Tag: PCB

  • وسیم خان نے پی سی بی میں بہترین قیادت کا مظاہرہ کیا: رمیز راجہ

    وسیم خان نے پی سی بی میں بہترین قیادت کا مظاہرہ کیا: رمیز راجہ

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ اپنے دور میں وسیم خان نے پی سی بی میں بہترین قیادت کا مظاہرہ کیا۔

    رمیز راجہ نے چیف ایگزیکٹو پی سی بی کے عہدے سے وسیم خان کے مستعفی ہونے پر کہا کہ بہترین قیادت پر پی سی بی وسیم خان کا مشکور ہے، عالمی وبا کے دوران وسیم خان نے ایسے فیصلے کیے جس سے کرکٹ متاثر نہیں ہوئی۔

    رمیز راجہ نے کہا وسیم خان کے کیریئر اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

    وسیم خان نے مستعفی ہونے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے وابستگی پر انھیں فخر ہے، چارج سنبھالا تو اولین ذمہ داری بورڈ کا مثبت تشخص اجاگر کرنا تھا، جس کے لیے ہم نے جامع اور منظم حکمت عملی کے تحت فیصلے کیے، جس سے امیج بہترا ہوا۔

    سی ای او پی سی بی وسیم خان عہدے سے مستعفی ہوگئے

    انھوں نے کہا ہم نے جو اقدامات اٹھائے، ہمیں امید ہے کہ ان سے بین الاقوامی کرکٹ کے انعقاد پر مفید اثرات ہوں گے، میری اور ٹیم کی 5 سالہ حکمت عملی کے مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے، پی ایس ایل کے پاکستان میں انعقاد پر بھی بہت مطمئن ہوں۔

    وسیم خان نے کہا میرے لیے آگے بڑھنے اور اپنی فیملی سے دوبارہ ملنے کا یہی بہترین وقت ہے، پی سی بی کے اسٹاف اور کمرشل پارٹنرز کے ساتھ کام پر بہت خوش ہوں، تمام ملازمین، پاکستان مینز، ویمنز کرکٹرز اور تمام فینز کا شکر گزار ہوں۔

    واضح رہے کہ آج وسیم خان نے بطور چیف ایگزیکٹو پی سی بی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، جسے پی سی بی نے منظور کر لیا ہے، بورڈ کا کہنا ہے کہ پی سی بی بورڈ آف گورنرز نے وسیم خان کا استعفیٰ منظور کیا۔ خیال رہے کہ

    وسیم خان نے یہ عہدہ یکم فروری 2019 کو 3 سال کے لیے سنبھالا تھا۔

  • این سی او سی کا فیصلہ، شائقین کرکٹ کے لیے بڑی خوش خبری

    این سی او سی کا فیصلہ، شائقین کرکٹ کے لیے بڑی خوش خبری

    اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ کو کرکٹ اسٹیڈیمز میں شائقین کو بلانے کی اجازت مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی شائقین کرکٹ کے لیے بڑی خوش خبری ہے، پی سی بی کو کرکٹ اسٹیڈیمز میں شائقین کو بلانے کی اجازت مل گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی اجلاس میں کیا گیا ہے، 30 ستمبر تک 25 فی صد شائقین گراؤنڈ میں میچ دیکھ سکیں گے، جب کہ 25 فی صد شائقین کی شرح میں اضافے پر نظر ثانی 28 ستمبر کو کی جائے گی۔

    فیصلے کے مطابق ویکسینیٹڈ افراد کو ہی کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت ہوگی، اور پی سی بی ویکسینیٹڈ افراد کو ٹکٹ کے اجرا کے لیے طریقۂ کار تیار کرے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ میچز کے لیے سیکیورٹی کی ذمے داری پی سی بی کی ہوگی، اور پی سی بی ہی کرکٹ گراؤنڈ میں ایس او پیز پر عمل درآمد کرائے گا۔

    کرکٹ اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے لیے ماسک، سماجی فاصلہ رکھنا لازم ہوگا، این سی او سی نے وزارت صحت، داخلہ، چیف سیکریٹری کو اس سلسلے میں مراسلہ بھجوا دیا۔

    این سی او سی کی جانب سے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین، سی ای او، اور سی او او کو بھی مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔

