Tag: PEOPLE

  • ترک قوم امریکا کے آگے ہزگز نہیں جھکیں گے، طیب اردوگان

    ترک قوم امریکا کے آگے ہزگز نہیں جھکیں گے، طیب اردوگان

    انقرہ : ترکی کے صدر طیب اردوگان نے امریکی پابندیوں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ ہمیں معاشی و اقتصادی پابندیوں کی دھمکیاں دے رہے ہیں، ترک عوام ان کا مقابلہ کرنا جانتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردوگان نے اپنی سیاسی جماعت کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ترک حکومت اور عوام امریکا کے آگے ہرگز سر نہیں جھکائیں گے‘۔

    ترک صدر طیب اردوگان کا کہنا تھا کہ ’ہم ان کے آگے کیوں جھکیں جو خود کو اسٹریٹیجک پارٹنر کے طور پر پیش کرتا ہے لیکن بیک وقت ترکی کو اسٹریٹیجک ہدف بنانے کی کوشش کرتا ہے‘۔

    طیب اردوگان کا کہنا تھا کہ ’امریکا ہمیں معاشی اور اقتصادی پابندیوں، غیر ملکی کرنسی میں تبادلہ اور شرح سود میں اضافے کی دھمکیاں دے رہا ہے، لیکن وہ یہ نہیں جانتے کہ ہم ان کے فریب سے واقف ہیں جس کا مقابلہ باخوبی کرسکتے ہیں‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ طیب اردوگان کی سیاسی جماعت کے انتخابات کے دوران جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی (اے کے پی) کے کارکنان نے اردوگان کو ایک مرتبہ پھر پارٹی کا سربراہ منتخب کیا۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ ترکی سے امریکا میں دھاتوں اور دھاتی مصنوعات کی درآمدات پر عائد کردہ محصولات کو دوگنا کر رہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی جانب سے ترک مخالف بیان کے بعد ترک کی کرنسی لیرا بری طرح متاثر ہوئی ہے، جس کی قدر میں ریکاڑ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

    طیب اردوگان نے امریکی پابندیوں پر رد عمل دیتے ہوئے حکومتی اراکین کو امریکی وزیر داخلہ اور وزیر انصاف کے ترکی میں موجود اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔

    خیال رہے کہ امریکی پادری اینڈریو براؤنسن کی گرفتاری میں اہم کردار ادا کرنے والے ترک وزیر قانون و انصاف عبدالحمید گل اور وزیر داخلہ سلیمان سویلو پر امریکا نے پابندیاں عائد کردی ہیں۔

  • 80 ارکانِ اسمبلی کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں ہے، رانا ثناء اللہ

    80 ارکانِ اسمبلی کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں ہے، رانا ثناء اللہ

    اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں پہنچنے والے 80 اراکین کے پاس عوام کا مینڈیٹ ہی نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما و سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے حلف اٹھانے سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نو منتخب اراکین قومی اسمبلی پر گولہ باری کرتے ہوئے کہا تھا کہ حالیہ الیکشن کے بعد منتخب ہونے والے 80 اراکین اسمبلی کے پاس کے عوامی مینڈیٹ نہیں ہے۔

    سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز ایسے اراکین کو جن کے پاس عوامی مینڈیٹ موجود نہیں انہیں اراکین سے نکالنے کے لیے بھرپور جدو جہد کریں گے۔


    قومی اسمبلی کا اجلاس‘ نومنتخب اراکین نےحلف اٹھالیا


    یاد رہے ملک کی 15 ویں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایازصادق نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا، جس کے بعد ارکان کی جانب سے باری باری رجسٹرمیں دستخط کیے جا رہے ہیں۔

    خیال رہے قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف ایک سواٹھاون نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہےجب کہ مسلم لیگ (ن) بیاسی نشستوں کے ساتھ دوسرے، پیپلز پارٹی ترپین نشستوں کے ساتھ تیسر ے نمبر پر ہے۔

