Tag: pdm

  • کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ملتان انتظامیہ نے تیاری کر لی

    کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ملتان انتظامیہ نے تیاری کر لی

    ملتان: پی ڈی ایم جلسے کے اعلان کے بعد کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے تیاری کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان جلسے کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ایمرجنسی پلان تیار کر لیا گیا، سرکاری افسران کو آئندہ 72 گھنٹے ضلعی ہیڈکوارٹرز نہ چھوڑنے کی ہدایت کر دی گئی۔

    قلعہ کہنہ قاسم باغ میں 3 ہیلی پیڈ تیار کرنے کی ہدایات بھی جاری ہو گئیں، یہ ہیلی پیڈ اسٹیڈیم، سبزہ زار اور علمدار حسین ڈگری کالج میں تیار کیے جا رہے ہیں۔

    محکمہ سول ڈیفنس کا بم ڈسپوزل اسکواڈ الرٹ کر دیا گیا، سول ڈیفنس فورس کے 150 اہل کار بھی پولیس کے ہمراہ الرٹ رہیں گے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر کو فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا، ڈی سی آفس میں کنٹرول روم بھی فعال کر دیا گیا۔

    بلاول بھٹو نے کارکنان کو ملتان پہنچنے کی ہدایت کر دی

    ادھر پولیس کی بھاری نفری قاسم باغ اسٹیڈیم پہنچ گئی ہے، اسٹیڈیم کو جانے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر سیل کر دیےگئے، پاکستان پیپلز پارٹی کے چند کارکنان بھی اسٹیڈیم پہنچ گئے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے آج ایک ٹویٹ میں خبردار کر دیا ہے کہ ریاستی رٹ چیلنج کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹیں گے، عوام کو سیاسی بے روزگاروں کے سپرد کر کے خطرے میں نہیں ڈال سکتے، جلسوں کی پرواہ نہیں مگر عوام کا تحفظ ہمیں بلا تفریق مقدم ہے۔

    ادھر مولانا فضل الرحمان ملتان پہنچ گئے ہیں جو آج پی ڈی ایم اجلاس کی صدارت کریں گے، مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ بھی ملتان پہنچ چکے ہیں، پی ڈی ایم اجلاس میں 30 نومبر کے جلسے سے متعلق لائحہ عمل طے ہوگا۔

  • علی قاسم گیلانی کی 30 دن تک نظر بندی کے احکامات جاری

    علی قاسم گیلانی کی 30 دن تک نظر بندی کے احکامات جاری

    ملتان: سابق وزیر اعظم پاکستان یوسف رضاگیلانی کے صاحب زادے علی قاسم گیلانی کی 30 دن تک نظر بندی کے احکامات جاری ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر ملتان نے 16 ایم پی او کے تحت پیپلز پارٹی کے رہنما علی قاسم گیلانی کی تیس دن تک نظر بندی کے احکامات جاری کر دیے۔

    علی قاسم گیلانی پر نقص امن اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کے الزامات ہیں، مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ علی قاسم گیلانی کو 30 دن تک زیر حراست رکھا جائے۔

    یاد رہے کہ علی قاسم گیلانی کو گزشتہ رات قاسم باغ اسٹیڈیم سےگرفتار کیا گیا تھا، گرفتاری کے بعد انھوں نے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہم کھانا لا رہے تھے کہ پولیس نےگرفتار کر لیا، ہم پر تشدد کیا گیا ہے۔

    رات گئے انتظامیہ نے قاسم باغ کا کنٹرول سنبھال کر مرکزی راستہ کنٹینر پھر بند کر دیا، اس دوران پولیس سے جھڑپ کے بعد متعدد پی ڈی ایم رہنما اور کارکن گرفتار کیے گئے، جلسہ گاہ سے شامیانے، کرسیاں اور دیگر سامان بھی ہٹا دیاگیا ہے۔

    ملتان جلسہ، پولیس کا کریک ڈاؤن، گیلانی کے بیٹے سمیت متعدد سیاسی کارکنان گرفتار

    ادھر علی قاسم گیلانی سمیت دیگر سیاسی کارکنان کی گرفتاری کے بعد سربراہ جے یو آئی (ف) فضل الرحمان ملتان پہنچ گئے ہیں، وہ آج پی ڈی ایم اجلاس کی سربراہی کریں گے، اجلاس میں سینئر پی پی رہنما یوسف رضا گیلانی، انس نورانی، ساجد میر، رانا ثنااللہ و دیگر شریک ہوں گے۔