  • نیوزی لینڈ کے ساتھ اب آئی سی سی میں بات کریں گے: چیئرمین پی سی بی

    نیوزی لینڈ کے ساتھ اب آئی سی سی میں بات کریں گے: چیئرمین پی سی بی

    لاہور: نیوزی لینڈ ٹیم کی جانب سے دورہ منسوخ کرنے پر چیئرمین پی سی بی نے مایوسی کا اظہار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی کو جواز بنا کر ٹور ختم کرنا بہت افسوس ناک ہے، نیوزی لینڈ سے اب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں بات کریں گے۔

    رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے اچانک دورہ منسوخی پاکستانی فینز اور کھلاڑیوں کے لیے افسوس ناک خبر ہے۔

    پی سی بی کے سی ای او وسیم خان نے وزارت داخلہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کل خصوصی چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے واپس جائے گی، یہ افسوس ناک امر ہے، جو ہوا بہت غلط ہوا۔

    واضح رہے کہ آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا ون ڈے میچ ہونے جا رہا تھا، اچانک کیوی کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی کو جواز بنا کر سیریز منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔

    بعد ازاں، پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے اپنے کیوی ہم منصب سے فون پر بات کی، جس میں جیسنڈا آرڈرن نے سیریز کی منسوخی کی استدعا کی۔

    ادھر انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان کے دورے سے متعلق اہم بیان جاری کر دیا ہے، بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دورے سے متعلق فیصلہ 24 سے 48 گھنٹے میں کریں گے۔

  • چیئرمین پی سی بی منتخب ہوتے ہی رمیز راجہ کا پہلا بڑا فیصلہ

    چیئرمین پی سی بی منتخب ہوتے ہی رمیز راجہ کا پہلا بڑا فیصلہ

    لاہور: چیئرمین پی سی بی منتخب ہوتے ہی رمیز راجہ نے پہلا بڑا فیصلہ کیا ہے، انھوں نے میتھیوہیڈن اور ورنن فلینڈر کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا کوچ مقرر کر دیا۔

    لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میرا وژن بہت واضح ہے کہ چیزوں کو ری سیٹ ہونے کی ضرورت ہے، کوچنگ سسٹم پر نظرثانی ہوگی، میتھیو ہیڈن اور ورنان فلینڈر کو ورلڈ کپ کی کوچنگ کے لیے چنا ہے، بینک الفلاح دونوں کوچز کا معاوضہ ادا کرے گا، اور ان سے اسٹرٹیجک پارٹنر شپ ہوئی ہے، دونوں غیر ملکی کوچز کے ساتھ ایک پاکستانی کوچ لگے گا۔

    پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ انھوں نے کمنٹری باکس کی آسان پوزیشن چھوڑ کر ایک چیلنج والی پوزیشن قبول کی، پی سی بی کی تاریخ میں گنے چنے کرکٹر ہی چیئرمین رہے، شاید ایک تاثر بن گیا ہے کہ کرکٹر انتظام نہیں سنبھال سکتے، لیکن اب شاید راستہ بنے گا کہ وہ آ کر پی سی بی کا انتظام سنبھال سکیں۔

    رمیز راجہ نے کہا پچز کا بہت برا حال ہے، ہم نے پہلے ان پر کام نہیں کیا، سلیکشن کے معاملے پر ہمیں تسلسل لانا ہوگا، 192 فرسٹ کلاس کرکٹر کا ماہانہ معاوضہ ایک ایک لاکھ بڑھا دیا گیا ہے، اسکولز کرکٹ کو کلبز کے ساتھ منسلک کریں گے، میری کوشش ہوگی کہ میری بجائے ٹیم اور کپتان کی پروجیکشن زیادہ ہو، ہر کھلاڑی اپنی ذمے داری سمجھے، قومی کرکٹ ٹیم اپنے ڈر سے باہر نکل آئے، ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا، پاکستان کی ٹیم میں اب بھی 4 سے 5 میچ ونر موجود ہیں، اس لیے قومی ٹیم کو بیک کریں، 10 سے پندرہ دن میں اچھی خبر ملے گی۔

    پی سی بی چیئرمین نے مزید کہا کہ عمران خان کے پاس ٹاپ ٹیم تھی جو انھوں نے بنائی تھی، یہ کھیل 100 سال میں بدلا نہیں کپتان اب بھی مالک ہے، کرکٹر بطور چیئرمین پی سی بی آئے تو اس سے امیدیں الگ ہوتی ہیں، بھول جائیں کہ کوئی تھرڈ اور سیکنڈ پارٹی آ کر معاملات میں مداخلت کرے۔

