Tag: PCB

  • پاکستان اپنی کوئی سیریز اب بیرون ملک نہیں کھیلے گا، پی سی بی

    پاکستان اپنی کوئی سیریز اب بیرون ملک نہیں کھیلے گا، پی سی بی

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی کوئی سیریز اب بیرون ملک میں نہیں کھیلے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ ہوم سیریز ہوم گراؤنڈز پر کھیلنے کے فیصلے پر قائم ہے، پی سی بی کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو سیریز کے شیڈول کا ابتدائی خاکہ بھجوادیا ہے۔

    پی سی بی کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش سے سیریز میں پہلے ٹیسٹ، دوسرے مرحلے میں ٹی 20 میچز ہوں گے، بنگلہ دیش کے سیکیورٹی وفد نے تین سیریز کے لیے سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیا ہے۔

    پی سی بی کا کہنا ہے کہ ایسا ممکن نہیں کہ سیریز کا ایک حصہ پاکستان اور دوسرا باہر ہو، اب پالیسی بدلی تو پی ایس ایل اور دوسری سیریز پر منفی اثرات ہوں گے۔

    واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں، بنگلہ دیش نے دورہ نہ کیا تو اسے اپنے پوائنٹس کھونا پڑیں گے۔

    یاد رہے کہ بنگلہ دیش ویمن اور انڈر 16 ٹیمیں پاکستان کا کامیاب دورہ کرچکی ہیں، پی سی بی بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے پرامید ہے۔

    خیال رہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوینٹی سیریز اور ون ڈے سیریز پاکستان میں کھیلی تھی جبکہ پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز بھی پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔

  • سعید اجمل بولنگ کوچ بننے کے خواہشمند، پی سی بی کو درخواست دے دی

    سعید اجمل بولنگ کوچ بننے کے خواہشمند، پی سی بی کو درخواست دے دی

    لاہور : پاکستان کے مایہ ناز سابق اسپنر سعید اجمل نے قومی ٹیم کے اسپن بولنگ کنسلٹنٹ کے لئے درخواست دے دی، اس کے علاوہ لیجنڈ سپن باﺅلرز مشتاق احمد اور ثقلین مشتاق بھی اسی عہدے کے امیدوار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق اسٹار اسپنر سعید اجمل بھی کوچنگ کے لئے میدان میں آگئے، سعید اجمل نے قومی ٹیم کے اسپن بولنگ کنسلٹنٹ کے لئے درخواست جمع کرادی ہے۔

     سعید اجمل نے35ٹیسٹ،113ون ڈے،64 ٹی20میچوں میں نمائندگی کی، سعید اجمل نے ٹیسٹ میں178،ون ڈے184،ٹی 20میں85وکٹیں حاصل کیں، سعید اجمل نے 578 فرسٹ کلاس وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔

    سعید اجمل کا کہنا ہے کہ پاکستان نے مجھے بہت عزت اور شہرت دی ہے، اپنا تجربہ نوجوان کرکٹرز کو منتقل کرنے کی خواہش ہے، اسپن بولنگ کنسلٹنٹ کے عہدے کے مقررہ معیار پر پورا اترتا ہوں۔

    واضح رہے کہ سعید اجمل پرامید ہیں کہ انہیں قومی ٹیم کے سپن باﺅلنگ کوچ کے طور پر منتخب کر لیا جائے گا تاہم یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ مشتاق احمد اور ثقلین مشتاق بھی اسپن بولنگ کنسلٹنٹ کے عہدے کےامیدوار ہیں۔

    پی سی بی نے اسپن بولنگ کنسلٹنٹ کے عہدے کے لئے اشتہار دے رکھا ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ اسپن باﺅلنگ کوچ کی اسامی کیلئے قرعہ کس کے نام نکلتا ہے۔

  • بنگلہ دیش اور ایم سی سی کو پاکستان لانے کی کوشش کر رہے ہیں: وسیم خان

    بنگلہ دیش اور ایم سی سی کو پاکستان لانے کی کوشش کر رہے ہیں: وسیم خان

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیسٹ ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے، بنگلہ دیش اور ایم سی سی کو پاکستان لانے کی کوشش کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز ملک میں ہونے کو خوش آئند قرار دیا، وسیم خان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی میریلیبون کرکٹ کلب(ایم سی سی) کو پاکستان لانے کی کوشش کررہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی افریقہ سے 3 ٹی 20میچز کی سیریز پر بھی بات چل رہی ہے۔