    قاسم باغ واقعے کے بعد پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے ٹویٹ کیا کہ حکومت پنجاب، ملتان میں پی پی کے یوم تاسیس سے بوکھلا اٹھی ہے، چاہے کچھ ہو جائے ہم 30 نومبر کو پی ڈی ایم کی میزبانی کریں گے، آصفہ بھٹو میری نمائندگی کے لیے ملتان پہنچ رہی ہیں، ملتان میں جلسہ ہو کر رہےگا۔

    رہنما پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ نے ملتان جلسہ گاہ میں پولیس ایکشن کو فاشزم قرار دیا، حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ملتان میں حالات خراب نہ کریں۔

  • پی ڈی ایم جلسہ: دہشت گرد حملے کا تھریٹ الرٹ جاری

    پی ڈی ایم جلسہ: دہشت گرد حملے کا تھریٹ الرٹ جاری

    اسلام آباد: حساس اداروں نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے پر کالعدم ٹی ٹی پی کے ممکنہ دہشت گرد حملے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔

    ذرایع کے مطابق حساس اداروں نے تھریٹ الرٹ جاری کیا ہے کہ پی ڈی ایم جلسے پر کالعدم ٹی ٹی پی کے ممکنہ دہشت گرد حملے کا خطرہ ہے۔

    تھریٹ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم جلسے کے مقام یا اطراف کے علاقے میں خود کش حملے کا خطرہ ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ سیاسی لیڈر شپ کو ممکنہ حملے کے خطرے سے بھی آگاہ کر دیاگیا، جلسہ گاہ کی سیکورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔

    ذرایع کے مطابق ممکنہ خطرے کے باعث جلسہ گاہ سے ڈیڑھ کلو میٹر دور پارکنگ بنائی گئی ہے، سیاسی لیڈرز کی گاڑی کے علاوہ کسی گاڑی کو اندر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    جلسے کی کوریج پر موجود میڈیاگاڑیوں کی بھی بی ڈی کلیئرنس کر دی گئی ہے، رنگ روڈ کو چارسدہ سے موٹر وے تک بند کر دیاگیا ہے، ممکنہ خطرے کی وجہ سے رنگ روڈ پر دکانیں اور سی این جی اسٹیشنز بھی بند کیے جا چکے ہیں۔

    ملک میں مکمل لاک ڈاؤن کے حوالے سے وزیراعظم کا بڑا اعلان

    ذرایع کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی کال ٹریس کیے جانے سے حملے کی منصوبہ بندی کا معلوم ہوا۔

    واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کی جانب سے آج کرونا خطرے سے متعلق عدالتی احکامات کے باوجود پشاور میں جلسہ کیا جا رہا ہے، کبوتر چوک میں جلسے کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں اور کارکنوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے، مولانا فضل الرحمان، مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری پشاور پہنچ چکے ہیں۔

    آج وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں مکمل لاک ڈاؤن کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا کیسز ایسے ہی بڑھتےگئے تولاک ڈاؤن کرنے پر مجبور ہوں گے، اور ذمہ دار پی ڈی ایم ہوگی، لاکھوں جلسے کر لیں، این آر او پھر بھی نہیں ملے گا۔

  • پشاور میں پی ڈی ایم جلسے کی اجازت نہیں دیں گے، مقدمات درج کیے جائیں گے: شوکت یوسفزئی

    پشاور میں پی ڈی ایم جلسے کی اجازت نہیں دیں گے، مقدمات درج کیے جائیں گے: شوکت یوسفزئی

    پشاور: وزیر محنت و ثقافت خیبر پختون خوا نے کہا ہے کہ پشاور میں پی ڈی ایم جلسے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے، کرونا سے لوگوں کو نقصان پر اپوزیشن کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شوکت یوسفزئی نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ اپوزیشن کو عوام کی نہیں کرپشن بچانے کی فکر ہے، کسی کو عوام کے جان و مال سے کھیلنے نہیں دیں گے، کرونا سے لوگوں کو نقصان پر اپوزیشن کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ پی پی دہرا معیار چھوڑ دے، سندھ میں لاک ڈاؤن اور کے پی میں جلسوں کے اعلان کا کیا مطلب ہے؟ کرونا صورت حال کے پیش نظر اپوزیشن پشاور جلسہ منسوخ کرے، پی ٹی آئی حکومت کے مخالفین بھی اپوزیشن سے جلسہ منسوخ کرنے کا کہہ رہے ہیں۔

