Tag: PDM jALSA

  • ڈیرہ غازی خان کے عوام نے بھی پی ڈی ایم  کو مسترد کردیا، عثمان بزدار

    ڈیرہ غازی خان کے عوام نے بھی پی ڈی ایم کو مسترد کردیا، عثمان بزدار

    لاہور : وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے مسترد شدہ عناصر کو ڈیرہ غازی خان کے غیور عوام نے بھی رد کر دیا، اپوزیشن کو نازک موقع پر منفی سیاست زیب نہیں دیتی۔

    عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اتحاد، بھائی چارے اور یکجہتی کے وقت پی ڈی ایم کی قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش ناقابل فہم ہے۔ قوم کا قیمتی وقت ضائع کرنے والوں کو ملک کا احساس ہے نہ عام آدمی کا۔

    انہوں نے کہا کہ جتنی جماعتیں اس اپوزیشن کے اتحاد میں ہیں، کاش وہ جلسے میں اتنے لوگ بھی جمع کرلیتں، بندگلی میں جلسہ ان کی پتلی سیاسی حالت زار پر مہرتصدیق ثبت کرتا ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ غیر فطری اتحاد کا چھوٹی سڑک پر مختصر سا جلسہ قوم نے دیکھا، پی ڈی ایم نے تسلسل کے ساتھ منفی سیاست کر کے اپنی رہی سہی ساکھ ختم کر لی، ان کا نہ پہلے کوئی مستقبل تھا نہ آئندہ ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، سب سے پہلے ہم سب کے لئے پاکستان کا مفاد مقدم ہے اور یہ مقدم رہے گا۔

  • پی ڈی ایم آج ڈیرہ غازی خان میں پنڈال سجائےگی

    پی ڈی ایم آج ڈیرہ غازی خان میں پنڈال سجائےگی

    ڈی جی خان: مہنگائی کے خلاف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) آج ڈیرہ غازی خان میں جلسہ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں آج وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا آبائی ضلع ڈی جی خان میں ریلوےروڈ پر عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔

    جلسے کی میزبانی جےیوآئی(ف) کررہی ہے، جلسےسے مولانا فضل الرحمان، شہبازشریف اور دیگرپی ڈی ایم رہنما خطاب کریں گے، جلسے سے پی ڈی ایم کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

    پی ڈی ایم کے آج ہونے والے جلسے میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شرکت نہیں کریں گی۔

    یہ بھی پڑھیں: جماعت اسلامی نے اسلام آباد کی جانب مارچ ملتوی کر دیا

    سیکیورٹی کے پیش نظر جےیو آئی کے ایک ہزار سے زائد رضا کار جلسہ گاہ کی سیکیورٹی سنبھالیں ہوئے ہیں جبکہ رہنماؤں کی آمد کے موقع پر شہر کے مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگادئیےگئے ہیں۔

    واضح رہے کہ پی ڈی ایم حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں کراچی اور فیصل آباد میں جلسے کرچکی ہے۔

  • رش اتنا تھا کہ شاہد خاقان موٹرسائیکل پر جلسہ گاہ پہنچے، مریم نواز

    رش اتنا تھا کہ شاہد خاقان موٹرسائیکل پر جلسہ گاہ پہنچے، مریم نواز

    لاہور : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ گزشتہ روز مینار پاکستان لاہور میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے میں رش اتنا تھا کہ شاہد خاقان موٹرسائیکل پر جلسہ گاہ پہنچے، عوام بہت بڑی تعداد میں موجود تھے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جلسے کی کامیابی پر میں نے اپنے ایم این ایز، ایم پی ایز کو دونوں ہاتھوں سے سلام پیش کیا ہے، انہوں نے اپنی محنت سے جلسے کو کامیاب بنایا ہے۔

    مریہم نواز نے کہا کہ وہاں ایک جلسہ جلسہ گاہ میں دوسرا جلسہ گاہ کے پیچھے اور تیسرا جلسہ سڑکوں پر ہورہا تھا، کچھ لوگ ہیں جو منفی پروپیگنڈا کررہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ رش اتنا تھا کہ شاہد خاقان نے مجھے بتایا کہ وہ تنگ راستوں کی وجہ سے موٹرسائیکل پر جلسہ گاہ پہنچے ہیں،
    رش زیادہ ہونے کی وجہ سے بجلی کی تاریں ٹوٹ گئی تھیں۔

