انٹرویو میں کہی، محمد آصف نے اپنا دکھ اور غم لفظوں کی شکل میں پی سی بی پر تنقید کرتے ہوئے نکالنا شروع کر دیاہے ان کا کہنا ہے کہ میرے کیرئیر کا اختتام اچھے انداز میں نہیں ہوا، میں نے ایسا کبھی نہیں چاہا تھا، میرا عزم یہی تھا کہ میرا کیرئیر شاندار ہو اور اس کا اختتام بھی اچھا ہو لیکن ایسا نہ ہوسکا جس کا مجھے افسوس ہے۔

    محمد آصف کا کہنا ہے کہ ہر کوئی زندگی میں غلطیاں کرتا ہے، مجھ سے بھی غلطیاں ہوئیں۔ جو ہونا تھا وہ ہو گیا، اب سب ٹھیک ہے۔ مجھ سے پہلے بھی کھلاڑی فکسنگ میں ملوث تھے اور بعد میں بھی ملوث ہیں، مجھ سے پہلے فکسنگ میں ملوث ہونے والے کھلاڑی پی سی بی میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔

    محمد آصف نے مزید کہا کہ پی سی بی نے میرا کیرئیر بچا کر رکھنے کی کوشش نہیں کی حالانکہ ہر کوئی میری بولنگ کی تعریف کرتا تھا، میں کیرئیر میں جتنا بھی کھیلا دنیا ہلا کر رکھ دی تھی، اتنے سالوں بعد بھی دنیا کے بہترین بیٹسمین آج بھی میری تعریف کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان جاؤں گا اور ضروت پڑی تو کام بھی کرنا چاہوں گا لیکن اس وقت وہاں جگہ نہیں ہے، نوے کی دہائی کے کرکٹر ز کے ہاتھوں میں سارا کام ہے، اس لیے ہمارے لیے کوئی چانس نہیں ہے۔

    ‏واضح رہے کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں محمد آصف کو 5 برس کی پابندی کا سزا کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ بعد ازاں محمد عامر کی انٹر نیشنل کرکٹ میں واپسی ہوئی لیکن محمد آصف کو دوبارہ موقع نہ مل سکا، محمد آصف گزشتہ چند ماہ سے امریکا میں مقیم ہیں اور وہاں مستقل رہائش اختیار کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

  • میچ فکسنگ کیس : عمر اکمل کیخلاف بڑا فیصلہ آگیا

    میچ فکسنگ کیس : عمر اکمل کیخلاف بڑا فیصلہ آگیا

    لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز عمر اکمل پر تین سال کی پابندی عائد کردی گئی، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ڈسپلنری پینل نے مڈل آرڈر بیٹسمین پر ہر قسم کی کرکٹ کے دروازے بند کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ڈسپلنری پینل کے چیئرمین جسٹس (ر) فضلِ میراں چوہان نے اسپاٹ فکسنگ کیس کی سماعت کی، سماعت میں عمر اکمل اکیلے ہی ڈسپلنری پینل کے سامنے پیش ہوئے تھے۔

    اس موقع پر چیئرمین پینل نے کیس کا مختصر فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل پر اسپاٹ فکسنگ معاملے میں 3 سال کی پابندی عائد کردی۔

    چیئرمین ڈسپلنری پینل کے فیصلے کے مطابق کرکٹر عمر اکمل پر آئندہ تین برس تک ہر طرح کی کرکٹ کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ سماعت سے قبل ہی چیئرمین جسٹس (ر) فضلِ میراں چوہان نے فریقین کو نوٹس بھجوا رکھے تھے، جبکہ امکان تھا کہ ایک سے دو سماعتوں میں ہی فیصلہ آجائے گا۔

    مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل پر الزام تھا کہ انہوں نے میچ فکسنگ کی پیشکش اور روابط کے بارے میں متعلقہ حکام کو بروقت آگاہ نہیں کیا تھا۔ بعد ازاں اینٹی کرپشن کوڈ کی دو بار خلاف ورزی پر عمر اکمل کو نوٹس آف چارج جاری کیا گیا تھا۔