    پشاور میں 202 کورونا مریضوں کی حالت تشویشناک ، 18افراد وینٹی لیٹرز

    انھوں نے سوال اٹھایا کیا اپوزیشن رہنماؤں کے اپنے بچے جلسے میں شریک ہو رہے ہیں، یہ صرف دوسروں کے بچوں کو استعمال کرنا چاہتے ہیں؟

    گزشتہ روز صوبائی وزیر نے اپنے ایک ویڈیو رد عمل میں کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان نے اپوزیشن کو کرونا کی صورت حال پر بریفنگ دینے کے لیے وزرا کی کمیٹی تشکیل دی ہم نے اپوزیشن کو دعوت دی مگر انھوں نے بریفنگ لینے سے انکار کر دیا جو انتہائی افسوس ناک اور غیر جمہوری عمل ہے۔

    دوسری طرف جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے رد عمل میں کہا ہے کہ حکومت اعلان کر رہی ہے کہ پشاور میں جلسہ نہیں کرنے دےگی، اور اس کی وجہ کرونا کے پھیلاؤ کا خدشہ بتایا جا رہا ہے، لیکن وزیر اعظم نے سوات میں جلسہ کیا اور اب پی ڈی ایم کے جلسے کھٹک رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے اراکین پہلے سخت ترین بندشیں چاہتے تھے، اور مجھ پر طنز و تنقید کے نشتر چلایا کرتے تھے، وہی آج زندگیاں خطرے میں ڈال کر عاقبت نا اندیش سیاست کر رہے ہیں، اور عدالتی احکامات ہوا میں اڑا کر کیسز میں تیز اضافے کے باوجود جلسے پر مصر ہیں۔

  • حکومت پنجاب کی  پی ڈی ایم کو جلسہ کرنے کی اجازت نہ دینے کی سفارش

    حکومت پنجاب کی پی ڈی ایم کو جلسہ کرنے کی اجازت نہ دینے کی سفارش

    لاہور : حکومت پنجاب نے کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر پی ڈی ایم کو جلسہ کرنے کی اجازت نہ دینے اور جلسہ کرنے پر قانونی کارروائی کی سفارش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر حکومت پنجاب نے پی ڈی ایم کا جلسہ روکنے کے لیے سفارشات تیار کرلی ، وزیر قانون نے ابتدائی سفارشات مرتب کی ہے کہ جلسہ ہونےکے کیا اقدامات ہونے چاہییں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرقانون پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ابتدائی سفارشات ارسال کر دیں، جس میں پی ڈی ایم کوجلسہ کرنے کی اجازت نہ دینے اور بلااجازت جلسہ کرنے پر قانونی کارروائی کی سفارش کی ہے۔

    ابتدائی سفارشات میں کہا گیا ہے کہ جلسے سے قبل کارکنان کو 16ایم پی او کے تحت گرفتار کرنے اور پی ڈی ایم کی اے اور بی کلاس قیادت گھروں میں نظربند کرنے کی اجازت دی جائے۔

    ذرائع حکومت کا کہنا ہے کہ وزیراعلی پنجاب نے سفارشات کو وفاق کی اجازت سے مشروط کر دیا ہے۔

  • پی ڈی ایم ، کوئٹہ جلسہ، بلاول نے اہم اعلان کردیا

    پی ڈی ایم ، کوئٹہ جلسہ، بلاول نے اہم اعلان کردیا

    کوئٹہ: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کی بنیاد بڑی مشکل سے رکھی گئی، پی ڈی ایم کے لئے دو قدم آگے بڑھ سکتے ہیں پیچھے ہٹنے والے نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ میں آج گلگت بلتستان کے پہاڑوں سے مخاطب ہوں، پی ڈی ایم کے گوجرانوالہ جلسے نے اسلام آباد کو واضح پیغام بھیجا جبکہ کراچی کے عوام نے کامیاب جلسہ کرکے ریفرنڈم کا فیصلہ سنایا، مگر حکومت کہتی ہے کہ اپوزیشن کا مزار قائد پر جلسہ ناکام رہا۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اپنے حقوق لینا جانتے ہیں، بلوچستان کے عوام کا سر کٹ سکتا ہے مگر جھک نہیں سکتا، بڑے صوبے کے باوجود کیا اس کی قسمت میں لکھاہے کہ ہمیشہ غریب رہیں گے، واضح کردوں کہ کہیں نہیں لکھا بلوچستان کےعوام سلیکٹڈ کےغلام رہیں گے، بلوچستان کے عوام جمہوری آزادی چاہتےہیں، یہاں کی عوام اپنی زمین، وسائل کے مالک ہونےکی آزادی چاہتے ہیں۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم جلسے میں ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک حقیقت میں پسماندہ علاقوں اور بلوچستان کیلئے تھا، اتنے سال گزرنے کے بعد بھی گوادر ،گلگت کے عوام محسوس کررہےہیں انھیں کوئی فائدہ نہیں ہوا، سی پیک گوادر اور گلگت کےعوام کے بغیر ممکن نہیں ، سی پیک کو کامیاب بنانا ہےتو مقامی لوگوں
    کو فائدہ دینا ہوگا۔

    بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی بنیاد بڑی مشکل سے رکھی گئی ہے، پی ڈی ایم کے لئے ہم دو قدم آگے بڑھ سکتے ہیں پیچھے ہٹنے والےنہیں، جو چاہتے ہیں کہ پی ڈی ایم ٹوٹ جائے انہیں پیغام دو، پیپلزپارٹی الگ نہیں ہوگی، یہ صرف آغاز تھا مگر یہ آغاز بھی ان سے برداشت نہیں ہوا۔

    چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کے لوگ پی ڈی ایم کا ساتھ دیں تاکہ جمہویت بحال ہوسکے، انشااللہ جلد ہی ہم جمہوریت بحال کریں گے۔

  • کوئٹہ، کراچی کے عوام کا مطالبہ ہے ووٹ کو عزت دو، مریم نواز

    کوئٹہ، کراچی کے عوام کا مطالبہ ہے ووٹ کو عزت دو، مریم نواز

    کوئٹہ: مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ کوئٹہ اور کراچی کے عوام کا مطالبہ ہے ووٹ کو عزت دو، بلوچستان کے اس حال کی یہی وجہ ہے کہ ووٹ کو عزت نہیں ملتی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کوئٹہ میں (پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ) پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب عوام کی حاکمیت کا سورج طلوع ہونے کو ہے، ووٹ کو عزت دینی ہوگی، کسی کو ووٹ سے کھیلنے کا حوصلہ نہیں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طلبا کو ہم نے پنجاب یونیورسٹیز میں اسکالر شپ دی تھیں، بلوچستان کے طلبا کی اسکالر شپس ختم کردی گئیں، امید کرتی ہوں ان بچوں کی اسکالرشپس بحال ہوں گی۔

    مریم نواز نے کہا کہ بلوچی لباس پہننے کا مقصد بلوچستان کے عوام سے محبت کا اظہار ہے، یہ سمجھتے ہیں بلوچستان کے عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق نہیں ہے، پنجاب کی طرح ہمیں بلوچستان کے بچے بھی عزیز ہیں۔

    مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ قائداعظم نے کہا تھا حلف کی پاسداری کرو، قانون کا احترام کرو، کوئٹہ کے عوام بتائیں کیا آج تک قائداعظم کی اس تلقین پر عمل ہوا، قائداعظم کی روح بھی دیکھ رہی ہےکہ ان کی تلقین کو مٹی میں ملا دیا گیا۔

    مریم نواز نے کہا کہ فرانس میں توہین آمیز خاکوں سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، توہین آمیز خاکوں سے دکھ ہوا، ہم سب مل کر اس کے خلاف احتجاج کرتے ہیں۔

  • سیکیورٹی خدشات، کوئٹہ میں کل موبائل فون سروس بند ہونے کا امکان

    سیکیورٹی خدشات، کوئٹہ میں کل موبائل فون سروس بند ہونے کا امکان

    کوئٹہ: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے کل کوئٹہ جلسے میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل فون سروس بند ہونے کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں کل موبائل فون سروس بند کرنے پر غور شروع کردیا گیا ہے، موبائل فون سروس سیکیورٹی خدشات کے باعث بند کی جاسکتی ہے۔

    ذرائع کے مطابق موبائل فون سروس صبح 8 سے رات 9 بجے تک بند کی جاسکتی ہے، اس سے قبل کوئٹہ میں 24 گھنٹوں کے لیے ڈبل سواری پر پابندی بھی عائد کی گئی تھی۔

    ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے لیے ہوگا۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹی فکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: پی ڈی ایم جلسہ، کوئٹہ میں ڈبل سواری پر پابندی عائد

    واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کل کوئٹہ میں حکومت مخالف جلسہ کرے گی، جلسے سے بلاول بھٹو، مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان خطاب کریں گے۔

    قبل ازیں چیف سیکریٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن کے جلسے کی سیکیورٹی اور صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا تھا۔

