Tag: PCB

  • ٹی ٹوئنٹی رینکنگ: پاکستان کی پہلی پوزیشن برقرار

    ٹی ٹوئنٹی رینکنگ: پاکستان کی پہلی پوزیشن برقرار

    دبئی: آئی سی سی کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کی نئی رینکنگ جاری کی گئی ہے جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ ون ڈے میں قومی ٹیم کا چھٹا نمبر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں قومی کرکٹ ٹیم نے پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے جبکہ اس کے پوائنٹس 130 ہیں، آسٹریلیا 126 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

    رینکنگ میں 123 پوائنٹس کے ساتھ بھارت تیسرے نمبر پر موجود ہے، نیوزی لینڈ کا رینکنگ میں چوتھا اور انگلینڈ کا پانچواں نمبر ہے۔

    جنوبی افریقہ 114 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے، ویسٹ انڈیز ساتویں، سری النکا آٹھویں، افغانستان نویں اور بنگلہ دیش دسویں نمبر پر موجود ہے۔

    مزید پڑھیں: آئی سی سی رینکنگ: سرفراز الیون ٹی ٹوینٹی میں سرفہرست

    ون ڈے رینکنگ بھارت اپنی پہلی پوزیشن سے محروم ہوگیا انگلینڈ نے ون ڈے کی نمبر ون ٹیم بن گئی، انگلینڈ کے 125 پوائنٹس ہیں جبکہ بھارت 122 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

    ون ڈے رینکنگ میں جنوبی افریقہ تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے، آسٹریلیا پانچویں اور پاکستان چھٹے نمبر پر براجمان ہے۔
    بنگلہ دیش ساتویں، سری لنکا آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں اور افغانستان دسویں نمبر پر موجود ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط

    نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط

    ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان کے لیے غور شروع کردیا ہے، نیوزلینڈ کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق رواں سال نومبر میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی، تاہم سیریز کی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

    نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ گورننگ باڈی کا کہنا ہے کہ کیویز نے سیکیورٹی خدشات کے باعث 2003 سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے، تاہم اب رواں سال نومبر میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کی درخواست کی گئی ہے۔

    ترجمان نیوزی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی سی پی کی درخواست پر مذکورہ طریقہ کار مکمل ہونے کے بعد جواب دیا جائے گا، دورہ پاکستان کے لیے حکومت، کھلاڑیوں اور سیکیورٹی فراہم کرنے والے اداروں سے بات چیت کی جائے گی۔

    دوسری جانب آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے لیے پی سی بی سے رابطہ کرنے کی خبروں کی تصدیق سے انکار کردیا ہے۔

    واضح رہے کہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ آسٹریلوی بورڈ نے دورہ پاکستان کے لیے پی سی بی سے رابطہ کیا ہے اور درخواست کی ہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز متحدہ عرب امارات سے پاکستان منتقل کی جائے۔

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز رواں سال ستمبر میں شیڈول ہے، پاکستان کو مہمان کینگروز ٹیم کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں کرنا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

  • قومی ٹیم انگلینڈ سے جیت کرواپس آئے گی، انضمام الحق

    قومی ٹیم انگلینڈ سے جیت کرواپس آئے گی، انضمام الحق

    لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ امید ہے ہماری ٹیم انگلینڈ سے جیت کر واپس آئے گی، کھلاڑیوں سے غلطیاں بھی ہونگی لیکن شکست سے نہیں ڈرنا چاہئے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں صحافیوں سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے کیا، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا  کہ دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لئے سولہ بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے، ٹیم میں اتنی صلاحیت موجود ہے کہ انگلینڈ کو شکست دے سکے۔

    لاہور سے اے آر وائی نیوز کے شہزاد ملک کی رپورٹ کے مطابق انضمام الحق نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیاء کی ٹیموں کیلئے انگلینڈ میں کھیلنا مشکل ہوتا ہے، امید ہے ہماری ٹیم دورہ انگلینڈ سے فاتح بن کر واپس آئے گی۔

    منٹو پارک کی ایک تاریخ ہے وہاں کرکٹ کلب ہوتے تھے، منٹو پارک کے کرکٹ کلب ختم ہونا کرکٹ کیلئےاچھا نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ جب چیف سلیکٹر بنا تو کوشش تھی کہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے، نوجوان کھلاڑیوں سے غلطیاں بھی ہونگی لیکن ہارسے نہیں ڈرنا چاہیے۔