    متحدہ مجلس عمل پندرہ نشستوں کے ساتھ چوتھے، متحدہ قومی موومنٹ سات نشستوں کے ساتھ پانچویں، مسلم لیگ (ق) پانچ نشستوں کے ساتھ چھٹے، بلوچستان عوامی پارٹی پانچ نشستوں کے ساتھ ساتویں اور بلوچستان نیشنل پارٹی چار نشستوں کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔

    جی ڈی اے نے قومی اسمبلی میں کل تین نشستیں حاصل کیں جب کہ عوامی نیشنل پارٹی، عوامی مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی نے ایک ایک نشست حاصل کی ہے

  • پاکستانی نوجوانوں کا کارنامہ،لاپتہ عازمینِ حج کو ڈھونڈنے والی موبائل ایپ تیار کرلی

    پاکستانی نوجوانوں کا کارنامہ،لاپتہ عازمینِ حج کو ڈھونڈنے والی موبائل ایپ تیار کرلی

    ریاض : پاکستانی نوجوانوں نے حج مناسک کی ادائیگی کے دوران لاکھوں انسانوں کے سمندر میں لاپتہ عازمینِ حج کو ڈھونڈنے والی موبائل ایپ تیار کرلی۔ جس کی مدد سے بچھڑجانے والے شخص کا فوری طور پر پتہ لگایا جاسکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت حجاج کرام اور عمرہ زائرین کو ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کرتی ہے اور اس مقصد کے لیے سعودی عرب نے اپنے تمام تر وسائل حجاج کرام اور عمرہ زائرین کے لیے وقف کردیے ہیں تاکہ وہ اپنے فرائض باآسانی ادا کرسکیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ریاست سمیت دنیا بھر سے سافٹ ویئر کے ماہرین کو سعودیہ بلوایا تھا تاکہ ایسی اپلیکیشنز بنوائی جاسکیں جو حج کی ادائیگی کے دوران عازمین کو پیش آنے والی مشکلات سے بچا سکیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودیہ جانے والے سافٹ ویئرز ماہرین میں دو پاکستانی شہری بھی شامل ہیں جنہوں نے دو ایشیائی طالب علموں کے ساتھ مل کر ایک ایسی ایپلی کیشن بنائی ہے جو دوران حج انسانوں کے سمندر میں لاپتہ ہونے والے عازمین حج کا پتہ لگائے گی۔

    پاکستانی ماہرین سافٹ ویئرز کے مطابق مذکورہ ایپلیکیشن بلوتوتھ رسٹ بینڈ کے ذریعے کام کرے گی جو عازمین حج اپنے ہاتھوں میں گھڑیوں کی طرح پہنیں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی خواتین کے ایک گروپ نے ایسا آلہ تیار کیا ہے جس کی مدد نے عجم عازمین حج عربی زبان کو باآسانی سمجھ سکیں گے۔

    سعودی، یمنی اور ایریٹیریا کی 5 خواتین پر مشتمل ایک گروپ نے باہمی طور پر میڈیکل کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ایپلی کیشن تیار کی ہے جو جیو ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے متاثرہ کو فوری تلاش کرے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ عازمین حج کو بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے 4 سعودی نوجوانوں نے کچرے کے ڈبوں پر لگانے کے لیے سنسر بنایا ہے جس کی مدد نے حکام کو ڈسٹ بن کے بھرجانے کا فوری علم ہوجائے گا۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت نے دنیا بھر سے 3 ہزار ماہرین سافٹ ویئرز کو متعدد ایپلی کیشز کی تیاری کے لیے مدعو کیا گیا تھا، بہترین ایپلیکیشن بنانے والے کو تقریب کے اختتام پر 20 لاکھ سعودی ریال انعام میں دیئے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ سنہ 2015 میں حج مناسک کے دوران بھگدڑ مچنے سے 2300 سے زائد عازمین حج جبکہ مکۃ المکرمہ میں کرین گرنے سے 100 افراد جاں بحق ہوئے تھے اور  بھگڈر کے دوران بچھڑنے والے افراد کا کچھ پتہ نہیں لگا تھا۔ جس کے بعد سعودی حکام کو شدید تنقید نشانہ گیا تھا۔

