Tag: PDMA

  • ‌‌‌کراچی میں تیز بارش کی پیشگوئی ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

    ‌‌‌کراچی میں تیز بارش کی پیشگوئی ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

    کراچی : محکمہ پی ڈی ایم اے نے  کراچی میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور حفاظتی اقدامات کی ہدایت کردی ۔

    سندھ میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ بارشوں کےپیش نظر حفاظتی اقدامات کیےجائیں ، بل بورڈ اور ہورڈنگز کو فوری ہٹایا جائے، تھرپارکر،عمرکوٹ،سانگھڑ،بدین ،سکھر میں 31 اگست تا 3 ستمبر بارش متوقع ہے۔

    خیال رہے محکمہ موسمیات نے شہرقائد سمیت سندھ بھر میں یکم ستمبر سے بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مون سون ہواؤں کا سلسلہ کل رات سے سندھ میں داخل ہوگا ، جس کے باعث 01ستمبر سے 03 ستمبر تک تیز بارشوں کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں 45تا50کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں تاہم شہر میں آئندہ 24گھنٹے میں موسم جزوی ابر آلود رہے گا۔

  • پختونخواہ میں بارشیں، مختلف حادثات میں 14 افراد جاں بحق

    پختونخواہ میں بارشیں، مختلف حادثات میں 14 افراد جاں بحق

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بارشوں سے مختلف حادثات میں صوبے میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے، ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ علاقوں میں کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات کردی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خیبر پختونخواہ میں بارشوں سے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔ مختلف حادثات میں 14 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہوگئے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 21 گھروں کو جزوی جبکہ 4 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا، ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ علاقوں میں کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات کردی گئی ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق شبقدر مٹہ رستم خیل کے متاثرین میں ضلعی انتظامیہ نے امدادی سامان تقسیم کیا۔

  • پختونخواہ میں بارشیں: مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق

    پختونخواہ میں بارشیں: مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں گزشتہ رات سے جاری بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 3 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ کچھ گھروں کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے گزشتہ رات سے جاری بارشوں پر رپورٹ جاری کردی۔ بارشوں سے مختلف حادثات میں 3 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ لوئر دیر میں چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 1 زخمی ہوا۔ مانسہرہ میں دیوار گرنے سے بچے سمیت 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مانسہرہ اور تورغر میں بھی 1، 1 گھر کو جزوی نقصان پہنچا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پختونخواہ ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں اور متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں۔

  • آج رات سے بارشوں، تیز ہواؤں کے نئے سلسلے کی پیش گوئی

    آج رات سے بارشوں، تیز ہواؤں کے نئے سلسلے کی پیش گوئی

    پشاور: خیبر پختون خوا میں بارشوں اور تیز ہواؤں کا نیا سلسلہ آج رات سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج رات سے کے پی میں بارشوں اور تیز ہواؤں کا نیا سلسلہ شروع ہوگا، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے شریف حسین کے مطابق بارشوں اور تیز ہواؤں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارش اور تیز ہواؤں سےگرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے، نیز سیاحتی مقامات کی سیر کے لیے جانے والے سیاح ان دنوں میں دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    ڈی جی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوش گوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

    واضح رہے کہ خیبر پختون خوا میں گزشتہ کئی دنوں سے شدید گرمی پڑ رہی ہے، اور محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش سے گرمی میں شدت میں کمی آ جائے گی۔

  • خیبر پختونخواہ میں بارش و برفباری: 2 خواتین زخمی، گھروں کو بھی نقصان

    خیبر پختونخواہ میں بارش و برفباری: 2 خواتین زخمی، گھروں کو بھی نقصان

    پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں بارش و برفباری سے 2 خواتین زخمی ہوئیں، جبکہ 2 گھروں کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ صوبے میں بارش و برفباری سے 2 خواتین زخمی ہوئیں، دونوں خواتین مٹہ کے علاقے بھر مٹہ میں دیوارگرنے سے زخمی ہوئیں۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں اور برفباری سے 2 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، برفباری سے بند سڑکیں کھولنے کے اقدامات جاری ہیں۔

    دوسری جانب ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کا کہنا ہے کہ برفباری سے بند شاہراہ کاغان کو آمد و رفت کے لیے بحال کردیا گیا ہے۔