    انہوں نے بتایا کہ انگلینڈ کے موسم سے ہم آہنگ ہونے کیلئے قومی ٹیم کو جلدی بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا، نوجوان کھلاڑیوں کو آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ میں کھیلنے کا موقع ملنا چاہئے۔

    جنوبی ایشیائی وکٹ سے ہٹ کر کھیلنے سے کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا، چیف سلیکٹر نے کہا کہ16کھلاڑیوں پر مشتمل بہترین ٹیم کو دورہ انگلینڈ پر بھیجا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاک بھارت کرکٹ، گیند بھارتی بورڈ کے کورٹ میں ہے، نجم سیٹھی

    پاک بھارت کرکٹ، گیند بھارتی بورڈ کے کورٹ میں ہے، نجم سیٹھی

    لاہور: چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ برف پگھلنے کے قریب ہے، پاک بھارت کرکٹ کے بارے میں گیند اب بھارتی بورڈ کے کورٹ میں ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کولکتہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، نجم سیٹھی نے کہا کہ دونوں ملکوں کو شائقین کے لیے کھیلنا ہوگا، حیران ہوں بھارتی میڈیا اپنی حکومت پر دباؤ کیوں نہیں ڈالتا ہے۔

    چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ دونوں کرکٹ بورڈ کے تعلقات بہترین ہیں، معاملات طے ہونے کے بعد ہی عالمی کرکٹ کے شیڈول پر دستخط کریں گے، آئی سی سی کے فیصلے کے بعد نئی حکمت عملی کا پتہ چلے گا۔

    نجم سیٹھی نے کہا کہ پاک بھارت سیریز نہ ہونے سے 70 ملین ڈالرز کا نقصان ہوا ہے، بھارت کو معاہدے کی پاسداری کرنی چاہئے تھی، اگر نہیں تو نقصان پورا کریں۔

    انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز کا معاملہ اب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں ہے، آئی سی سی کے فیصلے کے بعد نئی حکمت عملی کا پتہ چلے گا، فیصلہ ہمارے حق میں آیا تو بھارت کا ایف ٹی پی پروگرام تبدیل ہوگا۔

    مزید پڑھیں: فواد عالم کو ٹیم میں شامل نہ کرنے پر کچھ نہیں کہہ سکتا، نجم سیٹھی

    واضح رہے کہ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف مقدمے پر آئی سی سی میں سماعت ہورہی ہے، بھارت کے خلاف دائر مقدمے پر بات کرنے کی اجازت نہیں ہے، مقدمے کا امید ہے اکتوبر تک فیصلہ ہوجائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس سال مزید کسی انٹرنیشنل ٹیم کے پاکستان آنے کے امکانات نہیں ہیں، اگلے 12 ماہ میں قومی کرکٹ ٹیم بیرون ملک ایونٹس میں مصروف ہوگی، 2019 میں ہوم سیریز کے لیے پر امید ہوں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ویزہ ملنے میں تاخیر، محمد عامر ٹیم کے ہمراہ برطانیہ روانہ نہیں ہوں گے

    ویزہ ملنے میں تاخیر، محمد عامر ٹیم کے ہمراہ برطانیہ روانہ نہیں ہوں گے

    لاہور: فاسٹ بولر محمد عامر ویزہ ملنے میں تاخیر کے سبب آج رات ٹیم کے ہمراہ برطانیہ روانہ نہیں ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر ویزہ ملنے میں تاخیر کے سبب آج رات ٹیم کے ہمراہ برطانیہ روانہ نہیں ہوسکیں گے، محمد عامر کی بدھ کو برطانیہ روانگی کا امکان ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم دورہ برطانیہ کے لیے آج رات کو روانہ ہوگی، قومی ٹیم 11 مئی کو آئرلینڈ کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ کھیلے گی جبکہ انگلینڈ کے خلاف 24 مئی اور یکم جون کو ٹیسٹ سیریز کھیلے گی۔

    ستائیس رکنی اسکواڈ میں 16 کھلاڑی اور 11 آفیشلز برطانیہ روانہ ہوں گے، برطانیہ روانگی سے قبل قومی ٹیم کے لیے دو تربیتی کیمپس کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس کی تھی۔