  • مونٹینگرو کی عوام تیسری عالمی جنگ کا باعث بن سکتی ہے، ٹرمپ

    مونٹینگرو کی عوام تیسری عالمی جنگ کا باعث بن سکتی ہے، ٹرمپ

    پودگوریکا : مونٹینگرو حکومت نے کہا ہے کہ ’جیسے ٹرمپ نے چھوٹی سی ریاست کہا ہے  اس کی افواج نے امریکی فوجیوں کے ساتھ افغانستان میں امن و استحکام قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے‘۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے متعصابانہ رویے کے تحت امریکا کے اتحادی ملک مونٹینگرو پر تنقید شروع کردی، جس پر مشرقی یورپ میں واقع ملک مونٹینگرو نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’وہ عالمی امن میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جمعرات کے روز مونٹینگرو کی حکومت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ہماری ماضی پر امن سیاسی تاریخ پر مبنی ہے‘، مونینیٹگرو نے یورپ کے ساتھ ساتھ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی امریکا کے ہمراہ امن قائم کرنے میں کردار ادا کیا ہے۔

    مونٹینگرو حکومت کی جانب سے جاری بیانیے میں کہا گیا ہے کہ ’جیسے ٹرمپ نے یورپ کی چھوٹی سی ریاست کہا ہے، اس کی افواج نے امریکی فوجیوں کے ہمراہ افغانستان میں ذمہ داریاں نبھائی ہیں‘۔

    جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق مونٹینگرو کے حکومتی بیان میں امریکا کے ساتھ مستقبل میں بھی تعلقات مزید مستحکم اور مستقل بنیادوں پر استوار کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو روز قبل امریکی نشریاتی ادارے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مشرقی یورپی ملک مونٹینگرو ایک چھوٹی سی ریاست ہے، جس کے شہری اپنے جارحانہ انداز کے باعث تیسری عالمی جنگ کا باعث سکتے ہیں۔

    امریکی خبر نشریاتی ادارے کے میزبان نے صدر ٹرمپ سے مغربی اتحاد کے نیٹو کے آرٹیکل 5 کے متعلق سوال کیا کہ اگر مونٹینگرو پر حملہ ہوا تو میرا بیٹا اس کے دفاع میں کیوں لڑے؟ جس پر امریکی صدر نے کہا کہ میرا بھی یہ خیال ہے۔ لیکن مونینیٹگرو کے شہری بہت خطرناک ہیں اگر انہوں نے جارحیت کی تو عالمی شروع ہوسکتی ہے۔

    خیال رہے کہ نیٹو کے آرٹیکل 5 میں درج ہے کہ ’اگر نیٹو کے کسی بھی رکن ملک پر حملہ ہوا تو اسے پورے اتحاد پر حملہ تصور کیا جائے گا‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکی مبصرین نے ڈونلڈ ٹرمپ کے مذکورہ بیان پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ صدر ٹرمپ کو امریکی اتحادیوں کے بارے ایسے الفاظ اور بیانات کا استعمال نہیں کرنا چاہیئے۔

    واضح رہے کہ یورپی ملک مونٹینگرو گذشتہ سال ہی مغربی اتحاد نیٹو میں شامل ہوا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • فن لینڈ: امریکی صدر اور پیوٹن کی ملاقات، شہریوں کا شدید احتجاج