    خیال رہے کہ 10سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوئی ہے، گزشتہ ہفتے سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کی منظوری دی۔

    قومی کرکٹ ٹیم سیریز میں شامل دونوں ٹیسٹ میچز ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلے گی، سری لنکن ٹیسٹ کرکٹ ٹیم دسمبر میں پاکستان آئے گی، آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچز راولپنڈی اور کراچی میں ہوں گے۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 11سے15دسمبر تک راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 19سے23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے بعد ہی ٹیسٹ شیڈول بھی زیرغور تھا۔

    10 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی

    دوسری جانب پاکستان سپرلیگ سیزن فائیو میں بھی دنیا بھر کے نامور کھلاڑی پاکستان آنے کو تیار ہیں، پی ایس ایل 2020 کے لیے پلاٹینم کیٹگری کے بعد ڈائمنڈ کیٹگری کی ابتدائی فہرست جاری کردی گئی ہے جس میں 58غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔

    پی ایس ایل فائیو؛ ڈائمنڈ کیٹگری میں شامل کھلاڑیوں کی فہرست جاری

    ابتدائی فہرست میں ڈیوڈمیلان سمیت انگلینڈ کے19کھلاڑی کیٹگری کاحصہ ہیں جب کہ ویسٹ انڈیز کے12 اورجنوبی افریقہ کے11کھلاڑی شامل ہیں، پی ایس ایل سیزن فائیو کے لیے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل 21نومبر تک جاری رہےگا۔

  • خواہش ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ مکمل بحال ہو، سی ای او آسٹریلین کرکٹ بورڈ

    خواہش ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ مکمل بحال ہو، سی ای او آسٹریلین کرکٹ بورڈ

    لاہور : آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے سی ای او کیوین رابرٹس نے کہا ہے کہ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ مکمل بحال ہو، سری لنکن ٹیم کا پاکستان میں سیریز کیلئے حامی بھرنا حوصلہ افزا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی سی کی جانب سے ایک جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سی ای او کرکٹ آسٹریلیا کیوین رابرٹس نے کرکٹ آسٹریلیا کا پاکستان میں ٹیسٹ میچز کا انعقاد حوصلہ افزاء قرار دیا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم کا پاکستان میں سیریز کیلئے حامی بھرنا حوصلہ افزا ہے، ہماری خواہش ہے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ مکمل اور جلد بحال ہو۔

    سی ای او کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا تھا کہ دورہ پاکستان پر فیصلہ جلد بازی میں نہیں کریں گے، تمام معاملات کا جائزہ لے کر آسٹریلیا ٹیم کے دورہ کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

    کیوین رابرٹس نے کہا کہ پاکستان میں سیریز اس بات کا عندیہ ہے کہ سیکیورٹی کے حالات درست سمت میں جارہے ہیں، امید ہے آسٹریلین ٹیم دو طرفہ تعلقات کیلئے جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔

  • انگلینڈ کے خلاف ون ڈے، ٹی ٹوینٹی سیریز، ویمنز ٹیم کی ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان

    انگلینڈ کے خلاف ون ڈے، ٹی ٹوینٹی سیریز، ویمنز ٹیم کی ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان

    لاہور: انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی سیریز کے لیے قومی ویمنز ٹیم کی ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوینٹی اور ون ڈے سیریز کے لیے ممکنہ ویمن ٹیم کا اعلان کردیا گیا، بسمہ معروف کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔

    قومی ویمنز ٹیم کی دیگر کھلاڑیوں میں عالیہ ریاض، انعم امین، عروب شاہ، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، ارم جاوید شامل ہیں۔

    ویمنز ٹیم کی ممکنہ کھلاڑیوں میں جویریہ ودود، کائنات حفیظ، کائنات امتیاز، منیبہ علی، ثنا میر، سدرہ امین، عائشہ ظفر اور سدرہ نواز شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں: پاکستان اور انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم کے درمیان سیریز کے شیڈول کا اعلان

    انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے منیبہ علی، ناہیدہ خان، نشرہ سندھو، عمیمہ سہیل، رامین شمیم، صبا نذیر کو بھی کیمپ میں طلب کیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 21 ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں ہوگا ۔

