واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر کیے جانے والے میزائل حملوں کے رد عمل میں اس کو شرمناک قرار دیا ہے۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی شرم کی بات ہے، ہم نے ابھی پاکستان کے خلاف بھارت کے حملوں کے بارے میں سنا ہے۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، میں پاکستان اور بھارت کی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہوں۔
مارکو روبیو کا اپنے ردعمل میں کہنا تھا کہ پُرامن حل کیلئے پاکستان اور بھارت کی قیادت سے بات چیت کررہے ہیں، صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی جلد ختم ہو۔
علاوہ ازیں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے بھی بھارتی جارحیت پر اپنی گہری تشویش اور ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت ضبط اور تحمل کا مظاہرہ کریں، دنیا پاکستان اور بھارت کے درمیان فوجی تصادم کی متحمل نہیں ہوسکتی۔
راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستانی افواج بھارت کو مزید منہ توڑ جواب دے گی۔
ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آج رات بزدل بھارت نے پاکستان پربلااشتعال جارحیت کی۔
بھارت نے جارحیت کی اور معصوم پاکستانیوں کو ٹارگٹ کیا، پاکستانی افواج اس وقت بھارت کو جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔انہوں نے واضح طور پر کہا کہ پاکستانی افواج بھارت کو مزید بھی منہ توڑ جواب دے گی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے مجموعی طور پر 6 مقامات پر 24حملے کیے گئے، جس میں 8 پاکستانی شہید، 35 زخمی ہوئے اور 2 افراد لاپتہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ احمد پور شرقیہ میں سبحان اللہ مسجد کو نشانہ بنایا گیا جس میں 5 بےگناہ پاکستانیوں کو شہید کیا گیا ان میں 3سال کی ایک بچی بھی شامل ہے، احمد پورشرقیہ میں31پاکستانی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
کوٹلی میں مسجد عباس کونشانہ بنایا گیا،بچے سمیت2شہادتیں ہوئی، مظفرآباد میں میں بھی مسجد بلال کو نشانہ بنایا،ایک بچی زخمی ہوئی، مریدکے میں بھی مسجد کو نشانہ بنایا گیا، ایک پاکستانی شہید ایک زخمی ہوا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیالکوٹ کے گاؤں لوہارا اور شکرگڑھ کے قریب اسٹرائیک کی گئیں لیکن وہاں کوئی نقصان نہیں ہوا۔
حملے کا بھرپور جواب پاکستانی قوم کی حمایت سے مسلح افواج دے رہی ہیں، جن علاقوں میں حملے ہوئے عالمی میڈیا اور قومی میڈیا کو دورہ کرایا جائے گا، عالمی اور قومی میڈیا کو بھارتی جارحیت، شہریوں کو نشانہ بنانے کےثبوت دکھائے جائیں گے۔
اس کے علاوہ مظفرآباد میں شاہی والی میں بھی مسجد بلال کو نشانہ بنایا، ایک بچی زخمی ہوئی، مریدکے میں بھی مسجد کو نشانہ بنایا گیا، ایک پاکستانی شہید اورایک زخمی ہوا، مریدکے میں بھی مسجد کو نشانہ بنایا گیا، ایک پاکستانی شہید اور ایک زخمی ہوا،2لوگ لاپتہ ہیں۔
راولپنڈی : پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ اور اس کے 5 جنگی جہاز اور ایک ڈرون گرادیا، جبکہ پاکستانی فضائیہ کے تمام جہاز محفوظ ہیں۔
پاکستان کی مسلح افواج دشمن کو اس کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں، بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا کوٹلی لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال گولہ باری شروع کردی۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پاک فضائیہ نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اب تک مجموعی طور پر بھارت کے 5 جہاز گرادیئے گئے ہیں، اس بات تصدیق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر دفاع نے بتایا کہ پاکستان نے بھارتی فوج کا انفنٹری بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ کردیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبرایجنسیز رائٹرز اور بلومبرگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے بھارت کے 5 طیارے مار گرائے ہیں، جس میں رافیل طیارے بھی شامل ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبر ایجنسی کو تصدیق کی کہ بھارت کی کئی چیک پوسٹیں بھی تباہ کردی گئیں جس کے بعد وہاں موجود فوجی اپنی پوزیشنیں چھوڑ کر بھاگ کھڑے ہوئے۔
اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے بتایا کہ بھارتی فوجی اپنی پوسٹیں چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں، پاک فوج نے بھارتی فوج کا 3 سے 4 گھنٹےمیں برا حال کردیا ہے، بھارت نے جنگ کو طول دی تو خود ان کا نقصان ہوگا۔
پاکستان نے بھارتی جارحیت پر جوابی کارروائی میں برتری حاصل کرلی ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف پاکستان نے بھارتی فوج کا انفنٹری بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ کردیا۔
ایک اور بھارتی چیک پوسٹ تباہ