    چیف سیکریٹری نے کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ کرنے کی بھی ہدایت کی جس کے تحت اسلحہ لے کر آزادانہ گھومنے اور ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔

  • عظمیٰ بخاری نے مریم نواز کے ’کمرے کی چوکیداری‘ سنبھال لی

    عظمیٰ بخاری نے مریم نواز کے ’کمرے کی چوکیداری‘ سنبھال لی

    کوئٹہ: مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کوئٹہ میں مریم نواز کے کمرے کی چوکیداری سنبھال لی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے مریم نواز کے کمرے کی چوکیداری سنبھال لی، مریم نواز کل کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کریں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ جلسے کے حوالے سے جس کمرے میں مریم نواز مقیم ہیں اس کی سیکیورٹی کے فرائض عظمیٰ بخاری کے سپرد کردئیے گئے ہیں۔

    عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ ’کمرے کا تالا بہت مضبوط ہے، امید ہے سلامت رہے گا اور آئی جی صاحب بھی چھٹی پر نہیں جائیں گے، اگر کسی نے اس طرف دیکھنے کی کوشش کی تو یاد رکھیں ہم سب بہت چوکنا ہیں۔‘

    انہوں نے کہا کہ اب یہ دروازہ انشا اللہ سلامت رہے گا، اگر کسی کو ایڈونچر کا شوق ہے تو آجائے ہم یہیں پر موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کل کوئٹہ میں حکومت مخالف جلسہ کرے گی، جلسے سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان خطاب کریں‌ گے۔

    یاد رہے کہ جلسے میں شرکت کے لیے مریم نواز کوئٹہ پہنچ گئی ہیں، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج رات کوئٹہ کے لیے روانہ ہوں گے جبکہ مولانا فضل الرحمان بھی کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔

  • کوئٹہ جلسے سے نواز شریف خطا ب کریں گے؟ مریم نواز کا بیان

    کوئٹہ جلسے سے نواز شریف خطا ب کریں گے؟ مریم نواز کا بیان

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ جلسے سے میاں نواز شریف خطا ب کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ڈی ایم کے کل ہونے والے جلسے کے لیے کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں تیاریاں جاری ہیں، جلسے کی سیکورٹی کے لیے 4 ہزار سے زائد اہل کار تعینات کر دیے گئے ہیں، جن میں کوئٹہ پولیس، ایف سی اور بی سی سمیت دیگر سیکورٹی اہل کار شامل ہیں۔

    مریم نواز نے آج صبح لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نواز شریف کل کے جلسے سے خطاب کریں گے، واضح رہے کہ گوجرانوالہ جلسے میں خطاب کے دوران نواز شریف نے ملکی اداروں کو نشانہ بنایا تھا جس پر انھیں ملک بھر میں شدید تنقید کا سامنا ہے، اس وقت سابق وزیر اعظم ملک میں بدعنوانی کے کئی مقدمات میں مطلوب ہیں اور علاج کی غرض سے برطانیہ میں ہیں۔

    مریم نواز نے کہا کہ اب پی ڈی ایم کی تحریک میں عوام شامل ہو گئے ہیں، ایک طرف پاکستان میں عوام روٹی کو ترس گئے ہیں، دوسری طرف حکومت کی توجہ صرف میاں نواز شریف پر ہے، اب این آر او کی عمران خان کو ضرورت ہے، کیپٹن (ر) صفدر واقعے سے حکومت نے بہت بدنامی کمالی ہے۔

    ادھر کوئٹہ میں ہونے والے پی ڈی ایم جلسے کے لیے تیاریاں جاری ہیں، شہر بھر میں مختلف سیاسی جماعتوں کے جھنڈے اور بینرز آویزاں ہو گئے ہیں، محمود اچکزئی، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور اختر مینگل کوئٹہ پہنچ گئے ہیں، مولانا فضل الرحمان گزشتہ رات ضلع قلات پہنچ چکے ہیں اور آج سہ پہر کوئٹہ پہنچیں گے۔

    مریم نواز 10 رکنی وفد کے ہم راہ آج نجی ایئر لائن کی پرواز سے کوئٹہ پہنچیں گی، وفد میں شاہد خاقان عباسی، کیپٹن (ر )صفدر، احسن اقبال و دیگر شامل ہوں گے۔ بلاول بھٹو گلگت سے خصوصی پرواز کے ذریعے کل کوئٹہ پہنچیں گے، اگر وہ کسی وجہ سے کوئٹہ نہ پہنچ سکے تو پھر ویڈیو لنک پر جلسے سے خطاب کریں گے، جب کہ نواز شریف لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