    انھوں نے کہا میری کوشش ہے کہ اندرون سندھ اور بلوچستان میں ہائی پرفارمنس سینٹر کھولیں، میں چاہتا ہوں کہ ڈومیسٹک کوچز کی راہ ہموار ہونی چاہیے۔

  • پی سی بی کا شکریہ: عمر اکمل

    پی سی بی کا شکریہ: عمر اکمل

    لاہور: کرکٹر عمر اکمل نے کہا ہے کہ میں کرکٹ کھیلنے کی اجازت دینے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی بیٹسمین عمر اکمل نے کرکٹ کھیلنے کی اجازت ملنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا ہے، انھوں نے اپنی اچھی کرکٹ کی امید بھی ظاہر کی اور کہا کہ ماضی میں جو ہوا، اسے بھلا کر آگے کی سوچ رہا ہوں۔

    وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ کرکٹ میں واپسی کے بعد میری ڈومیسٹک پرفارمنس پر منحصر ہے، کہ سلیکٹرز کیا فیصلہ کرتے ہیں۔

    یاد رہے کہ جولائی میں ایک ویڈیو پیغام میں عمر اکمل نے پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کا اعتراف کرتے ہوئے اپنی غلطی کو تسلیم کیا تھا، اور کہا میری غلطی کی وجہ سے پاکستان کی بدنامی ہوئی، میں اپنی فیملی، پی سی بی اور دنیا بھر میں کرکٹ فینز سے معافی مانگتا ہوں۔

    عمر اکمل کو اجازت مل گئی

    میچ فکسنگ کی پیش کش کو رپورٹ نہ کرنے پر پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے عمر اکمل کے خلاف کارروائی کی تھی، عمر اکمل کو 3 سال کی پابندی کی سزا سنائی گئی تاہم انڈیپنڈنٹ ایڈجیوڈکیٹر نے اسے 18 ماہ کر دیا، بعد میں کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے ان کی اپیل پر اس میں مزید 6 ماہ کی کمی کی۔

    4 اگست کو پی سی بی نے ری ہیب پروگرام کے تحت وکٹ کیپر بیٹسمین عمر اکمل کو کلب کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی تھی۔

  • نیوزی لینڈ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری

    نیوزی لینڈ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کر دیا ہے، مذکورہ ٹیم کا18 سال بعد پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔

    پی سی بی کی پریس ریلیز کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم دورے کے دوران آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز اور پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

    مہمان ٹیم 3 ون ڈے اور5 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے 11 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی، تینوں ون ڈے راولپنڈی اور پانچوں ٹی 20میچ لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

    ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شامل 3میچ 17، 19 اور 21 ستمبر کو کھیلے جائیں گے، اس کے علاوہ ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کے پہلے تین میچز 25، 26 اور 29 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق آخری دو ٹی 20انٹرنیشنل میچز یکم اور 3اکتوبر کو کھیلے جائیں گے، سیریز کے تینوں ون ڈے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔

    سیریز میں شامل تمام 5 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے جو 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے آئندہ سال دوبارہ پاکستان آئے گی۔

  • عمر اکمل کو اجازت مل گئی

    عمر اکمل کو اجازت مل گئی

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے عمر اکمل کو کلب کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے ری ہیب پروگرام کے تحت وکٹ کیپر بیٹسمین عمر اکمل کو کلب کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی۔

    پی سی بی کا کہنا ہے کہ عمر اکمل کا ری ہیب پروگرام گزشتہ ماہ شروع ہوا تھا، جو اگلے ماہ مکمل ہو جائے گا، کھلاڑی کو کلب کرکٹ کی اجازت ری ہیب پروگرام ہی کی ایک کڑی ہے۔

    پی سی بی کے مطابق ری ہیب مکمل ہونے پر عمر اکمل اس سال ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے اہل ہوں گے۔

    کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ عمر اکمل نے اظہار ندامت کے علاوہ اینٹی کرپشن لیکچر میں بھی شرکت کی، اور سیکیورٹی اینڈ اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کے سوالات کے جوابات بھی دیے ہیں۔

    پی سی بی نے کہا ہے کہ عمر اکمل کا ری ہیب پروگرام آئندہ ماہ مکمل ہو جائے گا، اس پروگرام کے بعد عمر اکمل رواں برس ہی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے اہل ہوں گے۔