    مریم نواز نے بتایا کہ میں حیران ہوں کہ عوام میں جلسے کیلئے ایسا جذبہ میں نے پوری زندگی نہیں دیکھا، مینار پاکستان کے اطراف عوام سمندر کی طرح موجود تھی جانے لگی تو راستہ بنانے کیلئے20،25منٹ لگ گئے۔

    انہوں نے کہا کہ جلسہ گاہ میں جگہ کم تھی اس لیے لوگ ہزاروں کی تعداد میں جلسہ گاہ سے باہر بھی موجود تھے، میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی گھر سے نہیں نکلی تھی کہ کچھ لوگوں نے میڈیا پر میرے خلاف پروپیگنڈا شروع کردیا تھا،

    ایک سوال کے جواب میں رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو اب عوام لیڈ کررہی ہے، ہم انتخابی حریف ضرور ہیں لیکن ایک دوسرے کے دشمن نہیں، حکومت کی جو رپورٹس ملی ہیں وہاں بھی صف ماتم بچھا ہوا ہے۔

  • نوازشریف نئے غدار ہیں جو پنجاب کے خلاف ہیں، شہباز گل

    نوازشریف نئے غدار ہیں جو پنجاب کے خلاف ہیں، شہباز گل

    اسلام آباد : معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ نوازشریف ایک نئے غدار ہیں جو پنجاب کے خلاف ہیں، پنجاب نے آزادی کی لڑائی کسی سے کم نہیں لڑی۔

    پی ڈی ایم کے لاہور جلسے میں ہونے والی تقریر سے متعلق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کو دیکھیں تو7نشان حیدر لینے والے یہاں سے ہیں، نشان حیدر ملتا نہیں ہے دشمن سے چھیننا پڑتا ہے۔

    شہبازگل کا کہنا تھا کہ پنجاب نے آزادی کی لڑائی کسی سے کم نہیں لڑی، یہ پنجاب ہی تھا جو آزادی کی لڑائی میں دولخت ہوا، پنجاب میں لوگ شہید ہوئے ان کی عصمت دریاں ہوئیں، یہاں کے کسانوں نے پاکستان کے لیے قربانیاں دی۔

    معاون خصوصی نے محمود اچکزئی کا نام لئے بغیر کہا کہ جن لوگوں نے ابھی روپ دھارا ہے یہ جدی پشتی پاکستان کے خلاف ہیں، سب سے پہلے ان لوگوں نے کراچی میں مہاجروں کی دل شکنی کی۔

    شہبازگل نے ن لیگ کے عام ایم پی ایز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ اس ٹبر کے پیچھے نہیں چلیں ورنہ آپ کی آنے والی نسلیں اس کا جواب نہیں دے سکیں گی۔ ن لیگ کے سمجھدار کارکن آگے بڑھیں اور کل کے بیان کی مذمت کریں۔

    انہوں نے کہا کہ لاہور سے پی ایم ایل نے 30نشستیں جیتی ہوئی ہیں، جو ایم اپی اے جلسے میں ایک ہزارافراد بھی نہیں لاسکا اسے استعفیٰ دے دینا چاہیے، ارکان اسمبلی کو اپنی وفاداری پاکستان سے رکھنی چاہیے۔

    شہبازگل نے کہا کہ کل ان شریفوں کے راج کا آخری دن تھا ایک سحر تھا تو جو ٹوٹ گیا، آپ کو کئی دن تک گرد و غبار نظرآئے گا اب ان کی داستان دفن ہوگئی ہے، اخلاقی طور آپ اسمبلی میں رہنے کا حق کھو چکے ہیں۔

  • ن لیگ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

    ن لیگ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

    لاہور: ن لیگ کی سی ای سی اور سی ڈبلیو سی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جس میں ن لیگ کی صدر نے لاہور ڈویژن کے منتخب ارکان سے وضاحت طلب کی ہے کہ جلسے میں کون کتنے کارکن لے کر آیا۔

