Tag: PCB

  • پی سی بی نے اوپنرناصرجمشید کو بھی معطل کردیا

    پی سی بی نے اوپنرناصرجمشید کو بھی معطل کردیا

    لاہور : پی سی بی نے قومی ٹیم کے اوپنر ناصر جمشید کو بھی معطل کردیا، ناصر جمشید کیخلاف اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کی گئی.

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے اوپنر ناصر جمشید کو اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر کھیل کے تینوں فارمیٹ سے معطل کر دیا ہے، ناصر جمشید تاحکم ثانی کسی بھی ڈومیسٹک یا انٹرنیشنل سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے.

    دوسری جانب پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کے سربراہ نجم سیٹھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناصر جمشید کیخلاف یہ کارروائی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر کی گئی ہے اور ان کو تمام طرز کی کرکٹ سے معطل کیا گیا ہے.

    اس سے قبل پی ایس ایل کی اسلام آباد ٹیم میں شامل دو کھلاڑیوں شرجیل خان اور خالد لطیف کو بھی کرپشن کے الزامات کے تحت پی ایس سے برطرف کر کے وطن واپس بھیج دیا گیا تھا۔

    یہ اطلاعات گردش میں تھیں کہ ناصر جمشید نے الزامات کی زد میں آنے والے دونوں کھلاڑیوں کے بکیز کے ساتھ رابطوں میں کردار ادا کیا تھا.

    مذکورہ اوپنر نے 4 مارچ 2015 کو کھیلے جانے والے ون ڈے میچ میں آخری بار ملک کی نمائندگی کی تھی۔

  • سرفراز ون ڈے ٹیم کے کپتان مقررکردیے گئے

    سرفراز ون ڈے ٹیم کے کپتان مقررکردیے گئے

    کراچی: دبئی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کےاعلیٰ سطحی اجلاس میں ہونے والے فیصلے میں مشکلات کا شکار اظہر علی کی جگہ ون ڈے میچز کی کپتانی سرفراز احمد کو سونپے جانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    پی سی بی کے چیئرمین شہریارخان نے اےآروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کے ساتھ ون ڈے کی قیادت اب سرفراز کے ہاتھ میں ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ کپتانی کے سبب اظہر علی کی کارکردگی متاثر ہورہی ہے لہذا وہ چاہتے تھے کہ ان سے یہ ذمہ داری واپس لے لی جائے۔

    شہریار خان کا ٹیسٹ کرکٹ کے حوالے سے کہنا تھاکہ ٹیسٹ کے کپتان مصباح الحق نے سوچنے کے لیے بورڈ سے مزید وقت مانگا ہے۔

    سرفراز نے اب تک کل 67 ون ڈے میچز کھیلے ہیں جن میں انکا مجموعی اسکور 1498 رنز ہے اور ان کا اوسط اسکور 34.8 ہے۔ سرفراز نے دو سنچریاں اور چھ ففٹی بھی بنائی ہیں۔

    واضح رہے کہ قیادت کی تبیدیلی کا سبب آسٹریلیا میں پاکستانی ٹیم کی انتہائی خراب پرفارمنس رہی ہے جہاں سیریز کا اسکور 4-1 رہا۔دوسری جانب سرفراز جو کہ اب تک 4 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کرچکے ہیں اور پاکستانی ٹیم ان سب میچز میں فاتح رہی تھی۔

    یاد رہے کہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ ٹیم کی پرفارمنس کو بہتر بنانے کے لیے کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں ایک کپتان ہونا چاہیے‘ تاہم ٹیسٹ کے کپتان مصباح نے کپتانی سے استعفیٰ دینے یا جاری رکھنے کے بارے میں تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

  • ضرورت کو دیکھتے ہوئے ٹیم میں تبدیلیاں کی جائیں گی، انضمام الحق

    ضرورت کو دیکھتے ہوئے ٹیم میں تبدیلیاں کی جائیں گی، انضمام الحق

    لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ ٹیم کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم میں تبدیلیاں کی جائیں گی، کپتان مقرر کرنے کا اختیار صرف چیئرمین پی سی بی کے پاس ہے، شکست کے بعد ٹیم میں اکھاڑ پچھاڑ نہیں ہو گی۔

     ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انضمام الحق کا کہنا ہے کہ دنیا میں زیادہ تر تینوں فارمیٹس میں کپتان ایک ہی ہیں، تاہم یہ اختیار چیئرمین پی سی بی کے پاس ہے کہ وہ کیا بہتر سمجھتے ہیں۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز شہزاد ملک کے مطابق انضمام الحق نے کہا کہ جہاں ضرورت محسوس ہو ئی وہاں ٹیم میں تبدیلی کریں گے، آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹیم میں اکھاڑ پچھاڑ نہیں ہو گی، جب کوئی چیز ٹھیک نہ ہو تو یہ کہنا ٹھیک نہیں کہ کپتان صیح نہیں ہے۔ جب کوئی کھلاڑی پرفارمنس نہیں دیتا تو سوالات کیے جاتے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جن کھلاڑیوں کا اسٹرائیک ریٹ بہترہوگا انہیں آگے آنے کا موقع بھی دیں گے۔ قومی کھلاڑی کو اس کی ریٹائرمنٹ پر عزت کے ساتھ الوداع کہنا چاہئیے۔