    یاد رہے کہ میچ فکسنگ کی پیش کش کو رپورٹ نہ کرنے پر پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے عمر اکمل کے خلاف کارروائی کی تھی، عمر اکمل کو 3 سال کی پابندی کی سزا سنائی گئی تاہم انڈیپنڈنٹ ایڈجیوڈکیٹر نے اسے 18 ماہ کر دیا، بعد میں کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے ان کی اپیل پر اس میں مزید 6 ماہ کی کمی کی۔

  • کرکٹ بورڈ نے پی اسی ایل کے ساتویں سیزن کا اعلان کردیا

    کرکٹ بورڈ نے پی اسی ایل کے ساتویں سیزن کا اعلان کردیا

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پی ایس ایل کا ساتواں ایڈیشن آئندہ سال جنوری اورفروری میں ہوگا،

    کرکٹ شائقین کو پی سی بی نے اچھی خبر سنا دی، پاکستان سپر لیگ کا اگلا سیزن آئندہ سال کے آغاز میں منعقد کیا جائے گا اس بات کا فیصلہ
    پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے منعقدہ آن لائن ورچوئل اجلاس میں کیا گیا۔

    اس حوالے سے پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور فرنچائزز میں اتفاق رائے ہوگیا ہے، پی سی بی عہدیداران اور فرنچائز آفشلز کے درمیان ٹیلی کانفرنس ہوئی جس میں پی سی ایل سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

    پی سی بی اور فرنچائز نمائندگان میں طے پایا ہے کہ اگلے سیزن کا پی ایس ایل کا میدان جنوری فروری میں سجایا جائے گا، جس کی تیاریاں جلد شروع کر دی جائیں گی۔

    ورچوئل اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان اور سی ای او سلمان نصیر نے شرکت کی۔

  • پی سی بی نے نیوزی لینڈ ٹیم کو بڑی پیشکش کردی

    پی سی بی نے نیوزی لینڈ ٹیم کو بڑی پیشکش کردی

    لاہور: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو بڑی پیشکش کردی ہے۔

    ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ نے رواں سال ستمبر اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے، دورے میں کیوی ٹیم نے تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنی ہے۔

    پاکستان سے دورے کے فوری بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا آغاز ہوجائے گا، اسی بنا پر پاکستان نے نیوزی لینڈ کو تین ٹی ٹوئنٹی کے بجائے پانچ ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کی پیشکش کی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دو اضافی ٹی ٹوئنٹی میچز کے لئے نیوزی لینڈ بورڈ اور پی سی بی کے درمیان بات چیت جاری ہے، آئندہ چند روز کے دوران نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے باضابطہ آگاہ کردیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ رواں سال سترہ اکتوبر سے چودہ نومبر تک ابوظبی، دبئی، شارجہ اور مسقط میں کھیلا جائے گا۔

  • عمر اکمل نے معافی مانگ لی

    عمر اکمل نے معافی مانگ لی

    لاہور: عمر اکمل نے اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا، اور سب سے معافی مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹر عمر اکمل نے اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا، انھوں نے کہا کہ 17 ماہ قبل مجھ سے ایسی غلطی ہوئی جس سے کرکٹ اور میرے کیریئر کو نقصان ہوا۔

    انھوں نے کہا کہ غلطی یہ تھی کہ کچھ لوگوں نے مجھ سے رابطہ کیا جسے میں وقت پر رپورٹ نہ کر سکا، میں اعتراف کرتا ہوں کہ میری غلطی کی وجہ سے پاکستان کی کرکٹ کی بدنامی ہوئی۔

    عمر اکمل نے جرمانہ ادا کر دیا

    وکٹ کیپر بیٹسمین نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ، اپنی فیملی اور دنیا بھر میں کرکٹ فینز سے معافی مانگتا ہوں۔

    عمر اکمل نے ویڈیو پیغام میں یہ اعتراف کیا کہ ان سے کچھ لوگوں نے رابطہ کیا تھا لیکن انھوں نے بروقت پی سی بی اینٹی کرپشن کو اس کے بارے میں نہیں بتایا، انھوں نے کہا کہ فکسنگ کی پیش کش کے بارے میں بروقت نہ بتانے پر مجھے 12 ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔

    انھوں نے کھلاڑیوں کے لیے پیغام دیا کہ وہ ملک اور کھیل کے سفیر ہیں، انھیں کسی بھی مشکوک سرگرمی سے دور رہنا چاہیے، کوئی مشکوک شخص ان سے رابطہ کرتا ہے تو پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کیا جائے۔