Tag: PCB

  • پاک آسٹریلیا سیریز: اسکواڈ کا اعلان، سرفراز کپتانی نہیں کریں گے

    پاک آسٹریلیا سیریز: اسکواڈ کا اعلان، سرفراز کپتانی نہیں کریں گے

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا، سرفراز احمد ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے یواے ای میں آسٹریلیا کے ساتھ ہونے والی پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔

    ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے بجائے شعیب ملک ہوں گے۔ ان کے علاوہ عابد علی ، فہیم اشرف، حارث سہیل، عماد وسیم، عماد الحق، جنید خان، محمد عباس، محمد عامر، محمد حسنین، محمد رضوان ، سعد علی، شان مسعود، عمر اکمل، عثمان شنواری اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

    اس موقع پر چیف سلیکٹرانضمام الحق کا کہنا تھا کہ بابراعظم،فخرزمان،سرفرازاحمد،شاہین شاہ آفریدی کوآرام کاموقع دیاگیاہے جبکہ حسن علی اورشاداب خان کوبھی دیا گیا ہے۔

    آسٹریلیا کے خلاف پانچ ایک روزہ میچز کی یہ سیریز 22 مارچ سے 3 مارچ تک شارجہ کے میدان میں کھیلی جائے گی۔

    شعیب ملک ایک بار پھر کپتانی کے فرائض انجام دیں گے، اس سے قبل ان کی سربراہی میں 38 ایک روزہ میچز منعقد ہوئے ہیں جس میں سے 25 میں وہ فتح یاب ہوئے جبکہ 13 میں شکست ان کے حصے میں آئی ، اس حساب سے ان کی فتح کا تناسب بہت عمدہ ہے۔

    اس 16 رکنی اسکواڈ میں تین اوپننگ بلے باز ہیں جبکہ 4 مڈل آرڈر بلے باز شامل ہیں۔ ایک وکٹ کیپر، دو آل راؤنڈراور پانچ فاسٹ باولر بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

  • آئی سی سی اجلاس : پی سی بی نے بھارت کیخلاف سخت مؤقف اپنانے کا فیصلہ کرلیا

    آئی سی سی اجلاس : پی سی بی نے بھارت کیخلاف سخت مؤقف اپنانے کا فیصلہ کرلیا

    لاہور : پی سی بی نے آئی سی سی اجلاس میں بھارت کے خلاف سخت مؤقف اپنانے کا فیصلہ کرلیا، بھارتی بورڈ کا آئی سی سی سے مطالبہ قانون کے مطابق نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی اجلاس میں اپنا مضبوط مؤقف پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی آئی سی سی کے اجلاس میں بھارتی مؤقف کو یکسر مسترد کرے گا۔

    ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی ٹیم کو دوسری ٹیم ایونٹ سے دور نہیں رکھ سکتی، کیونکہ بھارتی بورڈ کا آئی سی سی سے مطالبہ قانون کے مطابق نہیں۔

    ذرائع پی سی بی کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پلوامہ حملہ کی مذمت کے ساتھ بھارت سے الزامات کے متعلق شواہد مانگ چکے ہیں، وزیر اعظم کہہ چکے ہیں کہ شواہد دئیے جاتے تو پاکستان کارروائی کو تیار ہے۔

    اس کے علاوہ آئی سی سی اجلاس میں کپتان سرفراز احمد کی سزا کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا کیونکہ مصالحتی عمل کے دوران سرفراز احمد پر چار میچوں کی پابندی لگا کر غلط مثال قائم کی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کوڈ میں نسل پرستانہ معاملات پر مصالحت کا آپشن موجود ہے، آئی سی سی بھی نسل پرستانہ معاملات پر کوڈ بنائے۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئی سی سی رکن ممالک سے سینئر،جونیئر ٹیموں کو پاکستان آنے کی دعوت دی جائے گی، آئی سی سی چیف ایگزیکٹیوزاجلاس26 اور27فروری کو ہوگا جبکہ آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ یکم اور دو مارچ کو ہوگی۔