    واضح رہے کہ محمد عامر پریکٹس سیشن کے دوران انجری کا شکار ہونے سے بچ گئے تھے، بلے باز کے ایک اسٹروک پر گیند سیدھی عامر کے پاؤں پر لگی تھی، بولر کو چوٹ لگنے پر ساتھی کھلاڑیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی بعدازاں واضح ہوا کہ کوئی سیریس انجری نہیں ہوئی، عامر بعد میں بولنگ کے لیے آئے اور ایک اوور بھی کرایا۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز ہمیشہ مشکل ہوتی ہیں تاہم ٹیم میں کئی نوجوان کھلاڑی شامل ہونے کے باوجود تینوں ٹیسٹ میں کامیابی کے لیے پر عزم ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • آل راؤنڈر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ آج انگلینڈ میں ہوگا

    آل راؤنڈر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ آج انگلینڈ میں ہوگا

    لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کی جانچ آج انگلینڈ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی منظور شدہ لیب میں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹر محمد حفیظ گذشتہ سال بولنگ ایکشن مشکور قرار دیے جانے کے بعد پابندی کا سامنا کر رہے ہیں تاہم آج انگلینڈ کی لف برا یونیورسٹی میں قائم آئی سی سی کی منظور شدہ لیب میں آل راؤنڈر کا بولنگ ایکشن ٹیسٹ لیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن تین سال میں تیسری بار رپورٹ ہوا جس کے بعد سے انہیں پابندی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، آئی سی سی کی منظور شدہ لیب میں ٹیسٹ کے بعد حفیظ کے بولنگ ایکشن کا نتیجہ چودہ روز میں آجائے گا، بازو کا خم پندرہ ڈگری سے زیادہ نہ ہوا تو وہ پھر سے بولنگ کرانے کے اہل ہوں گے۔

    آئی سی سی کے فیصلے پر شکست تسلیم نہیں کروں گا، محمد حفیظ

    واضح رہے کہ آئی سی سی قوانین کے مطابق بولنگ ایکشن میں کہنی کا خم پندرہ ڈگری کے اندر ہونا چاہیے، بالنگ کے دوران کہنی کا خم 15 ڈگری سے تجاوز کرجائے تو اسے کرکٹ قوانین کے مطابق مشکوک تصور کیا جاتا ہے جس کے باعث پابندی عائد کی جاتی ہے۔

    یاد رہے کہ حفیظ کا ایکشن گزشتہ سال نومبر میں سری لنکا کے خلاف رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد سے ان پر پابندی عائد ہے، اس سے قبل محمد حفیظ کو مشکوک باؤلنگ ایکشن کی وجہ سے 2015 میں بھی ایک سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    پی سی بی نے محمد حفیظ کا بالنگ ایکشن درست کرانے کی ذمہ داری اٹھالی

    محمد حفیظ اب تک 50 ٹیسٹ میچز، 192 ون ڈے میچز جبکہ 78 ٹی 20 میچز کھیل چکے ہیں جن میں وہ بالترتیب 52، 132 اور 46 وکٹیں لے چکے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ٹیم میں‌عدم شمولیت پر دکھ ہے، مگر مایوس نہیں‌، محنت جاری رکھوں‌ گا، فواد عالم

    ٹیم میں‌عدم شمولیت پر دکھ ہے، مگر مایوس نہیں‌، محنت جاری رکھوں‌ گا، فواد عالم

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم نے کہا ہے کہ دورہ آئر لینڈ اور انگلینڈ کے لیے ٹیم میں شامل نہ کرنے پر دکھ ہوا تاہم مایوس نہیں ہوں، محنت جاری رکھوں گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی کے پروگرام ’اسپورٹس روم‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، فواد عالم نے کہا کہ مجھے امید تھی کہ اس دفعہ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوجاؤں گا تاہم اللہ بہتر جانتا ہے کہ فائنل الیون میں کیوں سلیکٹ نہیں کیا گیا۔

     ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا ہے کہ ٹیم میں عدم شمولیت پر دکھ ہوا ہے، ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی اچھی کارکردگی کا تسلسل جاری رکھوں گا اور آئندہ سیریز میں قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوجاؤں گا۔

    قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فواد عالم کا کہنا تھا کہ دورہ انگلینڈ اور آئر لینڈ کے لیے ٹیم میں منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، وہ گھر بیٹھ کر سب کے لیے خوشی کا اظہار کریں گے، ٹیم کے کوششوں اور اللہ کے حکم سے پاکستان جیت جائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف سلیکٹر انضمام الحق نے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا تاہم فواد عالم کو ڈومیسٹک میں اچھی کارکردگی دکھانے اور فٹنس میں خود کو بہترین ثابت کرنے کے باوجود انہیں منتخب نہیں کیا گیا تھا۔