    ہمیں پرانے طرز کی کرکٹ کو چھوڑ کر جدید انداز کو اپناتے ہوئے اسٹرائیک ریٹ بہتر بنانا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم سلیکشن کے دوران پلیئرز کی کارکردگی کو مدنظر رکھا جائے گا۔

  • قومی ٹیم ون ڈے سیریزمیں کامیاب ہوگی، انضمام الحق کوامید

    قومی ٹیم ون ڈے سیریزمیں کامیاب ہوگی، انضمام الحق کوامید

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں  کھلاڑیوں نے بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے، امید ہے کہ ٹیم کم بیک کرتے ہوئے ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کرے گی۔ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونے سے بہت فائدہ ہو گا۔

    ان خیالات کا اظہار انضمام الحق نے مشتاق احمد کے ہمراہ لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیاْ، انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ میں اظہر علی اگر فٹ ہو گئے تو وہ ہی کپتانی کریں گے۔

    انضام الحق نے کہا کہ آسٹریلیا سیریز کے بعد کرکٹ ختم نہیں ہو جائے گی آگے اور بہت سی سیریز ہیں، نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کی فٹنس کا معیار بھی دیگر ٹیموں کے مقابلے میں ذرا کم ہے، ٹیم کو تھوڑا وقت دیں، سب چیزیں بہتر ہو جائیں گی

    چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل پلیئرز پاکستان آنے کو تیار ہیں، پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونے سے بہت فائدہ ہو گا۔ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوگی۔ ہم دنیا کو یہ ثابت کر سکیں گے کہ پاکستان محفوظ ملک ہے۔

    اس موقع پر مشتاق احمد نے کہا کہ اگلے دو ون ڈے کے لئے پچز پاکستان کے لئے سازگار ہیں۔ امید ہے کہ ٹیم کامیابی حاصل کرے گی۔

  • سڈنی ٹیسٹ میں مصباح الحق ہی کپتان ہونگے، ٹیم مینجمنٹ

    سڈنی ٹیسٹ میں مصباح الحق ہی کپتان ہونگے، ٹیم مینجمنٹ

    لاہور: آسٹریلیا کیخلاف سڈنی ٹیسٹ میں مصباح الحق پاکستان ٹیم کی قیادت برقرار رکھیں گے، ٹیم مینجمنٹ نے تمام قیاس آرائیوں کا جواب دے دیا۔ آسٹریلوی وزیر اعظم سے ظہرانے پر ملاقات میں مصباح الحق نے انہیں سوینئر پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق مصباح الحق کی کپتانی کے حوالے سے تمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں۔ سڈنی ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کے کپتان مصباح الحق ہی ہونگے۔ ٹیم مینجمنٹ نے واضح جواب دے دیا۔

    تین جنوری سے شروع ہونے والے سڈنی ٹیسٹ کی تیاریاں قومی ٹیم پیر سے شروع کریگی۔ سیریز دو صفر سے آسٹریلیا کے نام ہے، لیکن مصباح الحق سڈنی ٹیسٹ کو یادگار بنانا چاہتے ہیں۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم ہفتے کی شام کو میلبرن سے سڈنی پہنچی۔ پاکستان اور آسٹریلیاء کے درمیان تیسرا کرکٹ ٹیسٹ میچ سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : آؤٹ آف فارم مصباح نے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دے دیا

    سڈنی پہنچنے پر آسٹریلوی وزیر اعظم نے پاکستان ٹیم کو ظہرانہ پر مدعو کیا۔ میزبان ٹیم کے ساتھ پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز نے بھی شرکت کی۔

    مزید پڑھیں: قومی کرکٹ‌ ٹیم کے کھلاڑی، آسٹریلوی وزیر اعظم کے خصوصی مہمان

    اس موقع پر کپتان مصباح الحق اور کینگروز کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے آٹوگراف شدہ بیٹس بطور سونیئرآسٹریلوی وزیراعظم کو پیش کیے۔

  • آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز، پاکستان کی 15 رکنی ٹیم کااعلان

    آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز، پاکستان کی 15 رکنی ٹیم کااعلان