  • پی ایس ایل سے کھلاڑیوں کے لیے مواقع بڑھ رہے ہیں: مکی آرتھر

    پی ایس ایل سے کھلاڑیوں کے لیے مواقع بڑھ رہے ہیں: مکی آرتھر

    دبئی: کراچی کنگزاور پاکستا ن کی قومی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے سبب کھلاڑی بین الاقوامی کرکٹ میں جگہ بنا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن فور کا آغاز کل سے دبئی میں ہورہا ہے اور مکی آرتھر اسی سلسلے میں وہاں موجود ہیں، انہوں نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کراچی کنگز کی فتح کے لیے اپنی نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

    اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز میں کارکردگی دکھانے کا موقع دیا جائے گا۔

    کراچی کنگز کے مایہ ناز باؤلر محمد عامر کے حوالے سے گفتگو کرتےہوئے مکی آرتھر کا کہنا تھاکہ وہ پروفیشنل باؤلر ہیں اور مکی ان کے کھیل کے سبب انہیں سپورٹ کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عامر ایک شاندار باؤلر ہیں اور مجھے پوری امید ہے کہ وہ پیس پکڑیں گے ۔ ان کا آگے بڑھنا ہم سب کے لیے بہتر ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ایس ایل تمام کھلاڑیوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہورہا ہے۔ جوئے ڈینلی اب انگلینڈ کے لیے اگر کھیل رہے ہیں تو پی ایس ایل میں اپنی پرفارمنس کی بنیاد پر کھیل رہے ہیں، ایسے ہی کولن انگرام کو آئی پی ایل میں بڑا کانٹریکٹ مل گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم مزید ایسے کھلاڑیوں کی تلاش کررہے ہیں جو پورے سیزن کے لیے دستیاب ہوں۔

    یاد رہے کہ پچا س سالہ مکی آرتھر نے مئی 2016 میں پاکستان کی قومی ٹیم کے کوچ کا عہدہ سنبھالا تھا، کوچ بننے کے بعد انہوں نے قومی ٹیم کی کامیابیوں میں بے پناہ کردار ادا کیا۔ پاکستان کو ٹیسٹ اور ٹی 20 میں نمبر ون ٹیم کی پوزیشن پر لائے، چیمپئنز ٹرافی جیتنے میں ان کی کوچنگ کا اہم کردار ہے۔

  • عالمی سطح پر کام کرنے والے وسیم خان کو پی سی بی نے اہم ذمہ داری دے دی

    عالمی سطح پر کام کرنے والے وسیم خان کو پی سی بی نے اہم ذمہ داری دے دی

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے بیرونِ ملک مقیم وسیم خان کو ایم ڈی پی سی بی تعینات کردیا، مینیجنگ ڈائریکٹر تعینات ہونے والے وسیم خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی فیملی کے ہمراہ پاکستان منتقل ہوکر کرکٹ کی بحالی کے لیے کام کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی چیئرمین احسان مانی اور وسیم خان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ وسیم خان کی پرفارمنس پرکوئی شک نہیں، پاکستان ہمیشہ اُن کے ساتھ رابطے میں رہا‘۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ ایم ڈی کی تعیناتی کے لیے قوانین کو مدنظر رکھا گیا، وسیم خان نے کاؤنٹی اور مختلف لیگز کی فرنچائزز کے ساتھ کام کیا مگر اب وسیم خان قومی کرکٹ کی بحالی کے لیے اپنی خدمات انجام دیں گے‘۔

    چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ’کسی بھی محکمے کو ختم نہیں کیا جارہا بلکہ بورڈ سب کو ساتھ لے کر چلے گا، اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سیاست زدہ ہوچکا تھا مگر اب ایسا نہیں ہوگا، میری ذاتی خواہش ہے کہ دنیا پاکستان کو اچھا کام کرتا دیکھے اور تعریف بھی کرے‘۔