    پی سی بی اعلامیے کے مطابق 9 روزہ تربیتی کیمپ 21 سے 29 نومبر تک جاری رہے گا، ایک روزہ، ٹی ٹوینٹی سیریز کے لیے قومی اسکواڈز کا اعلان 27 نومبر کو کیا جائے گا، قومی ویمنز اسکواڈ 30 نومبر کو ملائیشیا روانہ ہوگا۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل پی سی بی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ بسمہ معروف ویمنز ورلڈ کپ تک کپتانی کے فرائض انجام دیں گی۔

  • پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں پر لے جاسکتی ہے: نسیم اشرف

    پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں پر لے جاسکتی ہے: نسیم اشرف

    واشنگٹن: سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) ڈاکٹر نسیم اشرف کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر پاکستان ٹیم کو ایک خاص سطح تک لے کر گئے تھے، مکی آرتھر کو بحیثیت کوچ تبدیل نہیں کرنا چاہیے تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر نسیم اشرف کا اےآروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) پاکستان کرکٹ کو نئی بلندیوں پر لے جاسکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے لیے غیر ملکی کوچ بہترین آپشن ہے، پاکستان میں اب بھی بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔

    سابق چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں بےپناہ ٹیلنٹ موجود ہے، کرکٹ کے فروغ کے لیے پی ایس ایل اہم کردار ادا کرے گا۔ خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو میں وائلڈ کارڈ پک کا قانون متعارف کرادیا گیا ہے۔

    پی ایس ایل سیزن فائیو پلیئرز ڈرافٹ کے لیے پک آرڈر کی ترتیب طے کرلی گئی ہے، پک آرڈر طے ہونے کے بعد کھلاڑیوں کی ٹرانسفر ونڈو کھول دی گئی ہے۔ پی سی بی کے مطابق ہر فرنچائز زیادہ سے زیادہ 8 کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں برقرار رکھ سکتی ہے، پلیئنگ الیون میں 3 سے 4 غیرملکی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی اجازت ہوگی۔

  • قومی ٹی20 ٹیم لاہور سے دورہ آسٹریلیا کیلیے روانہ ہوگئی

    قومی ٹی20 ٹیم لاہور سے دورہ آسٹریلیا کیلیے روانہ ہوگئی

    لاہور : قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم بابراعظم کی قیادت میں دورہ آسٹریلیا کیلئےروانہ ہوگئی۔ کرکٹ آسٹریلیا الیون نے اکتیس اکتوبر کو پاکستان کے خلاف پریکٹس میچ کے لئے بارہ رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوینٹی فارمیٹ میں نمبر ون ٹیم کو ایک اور امتحان کا سامنا ہے، شاہینوں نے کینگروز پرجھپٹنے کیلئے لاہور سے اڑان بھرلی۔ نوجوان کھلاڑیوں پرمشتمل ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت بابراعظم سنبھال رہے ہیں۔

    نیشنل ٹی 20 کپ کے بعد تمام کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں اکٹھے ہوئے جہاں سے وہ لاہور ایئرپورٹ پہنچے اور نجی ایئر لائن کی پرواز سے آسٹریلیا روانہ ہوگئے۔

    قومی ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کا آغاز ٹور میچ سے اکتیس اکتوبر کو ہوگا۔ ٹور میچ کیلئے کینگروز نے اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ کرس لن ٹیم کی قیادت کریں گے۔

    گرین شرٹس دوہزار سترہ کے بعد آسٹریلیا کا دورہ کررہے ہیں۔ سیریز کا آغاز تین نومبر کو سڈنی میں پہلے ٹی ٹوئنٹی سے ہوگا۔ علاوہ ازیں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز 21 نومبر سے شیڈول ہے۔

  • ناردرن نے نیشنل ٹی 20 کپ کا ٹائٹل جیت لیا، بلوچستان کو شکست

    ناردرن نے نیشنل ٹی 20 کپ کا ٹائٹل جیت لیا، بلوچستان کو شکست

    فیصل آباد: ناردرن کی ٹیم نے بلوچستان کو شکست دے کر نیشنل ٹی 20 کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے نیشنل ٹی 20 کپ کے فائنل میچ میں ناردرن نے بلوچستان کو 52 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

    ناردرن کے عمر امین کو جارحانہ اننگز کھیلنے پر فائنل میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    ناردرن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے اور بلوچستان کو جیت کے لیے 168 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    عمر امین نے 38 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، محمد نواز 31 اور شاداب خان 25 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