    ڈی سی کے مطابق ناران، شاہراہ کاغان سکی کناری کے مقام پر پھنسے سیاحوں کو بھی نکال لیا گیا ہے، برف باری سے 6 کوسٹر اور 16 چھوٹی گاڑیاں پھنس گئی تھیں۔

    خیال رہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری اور بارشیں جاری ہیں، کوئٹہ، قلات اور دیر میں درجہ حرارت منفی 1 سے بھی نیچے جا چکا ہے۔

  • پی ڈی ایم کا 11 اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسے کا اعلان

    پی ڈی ایم کا 11 اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسے کا اعلان

    لاہور: اپوزیشن جماعتوں کی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 11 اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسے کا اعلان کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کی پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 11 اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسے کا اعلان کیا جبکہ پی ڈی ایم اے کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا سربراہ احسن اقبال کو بنایا گیا ہے۔

    مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اجلاس میں شہباز شریف کی گرفتاری کی شدید مذمت کی گئی، ملک میں جمہوریت سلب کی جارہی ہے، ملکی پارلیمنٹ پر قدغن ہے اس کی اجلاس میں مذمت کی گئی۔

    شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ایک خاص مقاصد کے لیے بنائی گئی ہے، آج کے اجلاس میں جمہوریت کی بحالی اور عوامی تکالیف پر گفتگو ہوئی، پی ڈی ایم کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں تحریک کا آغاز کیا جارہا ہے، تمام جماعتیں آج کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر متفق ہیں، تحریک ملکی سیاسی تاریخ میں حقیقی سیاسی تبدیلی لائے گی۔

    شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی میں ہر جماعت کے دو ممبران شامل ہوں گے، چاروں صوبوں میں پی ڈی ایم کے مرکزی جلسے ہوں گے۔

    جلسوں کی شروعات ہورہی ہے، راجہ پرویز اشرف

    پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری سب کے لیے قابل افسوس لمحہ تھا، حکومتی وزرا آئے روز پریس کانفرنسز کرتے رہتے ہیں، پریس کانفرنس سے ظاہر ہوتا ہے نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی نے 11 اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسے کا فیصلہ کیا ہے، جلسوں کی شروعات ہورہی ہے، اپوزیشن کی تمام جماعتیں متفق ہیں، عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    حکومت نے عوام کو سبز باغ دکھائے لیکن کچھ بھی نہیں کیا، عبدالغفور حیدری

    جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما عبدالغفور حیدری نے کہا کہ تحریک کا باضابطہ آغاز 11 اکتوبر سے کررہے ہیں، حکومت نے عوام کو سبز باغ دکھائے لیکن کچھ بھی نہیں کیا، نیب آئے روز اپوزیشن کو تنگ اور گرفتاریاں کررہی ہے۔

  • بارشوں کے بعد دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی، پی ڈی ایم اے کی ہدایات جاری

    بارشوں کے بعد دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی، پی ڈی ایم اے کی ہدایات جاری

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ بارشوں کے بعد دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کے باعث دریا کنارے مقیم افراد صورتحال سے باخبر رہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پختونخواہ میں دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ کی صورتحال کے بارے میں بتایا ہے کہ دریائے سوات چکدرہ میں پانی کا بہاؤ 59 ہزار 78 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے سوات میں منڈا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 35 ہزار 840 کیوسک اور خوازخیلہ کے مقام پر 33 ہزار 684 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

    اسی طرح دریائے پانچکوڑہ میں پانی کا بہاؤ 20 ہزار 981 کیوسک اور دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 90 ہزار 393 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ نوشہرہ اور چارسدہ میں دریا کنارے مقیم افراد صورتحال سے باخبر رہیں، سیاحوں سے گزارش ہے احتیاط کی جائے۔ صوبے بھر میں بند سڑکیں کھولنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دی جائے۔

    ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران حادثات میں 23 افراد جاں بحق ہوئے، صوبے میں بارشوں کے نتیجے میں 110 گھروں کو جزوی اور 13 کو مکمل نقصان پہنچا۔

