Tag: PCR Tests

  • اردن آنے پر پی سی آرٹیسٹ کی شرط ختم

    اردن آنے پر پی سی آرٹیسٹ کی شرط ختم

    اومان: اردن میں کرونا وائرس سے متعلق بیشتر پابندیاں ختم کردی گئیں جن میں اردن آنے والے افراد پر پی سی آر ٹیسٹ کی پابندی بھی شامل ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اردن نے کرونا وبا کی موجودہ لہر ختم ہوتے ہی بچاؤ کے لیے مقررہ بیشتر پابندیاں ختم کردی ہیں، حکومتت ترجمان فیصل الشبول کا کہنا ہے کہ باہر سے آنے والے مسافروں کو پی سی آر ٹیسٹ کے بغیر ملک میں داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

    علاوہ ازیں کرونا وائرس کے مریضوں سے ملنے والوں پر قرنطینہ کی پابندی ختم کردی گئی، اب بیرون ملک سے آنے والے اردنی شہریوں اور غیر ملکیوں میں سے کسی سے بھی پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ طلب نہیں کی جائے گی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ تقریبات، اجتماعات اور سماجی پروگراموں میں شرکت کے لیے کرونا ٹیسٹ کی پابندی بھی ختم کردی گئی، البتہ سرکاری اور نجی اداروں میں جانے کے لیے ویکسین کی دونوں خوراکوں کا ہونا لازمی ہے۔

    کووڈ 19 کے مریضوں کی آئسولیشن کا دورانیہ بھی کم کرکے 5 روز کردیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق تمام اسکول باقاعدہ کھولے جائیں گے، اساتذہ اور طلبہ سب اسکولوں میں ہی پڑھنے اور پڑھانے کا عمل شروع کریں گے۔

    اگر کوئی طالب علم متاثر ہوگا تو اس صورت میں اسے 5 روز کے لیے گھر میں آئسولیٹ کردیا جائے گا اور 5 دن بعد وہ اسکول واپس آجائے گا۔

  • عمان پہنچنے والے سیاحوں کے لیے نئی ہدایات جاری

    عمان پہنچنے والے سیاحوں کے لیے نئی ہدایات جاری

    مسقط: سلطنت عمان کی وزارت ثقافت و سیاحت نے اعلان کیا ہے کہ عمان آنے والے سیاحوں کو کووڈ 19 پی سی آر ٹیسٹ اور 14 روزہ قرنطینہ کی پابندی سے استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔

    ٹائمز آف عمان کی رپورٹ کے مطابق وزارت سیاحت نے کہا ہے کہ وزارت صحت کی جانب سے موصول کردہ نئی ہدایات کے پیش نظر یہ ممکن ہو چکا ہے کہ سلطنت عمان میں آنے والے سیاحوں کو آنے سے قبل لازمی کرونا وائرس پی سی آر ٹیسٹ، اور پہنچنے پر 14 روزہ قرنطینہ گزارنے سے مستثنیٰ کردیا جائے۔

    وزارت کے مطابق تاہم سیاحوں کے پاس ہیلتھ انشورنس ہونی چاہیئے جو کووڈ 19 کا شکار ہوجانے کی صورت میں اس کے علاج کے اخراجات کور کر سکے۔

    وزارت کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ سیاح عمان پہنچنے سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کے لیے خود کو رجسٹر کروائیں جو عمان پہنچنے پر ایئرپورٹ پر ہوگا، اس ٹیسٹ کا رزلٹ منفی آنے تک سیاحوں کو الگ تھلگ رہنا ہوگا۔

    حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ زمینی راستوں سے عمان پہنچنے والوں کو زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے پہلے کروایا گیا پی سی آر ٹیسٹ دکھانا ہوگا جو نیگیٹو ہونا چاہیئے، زمینی راستوں کے چیکنگ پوائنٹس پر طبی معائنے کی سہولیات کی کمی ہے۔

    مزید ہدایات کے مطابق عمان آنے والے سیاح 2 ہفتے سے زیادہ سلطنت میں قیام نہیں کرسکیں گے، ہر شخص یا ہر خاندان کو ہوٹل یا ریزورٹ میں علیحدہ کمرہ لینا ہوگا۔

    سیاحوں کو یقینی بنانا ہوگا کہ ایئرپورٹ پر ہونے والے کووڈ ٹیسٹ کا رزلٹ منفی آنے تک وہ کمرے سے باہر نہ نکلیں اور زیادہ لوگوں سے گھلنے ملنے سے پرہیز کریں، ٹیسٹ منفی آجانے کے بعد باہر نکلنے پر سیاحوں کو تمام ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا جیسے ماسک پہننا، سماجی فاصلہ رکھنا، اور ہاتھوں کو سینی ٹائزڈ کرتے رہنا۔

    سلطنت کے تمام ہوٹلز اور ریزورٹس ہیلتھ سروسز اور ڈائریکٹوریٹ جنرل فار ڈیزیز سرویلنس سے رابطے میں ہوں گے۔ سلطنت میں اپنے قیام کے دوران اگر سیاح کھانسی، نزلہ زکام، بخار، سر درد، ڈائریا یا سانس کی تکلیف میں مبتلا ہوتے ہیں تو وہ فوری طور پر ہوٹل انتظامیہ کو مطلع کرنے کے پابند ہوں گے جس کے بعد انہیں طبی سہولت فراہم کی جائے گی اور اس عرصے کے دوران انہیں کمرے میں رہنا ہوگا۔

    وزارت سیاحت کی جانب سے مزید کہا گیا کہ عمان پہنچنے والے سیاح اس بات کو دھیان میں رکھیں کہ وہ جس ایئر لائن سے سفر کر رہے ہیں اس کی تمام طبی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