    لاہور: قومی سلیکشن کمیٹی نے آسٹریلیا کے خلاف پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے لئے پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔ قومی ٹیم کی قیادت اظہر علی کریں گے۔ محمد عرفان ٹیم میں واپس آگئے جبکہ کامران اکمل تمام تر کوشش کے باوجود ٹیم میں جگہ نہ بناسکے۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے آسٹریلیا کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سریز کیلئے قومی ون ڈے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، ون ڈے ٹیم میں موجود ہ ٹیسٹ ٹیم کے 10کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے تاہم سہیل خان اور یاسر شاہ کو ون ڈے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

    قومی سلیکشن کمیٹی نے طویل مشاورت کے بعد بھی ٹیم میں کوئی خاص تبدیلی نہیں کی۔ طویل قامت بولر محمد عرفان ٹیم میں واپس آنے میں کامیاب ہوگئے۔

    ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفامنس کے باوجود کامران اکمل ٹیم میں جگہ نہ بناسکے۔ محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن کلئیر ہونے کے باوجود سلیکٹرز نے انہیں بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا۔ ٹیم میں مستقل اوپنر کی کمی تا حال برقرار ہے۔ شرجیل خان کے علاوہ قومی ٹیم میں کوئی اوپنر نہیں۔

    قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں شعیب ملک ، بابر اعظم ، عمر اکمل، محمد رضوان، اسد شفیق، محمد نواز، سرفراز احمد ،عماد وسیم، محمد عامر، راحت علی، حسن علی اور وہاب ریاض شامل ہیں۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ تیرہ جنوری سے برسبین میں کھیلا جائے گا۔

  • باسط علی پی سی بی کے دونوں عہدوں سے مستعفی

    باسط علی پی سی بی کے دونوں عہدوں سے مستعفی

    کراچی : قومی ویمن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ باسط علی نے گزشتہ روز ہونے والے معاملے کے بعد اہم قدم اٹھالیا، انہوں نے پی سی بی کی جانب سے ملنے والے دونوں عہدے چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق کرکٹر باسط علی نے گزشتہ روز ہونے والے واقعے کے بعد پی سی بی کے عہدوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا، باسط علی جونیئر سیلکشن کمیٹی کے سربراہ اور ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ کے طورپر خدمات انجام دے رہے تھے۔

    جمعرات کو سابق کرکٹر محمود حامد سے ہونے والی جھڑپ کے بعد اب انہوں نے پی سی بی سے الگ ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے اپنے اعلان میں کہا ہے کہ قومی ویمن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں جبکہ جونیئر سلیکشن کمیٹی کی چیئرمین شپ سے بھی مستعفی ہو رہا ہوں۔

    مزید پڑھیں: باسط علی اور محمود حامد تنازعہ، پی سی بی کا نوٹس

    ان کا کہنا ہے کہ وہ قومی ٹیم کیخلاف بے جا تنقید برداشت نہیں کرسکتے، عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے۔ پی سی بی کے سربراہ سے ملاقات کرتے ہوئے استعفی پیش کروں گا۔

    یاد رہے کہ باسط علی نے گزشتہ روز کسی بات پرسابق کرکٹر محمود حامد کو مبینہ طور پر تھپڑ مارا تھا، جس کی باسط علی نے تردید بھی کردی ہے۔۔

  • سال 2016 میں پاکستان ون ڈے کرکٹ کومایوسیوں کا سامنا رہا

    سال 2016 میں پاکستان ون ڈے کرکٹ کومایوسیوں کا سامنا رہا

    کراچی : پاکستان کرکٹ ٹیم کی رواں سال ون ڈے میں کارکردگی مایوس کن رہی۔ ٹیسٹ کے شیر ون ڈے میں ڈھیررہے۔شاہین کوئی خاص کرکردگی نہ دکھا سکے۔

    تفصیلات کے مطابق سال دوہزار سولہ پاکستان کی ون ڈے ٹیم کے لئے کوئی خوشیاں نہ لاسکا۔ ٹیم کی پرفارمنس آزمائش ہی بنی رہی۔ رینکنگ میں بھی مزید نیچے گرتے گئے۔

    مایوسیوں بھرا سال کرکٹ کو کوئی اچھی یادگار نہ دے سکا۔ اظہر علی کی قیادت میں پاکستان نے صرف کھویا اور پایا کچھ بھی نہیں۔ غیرایشیائی کنڈیشز پاکستان کے لئے کڑا امتحان ثابت ہوئیں۔

    انگلینڈ اورنیوزی لینڈ کے خلاف آٹھ میں چھ میچز میں ٹیم ناکام رہی۔ پاکستان کا دوسرا ہوم گراؤنڈ یو اے ای میں پاکستان نے تین میچز جیتے۔

    رواں سال مجموعی طور پر قومی ٹیم نے گیارہ میچز کھیلے اور پانچ جیتے۔ سولہ دوہزار سولہ تو ون ڈے ٹیم کے لئے اچھی یادوں کے ساتھ ختم نہ ہوا لیکن امید ہے کہ دوہزار سترہ کا سورج ٹیم کے لئے کامیابیوں کے دروازے کھول دے گا۔