    بلوچستان کے عماد بٹ اور حسین طلعت نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    بلوچستان کی ٹیم 168 رنز کے تعاقب میں مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 18.2 اوورز میں 110 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بلوچستان کے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے، عمران فرحت 32 اور اویس ضیا 28 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    سہیل تنویر نے تین شکار کیے، شاداب خان اور محمد نواز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

    واضح رہے کہ نیشنل ٹی 20 کپ کے سیمی فائنلز میں ناردرن نے کے پی اور بلوچستان نے سدرن پنجاب کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔

     

  • نیشنل ٹی 20 کپ، ناردرن ایریاز اور بلوچستان نے فائنل کی ٹکٹ کنفرم کرلی

    نیشنل ٹی 20 کپ، ناردرن ایریاز اور بلوچستان نے فائنل کی ٹکٹ کنفرم کرلی

    فیصل آباد: نیشنل ٹی 20 کپ کے سیمی فائنلز میں ناردرن ایریاز نے کے پی اور بلوچستان نے سدرن پنجاب کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹی 20 کپ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں نادرن نے کے پی کی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالی۔

    فیصل آباد میں جاری ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں ناردرن ایریاز نے کے پی کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف دیا، افتخار احمد نے شاندار سنچری بنا کر ٹیم کو ہدف کے قریب تک پہنچایا لیکن کامیابی نہ دلاسکے۔

    ناردرن ایریاز کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے آخری اوور میں 8 رنزکا کامیاب دفاع کیا اور تین وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو فائنل میں انٹری دلادی۔

    دوسرے سیمی فائنل میں بلوچستان نے سدرن پنجاب کو تین وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کی ٹکٹ کنفرم کرلی، سدرن پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 173 رنز بنائے اور بلوچستان کو جیت کے لیے 174 رنز کا ہدف دیا۔

    محمد حفیظ اور شعیب ملک نے بالترتیب 65 اور 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، عمر صدیق 6، شان مسعود 10 اور عامر یامین 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    علی شفیق نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، عاکف جاوید، یاسر شاہ اور حسین طلعت نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    بلوچستان کی ٹیم نے 174 رنز کا ہدف آخری گیند پر حاصل کرلیا، عماد بٹ 14 گیندوں پر 29 رنز کی ناقابل شکست جارحانہ اننگز کھیلنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

    ناردرن ایریاز اور بلوچستان کی ٹیمیں 24 اکتوبر کو نیشنل ٹی 20 کپ کے فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔

  • سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹا کر پی سی بی نے خود میرٹ کا پول کھول دیا، مشاہداللہ خان

    سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹا کر پی سی بی نے خود میرٹ کا پول کھول دیا، مشاہداللہ خان

    اسلام آباد : سینیٹ کی بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے رکن مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹا کر پی سی بی نے خود میرٹ کا پول کھول دیا، پاکستان کرکٹ بورڈ کو آمرانہ انداز سے چلایاجا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے رکن مشاہداللہ خان اپنے بیان پر ڈٹ گئے، سینیٹر مشاہد اللہ خان نے پی سی بی کی وضاحت کو مضحکہ خیز قرار دے دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو آمرانہ اندازسے چلایا جارہا ہے، پی سی بی نے سری لنکا کیخلاف بری سلیکشن سے متعلق بھی حقائق چھپائے۔

    انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ احمد شہزاد اور عمراکمل سے متعلق جو باتیں کیں وہ حقائق پر مبنی ہیں، احمد شہزاد، عمر اکمل سے متعلق سفارشی سلیکشن کی بات پر قائم ہوں، قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن میں میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں۔

    سینیٹر مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹا کر خود پی سی بی نے میرٹ کا پول کھول دیا، اظہر علی کو کس کے کہنے پر کپتان بنایا گیا؟

    انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی کراچی کے کھلاڑیوں کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہا ہے، کرکٹ کی بہتری کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھاتا رہوں گا۔

    مزید پڑھیں : سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوینٹی کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا

    واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کو قومی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹاتے ہوئے اظہر علی کو قیادت سونپ دی ہے جبکہ ٹی ٹوینٹی کی کپتانی نوجوان بلے باز بابر اعظم کے سپرد کردی گئی ہے۔

    پی سی بی اعلامیے کے مطابق اظہرعلی آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچزمیں قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ اسی دورے میں کھیلے جانے والے 3 ٹی ٹوینٹی میچز میں بابراعظم ٹیم کے کپتان ہوں گے۔