    اس موقع پر وسیم خان کا کہنا تھا کہ ’اعتماد کرنےپرچیئرمین پی سی بی کا شکریہ اداکرتاہوں، انگلینڈمیں تنخواہ زیادہ تھی مگر پاکستان میں کام کا بہت متمنی تھا اور میری وفاداری ملک کے ساتھ ہی ہے‘۔

    ایم ڈی پی سی بی کا کہنا تھا کہ ’عالمی سطح پر کامیابی میں ہمارا تسلسل نہیں بلکہ گراس روٹ کی سطح پر تبدیلیاں لانا ضروری ہیں، ہم اس شعبے میں ضرور کام کریں گے‘۔

    ویڈیو دیکھیں

    https://www.facebook.com/PakistanCricketBoard/videos/1130643523779410/

    اُن کا کہنا تھا کہ میراکنٹریکٹ3سال کاہے لیکن طویل مدت کے لیے پاکستان میں رہنا چاہتا ہوں، اپنی فیملی کو بھی پاکستان  منتقل کررہا ہوں اور اب قومی کرکٹ کی بحالی میں نہ صرف اپنا کردار ادا کروں گا بلکہ اس کے لیے جلد اہداف بھی مقرر کریں گے۔

  • ہم سب سرفراز احمد کو بطور کپتان سپورٹ کرتے ہیں: چیئرمین پی سی بی

    ہم سب سرفراز احمد کو بطور کپتان سپورٹ کرتے ہیں: چیئرمین پی سی بی

    لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا ہے کہ جب تک کوئی دوسرا نہیں مل جاتا سرفراز ہی کپتان رہیں گے، آسٹریلیا سیریز اور ورلڈ کپ میں سرفراز احمد کپتانی کریں گے۔ ہم سب سرفراز احمد کو بطور کپتان سپورٹ کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی اور کپتان قومی ٹیم سرفراز احمد نے میڈیا بریفنگ کی۔ چیرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد سے بہت عرصہ پہلے ملاقات ہوئی تھی، سرفراز احمد میں بہت عرصہ پہلے لیڈر شپ دیکھی تھی۔

    احسان مانی نے کہا کہ سرفراز کی کپتانی پہلی بار 2006 جونیئر ورلڈ کپ میں دیکھی تھی، اس ورلڈ کپ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دی تھی۔ سرفراز کی اس دن اور آج کی کپتانی ویسی ہی ہے۔ ان کی کپتانی دیکھ کر شہریار خان کو خط بھی لکھا تھا۔

    مزید پڑھیں: سرفراز کو ورلڈ کپ 2019 کے لیے کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ

    انہوں نے کہا کہ جب تک کوئی دوسرا نہیں مل جاتا سرفراز ہی کپتان رہیں گے، جب بھی کوئی ایونٹ آتا ہے قیاس آرائیاں شروع ہوجاتی ہیں۔ آسٹریلیا سیریز اور ورلڈ کپ میں سرفراز احمد کپتانی کریں گے۔ پورا بورڈ سرفراز احمد کے ساتھ ہے۔

    چیئرمین پی سی بی  کا کہنا تھا کہ ہم سب سرفراز احمد کو بطور کپتان سپورٹ کرتے ہیں۔ سرفراز احمد کی کپتانی میں ہم کامیابی حاصل کریں گے۔ پاکستان جنوبی افریقہ سیریز میں ہارا ہے اس میں شک نہیں، نیوزی لینڈ سیریز سے دیکھ لیں وہاں کامیابی بھی ملی ہے۔ ہار سے سبق ملتا ہے، اسی طرح پرفارمنس میں بہتری آتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے کہہ رہا ہوں ایک ہی کپتان ہیں اور وہ سرفراز احمد ہیں۔ ریویو ہم ضرور کرتے ہیں، ٹیم مینیجمنٹ تمام معاملات دیکھتی ہے۔ کوئی سیاسی مداخلت نہیں، سرفراز احمد ہی ورلڈ کپ میں کپتانی کریں گے۔ ’انشا اللہ اس بار ورلڈ کپ لے آئیں گے‘۔