    اس حوالے سے اندورنی ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی سی ای سی اور سی ڈبلیو سی اجلاس کے موقع پر لیگی قیادت اس بات سخت پریشان تھی کہ پی ڈی ایم کے لاہور جلسے میں زیادہ لوگ کیوں نہیں آئے؟

    ذرائع کے مطابق مریم نواز نے لاہور ڈویژن کے منتخب ارکان سے وضاحت مانگ لی ہے جس میں کہا گیا گیا ہے کہ پارٹی کے منتخب ارکان تحریری طور پر آگاہ کریں کہ کون کتنے کارکن جلسہ گاہ میں لایا تھا۔

    مریم نواز کا کہنا تھا کہ پارٹی کو غلط معلومات دی گئیں اور منتخب ارکان نے بھی محنت نہیں کی، ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے کے بجائے کام کیا جاتا تو لوگ باہر نکلتے۔

    ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ سالوں سے فائدے اٹھانے والے لوگ اب مشکل میں پارٹی کا ساتھ نہیں دے رہے، ورکر اپنے قائد سے مخلص ہے لیکن رہنما اپنا احتساب کریں، آئندہ پارٹی عہدے نام نہیں بلکہ کام کی بنیاد پر دیے جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق مریم نواز نے کہا کہ لاہور ڈویژن کی قیادت نے بہت مایوس کیا ہے مجھے سب معلوم ہے وقت آنے پر فیصلے کارکنوں کی مرضی سے ہوں گے، قائد نواز شریف کے بیانیے سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

    اس موقع پر خواجہ سعدرفیق نے کہا کہ کچھ لوگوں نے گزشتہ روز ذمہ داری نہیں نبھائی، انہوں نے پارٹی کی تنظیمی خامیوں پر بھی سوالات اٹھا دیے۔

    ذرائع کے مطابق سعدرفیق نے کہا کہ پارٹی میں سزا اور جزا کا عمل ہونا چاہیے، جن لوگوں نے اپنی ذمہ داریاں نہیں نبھائیں ان سے پوچھ گچھ کی جائے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ،مریم نواز نے ارکان سے کہا کہ ہماری کوشش تھی مینار پاکستان جلسے میں پانچ لاکھ افراد جمع ہوں جو
    نہ ہوسکے، پارٹی میں جزا اور سزا کا عمل بھی ہو گا۔

    تاہم ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے کارکان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہمارا مقابلہ صرف عمران خان سے نہیں،
    اسٹیبلشمنٹ سے بھی ہے۔

    مریم نواز نے کہا کہ پی ڈی ایم کے فیصلے کے بعد استعفے کب استعمال کرنے ہیں اب اس پر مشاورت ہوگی، ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف نے کہا کہ کامیاب جلسہ کیلئے مریم نواز نے متحرک کردار ادا کیا۔

  • محمود اچکزئی کو شہر میں داخل نہ ہونے دیا جائے، اہلیان لاہور کا مطالبہ

    محمود اچکزئی کو شہر میں داخل نہ ہونے دیا جائے، اہلیان لاہور کا مطالبہ

    لاہور : پشتونخوا ملی عوام پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے لاہوریوں کو طعنے دے کران کی توہین کی جس پر اہلیان لاہور نے ان پر شہر میں داخلے پر پابندی کا مطالبہ کردیا۔

    گزشتہ روز لاہور میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب میں محمود خان اچکزئی نے لاہور والوں سے متعلق کچھ منفی اظہار خیال کیا جس پر لاہور کے شہریوں نے سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور کے شہریوں نے کہا کہ ان کے بیان سے ہمارے دلوں کو تکلیف پہنچی، ان کو سیاست کرنی ہے کریں لیکن اس سے ہٹ کر کوئی بات نہ کریں۔

    ایک شہری کا کہنا تھا کہ آج لاہور والوں پر بہت برے الزامات لگائے گئے، ایسے لوگوں کو اس شہر میں داخل نہ ہونے دیا جائے، ان کو سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے۔

    یاد رہے کہ جلسے سے خطاب میں محمود خان اچکزئی نے الزام عائد کیا کہ لاہوریوں نے انگریزوں کے ساتھ مل کر افغان سرزمین پر قبضے کی کوشش کی،۔

