Tag: PCR

  • ترکی جانے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر

    ترکی جانے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر

    کراچی: ترکی جانے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر ہے، ترک سول ایوی ایشن نے مسافروں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق مسافر اب بغیر کرونا پی سی آر ٹیسٹ کے ترکی کا سفر کر سکیں گے، ترک سول ایوی ایشن نے ٹیسٹ کی شرط ختم کر دی ہے۔

    تاہم سول ایوی ایشن نے کہا ہے کہ ترکی آنے والے مسافروں کو مکمل ویکسینیشن کا سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہو گا۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب نے بھی ان ممالک سے پابندی ہٹالی ہے جہاں سے مسافروں کے براہ راست مملکت آنے پر پابندی تھی، اور مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ویکسین کی پابندی سے بھی مستثنیٰ ہیں۔

    سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل طلال الشلھوب نے کہا ہے کہ ایسے مقیم غیر ملکی بھی سعودی عرب واپس آ سکتے ہیں جنھوں نے کرونا ویکسین کی ڈوز نہیں لگوائی ہیں، مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کے لیے ویکسین یافتہ ہونا ضروری نہیں رہا ہے۔

    تاہم جو مقیم غیر ملکی ویکسین لگوائے بغیر مملکت پہنچیں گے ان پر ویکسین کے حوالے سے وہ پابندیاں عائد ہوں گی جو سعودی شہریوں اور مملکت میں موجود تارکین پر نافذ کی جا رہی ہیں۔

  • کویت آمد سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کرنے کی سفارش

    کویت آمد سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کرنے کی سفارش

    کویت سٹی: کویت میں کرونا وائرس کیسز میں کمی کے بعد اس کے حوالے سے عائد پابندیوں پر نرمی پر غور کیا جارہا ہے، فی الحال پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں وزارتی کرونا ایمرجنسی کمیٹی کو ایک سفارش پیش کی گئی ہے جس میں ملک میں آنے والے تمام مسافروں کی آمد سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کی شرط کو ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سفارش میں ملک میں داخلے کے بعد ویکسین شدہ افراد پر ایک ہفتے کا ہوم قرنطینہ نافذ کرنا بھی شامل ہے، تاہم اس قرنطینہ کو پی سی آر ٹیسٹ کروا کر ختم کیا جا سکتا ہے۔

    ملک میں داخل ہونے والے غیر ویکسین شدہ افراد پر 7 سے 10 دن کا ہوم قرنطینہ نافذ کیا جائے، قرنطینہ کے آخری دن منفی پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ اس قرنطینہ کو ختم کر سکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس تجویز پر وزارتی کرونا ایمرجنسی کمیٹی کی میز پر بحث کی جائے گی اور اسے جلد ہی بحث اور منظوری کے لیے وزرا کی کونسل میں پیش کیا جائے گا۔

    سفر کے دوران تیسری بوسٹر خوراک حاصل کرنے کی شرط کو منسوخ کرنے کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تجویز کرونا ایمرجنسی کمیٹی کے سامنے بھی پیش کی گئی ہے تاہم ابتدائی اشارے اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ فی الحال اس فیصلے کو منسوخ نہیں کیا جائے گا۔

  • یو اے ای کا پاکستانی ایئر پورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے معیار پر اظہار تشویش

    یو اے ای کا پاکستانی ایئر پورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے معیار پر اظہار تشویش

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستانی ایئر پورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے معیار کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کی جانب سے اظہار تشویش پر اہم قدم اٹھاتے ہوئے وفاقی وزارت صحت اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کو خط لکھ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای کی جانب سے پاکستانی ایئر پورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے معیار پر تشویش کے اظہار کے بعد این سی او سی نے وفاقی وزارت صحت اور سی اے اے کو خط لکھ کر ناقص ٹیسٹ کرنے والی لیبارٹریز کے خلاف نوٹس لینے کا حکم دے دیا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ یو اے ای کی سی اے اے نے پاکستانی ایئر پورٹس پر ٹیسٹ کو غیر معیاری قرار دیا ہے، اگست 2021 میں پاکستان سے 75 ہزار مسافر یو اے ای گئے، ان سب کے پاکستانی ایئر پورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کیا گیا تھا، جنھیں غیر معیاری قرار دیا گیا۔