  • خیبر پختونخواہ میں بارشوں سے کیا کیا نقصانات ہوئے؟

    خیبر پختونخواہ میں بارشوں سے کیا کیا نقصانات ہوئے؟

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ صوبے میں بارشوں سے 2 بچے جاں بحق ہوئے جبکہ بونیر، شانگلہ، کرک، لوئر کوہستان، صوابی اور سوات میں گھروں کو نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی تفصیل جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں بارشوں سے 2 بچے جاں بحق ہوئے جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جاں بحق بچوں کا تعلق ضلع شانگلہ سے ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بارشوں سے 7 گھروں کو جزوی اور ایک کو مکمل نقصان پہنچا، صوبے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو نقصان کا تخمینہ لگانے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔ بونیر، شانگلہ، کرک، لوئر کوہستان، صوابی اور سوات میں گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق بند سڑکیں کھولنے کے لیے اقدامات جاری ہیں جبکہ بحالی کے کاموں کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے ہیں۔

    صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ بالائی اضلاع میں بارش سے دریاؤں اور ندی نالوں کی سطح بڑھ گئی ہیں، چکدرہ، خوازخیلہ اور دریائے پانچکوڑہ کے قریب رہنے والے احتیاط کریں۔

    دوسری جانب پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کا کہنا ہے کہ بارشوں کی وجہ سے صوبے بھر میں 204 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

    پیسکو کے مطابق پشاور اور بنوں میں 52، خیبر میں 40، سوات میں 25، مردان اور ہزار ہون میں 15 اور صوابی میں 25 فیڈرز خرابی کا شکار ہیں جن کی بحالی کے لیے ٹیمیں کام میں مصروف ہیں۔

  • کراچی والے تیار ہوجائیں ! کل اور پرسوں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش، الرٹ جاری

    کراچی والے تیار ہوجائیں ! کل اور پرسوں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش، الرٹ جاری

    کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں کل اورپرسوں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیش گوئی کردی ، جس کے بعد پی ڈی ایم اے نے بارشوں کے نقصانات سے بچنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں کل اورپرسوں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ راجستھان میں لوپریشرایریاموجود ہے جبکہ تھرپارکر، بدین، میرپور خاص، عمرکوٹ ودیگر شہروں میں بھی بارش کا امکان ہے۔

    سندھ میں تیز بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا ہے ، پی ڈی ایم اے نے کراچی،سندھ کےتمام اضلاع کےڈی سیز،ڈی ڈی ایم ایزکو ہدایات کردیں۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا محکمہ موسمیات نے 21 اور 22 اگست کو تیزبارشوں کی پیشگوئی کی ہے، بارشوں کےنقصانات سےبچنےکیلئےہر ممکن اقدامات کئے جائیں ، انتظامیہ متحرک رہے، مشینری،عملہ سڑکوں پرموجود رہے۔

    خیال رہے پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں نے تباہی مچا دی، چھتیں اور دیواریں گرنے سمیت مختلف واقعات میں 14 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے چھتیں گرنے کے واقعات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انتظامیہ سے حادثات کی رپورٹ طلب کر لی۔

  • کراچی سمیت سندھ میں آج رات سے تیز بارشوں کی پیش گوئی

    کراچی سمیت سندھ میں آج رات سے تیز بارشوں کی پیش گوئی

    کراچی : سندھ میں آج گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کی پیشگوئی کے بعد پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ اداروں کو اہم ہدایات جاری کردی گئیں، برسات مسلسل دو دن برسے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک بار پھر بادل برسنے کو تیار ہیں اور محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی سمیت صوبے بھر میں آج رات سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کردی گئی ہے۔

    اس سلسلے میں پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے ) نے کراچی سمیت سندھ بھر میں مون سون کی بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیز ہواوں کے سبب بڑے پیمانے پر تباہی پھیلنے کا خدشہ ہے اور آسمانی بجلی گرنے کے امکانات بھی ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کی جانب سے کراچی کے6اضلاع سے متعلق ہدایات جاری کی گئی ہیں، اس کے علاوہ سندھ کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اورڈی ڈی ایم اے کو بھی بارشوں کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

    پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے میں مون سون کی بارشوں کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مون سون کے موسم میں بارشوں کے ساتھ ساتھ آسمانی بجلی گرنے کے امکانات بھی ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون کی بارشوں میں تیز ہواؤں کے سبب بڑے پیمانے پر تباہی پھیلنے کا خدشہ ہے، تمام متعلقہ ادارے مون سون کی بارشوں سے پہلے تمام احتیاطی تدابیروں پر عمل درآمد کرلیں، نقصانات سے بچنےکے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں، انتظامیہ متحرک رہے، مشینری اور عملہ سڑکوں پر رہے۔

    واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے آج رات سے اتوار تک گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