    انہوں نے ن لیگ اور پی پی کی قیادتوں کی موجودگی میں کہا کہ مجھے دکھ ہے کہ لاہور یوں نے انگریزوں کا ساتھ دیا انہوں نے کہا کہ جہاں کلمہ پڑھا جاتا تھا وہ سب انگریزوں کے قبضے میں چلے گئے، ان کا کہنا تھا کہ واحد افغانستان ہے جو انگریزوں کے خلاف کھڑا رہا۔

  • پشاور کے عوام نے بھی پی ڈی ایم کا جلسہ مسترد کردیا، مراد سعید

    پشاور کے عوام نے بھی پی ڈی ایم کا جلسہ مسترد کردیا، مراد سعید

    اسلام آباد : وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ پشاور کے عوام نے بھی پی ڈی ایم کا جلسہ مسترد کردیا، گلگت بلتستان کے الیکشن میں قوم نے عمران خان سے محبت کا ثبوت دیا۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم والوں کی لڑائی این آر او کیلئے ہے، ہم کہتے ہیں کہ نہ رو، انہوں نے 40سال عوام کا خون چوسا ہے، یہ صرف میڈیا میڈیا کھیل رہے ہیں عوام سے ان کا دور دور تک تعلق نہیں۔

    ن لیگ سے متعلق ایک سوال پر مرادسعید کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس میں ان کی کرپشن اور لوٹ مار سامنے آئی، نوازشریف حسن، حسین، علی عمران، اسحاق ڈار، سلیمان شہباز لندن میں بیٹھے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ان کا پورا ٹبر عدالت سے اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے یہ مسترد ہوچکے ہیں، خود اشتہاری بن کر ملک سے باہر بیٹھے ہیں، پاکستان ان کی وجہ سے گرے لسٹ میں گیا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے الیکشن میں قوم نے عمران خان سے محبت کا ثبوت دیا، اس کے علاوہ پشاور کے عوام نے بھی پی ڈی ایم کا جلسہ مسترد کردیا۔

    مراد سعید نے کہا کہ ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے، سرمایہ کاری نے10سالہ ریکارڈ توڑ دیا، ملک کے لٹیروں سے لوٹا ہوا پیسہ واپس لینا ہے اور ان اشتہاریوں کو جیلوں میں ڈالنا ہے۔ ان کو پاکستان اور عوام سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ فیصلے میں ہے کہ انھوں نے ملک کا پیسہ کیسے لوٹا، کرپٹ ٹولے نے پاکستان کو لوٹا ہے یہ صرف تقریریں کرسکتے ہیں، عوام پہلے بھی مسترد کرچکےہیں آئندہ بھی انھیں مسترد کریں گے۔

  • مزار قائد کے تقدس کی پامالی ’’کیپٹن (ر) صفدر سامنے آئے تو تھپڑ ماروں گا‘‘

    مزار قائد کے تقدس کی پامالی ’’کیپٹن (ر) صفدر سامنے آئے تو تھپڑ ماروں گا‘‘

    کراچی: شہر قائد میں مریم نواز کی ریلی کے دوران کیپٹن (ر) صفدر کی جانب سے مزار کے تقدس کی پامالی پر اداکار بھی بول اٹھے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار خالد انعم کا کہنا ہے کہ قبروں پر جاکر فاتحہ خوانی کی جاتی ہے شور اور نعرے بازی نہیں۔

    اداکار خالد انعم کا کہنا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر اگر میرے سامنے آئے تو ان کے منہ پر تھپڑ رسید کروں گا، میرے پاکستان کے قائد اعظم کی عزت کرو۔

    انہوں نے چیف جسٹس گلزار احمد، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی کہ ان کے خلاف سخت سے سخت ایکشن لیا جائے۔

    مزید پڑھیں: مریم کی مزار قائد پر حاضری، کیپٹن (ر) صفدر نے سیاسی نعرے لگوادئیے

    واضح رہے کہ مریم نواز کی مزار قائد پر حاضری کے موقع پر مزار کے احاطے میں کیپٹن (ر) صفدر نے سیاسی نعرے لگوائے تھے۔