    32 سالہ ٹیسٹ کرکٹر کی عدم شمولیت پر سابق فاسٹ بالر وسیم اکرم نے بھی حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈومیسٹک میں رنز کرنے کے باوجود فواد عالم میں شامل نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

    واضح رہے کہ فواد عالم نے اپنے 15 سالہ فرسٹ کلاس کیریئر کے دوران 145 میچوں میں 55.37 کی اوسط سے 27 سنچریوں کے ساتھ 10 ہزار 7 سو 42 رنز بنارکھے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • فواد عالم کو ٹیم میں شامل نہ کرنے پر کچھ نہیں کہہ سکتا، نجم سیٹھی

    فواد عالم کو ٹیم میں شامل نہ کرنے پر کچھ نہیں کہہ سکتا، نجم سیٹھی

    اسلام آباد: چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ٹیم سلیکشن کے معاملات میں کبھی مداخلت نہیں کرتا، فواد عالم کو ٹیم میں شامل نہ کرنے پر کچھ نہیں کہہ سکتا، فواد عالم سے متعلق سلیکشن کمیٹی اور کوچز بہتر بتاسکتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارت کے خلاف مقدمے پر آئی سی سی کی سماعت جلد شروع ہورہی ہے، بھارت کے خلاف دائر مقدمے پر بات کرنے کی اجازت نہیں ہے، مقدمے کا امید ہے اکتوبر تک فیصلہ ہوجائے گا۔

    چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اس سال مزید کسی انٹرنیشنل ٹٓیم کے پاکستان آنے کے امکانات نہیں ہیں، اگلے 12 ماہ میں قومی کرکٹ ٹیم بیرون ملک ایونٹس میں مصروف ہوگی، 2019 میں ہوم سیریز کے لیے پر امید ہوں۔

    نجم سیٹھی نے کہا کہ ٹیم کا ڈسلپن برقرار ہے، سرفراز احمد کی تبدیلی سے متعلق باتیں درست نہیں ہیں جبکہ پی ایس ایل کے تمام کنٹریکٹس ختم ہوگئے، کرکٹ بورڈ پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن کے لیے نئے کنٹریکٹ تیار کرے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں راولپنڈی کو شامل کرنے کے لیے بریفنگ لی ہے، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے تزئین و آرائش کے لیے فنڈز بھی دیں گے، آج ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سے ملاقات کروں گا۔

    چیئرمین پی سی بی نے قائمہ کمیٹی کو پی ایس ایل سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تیسرے ایڈیشن میں پی سی بی کو 5 ملین ڈالر آمدن متوقع ہے، دوسرے ایڈیشن میں یہ آمدن 3 ملین ڈالر کے قریب تھی۔

    نجم سیٹھی نے کمیٹی کو جلد پی ایس ایل کا آڈٹ کرانے کی یقین دہانی کرادی، انہوں نے کہا کہ کمیٹی اجلاس کا خیر مقدم کرتے ہیں، فنانشل معاملات کے باعث اجلاس ان کیمرا رکھا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ ٹیم کا پاک فوج کے تعاون سے شمالی وزیرستان کا دورہ

    پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ ٹیم کا پاک فوج کے تعاون سے شمالی وزیرستان کا دورہ

    فاٹا: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی ٹیم نے پاک فوج کے تعاون سے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا اس موقع پر یونس خان اسٹیڈیم میں فاٹا کے نوجوان کھلاڑیوں کے ٹرائل لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے قائم کردہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ٹیم نے پاک فوج کی مدد سے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں ٹیلنٹ ہنٹ ٹیم نے قبائلی علاقہ جات سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کے ٹرائل لیے۔

    کراچی کنگزٹیلنٹ ہنٹ پروگرام، نوابشاہ سے کھلاڑیوں کا انتخاب

    پی سی بی ٹرائل ٹیم مشتاق احمد، شاداب خان، یاسر شاہ اور علی ضیا پر مشتمل تھی جبکہ شمالی وزیرستان سے منتخب ہونے والے کھلاڑی اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت نیشنل اکیڈمی سے تربیت لیں گے، جس کے لیے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ٹیم میں موجود سابق اور موجودہ اسٹار کھلاڑیوں کو دیکھ کر فاٹا کے نوجوانوں کی خوشی دیدنی تھی جبکہ اس موقع پر جدید اسپیڈ مشین سے نوجوانوں کی بولنگ رفتار اور صلاحیتوں کو بھی جانچا گیا۔