    احسان مانی نے مزید کہا کہ حفیظ اور شعیب دونوں نے اعلان کیا ہے کہ یہ ان کا آخری ورلڈ کپ ہے۔ جب کسی کو کپتان منتخب کیا جاتا ہے تو وہ آخر تک کپتان ہی ہوتا ہے۔ کسی کو یہ نہیں کہا جاتا کہ آپ ایک یا دو سال کے لیے کپتان بنے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کپتان موجود نہیں تو سینئر کھلاڑی ٹیم کو دیکھتے ہیں، اس میں کوئی وجہ نہیں کہ سرفراز کی غیر موجودگی میں شعیب دیکھتے ہیں۔ پلیئرز کھیل کر بنتے ہیں ایک ہی رات میں نہیں بنتے۔ سرفراز کی پرفارمنس دیکھ لیں میرٹ کا پتہ چل جائے گا۔

    قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی کا مشکور ہوں انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا ہے۔ میرے لیے فخر کی بات ہے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی کر رہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی نے شروع سے مجھ پر اعتماد کیا جس سے حوصلہ بڑھا، کوشش کریں گے پاکستان ٹیم بہترین پرفارمنس پیش کرے۔ جنوبی افریقہ کے کھلاڑی سے 3 مرتبہ معذرت کی، بات نکل گئی جس پر معذرت کی اب آگے بڑھنا چاہیئے۔۔

    سرفراز کا کہنا تھا کہ کوئی کراچی یا لاہور والا نہیں، سب پاکستانی ہیں۔ ٹیم کے نائب کپتان کے حوالے سے بورڈ سے بات کروں گا۔ کسی کرکٹر کو پسند نہیں ہے کہ اس پر تنقید ہو، کرکٹ پر تنقید کریں گے تو ٹھیک ہے، ذاتی ہونا مسئلہ ہوتا ہے۔

  • سرفراز پر چار میچز کی پابندی، آئی سی سی کے فیصلے پر پی سی بی کا ردعمل

    سرفراز پر چار میچز کی پابندی، آئی سی سی کے فیصلے پر پی سی بی کا ردعمل

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے فیصلہ پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد کو فوری وطن واپس بلانے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نسل پرستانہ جملے کسنے کی پاداش میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر چار میچز کی پابندی عائد کردی۔

    آئی سی سی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا کہ سرفراز احمد پر4 میچزکی پابندی عائد کردی گئی، سرفراز احمد جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں آج سمیت بقیہ ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی قیادت نہیں کرسکیں گے۔

    مزید پڑھیں: آئی سی سی نے سرفرازاحمد پر4 میچوں کی پابندی لگا دی

    آئی سی سی نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ سرفراز احمد کے خلاف نسل پرستانہ جملوں پر کارروائی کی اور  وہ آئی سی سی اینٹی ریس از کوڈ کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کے فیصلے پر مایوس کن قرار دیتے ہوئے کپتان کو فوری وطن واپس بلانے کا فیصلہ کیا۔ پی سی بی نے اپنے جاری اعلامیے میں کہا کہ نسل پرستی پرمبنی رویےکی سخت مخالفت کرتےہیں، شعیب ملک سیریزکے باقی تمام میچز میں کپتان ہوں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: سرفراز کی بات کا ترجمہ کیوں نہیں کیا؟ رمیز راجہ نے بتادیا

    اسے بھی پڑھیں: سرفراز کی بات کا ترجمہ کیوں نہیں کیا؟ رمیز راجہ نے بتادیا

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق محمد رضوان کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں بطور کپیر شامل کرلیا گیا۔

    واضح رہے کہ دوسرے ون ڈے میچ کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان جنوبی افریقی کھلاڑی فلک کوائیو کے خلاف سخت جملے کسنے پر تنقید کی زد میں رہے۔

  • پی ایس ایل فور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے آفیشلز کا اعلان کردیا

    پی ایس ایل فور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے آفیشلز کا اعلان کردیا