    پی ٹی آئی رہنما راجہ اظہر اور حلیم عادل شیخ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر سمیت رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کروانے بریگیڈ تھانے پہنچے تھے، پولیس کا کہنا تھا کہ درخواست جمع کروائی گئی تو مقدمہ درج کرلیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ پی ڈی ایم کی جانب سے کراچی میں جلسہ کیا گیا، مریم نواز، مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو زرداری نے جلسے میں حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

  • سندھ میں طوفان اٹھ رہا ہے، بلاول کا جزائر آرڈیننس واپس لینے کا مطالبہ

    سندھ میں طوفان اٹھ رہا ہے، بلاول کا جزائر آرڈیننس واپس لینے کا مطالبہ

    کراچی: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں طوفان اٹھ رہا ہے، ہوش کے ناخن لیے جائیں اور جزائر آرڈیننس واپس لیا جائے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے شہدائے جمہوریت کا قرض ادا کرنا ہے، انقلاب کی صبح دکھائی دے رہی ہے، آج تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑے ہیں، ملک کی تمام جمہوری طاقتوں نے جمہوریت کے قیام کی جنگ لڑنی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر بدھ تک آرڈیننس واپس نہیں لیا توسینیٹ میں قرارداد پاس کرکے آرڈیننس کو باہر کردیں گے، جزیرے کسی کے باپ کی جاگیر نہیں سندھ بلوچستان کی ملکیت ہے قبضہ نہیں کرنے دینگے۔

    مزید پڑھیں: میں ایک نہیں دو بچوں کی نانی ہوں، مریم نواز

    بلاول بھٹو نے کہا کہ حاکم وقت کے ظلم کےخلاف اٹھنے والی آوازوں کا گلہ گھونٹا جارہا ہے، ظلم پھرظلم ہے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے، یہ اقتدارکی لڑائی نہیں، سب آزادیوں کا ضامن جمہوری نظام ہے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اس حکومت نےعوام کو بنیادی حقوق دینے کا وعدہ توڑ دیا، آج غریب پس رہا ہے، ہائی ویز پرہماری بچیوں بہنوں کا ریپ کیا جا رہا ہے، اس کوعوام کی بھوک،غصہ نظرنہیں آتا، اس دورمیں عوام نے تاریخی مہنگائی، غربت دیکھی۔

    انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی جنگ عوام کی جنگ ہے، جمہوریت نہ ہوتو فیصلےعوام نہیں چند لوگوں کی مرضی سے ہوتے ہیں، یہ حکومت ناکام ہوچکی ہے اسے جانا پڑے گا۔

  • اے پی سی کی قرارداد کے ساتھ کھڑے ہیں، بلاول بھٹو

    اے پی سی کی قرارداد کے ساتھ کھڑے ہیں، بلاول بھٹو

    کراچی: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم اے پی سی کی قرارداد کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اینکر پرسن وسیم بادامی نے بلاول بھٹو سے سوال کییا کہ میاں صاحب نے جو کہا آپ اس کے ساتھ کھڑے ہیں جس کے جواب میں بلاول کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں ہم پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم، اے پی سی کی قرارداد کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    واضح رہے کہ بلاول بھٹو نے نواز شریف کی گوجرانوالہ میں تقریر کی تائید نہیں کی اور مزید کہا کہ اے پی سی جو ہماری قرارداد تھی ہم سب اس کے ساتھ ہیں۔

    خیال رہے کہ نواز شریف نے گوجرانوالہ میں تقریر کے دوران اداروں پر ہرزہ سرائی کی تھی، جس کی وجہ سے سندھ کے شہر حیدرآباد میں نواز شریف کا پتلا بھی نذر آتش کیا گیا۔

    نواز شریف کے خلاف احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے خلاف مقدمہ بھی درج کروایا جائے گا۔

    یاد رہے کہ اپوزیشن کی پی ڈی ایم کی جانب سے کراچی میں حکومت مخالف جلسہ جاری ہے، جلسے سے بلاول بھٹو، مریم نواز اور فضل الرحمان خطاب کریں گے۔

    پی ڈی ایم جلسے میں بدنظمی بھی دیکھنے میں آئی تھی اور کارکنان باڑ پھلانگ کر خواتین انکلوژر میں چلے گئے تھے۔