    فن لینڈ: امریکی صدر اور پیوٹن کی ملاقات، شہریوں کا شدید احتجاج

    ہیلسنکی : ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے درمیان ملاقات کے موقع پر شہریوں کا شدید احتجاج، فن لینڈ کی عوام دونوں سربراہوں سے ’ملک چھوڑنے‘ کا مطالبہ کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے درمیان آج یورپی ملک فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی میں پہلی باضابطہ ملاقات ہونے جارہی ہے، جس کے باعث اس ملاقات کو بہت زیادہ اہمیت دی جارہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہیلسنکی کی عوام آج ہونے والی امریکا اور روس کی سربراہی ملاقات کے خلاف گذشتہ روز ہیلنکی کے ڈاون ٹاؤن سے احتجاجی نکالی جو دونوں سربراہوں کی ملاقات کے مقام سے کچھ فاصلے پر ختم ہوئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارو کا کہنا ہے کہ احتجاج میں شریک مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر امریکی صدر ٹرمپ اور ولادی میر پیوٹن کے خلاف نعرے درج تھے، جبکہ احتجاج کے اختتام پر موسیقی کا پروگرام بھی منعقد کیا گیا جس میں گلوکار نے ’ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادی میر پیوٹن سے فن لینڈ چھوڑنے‘ مطالبہ کیا۔

    جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق اس اہم ملاقات کے موقع پر احتجاج کرنے والے فن لینڈ کے شہریوں نے امریکی خاتون اول اہلیہ میلانیا ٹرمپ کی متنازعہ جیکٹ پر بھی احتجاج کیا جو انہوں نے تارکین وطن بچوں سے ملاقات کے دوران پہنی تھی۔

    مظاہرین نے میلانیا کی جیکٹ پر لکھے متنازعہ الفاظ ’مجھے کوئی پرواہ نہیں، آپ کو ہے؟‘ کے جواب میں ’ہمیں پرواہ ہے‘ کے بینرز اٹھا رکھے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فن لینڈ کے شہریوں کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تارکین وطن سے متعلق پالیسیوں، دیگر ممالک کو دھماکانے، دنیا کے امن و استحکام برباد کرنے کے خلاف مظاہرہ کیا جارہا ہے۔

    خیال رہے کہ فن لینڈ اس سے قبل سنہ 1975 میں امریکی صدر جیرالڈ فورڈ اور سوویت یونین کے سربراہ لیونڈ برژینف کے درمیان ہونے والی ملاقات کی میزبانی بھی کرچکا ہے، جس میں دونوں سربراہوں نے ’ہیلنکی معاہدے‘ پر دستخط کیے تھے۔

    واضح رہے کہ سنہ 1993 ستمبر میں جارج بش سینیئر اور سوویت یونین کے صدر میخائل گورباچوف جبکہ سنہ 1997 میں بل کلنٹن اور روس کے صدر بورس یلسن کے درمیان ہونے والی ملاقات کی بھی میزبانی کرچکا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • گھانا میں جنازوں پر رونا اور ڈانس کرنا کاروبار بن گیا

    گھانا میں جنازوں پر رونا اور ڈانس کرنا کاروبار بن گیا

    گھانا : مغربی افریقہ کے ملک گھانا میں مرنے والے سے محبت کا اظہار اور غم کا ماحول کرنے لیے بھاری معاوضے کے عوض رونے اور ڈانس کرنے والے افراد کو بلوایا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افریقہ کے اکثر ممالک میں جنازوں کی سماجی اہمیت بہت زیادہ ہے، جس پر رونے والوں اور غم زدہ ہونے والوں کے غم کو کم کرنے کے لیے کرائے پر ڈانس کرنے والے افراد کو بلوایا جاتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر گھانا کے حوالے متعدد ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں جس میں گھانا میں ہونے والوں جنازوں میں غم اور رونے دھونے کا ماحول کم کرنے کے لیے کرائے پر ڈانس کرنے والوں کو بلوایا جاتا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیسے گھانا میں جنازوں پر ڈانس کرنے والے افراد تابوت کو اپنے کندھوں پر اٹھا کر جنازے کو کسی ڈانس پرفارمنس میں تبدیل کردیتے ہیں، گھانا میں جنازوں پر ڈانس کرنا باقاعدہ کاروبار بن گیا ہے۔

