Tag: PDMA Report

  • بلوچستان میں طوفانی بارشوں نے 31 افراد کی جان لے لی

    بلوچستان میں طوفانی بارشوں نے 31 افراد کی جان لے لی

    کوئٹہ: بلوچستان میں مون سون کی طوفانی بارشوں کے باعث 31 افراد لقمہ اجل بن گئے، جاں بحق افراد میں 4خواتین اور 5 بچے بھی شامل ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم اے نے بلوچستان میں مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔

    بلوچستان میں 28 جون سے شروع ہونے والی طوفانی بارشوں سے اب تک خواتین اور بچوں سمیت 31 افراد جاں بحق ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق اموات کے واقعات ژوب،زیارت،موسیٰ خیل، خضدار، لورالائی، لسبیلہ اورکوہلو میں رپورٹ ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں 4خواتین اور5بچے شامل ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 8 افراد زخمی ہوئے، صوبے کے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

  • کے پی میں بارشوں نے 9 افراد کی جان لے لی

    کے پی میں بارشوں نے 9 افراد کی جان لے لی

    پشاور : خیبرپختونخوا میں تیز بارشوں کے باعث ہونے والے حادثات و واقعات میں 9 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 7 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    صوبے کے کچھ علاقوں میں گزشتہ روز تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشیں ہوئیں جس کی نتیجے میں ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے انفرا اسٹرکچر تباہ ہوگیا۔

    پی ڈی ایم اے نے کے پی میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے متعلق اعداد وشمار جاری کردیے، جس کے مطابق صوبے میں سیلاب اور بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے حادثات میں 9 افراد جاں بحق اور ساتزخمی ہوئے۔

    ان میں سے دو افراد سوات، دو بٹگرام، مانسہرہ میں چار اور بونیر میں ایک شخص جان سے گیا، رپورٹ میں مزید بتایا کہ بارش کے نتیجے میں پیش آنے والے حادثات میں کم ازکم 7 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سوات اور بٹگرام میں تین، تین جبکہ مانسہرہ میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق 7 گھر تباہ اور 67 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، لوئر چترال میں سیلاب سے 39 اور اپر چترال میں 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

    ترجمان محکمہ ریلیف کا کہنا ہے کہ اپر چترال کے متاثرہ خاندانوں کو امدادی سامان فراہم کر دیا گیا ہے جبکہ لوئر چترال کے حساس علاقوں کی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

    اُنہوں نے بتایا کہ بارشوں اورسیلاب سے متاثرہ اضلاع کے لیے 6 کروڑ روپے کی رقم جاری کردی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لوئر دیر روڈ کو ٹریفک کے لیے کلیئر کر دیا گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے کئی علاقوں میں 26 جولائی تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

  • بلوچستان میں بارش وسیلاب : اموات کا سلسلہ جاری

    بلوچستان میں بارش وسیلاب : اموات کا سلسلہ جاری

    کوئٹہ : ملک بھر میں ہونے والی حالیہ بارشوں اور اس کے نتیجے میں ہونے سیلاب کی تباہ کاریاں تاحال جاری ہیں۔

    پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق گزشتہ24گھنٹے کے دوران صوبہ بلوچستان میں بارش وسیلاب سے مزید4اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

    پی ڈی ایم اے نے بارشوں سے نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کردی، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اب تک بلوچستان میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد259ہوگئی۔

    جاں بحق ہونے والے افراد میں125مرد،59خواتین اور75بچے شامل ہیں، اموات بولان، کوئٹہ، ژوب، دکی، خضدارمیں ہوئیں جبکہ کوہلو، کیچ، مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ اور سبی میں بھی ہلاکتیں سامنے آئی ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے دوران حادثات کا شکار ہوکر164افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں86مرد،35خواتین اور43بچے شامل ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبے میں63ہزار68مکانات منہدم اور جزوی نقصان کا شکار ہوئے، بارشوں میں1500کلومیٹر پر مشتمل مختلف سڑکیں بھی متاثرہوئیں۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث مختلف مقامات پر18پل ٹوٹ چکے ہیں، بارشوں سے2لاکھ59ہزار63مال مویشی مارے گئے ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کی جاری رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ دولاکھ811ایکڑ زمین پر فصلیں، سولرپلیٹس، ٹیوب ویلز اور بورنگ کو نقصانات ہوئے ہیں۔

  • پختونخواہ میں بارشیں، مختلف حادثات میں 14 افراد جاں بحق

    پختونخواہ میں بارشیں، مختلف حادثات میں 14 افراد جاں بحق

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بارشوں سے مختلف حادثات میں صوبے میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے، ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ علاقوں میں کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات کردی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خیبر پختونخواہ میں بارشوں سے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔ مختلف حادثات میں 14 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہوگئے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 21 گھروں کو جزوی جبکہ 4 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا، ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ علاقوں میں کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات کردی گئی ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق شبقدر مٹہ رستم خیل کے متاثرین میں ضلعی انتظامیہ نے امدادی سامان تقسیم کیا۔

  • سندھ میں بارشوں سے کیا کیا نقصانات ہوئے؟ رپورٹ جاری

    سندھ میں بارشوں سے کیا کیا نقصانات ہوئے؟ رپورٹ جاری

    کراچی: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے سندھ میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی تفصیل جاری کردی، بارشوں کے دوران 10 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ سکھر میں 132 ایکڑ پر کھڑی فصل کو نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 6 اگست سے اب تک ہونے والی بارشوں سے سندھ میں نقصانات کی رپورٹ جاری کردی، رپورٹ کے مطابق کراچی جنوبی اور کورنگی میں 3، 3 افراد مختلف حادثات میں جاں بحق ہوئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ضلع غربی اور ملیر میں 1، 1 بچہ جاں بحق ہوا، ضلع خیرپور اور نوشہرو فیروز میں بھی 1، 1 ہلاکت ہوئی۔

    پی ڈی ایم کے مطابق جامشورو میں 3، کراچی میں 2، اور شہید بے نظیر آباد میں بارشوں کے دوران 1 شخص زخمی ہوا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ملیر اور نوشہرو فیروز میں 1، 1 گھر کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ نوشہرو فیروز میں ایک گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ سکھر میں 132 ایکڑ پر فصل کو نقصان پہنچا۔

    ادھر صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ سڑکوں پر سوئپنگ کو لگاتار جاری رکھا جائے، تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے علاقوں کا مستقل دورہ کریں۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ اضلاع کا بلدیاتی عملہ مزید بارشوں سے قبل نکاسی انتظامات کو یقینی بنائے، انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر نکاسی آب کا کام کیا جائے، میونسپل کمشنرز مستقل طور پر اپنے علاقوں میں فعال رہیں۔