    پی سی بی نے ایمرجنگ کیمپ کے نام پرعمردرازکھلاڑی بلا لیے

    کرکٹ سے متعلق خصوصی پروگرام سے نوجوانوں کھلاڑیوں کو ملکی وغیر ملکی سطح پر صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا جس کے لیے فاٹا کے  نوجوانوں نے یونس خان اسٹیڈیم میں ہونے والے ٹرائل میں بھرپور شرکت کی اور اپنے اندر چھپے ٹیلنٹ کا خوب اظہار کیا۔

    خیال رہے کہ شمالی وزیرستان میں پی سی بی، یوکے الیون میچ سے دہشت گردوں کے بیانیےکی شکست ہوئی دوسری جانب ملک میں پاکستان سوپر لیگ جیسے بڑے ایونٹ کے انعقاد سے عالمی کرکٹ کی واپسی ہوئی اور پاکستان آرمی نے کرکٹ کے کھیل کی ملک میں واپسی کے لیے بہترین سیکیورٹی فراہم کی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پاک ویسٹ انڈیز سیریز، سیکیورٹی کے لیے پی ایس ایل فائنل جیسا طریقہ کار اپنایا جائے گا، ناصر حسین شاہ

    پاک ویسٹ انڈیز سیریز، سیکیورٹی کے لیے پی ایس ایل فائنل جیسا طریقہ کار اپنایا جائے گا، ناصر حسین شاہ

    کراچی: صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں پی ایس ایل کے بعد ویسٹ انڈیز کے تین میچز ہورہے ہیں، پی ایس ایل فائنل جیسا طریقہ کار اپنایا جائے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ناصر حسین شاہ نے کہا کہ شائقین کے لیے پارکنگ ایریا بنائے گئے ہیں، شٹل سروس بھی ہوگی، گرمی کی وجہ سے وقت بارہ کے بجائے تین سے سات بجے تک رکھا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی ایس فائنل نے میڈیا نے ہمارا ساتھ دیا شکریہ ادا کرتے ہیں، ہمیں پھر میڈیا کی سپورٹ کی ضرورت ہے، پوری کوشش کریں گے کہ اس بار عوام کو زحمت نہ ہو۔

    ممنونہ اشیا اسٹیڈٰیم میں لانے پر پابندی ہوگی، بریگیڈیئر شاہد

    اتوار یکم اپریل سے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والے سیریز کے حوالے سے بریگیڈیئر شاہد کا کہنا ہے کہ ممنوعہ اشیا کو اسٹیڈٰیم میں لانے پر پابندی ہوگی، کھانے پینے کی اشیا کو اسٹیڈیم میں لانے پر پابندی ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ شاپنگ بیگز چھوٹے استعمال کئے جائیں تاکہ سیکیورٹی کلیئرنس میں آسانی ہو، سیکیورٹی پی ایس ایل کے ماڈل جیسی اپنائی جائے گی، جبکہ حکومت سے درخواست ہے کہ اسٹیڈیم کے اندر فوڈ اسٹالز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔

    بریگیڈیئر شاہد نے کہا کہ سیکیورٹی معاملات پر بھرپور توجہ دی گئی ہے، دوپہر تین بجے سے لے کر 7 بجے تک اسٹیڈیم کے گیٹ کھلے رہیں گے، اسپتال کے قریب سے شٹل سروس ڈراپ کرکے اسٹیڈیم کے قریب لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    سڑکیں 11 کے بجائے 2 بجے بند ہوں گی، ڈی آئی جی ٹریفک

    میچز کے دوران سڑک بند کرنے کے حوالے سے ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے کہ ٹریفک پلان پی ایس فائنل جیسا ہی ہے البتہ سڑکیں بند کرنے کے اوقات میں تبدیلی کی ہے، سڑکیں 11 کے بجائے 2 بجے بند ہوں گی۔

    ڈی آئی جی ٹریفک نے شہریوں سے اپیل کی کہ شارع فیصل اور شارع پاکستان کو ٹریفک کے لیے زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ یکم اپریل کو کھیلا جائے گا، دوسرا اور تیسرا میچ 2 اور 3 اپریل کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا، پاکستان کی ٹیم نے پریکٹس سیشن کا آغاز کردیا ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم آج رات کراچی پہنچے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