    مغربی افریقہ کے شہری جنازوں پر رونے کے لیے موت کا جشن مناتے ہیں اور اس کے لیے ڈانس کرنے والوں کو بھاری معاوضے کے عوض بلوایا جاتا ہے، جو آہستہ آہستہ پورے ملک میں مشہور ہورہا ہے۔

    گھانا کے شہریوں کا کہنا ہے کہ جنازوں میں ڈھول بجانا اور گانا گانا یہاں کی رسم و رواج کا حصّہ ہے، اسی لیے گھانا کے لوگ موت کے دوران بھی موسیقی کو فراموش نہیں کرتے۔

    جہاں گھانا میں جنازوں میں موسیقی اور ڈانس کو فراموش نہیں کیا جاتا وہیں، گھانا کے شہری اپنے پیاروں کے جنازوں میں رونے اور غم زدہ ہونے والوں کو معاوضے دے کر بلواتے ہیں۔ جس سے مرنے کے ساتھ اہل خانہ کی محبت کا اندازہ ہوتا ہے۔

    مغربی افریقی ملک کے شہری مرنے والے سے اپنی محبت کا اظہار کرنے کےلیے جعلی رونے والوں کو دعوت دیتے ہیں جس کے باعث گھانا میں جنازوں پر نالہ و فریاد کرنا بھی ایک کاروبار بن گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افریقہ میں جنازوں پر 15 سے 20 لاکھ روپے خطیر رقم خرچ کی جاتی ہے، ساتھ ساتھ مردے کی تدفین کے لیے بڑے بڑے اشتہارات بھی لگوائے جاتے ہیں اور انہیں قیمتی تابوتوں میں رکھ کر دفن کیا جاتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • لندن : اشاروں کی زبان میں خطاب کرنے والی پہلی خاتون وزیر

    لندن : اشاروں کی زبان میں خطاب کرنے والی پہلی خاتون وزیر

    لندن : برطانیہ کی پہلی خاتون وزیر جنہوں نے پارلیمنٹ میں اشاروں کی زبان میں خطاب کرتے ہوئے قوت گویائی سے محروم افراد کی جانب سے اپنی صلاحیتوں کا مکمل استعمال نہ کرنے کے حوالے سے اراکین پارلیمنٹ کو آگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی پارلیمنٹ میں خاتون وزیر برائے ریاستی ترقی پینی مورڈونٹ نے اراکینِ پارلیمنٹ کے روبرو 24 جولائی کو منعقد ہونے والی معذوری سربراہی کانفرنس کے حوالے سے اشاروں کی زبان میں خطاب کیا۔

    خیال رہے کہ پینی مورڈونٹ برطانوی پارلیمنٹ میں اشاروں کی زبان میں خطاب کرنے والی پہلی خاتون ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ کے سامنے خاتون وزیر گویائی سے محروم افراد کی جانب سے اپنی صلاحیتوں کا مکمل استعمال نہ کرنے کے حوالے سے تفصیلات بتارہی ہیں۔

    پینی مورڈونٹ نے اپنے خطاب میں اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی و کینیائی حکومت اور معذور افراد کی عالمی الائنس کی جانب سے لندن میں منعقد کی جانے والی کانفرنس کا مقصد طویل عرصے سے غریب ممالک میں زندگی گزارنے والے معذور افراد کی عالمی سطح پر تعاون کے حوالے سے ہے.