  • قومی ٹیم میں آسٹریلیا کو شکست دینے کی پوری صلاحیت ہے، مکی آرتھر

    قومی ٹیم میں آسٹریلیا کو شکست دینے کی پوری صلاحیت ہے، مکی آرتھر

    برسبین : آسٹریلیا کیخلاف پاکستان ٹیم نے برسبین ٹیسٹ کی تیاریاں شروع کردیں۔ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ قومی ٹیم میں آسٹریلیا کو شکست دینے کی پوری صلاحیت ہے تاہم پاکستان کو بیٹنگ میں مزید بہتری لانا ہوگی۔ یاسر شاہ نے فٹنس بحال کرنے کیلئے بولنگ شروع کردی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے برسبین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ پاکستانی بلے باز بہت اچھے ہیں، ان کی قابلیت پر بھروسہ کرنا ہو گا، اسد شفیق اور بابر اعظم کا مستقبل تابناک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم برصغیر میں پریشانی کا شکار ہوتی ہے جبکہ برصغیر کی ٹیموں کو آسٹریلیا میں مشکلات پیش آتی ہیں، تاہم کھلاڑیوں کا جلد ماحول سے ہم آہنگ ہونا ہی اچھا ہے کیونکہ اس کے بغیر اچھی کارکردگی ممکن نہیں۔

    مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ابھی بھی بیٹنگ مسائل کا سامنا ہے۔ کھلاڑی زائد رنزاسکور کریں تو میچ بچا سکیں گے، ٹاپ آرڈر کے بعد اسد شفیق اور بابراعظم تکنیکی لحاظ سے پاکستان ٹیم کے ذمہ دار بیٹسمین ثابت ہونگے۔ پاکستانی ٹیم کو کوئی کمزور نہ سمجھے، سیریز میں مشکل ہے لیکن پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

    واضح رہے کہ پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کا آغاز پندرہ دسمبر سے ہوگا، پاکستانی ٹیم نے برسبین ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

    پنک گیند سے تباہی مچانے کیلئے پاکستانی بولرز نے بھی کمر کس لی ہے، باؤنسی اور تیز وکٹوں پر سنبھل کر کھیلنے کیلئے بلے بازوں کی سخت محنت کرنا ہوگی، یہ خامیوں کو دور کرنے کا اہم موقع ہے۔

  • پاک آسٹریلیا کرکٹ سیریزکیلیے قومی اسکواڈ کا اعلان

    پاک آسٹریلیا کرکٹ سیریزکیلیے قومی اسکواڈ کا اعلان

    لاہور: آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے والی ٹیم میں کوئی ردوبدل نہیں کی گئی ہے۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ 15 دسمبر سے برسبین میں کھیلا جائے گا۔

    چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اتوار کو کراچی میں اپنے ساتھی سلیکٹرز سے مشاورت کے بعد پیر کو کپتان مصباح الحق سے بھی ملاقات کی جس میں کوئی تبدیلی نہ کرنے پر اتفاق پایا گیا۔

    آسٹریلیا کے دورے کے لیے محمد حفیظ اور کامران اکمل کی ممکنہ شمولیت پر کافی دنوں سے ذرائع ابلاغ میں قیاس آرائیاں جاری تھیں لیکن محمد حفیظ قائد اعظم ٹرافی میں قابل ذکر کارکردگی دکھا کر اپنی واپسی کے امکانات روشن کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

    کامران اکمل قائد اعظم ٹرافی میں چار سنچریوں اور تین نصف سنچریوں کی مدد سے 826 رنز بناچکے ہیں اور انہوں نے صرف بیٹسمین کے طور پر کھیلنے کی خواہش بھی ظاہر کررکھی ہے لیکن چھ سال قبل اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے کامران اکمل کی ٹیسٹ کرکٹ میں بیٹنگ اوسط 30 ہے اور اس وقت پاکستانی بیٹنگ لائن میں ان کی جگہ بھی نہیں بنتی دکھائی دیتی۔

    آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اعلان کردہ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ مصباح الحق ( کپتان ) اظہرعلی۔ سمیع اسلم۔ اسد شفیق۔ یونس خان۔ سرفراز احمد۔ بابراعظم۔ شرجیل خان۔ محمد رضوان۔ وہاب ریاض۔ محمد عامر۔ سہیل خان۔ راحت علی۔ عمران خان۔ یاسر شاہ اور محمد نواز۔

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 15 دسمبر سے برسبین میں کھیلا جائے گا۔ یہ ڈے نائٹ ٹیسٹ ہوگا۔ دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے میلبرن میں ہوگا جبکہ سڈنی تین جنوری سے ہونے والے آخری ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