    اس سے قبل آرٹیکل 6.2 کے تحت آرٹیکل 2.4.4 کی خلاف ورزی پر قومی کرکٹر عمر اکمل کا فکسرز سے رابطہ کی اطلاع نہ کرنے کا جرم ثابت ہوگیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق پی سی بی نے عمر اکمل کا معاملہ چیئرمین ڈسپلنری پینل کے سپرد کر دیا  تھا۔ چیئرمین ڈسپلنری پینل نے عمر اکمل کے جواب پر نظر ثانی کے بعد فیصلہ لیا۔

    یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے20 فروری کو عمرا کمل کو اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر تحقیقات مکمل ہونے تک معطل کرتے ہوئے کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ لینے سے روک دیا تھا۔یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ عمر اکمل کے بارے میں اس طرح کی شکایت سامنے آئی ہے بلکہ ان کا کریئر اس طرح کے واقعات سے بھرا پڑا ہے۔

    عمر اکمل نے اپنا ڈیبو نیوزی لینڈ کے خلاف کیا تھا جہاں انہوں نے سنچری اسکور کی۔ اس کے بعد پاکستان کی ٹیم دورہ آسٹریلیا پر گئی جہاں عمر اکمل کی پہلے دو میچوں میں کارکردگی مناسب تھی مگر پاکستان سیریز میں شکست کھا چکا تھا۔

    مگر ان کے بڑے بھائی اور وکٹ کیپر کامران اکمل کی انتہائی ناقص پرفارمنس پر انہیں آخری میچ کے لیے ڈراپ کرنے کا اعلان کیا گیا تو بعد میں اپنا پانچواں میچ کھیلنے والے عمر اکمل نے مبینہ طور پر بھائی کے ڈراپ ہونے پر بطور احتجاج انجری کا بہانہ کیا اور کہا کہ وہ تیسرا میچ نہیں کھیلیں گے بعد میں انھوں نے میچ تو کھیلا لیکن کرکٹ بورڈ نے ان پر جرمانہ عائد کردیا۔

  • پاک بھارت ویمنز کرکٹ سیریز کا معاملہ، اہم فیصلے کی تیاری

    پاک بھارت ویمنز کرکٹ سیریز کا معاملہ، اہم فیصلے کی تیاری

    لاہور: بھارت میں سیریز کے لیے پاکستانی ویمن ٹیم کی میزبانی سے انکار کے باوجود انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھارتی ٹیم کو بھی 3 پوائنٹس دے دیے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے حیران کن فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت کی ویمن ٹیموں کو سیریز کے 3، 3 پوائنٹس دے دیے جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو شدید تحفظات ہیں۔

    ذارئع کا کہنا ہے کہ پاکستانی بورڈ فیصلے سے متعلق آئی سی سی میں اپیل کرنے پر غور کررہا ہے، پاکستان سے کھیلنے سے انکار کے باوجود بھارت کو پوائنٹس دیے گئے۔

    ذرائع پی سی بی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ بھارت سے کھیلنے کو تیار ہے، وکلا سے مشاورت کے بعد اپیل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ اصولی طور پر بھارت کو تین پوائنٹس نہیں ملنے چاہیئے تھے۔

    واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ برس پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرنا تھی لیکن حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر بھارتی بورڈ نے سیریز کی میزبانی سے انکار کر دیا تھا۔

  • عمر اکمل کا معاملہ ڈسپلنری پینل کے سپرد

    عمر اکمل کا معاملہ ڈسپلنری پینل کے سپرد

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عمر اکمل کا معاملے ڈسپلنری پینل کے سپرد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا، پی سی بی نے عمر اکمل کے معاملے کو ڈسپلنری پینل کے سپرد کردیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈسپلنری پینل کے چیئرمین لاہور ہائیکورٹ کے سابق جج فضل میراں ہوں گے، چیئرمین ڈسپلنری پینل نوٹس آف چارج میں جرائم کی تصدیق کے بعد فیصلہ سنائیں گے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ڈسپلنری پینل کا فیصلہ آنے تک پی سی بی معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کرے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پی سی بی نے عمر اکمل کو اینٹی کرپشن کوڈ کے آرٹیکل 2.4.4 کی 2 مرتبہ خلاف ورزی کرنے پر چارج کردیا تھا۔