    خط میں این سی او سی نے کہا ہے کہ غیر معیاری ٹیسٹ رپورٹس سے بیرون ملک پاکستان کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے، اس لیے ریگولیٹری اتھارٹی ایئر پورٹس پر لیبارٹریز کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائے۔

  • دبئی جانے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر

    دبئی جانے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر

    کراچی: دبئی جانے والے مسافروں کی سہولت کے لیے سیالکوٹ ایئر پورٹ پر بڑی سہولت مہیا کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ ایئر پورٹ انتظامیہ نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے مسافروں کے لیے ایئر پورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت فراہم کر دی۔

    نجی لیبارٹری کی جانب سے سیالکوٹ ایئر پورٹ پر ریپڈ پی سی آر کاؤنٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے، ایئر پورٹ منیجر کے مطابق سیالکوٹ ایئر پورٹ ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت والا پہلا پاکستانی ایئر پورٹ بن گیا ہے۔

    ایئر لائن کی جانب سے مسافروں کو پرواز سے 5 گھنٹے قبل ایئر پورٹ آنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، ایئر پورٹ منیجر نثار احمد کا کہنا تھا کہ ریائشی ویزے، کرونا ویکسین سرٹیفیکیٹ اور کیو آر کوڈ کے حامل پاکستانی سیالکوٹ سے دبئی کا سفر کر سکیں گے۔

    یہ سہولت آج رات سے میسر ہوگی، ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت کے بعد فلائی دبئی، ایئر عربیہ کی دبئی اور شارجہ کے لیے مسافروں کی بکنگ شروع ہو چکی ہے۔

    حکام کے مطابق 10 اگست کو فلائی دبئی اور 11 اگست کو ایمریٹس کی پروازیں سیالکوٹ سے مسافروں کو دبئی لے کر روانہ ہوں گی، دبئی کے لیے لازمی ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی فیس 6 ہزار 500 روپے مقرر کی گئی۔

  • کویت میں جعلی کرونا ٹیسٹ کرنے والوں کے خلاف کیا کارروائی ہوگی؟

    کویت میں جعلی کرونا ٹیسٹ کرنے والوں کے خلاف کیا کارروائی ہوگی؟

    کویت سٹی: کویت نے جعلی پی سی آر ٹیسٹ کروانے والے تمام افراد کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں ایک بھارتی لیب ٹیکنیشن نے لوگوں کو 60 جعلی پی سی آر سرٹیفکیٹ جاری کیے تھے جس پر اسے گرفتار کیا جا چکا ہے، جعلی سرٹیفکیٹ لینے والوں کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ جعلی پی سی آر سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والے افراد کی اکثریت کویت سے روانہ ہو چکی ہے جنھیں کویت داخل ہونے پر گرفتار کر لیا جائے گا۔

    محکمہ فوجداری تفتیش کے مطابق گرفتار بھارتی شہری فروانیہ گورنریٹ میں ایک نجی لیب میں کام کر رہا تھا، اور لوگوں سے 30 دینار کے بدلے بغیر ٹیسٹ جعلی سرٹیفکیٹ جاری کر دیتا تھا، اس رقم میں 6 دینار اس کا کمیشن تھا  جب کہ باقی رقم کلینک میں جمع کی جاتی تھی، حکام نے کلینک بھی بند کرا دیا ہے۔

    51 سالہ ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا، اس نے انکشاف کیا کہ اس نے تقریباً 60 جعلی سرٹیفکیٹ جاری کیے ہیں، جن کا ڈیٹا اس نے محفوظ رکھا ہوا ہے۔

    بھارتی شہری کی اس جعل سازی کا معاملہ پبلک پراسیکیوشن کے پاس بھیج دیا گیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ جعلی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والوں کی نشان دہی بھی ہو چکی ہے، تاہم یہ افراد کویت سے روانہ ہو چکے ہیں، واپسی پر انھیں حراست میں لیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق جعلی کرونا ٹیسٹ سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے بھارتی شہری کے خلاف کارروائی ایک خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی تھی، گرفتاری سے قبل پانچ دن تک اس کی سرگرمیوں کی نگرانی بھی کی گئی تھی، چھاپے کے وقت جعلی سرٹیفکیٹس بھی قبضے میں لیے گئے۔