    خاتون وزیر کا خطاب کے دوران کہنا تھا کہ غریب ممالک میں ہونے کے باعث انہیں کسی کا تعاون میسر نہیں آتا۔ لہذا یہ کانفرنس عالمی سطح پر ان افراد اور اداروں کی معاونت کرے گی، جو معذور افراد کے لیے کام کررہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کچھ ممالک ایسے بھی ہیں جس میں معذوروں کو کمزور افراد میں شمار کیا جاتا ہے۔

    مورڈونٹ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے کہ ’میں نے ایسی چیز پر اپنی توجہ مرکوز کی جو طویل عرصے سے نظر انداز ہورہی تھی‘۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • اسرائیلی فوج کا حملہ، ایک فلسطینی شہید، دوسرا زخمی

    اسرائیلی فوج کا حملہ، ایک فلسطینی شہید، دوسرا زخمی

    یروشلم: فلسطین میں قابض اسرائیلی فورسز نے ایک بار پھر نہتے فلسطینیوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطین میں جارحیت کی انتہا کرنے والی اسرائیلی فوج نے نہتے اور معصوم فلسطینیوں کا قتل عام جاری رکھا ہوا ہے غزہ میں اپنے تازہ حملے میں ایک فلسطینی کو شہید کردیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہے جسے اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    غزہ کی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کے شمالی حصے میں ایک اسرائیلی حملے کے نتیجے میں ایک 25 سالہ فلسطینی ہلاک ہو گیا ہے جس کا نام محمد الرودائی تھا، جبکہ ایک فلسطینی شدید زخمی بھی ہے۔


    اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی فلسطینی نوجوان دم توڑ گیا


    دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اپنے جاری کردہ بیان میں ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں فلسطینی ٖغزہ کے سرحدی علاقے کو پار کے اسرائیلی فوج پر حملہ کرنا چاہتے تھے، خطرات کے پیش نظر کارروائی کی جس کے باعث ہلاکت ہوئی۔

    بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ دونوں فلسطینی حملے کی نیت سے بارڈر پر آئے تھے جبکہ ان کے پاس تیز دھار آلے بھی تھے جس کے ذریعے وہ بارڈر کو کاٹنا چاہتے تھے علاوہ ازیں ان کے پاس حملے کرنے کے لیے دیگر جنگی سامان بھی موجود تھا۔


    فلسطین: اسرائیلی فوج نے حملہ کرکے امدادی کشتی تباہ کردی


    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں امریکی سفارت خانہ القدس منتقل کیا گیا جس کے خلاف بھرپور مظاہرہ ہوا تھا اسی دوران اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے درجنوں فلسطینیوں کو شہید اور سینکڑوں کو زخمی کردیا تھا، جبکہ دو زور قبل ان زخمیوں میں سے ایک نوجوان اپنی زندگی کی بازی ہار گیا ہے۔

    واضح رہے کہ سرحد پر اسرائیلی فورسز کی وحشیانہ فائرنگ سے زخمی متعدد فلسطینی اردن کے اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، دوسری جانب فلسطینی وزیر خارجہ ریاد المالکی نے عالمی عدالت انصاف سے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • دبئی: معذور شہریوں اور سیاحوں کے لیے خصوصی ٹڑانسپورٹ کا اعلان

    دبئی: معذور شہریوں اور سیاحوں کے لیے خصوصی ٹڑانسپورٹ کا اعلان

    دبئی:  دبئی کی حکومت نے معذور شہریوں اور سیاحوں سہولیت کے لیے خصوصی ’الخیر رایڈ‘ ٹیکسی سروس کا آغاز کیا ہے جو مسافروں کو مفت سروس فراہم کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے حکام کی جانب سے معذور شہریوں اور سیاحوں کے لیے خصوصی ٹیکسی سروس کا آغاز کیا جارہا ہے۔ جو مسافروں کو دبئی کے عالمی ایئر پورٹ سے شہر کے کسی بھی حصّے تک فری میں سروس فراہم کرے گی۔

    دبئی کی ٹیکسی کاپریشن کے حکام کا کہنا تھا کہ دبئی انتظامیہ کی جانب سے معذور افراد کے لیے ’الخیر رائڈ‘ کا آغاز کیا جارہا ہے جو معاشرے کے خاص افراد کو مفت سروس فراہم کرے گی۔