    مزید پڑھیں: عمر اکمل کو اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت چارج کر دیا گیا

    یہ آرٹیکل کسی بھی فرد کی جانب سے کرپشن کی پیشکش کے بارے میں پی سی بی ویجلنس اینڈ سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ کو (بغیر کسی غیر ضروری تاخیر سے) آگاہ نہ کرنا ہے۔

    عمر اکمل نے دی گئی مہلت میں اپنا جواب پی سی بی کو جمع کروا دیا ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر اکمل طے شدہ سزا پر اصرار کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ عمر اکمل کو 20 فروری 2020 کو عبوری طور پر معطل کیا گیا تھا۔ عمراکمل کواینٹی کرپشن کوڈکےتحت معطل کیاگیا تھا اورانکوائری مکمل ہونے تک وہ کسی طرح کی کرکٹ میں حصہ نہیں لےسکتے۔

    عمر اکمل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ تھے تاہم معطلی کے بعد انہیں ڈراپ کر دیا گیا تھا اور ان کی جگہ متبادل کھلاڑی شامل کیا گیا۔

  • پی ایس ایل کے بقیہ میچز کب ہوسکتے ہیں؟ وسیم خان نے بتا دیا

    پی ایس ایل کے بقیہ میچز کب ہوسکتے ہیں؟ وسیم خان نے بتا دیا

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فائیو کے بقیہ میچز نومبر میں ہوسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ فرنچائزز کی مشاورت سے فیصلہ کریں گے کہ سیمی فائنل ہوں یا پرانا فارمیٹ رکھا جائے، بقیہ میچز نومبر میں کھیلے جاسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے سبب کرکٹ بورڈ کو پہلے ہی نقصان ہوچکا ہے، کرکٹ بورڈ کو مزید نقصان ہوسکتا ہے۔

    وسیم خان نے کہا کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق کی کارکردگی پر کوئی تشویش نہیں ہے، مصباح کو تجربہ فراہم کرنے کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کا کوچ بنایا گیا تھا، ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے بعد ہیڈ کوچ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل میچز ملتوی کرنے کا مقصد کھلاڑیوں اور آفیشلز کا تحفظ کرنا ہے، ،وسیم خان

    چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ پالیسی معاملات پر اثر انداز نہ ہوں، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کھلاڑیوں کے بارے میں رائے دینے کے حوالے سے حفیظ سے بات کروں گا۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھنے کے باعث پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنلز اور فائنلز میچز کو ملتوی کردیا گیا تھا۔

    وسیم خان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میچز ملتوی کرنےکا فیصلہ کھلاڑیوں، آفیشلز کا تحفظ کرنا ہے، پی ایس ایل کو مکمل کرانے کیلئے ہم نے بہت اقدامات کئے میچ بھی کم کئے اور پی ایس ایل سے منسلک تمام لوگوں کےتحفظ کیلئے اقدامات کئے۔

  • کرونا سے بچاؤ، پی سی بی نے کھلاڑیوں کو ٹریننگ پلان جاری کردیا

    کرونا سے بچاؤ، پی سی بی نے کھلاڑیوں کو ٹریننگ پلان جاری کردیا

    لاہور: کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی جانب سے کھلاڑیوں کو ٹریننگ پلان جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر پی سی بی کوچز نے صوبائی اور سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کو ٹریننگ پلان فراہم کردیا، کھلاڑیوں کو تین ہفتے کا ٹریننگ پلان بھجوایا گیا ہے۔

    پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ کھلاڑی فزیکل ٹریننگ پر خصوصی توجہ دیں، کھلاڑیوں کو رننگ اور اسٹریچنگ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