    لاہور: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے لیے قومی کرکٹ بورڈ نے آفیشلز کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ کا میگا ایونٹ پاکستان سپر لیگ کے سیزن فور کے لیے آفیشلز کا اعلان ہوگیا، سری لنکا کے روشن مہانامہ، محمد انیس اور جاوید ملک میچ ریفری ہوں گے۔

    رچرڈ ایلنگ ورتھ، مائیکل گف، احسن رضا،شاہ زیب رضا، آصف یعقوب، طارق رشید امپائرز پینل میں شامل ہیں۔

    پی سی بی کے مطابق مائیکل گف لاہور میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے، پی ایس ایل 4 میں 4 غیر ملکی اور 8 قومی آفیشلز فرائض سرانجام دیں گے۔

    پاکستان کے 6 امپائرز اور دو میچ ریفریز ایونٹ کا حصہ ہوں گے تاہم نامور پاکستانی امپائر علیم ڈار نجی مصروفیات کے سبب ایونٹ کا حصہ نہیں ہوں گے۔

    دوسری جانب گذشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے لیے ڈرافٹنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا۔

    پی ایس ایل فور: ڈرافٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا

    آندرے فلیچر پشاور زلمی اور ڈیون اسمتھ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے جلوے بکھیریں گے، ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ اے بی ڈی ویلیئرز، کارلوس برتھ ویٹ، کورے اینڈرسن، ہارڈیس ولجوائن اور ڈیوڈ ویزے لاہور قلندرز کی نمائندگی کریں گے۔

    تمام فرینچائز کے اسکواڈ تیار ہوگئے، شائقین کو اب مقابلے کا انتظار ہے۔

    پی ایس ایل فور کے 4 میچز ابو ظبی میں ہوں گے جبکہ شارجہ اور دبئی میں بھی میچز ہوں گے۔ آخری 8 میچز پاکستان میں ہوں گے جن میں 3 میچ لاہور اور 5 میچ کراچی میں ہوں گے۔

  • قومی ٹیم تنازعات کا شکار، پی سی بی چیئرمین سنچورین پہنچ گئے

    قومی ٹیم تنازعات کا شکار، پی سی بی چیئرمین سنچورین پہنچ گئے

    سنچورین: دورہ جنوبی افریقہ کے آغاز ہی میں قومی ٹیم کو تنازعات نے گھیر گیا، چئیرمین پی سی بی احسان مانی بھی معاملات سلجھانے پہنچ گئے.

    تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ناکامی نے ٹیم کو  ہلا دیا ہے، قومی ٹیم تنازعات میں گھرگئی۔

    ہیڈ کوچ اور سینئر کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد یہ خبر گردش کر رہی ہے کہ ڈریسنگ روم کا ماحول کشیدہ ہے اور ٹیم میں‌  دراڑ پڑ گئی ہے.

    پی سی کی جانب سے اس نوع کی تمام خبروں‌ کی تردید کی گئی، مگر جب افواہوں نے دم نہیں توڑا، تو چئیرمین پی سی بی احسان مانی بھی معاملے کو ٹھنڈا کرنے سنچورین پہنچ گئے۔

    پی سی بی چیئرمین نے ٹیم مینجمنٹ سے ملاقات کی ہے، جس میں انھیں ڈریسنگ روم کی میٹنگ کی خبروں کے حوالے سے بریف کیاگیا۔


    مزید پڑھیں: ہیڈ‌ کوچ مکی آرتھر کے غصے کی وجہ سامنے آگئی


    ٹیم ذرائع کا دعویٰ ہے کہ احسان مانی نے ڈریسنگ روم کی خبریں منظرعام پر آنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

    واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست ہوئی تھی، پاکستان کا دورہ جنوبی افریقہ میں دوسرا کڑا امتحان تین جنوری سے کیپ ٹاؤن میں شروع ہوگا۔

  • جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں پچھلی غلطیاں نہیں دہرائیں گے، انضمام الحق

    جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں پچھلی غلطیاں نہیں دہرائیں گے، انضمام الحق

    لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ بیٹسمینوں سے غلطیاں ہوئی ہیں تاہم جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں وہ غلطیاں نہیں دہرائیں گے، شاداب خان اور فخر زمان بالکل انجرڈ نہیں ہیں۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انضمام الحق نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز0-3سے جیتنا چاہیے تھی، میچ کے دوران بیٹسمینوں سے غلطیاں بھی ہوئی ہیں تاہم جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں وہ غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔

    امید ہے کہ بیٹسمین جنوبی افریقہ میں اچھی پرفارمنس دکھائیں گے، انہوں نے کہا کہ شاداب خان اور فخر زمان کو نیوزی لینڈ کیخلاف نہ کھلانے کا مقصد ان کو آرام دینا تھا کیونکہ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ اگر آرام نہ دیا گیا تو انجری ہوسکتی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں چیف سلیکٹر نے کہا کہ شاداب خان اور فخر زمان بالکل انجرڈ نہیں ہیں، پریکٹس میچ میں تمام16کھلاڑیوں کو نہیں کھلاسکتے، محمد عباس کو ڈاکٹرز نے آرام کا مشورہ دیا ہے، اب بھی باصلاحیت بیٹسمین موجود ہیں جو ٹیم کیلئے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔

    انضمام الحق نے مزید کہا کہ اس مرتبہ قومی ٹیم کے کئی کھلاڑی جنوبی افریقہ کا پہلا دورہ کررہے ہیں، ٹف کنڈیشن ضرورہیں لیکن ہارسے گھبرانا نہیں چاہیے، ٹیم کو دو ہفتے قبل اس لئے بھیجا گیا تاکہ کھلاڑی جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز کو سمجھ لیں۔

  • پی ایس ایل چوتھا ایڈیشن: کراچی کنگز میں اس بار کون سے کھلاڑی شامل ہیں، فہرست جاری

    پی ایس ایل چوتھا ایڈیشن: کراچی کنگز میں اس بار کون سے کھلاڑی شامل ہیں، فہرست جاری

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل سیزن فور کے لئے تمام فرنچائز کے برقرار رکھے گئے کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی، کراچی کنگز نے محمد عامر، بابر اعظم اور کولن منرو کو ٹیم میں برقرار رکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز نے سیزن فور کے لئےاپنے  آٹھ سپر اسٹارز کھلاڑیوں کو اس سال بھی برقرار رکھا ہے۔

    جاری ہونے والی فہرست میں پلاٹینئیم کٹیگری سے نیوزی لینڈ کے کولن منرو، فاسٹ بولر محمد عامر، ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ بابر اعظم سیزن فور کے لئے بھی کراچی کنگز کا ہی حصہ رہیں گے۔

    ڈائمنڈ کٹیگری سے جنوبی افریقہ کے کولن انگرم، عماد وسیم اور عثمان شنواری کراچی کنگز کے شیر ہوں گے جبکہ گولڈ کٹیگری میں وکٹ کیپر محمد رضوان اور انگلینڈ کے روی بوپارہ کراچی کنگز کا حصہ ہوں گے۔

    واضح رہے کہ کراچی کنگز نے سلور کٹیگری سے کسی کھلاڑی کو برقرار نہیں رکھا۔ اس کے علاوہ دیگر پانچ فرنچائز نے بھی برقرار رکھے گئے کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی ہے۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل 4 ، تمام کیٹگریز کے کھلاڑیوں کی فہرست جاری، انٹرنیشنل کرکٹر بھی شامل

    پی سی بی کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق ڈرافٹنگ میں ہر فرنچائز کو دس کھلاڑی برقرار رکھنے کی اجازت تھی، ہر ٹیم 3 پلاٹینیم، 3 ڈائمنڈ، 3 گولڈ، 5 سلور اور 2 ایمرجنگ کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔

    ہر ٹیم کو ڈرافٹنگ میں چار چار کھلاڑیوں کو لینے کی اجازت تھی ڈرافٹنگ کی تقریب 20 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی۔