Tag: pehsawar

  • ٹریفک اہلکار کو کچلنے والے ڈرائیور کو موٹر وے پولیس نے گرفتار کر لیا

    ٹریفک اہلکار کو کچلنے والے ڈرائیور کو موٹر وے پولیس نے گرفتار کر لیا

    پشاور: پشاور ٹول پلازہ پر موٹر وے پر پولیس اہل کار پرگاڑی چڑھانے والے ڈرائیور کوگرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ این ایچ اے ملازم کو کچلنے والے ڈرائیور جنید ولد عتیق کو موٹر وے پولیس نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے موقع پر ہی گاڑی کو رکاوٹ ڈالتے ہوئے گرفتار کر لیا۔

    ترجمان محمود علی کھوکھر کے مطابق جنید گاڑی نمبر PV 401 پر موٹر وے کے ذریعے پشاور کی جانب جا رہا تھا، تیز رفتاری کی وجہ سے پولیس کی جانب سے روکنے کا اشارہ کیا گیا، لیکن اشارے کو نظر انداز کرتے ہوئے اس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی جاری رکھی۔

    ڈرائیور جنید ولد عتیق

    ترجمان نے مزید بتایا کہ خلاف ورزی کی اطلاع موٹر وے ٹول پلازہ پشاور کو دی گئی، جہاں ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش میں این ایچ اے کے میڈیکل ہیلپر عدیل علی شاہ کو کچل ڈالا، حادثے میں عدیل کے سر پر شدید چوٹیں آئیں، جسے لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزم جنید کا تعلق پشاور کے علاقے گلبہار سے ہے، ملزم اسلام آباد سے پشاور جا رہا تھا، موٹر وے پولیس نے مردان کے پاس بھی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تھی۔

    پشاور ٹول پلازہ پر شہری نے روکنے پر پولیس اہلکار کو کچل ڈالا

    موٹر وے پر پولیس اہل کار پر گاڑی چڑھانے کا مقدمہ تھانہ چمکنی میں درج کیا گیا۔

  • پشاور، ایبٹ آباد، مردان اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

    پشاور، ایبٹ آباد، مردان اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

    پشاور: خیبر پختونخوا کے علاقے پشاور، ایبٹ آباد مردان اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور، ایبٹ آباد مردان اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 230 کلو میٹر مرکز افغانستان، تاجکستان کی سرحد پر تھا، اورکزئی ایجنسی، مالاکنڈ، مانسہرہ، خضدار میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا۔

    زلزلے کے باعث لوگ خوفزدہ ہوگئے اور کلمہ طیبہ ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے جبکہ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    یاد رہے کہ 8 اکتوبر 2005 میں آزاد کشمیر سمیت مختلف علاقوں میں تباہ کن زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں شدید جانی و مالی نقصان کا سامنا ہوا تھا، متاثرہ علاقوں میں آج بھی ترقیاتی کام جاری ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔  

  • لازمی سروسزایکٹ : خیبر پختونخوا میں ڈاکٹروں نے ہڑتال کردی

    لازمی سروسزایکٹ : خیبر پختونخوا میں ڈاکٹروں نے ہڑتال کردی

    پشاور : خیبر پختونخوا میں لازمی سروس ایکٹ کے خلاف مسیحاؤں نے ہڑتال کردی۔ ڈاکٹروں کے احتجاج کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حکومت نےخبر دار کیا ہے کہ ہڑتالی ڈاکٹرز کی نوکری کی کوئی ضمانت نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے ہڑتالی ملازمین کو سدھارنے کے لئے صوبے کے تمام اسپتالوں میں لازمی سروس ایکٹ کا نفاذ کیا تو ڈاکٹرز بھی خم ٹھونک کر میدان میں نکل آئے۔

    پشاور بنوں ، چارسدہ سمیت مختلف شہروں میں مسیحا حکومتی فیصلے کے خلاف سراپا حتجاج ہیں۔ اسپتالوں میں کام متاثر ہونے سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    حیات آباد کمپلیکس میں ڈاکٹرز او پی ڈی کے سامنے ٹینٹ لگا کر مریض دیکھ رہے ہیں تو دوسری جانب لاٹھی، ڈنڈوں سے لیس پولیس بھی مظاہرین سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔

    حکومت نے خبر دار کر رکھا ہے کہ ہڑتالی ڈاکٹرزکی نوکری کی کوئی ضمانت نہیں ہے۔

    دوسری جانب خیبر پختونخوا میں لازمی سروس ایکٹ کے خلاف احتجاج کرتے ڈاکٹرز سے بات چیت کے لئےوزیر اعظم کے مشیر خاص امیر مقام حیات آباد کمپلیکس پہنچ گئے ہیں۔ امیر مقام کا کہنا ہے کہ ہڑتالی ڈاکٹرز کے مطالبات جائز ہیں۔