    پی سی بی کے مطابق کھلاڑی تین ہفتے کے لیے جم ٹریننگ کم کریں، تین ہفتے کے بعد صورتحال دیکھ کر کھلاڑیوں کو مستقبل کا پلان فراہم کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل میں شامل تمام کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی

    پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کو انفرادی طور پر فزیکل ٹریننگ اور ایکسرسائز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہوا ہے، وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بیشتر ممالک نے شہروں میں لاک ڈاؤن کردیا ہے اور کھیلوں کی سرگرمیاں بھی معطل کردی گئی ہیں۔

    یاد رہے کہ پی سی بی کی جانب سے کرونا وائرس کے پیش نظر پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنلز، فائنل میچ اور پاکستان کپ ملتوی کردیا گیا تھا۔

  • کرونا وائرس، پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل  فائیو کے میچز ملتوی کردیئے

    کرونا وائرس، پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فائیو کے میچز ملتوی کردیئے

    لاہور: کروناوائرس کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ فائیو کے 2 سیمی فائنلز اور فائنل میچز ملتوی کردیئے اور کہا ہے کہ میچز کو ری شیڈول کیاجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر پی ایس ایل فائیو کے میچز ملتوی کردیئے ہیں۔

    پی سی بی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ایس ایل میچز ملتوی کرنے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ  پی ایس ایل کے 2سیمی فائنلز اور فائنل میچز کو ری شیڈول کیا جائے گا۔

    اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے ایونٹ کے پلے آف میچز کو سیمی فائنل اور فائنل میں تبدیل کردیا تھا۔

    خیال رہے پی ایس ایل 5 کے دونوں سیمی فائنلز آج لاہور میں  کھیلے جانے تھے  جبکہ پی ایس ایل کا فائنل میچ کل ہونا تھا۔

    یاد رہے  پاکستان کرکٹ بورڈ  اورپی ایس ایل ٹیموں کے مالکان کا اجلاس ہوا  تھا ، جس میں فیصلہ کیا گیا تھا پی ایس ایل شیڈول کے مطابق جاری رہےگی جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ سے دستبردار ہونے کی  اجازت دے دی تھی۔

  • پی ایس ایل شیڈول کے مطابق جاری،  غیر ملکی کھلاڑیوں کو دستبرداری کی اجازت

    پی ایس ایل شیڈول کے مطابق جاری، غیر ملکی کھلاڑیوں کو دستبرداری کی اجازت

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر غیر ملکی کھلاڑیوں کوپاکستان سپر لیگ سے دستبردار ہونے کی اجازت دے دی ہے، جس کے بعد کچھ غیرملکی کھلاڑیوں کی اپنے ممالک واپسی متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ  اورپی ایس ایل ٹیموں کے مالکان کا اجلاس ہوا ، جس میں فیصلہ کیا گیا پی ایس ایل شیڈول کے مطابق جاری رہےگی، کراچی میں ملتان سلطانز، پشاور زلمی کا آج میچ شیڈول کے مطابق ہوگا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ایونٹ سےمتعلق افراد ہی آج نیشنل اسٹیڈیم میں داخل ہوسکیں گے، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آج شائقین کے بغیر میچ ہوگا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ  اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ ’جو کھلاڑی جانا چاہتے ہیں وہ جا سکتے ہیں اور فرنچائز کو غیر ملکی کھلاڑیوں کے متبادل  کی اجازت دے رکھی ہے، کچھ غیر ملکی کھلاڑیوں نے لیگ سے دستبردار ہونے کا کہا ہے۔

    پی سی بی روزانہ ٹیموں کےمالکان سےمشاورت کے بعد صورتحال کاجائزہ لیتارہےگا، تاحال کسی بھی کھلاڑی میں کروناوائرس کی تشخیص نہیں ہوئی تاہم پاکستان اوربنگلادیش سیریزسےمتعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا ۔

    بعد ازاں چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ  کروناسے پیدا صورتحال کا لمحہ بہ لمحہ جائزہ لے رہے ہیں، غیر ملکی9کھلاڑی بارڈرز اور فلائٹ آپریشن بندش کے خدشے کے باعث جانا چاہتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : کراچی کے بعد لاہورمیں بھی خالی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز کروانے پر غور