پاکستان کی جانب سے منہ توڑ جواب دینے کا سلسلہ جاری ہے، پاک فوج نے ایک اور بھارتی فوجی پوسٹ کو تباہ کردیا، مؤثر جوابی کارروائی میں پانڈو سیکٹر میں بھارت کی چیک پوسٹ جنگل1 کو تباہ کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے اپنے جہاز گرنے کی تصدیق کردی
بھارتی میڈیا نے پاکستان کی جانب سے طیارے گرانے کی تصدیق کردی ہے، بھارتی ٹی وی چینل انڈیا ٹو ڈے نےاپنے 3 جہاز گرائے جانےکی تصدیق کردی ہے۔ انڈیا ٹو ڈے کے مطابق بھارتی ایئرفورس نے طیارے گرنے والے مقامات کا گھیراؤ کرلیا ہے،
یاد رہے کہ بھارت کے بزدلانہ حملےکے جواب میں دشمن کے 5 طیارے مار گرائے، پاکستان کی جانب سے بھارت کیخلاف کیے جانے والی کارروائیوں میں تباہ ہونے والے طیاروں میں 3رافیل، ایک مگ29 اور ایک سخوئی ایس یو30شامل ہے۔
پاکستانی حملے میں تباہ بھارتی بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کی فوٹیج بھی سامنے آگئیں، بھارتی فوج کا12انفنٹری بریگیڈ 9ڈویژن،15 کور کے زیرکمان ہے۔
بھارت کے 2 بڑے ایئرپورٹس بند
بھارتی میزائل حملوں کے جواب میں پاکستانی فوج کی جانب سے پے در پے کارروائیوں کے بعد شمالی بھارت میں ایئرپورٹس بند کردیئے گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی بھارت کے دھرم شالہ اور امرتسر کے ایئرپورٹس بند کردیے گئے، بھارتی ایئرلائنز نے اپنے فلائٹ آپریشنز بھی معطل کردیے ہیں۔
پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے متعدد مقامات پر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے، پاک فوج نے 5بھارتی طیاروں کے بعد ایک ڈرون بھی مار گرایا۔
رپورٹ کے مطابق پاک فضائیہ نے ایوانتی پورا کے جنوب مغرب میں بھارت کا ایک رافیل طیارہ گرادیا۔
بھارت کے میزائل حملوں کے جواب میں پاک افواج نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے بھارت کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ کردیا۔ اس کے علاوہ اس کے جنگی جہاز بھی تباہ کردیے۔
اب تک مجموعی طور پر پاکستان نے بھارت کے 3 رافیل طیارے اور ایک سخوئی ایس یو30طیارہ گرادیے ہیں اس سے قبل ایک بھارتی جہاز بھٹنڈا اور ایک جہاز اکھنور اور ایک جہاز ایوانتی پورا میں گرایا گیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق ایک بھارتی جہاز بھٹنڈا اور ایک جہاز اخنور میں گرایا گیا، اس کے علاوہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں دودھیال سیکٹر پر دشمن کی پوری چیک پوسٹ بھی اڑا دی گئی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اب سے کچھ دیر پہلے کہا تھا کہ بھارت کی عارضی خوشی کو بہت جلد غم میں بدل دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ بھارتی وزارت دفاع کی جانب سے بھی پاکستان میں میزائل حملوں کی تصدیق کر دی گئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں 9 مقامات پر حملہ کیا گیا ہے۔
بھارت نے 5 مقامات کوٹلی، احمد پور شرقیہ، مظفرآباد، باغ اور مریدکے میں حملہ کیا جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا۔
اسلام آباد : وزیر اعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے حملے کی اطلاع تھی اس لیے قوم کو بتایا گیا، بھارت سے ہمیں ہر وقت ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔
یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے اگر کوئی حرکت کی تو اسے بروقت اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ بھارت ایسی کوئی حرکت نہ کرے، بھارت کی جانب سے حملے کی اطلاع تھی اس لیے قوم کو بتایا گیا، ہوسکتا ہے بھارت کا حملے کا ارادہ ہو اور بعد میں ملتوی کردیا گیا ہو۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت سے ہمیں ہر وقت ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے، اگر اس نے پاکستان کے پانی کا رخ موڑا تو ہم برداشت نہیں کرینگے۔
وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ پانی ہماری لائف لائن ہے، اسے کاٹنے کی کوشش کی گئی تو پاکستان بھرپور اقدامات کرے گا، بھارت کافی عرصے سے سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کی آڑمیں 3 فائدےحاصل کرنے کی کوشش کی، بھارت سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا عرصے سے پروگرام بنا کر بیٹھا ہوا تھا، اس واقعے کی آڑ میں سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنا چاہتا تھااور واقعے کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں مزید ظلم کرنا چاہتا تھا۔ بھارت نے پہلگام واقعے کی آڑ میں پاکستان کی بہتر ہوتی ہوئی معیشت پر حملے کی کوشش کی۔
مقبوضہ کشمیر میں جو ظلم پہلگام واقعے کے بعد ہوا اس کی ماضی میں بھی کوئی مثال نہیں ملتی، کشمیریوں پرجو ظلم ہوئے ہیں بھارت انہیں رپورٹ کرنے سے روک رہا ہے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہیں، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے آپسی اختلافات بھلا کر ایک قوم کا پیغام دیا ہے۔
پہلے سفارتی سطح پرکام ہورہا ہے ،اس وقت کوئی سیاسی اختلاف نہیں ہے، قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کی تمام سیاسی جماعتوں نے حمایت کی ہے۔