    دبئی کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ مذکورہ پروگرام کے تحت کچھ ٹیکسیوں کو خاص طور پر ان افراد کے لیے بنایا گیا ہے کہ جس میں ویل چیئر کو باآسانی گاڑی کے اندر رکھا جاسکے گا۔

    غیر خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ’الخیر رایڈ‘ ٹیکسی سروس کو چلانے کے لیے ڈرائیوروں کو خصوصی طور پر تربیت دی گئی ہے تاکہ معذور شہریوں اور سیاحوں کو کوئی مشکل پیش نہ آئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے دبئ اعلیٰ عہدیدار یوسف الرئیسی کا کہنا تھا کہ مذکورہ ٹیکسی سروس ’شیخ زید کی قدروں کو دوبارہ زندہ کرنے کی مہم کا حصّہ ہے‘۔

    یوسف الرئیسی کا کہنا تھا کہ الخیر رایڈ ٹیکسی سروس اور اس جیسے دیگر اقدامات دبئی کے نجی اداروں اور عوام کے درمیان انسانیت کو فروغ دینے کے لی ہے۔

    یاد رہے کہ دبئی حکومت نے رواں برس 20 مارچ کو منائے جانے والے’خوشی کے دن‘ کے موقع پر دبئی کے عالمی ہوائی اڈے پر قدم رکھنے والے پہلے100 خوش نصیب سیّاحوں کو ایئرپورٹ سے منزل مقصود تک پہنچانے کے لیے مفت ٹیکسی سروس فراہم کی گئی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • شدید گرمی اور گھنٹوں لوڈ شیڈنگ، کراچی کے شہری دوہری اذیت میں مبتلا

    شدید گرمی اور گھنٹوں لوڈ شیڈنگ، کراچی کے شہری دوہری اذیت میں مبتلا

    کراچی: شہر قائد میں بڑھتی ہوئی گرمی اور کے الیکٹرک کی جانب سے گھنٹوں لوڈ شیڈنگ کے باعث شہری دوہری اذیت میں مبتلا ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے ہٹ دھرمی کی انتہا کردی، کراچی میں سورج سوا نیزے پر ہے اور پارہ چالیس ڈگری سے بھی تجاوز کرچکا ہے مگر کے الیکٹرک کو روزے داروں پر اب بھی ترس نہ آیا، کراچی میں شدید گرمی کے باوجود گھنٹوں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

    شہر میں اعلانیہ اور غیر علانیہ لوڈشیڈنگ عروج پر ہے اور وقت بے وقت بجلی غائب رہتی ہے جس کے باعث شہری گرمی اور لوڈشیڈنگ سے بے حال نظر آتے ہیں علاوہ ازیں کے الیکٹرک کے دعوے محض دعوے ہی ثابت ہوئے ہیں۔


    کراچی میں لوڈ شیڈنگ کا جن بے قابو، شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی


    لوڈشیڈنگ میں کمی ہونا تو دور کی بات فالٹ کے نام پر غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے زندگی عذاب بنا دی ہے، مکمل بلنگ والے علاقوں میں بھی کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہنے لگی ہے۔

    ماہِ صیام کے باوجود شہریوں کو سحر و افطار میں بھی بجلی میسر نہیں ہے، دوسری جانب کے الیکٹرک کی ہٹ دھرمی یہ ہے کہ صارفین کے سوالوں کا جواب دینا بھی بند کردیا ہے۔


    وزیر اعظم کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، کراچی میں لوڈ شیڈنگ عروج پر


    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں لوڈ شیڈنگ اور بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف کراچی کے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا گیا تھا اور ٹائر جلا کر سڑک کو ٹریفک کے لیے بند بھی کر دیا گیا تھا البتہ احتجاج بھی بے سود ثابت ہوا بجلی کی آنکھ مچولی اب بھی جاری ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