    وسیم خان کا کہنا تھا کہ پی سی بی غیرملکی کھلاڑیوں کی خیریت سے روانگی کاخواہاں ہے، تمام افرادکی بھلائی کیلئےصورتحال کے مطابق  مستقبل میں فیصلے ہوں گے۔

    اس سے قبل کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ نے غیر ملکی کھلاڑیوں کوپی ایس ایل سے دستبرداری کاآپشن دیتے ہوئے کہا تھا کہ کوئی بھی کھلاڑی لیگ سے الگ ہونے کا اختیار رکھتا ہے ، تمام ٹیموں کےپاس متبادل کھلاڑی رکھنےکا آپشن موجود ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کروناوائرس کے پیش نظر کچھ غیرملکی کھلاڑیوں کی اپنے ممالک واپسی متوقع ہے۔

    خیال رہے  پاکستان کرکٹ بورڈ نے کراچی کے بعد لاہورمیں بھی خالی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچزکروانے پر غور شروع کردیا ہے اور کہا پنجاب حکومت جو بھی ایڈوائزری جاری کرے گی اس پرعمل کریں گے۔

    سندھ حکومت کی ہدایت پر پہلے ہی کراچی میں پی ایس ایل کے میچز خالی اسٹیڈیم میں کرانے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے اور شائقین کو ٹکٹ کے پیسے واپس کردیئے جائیں گے۔

    پی سی بی نے کرونا سے بچنے کیلئے پلیئرز اور شائقین کواحتیاطی تدابیر لینے کا مشورہ دیتے ہوئے تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کوہاتھ ملانےسےمنع کردیا ہے اور شائقین سےگزارش کی ہےکرکٹرز سے آٹوگراف لینےکیلئےقریب نہ جائیں۔

  • پی ایس ایل فائیو : پی سی بی نے پاکستانی عوام کو بڑی خوشخبری سنادی

    پی ایس ایل فائیو : پی سی بی نے پاکستانی عوام کو بڑی خوشخبری سنادی

    لاہور : پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار پی ایس ایل فائیو کے دوران شائقین اپنی قومی زبان اردو میں کمنٹری سن سکیں گے، پاکستان کرکٹ بورڈ نے کمنٹیٹرز کے آفیشل پینل اور براڈ کاسٹرز کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کی قومی زبان اردو میں کمنٹری نشر کی جائے گی۔

    پی سی بی نے اس بار پی ایس ایل فائیو میں اردو میں کمنٹری کی خوشخبری سناتے ہوئے شائقین کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا، پی سی بی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اردو میں رواں تبصرہ کمنٹیٹرز رمیض راجا، بازید خان، وقار یونس اور عروج ممتاز کریں گے۔

    یہ مبصرین ہر اننگز کے دوران پانچ اوورز کے لیے اردو زبان میں تبصرہ کریں گے اس تبدیلی کا مقصد کرکٹ شائقین کو لائیو کوریج کا بہتر تجربہ فراہم کرنا ہے جو مقامی چینلز پر نشر کی جائے گی۔

    اس کے علاوہ ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن فائیو کے میچوں کے دوران انگریزی میں کمنٹری کیلئے آسٹریلیا اور نیدرلینڈز کے سابق کرکٹر ڈرک نینِز، جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر ایچ ڈی ایکرمن، انگلینڈ کے سابق کرکٹر مارک بُچر، ڈومِنک کورک اور جنوبی افریقہ کی خاتون کمنٹیٹر کاس نائیڈو پہلی بار کمنٹری کریں گے۔

    پی سی بی کے مطابق  پہلی مرتبہ پی ایس ایل 2020ء کے آخری تین میچوں کے دوران اسپائیڈر کیم کے ذریعے کھلاڑیوں اور کمنٹیٹرز کے درمیان رابطہ بھی آن فیلڈ ایکشن کے ذریعے شائقین کرکٹ کو ٹی وی اسکرینز سےجڑے رہنے پر مجبور کرے گا۔