Tag: Peoples Party

  • پیپلزپارٹی ایم کیوایم کیخلاف سازش کررہی ہے، ڈاکٹرفاروق ستار

    پیپلزپارٹی ایم کیوایم کیخلاف سازش کررہی ہے، ڈاکٹرفاروق ستار

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کےرہنماؤں کو سیکیورٹی نہ دینا پیپلزپارٹی کی سازش ہے، اس کی کراچی کی نشستوں پررال ٹپک رہی ہے۔ ہم لوہے کےچنے ثابت ہوں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایم کیو ایم پاکستان کے خلاف سازش کررہی ہے، متحدہ رہنماؤں کو سیکیورٹی فراہم نہ کرنا اسی سازش کا حصہ ہے، دہشت گردوں کو متحدہ کیخلاف چھوٹ دے رکھی ہے، ہماری سیاسی آزادی کو سلب کیا جا رہا ہے۔

    کراچی کی نشستوں پر پی پی  کی رال ٹپک رہی ہے

    فاروق ستار نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کی کراچی کی نشستوں پررال ٹپک رہی ہے، پیپلزپارٹی ہمیں حلوہ نہ سمجھے ہم لوہے کے چنے ثابت ہونگے، خواجہ اظہار پرحملے کے وقت سیکیورٹی ناقص تھی، سندھ حکومت کو متحدہ رہنماؤں کی سیکیورٹی سے کوئی غرض نہیں۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان ملک کی چوتھی بڑی سیاسی جماعت ہے، ہم سندھ کے شہروں اور متوسط طبقے کی نمائندگی کرتے ہیں، گزشتہ چند ہفتے سے جو غیر یقینی صورتحال ہے اس پرسوالات اٹھتے ہیں۔

    ہمارے کئی سیکیورٹی خدشات ہیں، ہم عوام کو متحرک کررہے تھے کہ خواجہ اظہار پرحملہ ہوگیا، بنیادی حقوق اور سلامتی کے معاملات کیلئے ہردروازہ کھٹکھٹایا، ہماری کہیں شنوائی نہیں ہورہی۔

    وفاقی اور صوبائی حکومتیں ناکام ہوچکی ہیں

    سربراہ ایم کیوایم پاکستان فاروق ستارنے کہا کہ ہم وفاقی اور صوبائی حکومت سے مایوس ہوچکے ہیں، اس لئے چیف جسٹس، آرمی چیف، ڈی جی رینجرز اوردیگر کو خط لکھا ہے، چند ہفتےسے ہماری زندگیوں کو جو خطرات لاحق ہیں ان سے آگاہ کیا گیا ہے، اس خط کی کاپیاں وفاق صوبائی حکومت کو اس لیے بھیجی کہ ان پر اعتماد نہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتیں ناکام ہوچکی ہیں۔

    ٹیکس لے کر بھی ہمیں حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے

    ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا کہ میں مانتا ہوں بلدیاتی اداروں کی کارکردگی تسلی بخش نہیں، بلدیاتی اداروں کی کارکردگی درست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ٹیکس ہم سے لے کر ہمیں ہی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے، صوبائی حکومت کی کرپشن نے کراچی کو تباہ کردیا ہے، میئراور ڈپٹی میئر کی کارکردگی اچھی نہیں لیکن وسائل کتنے ہیں یہ بھی دیکھیں، جتنے وسائل ہیں اسی میں کام کرکے کارکردگی بہتر بنارہے ہیں۔

    خواجہ اظہار کی سیکیورٹی سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے

    وزیراعلیٰ کا فرض تھا کہ خواجہ اظہار سے سیکیورٹی کا پوچھتے، خواجہ اظہارکو عیدگاہ کے باہرسیکیورٹی دینا وزیراعلیٰ کاکام تھا، ہمیں تواپنی سیکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کی جانوں کی فکرہے، ہم توبلٹ پروف گاڑی میں ہوتے ہیں، اہلکاروں کاکیاہوگا، وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ ہمارے رہنماؤں کو زیادہ سیکیورٹی دی گئی ہے، وزیراعلیٰ مناظرہ کرلیں ایم کیوایم پاکستان کوکتنی سیکیورٹی دی گئی ، ایم کیوایم پاکستان کےمرکزی دفتر پر ایک بھی پولیس اہلکار تعینات نہیں۔

    دہشت گردوں کوایم کیوایم پاکستان کیخلاف چھوٹ دے رکھی ہے۔ خدا کے لیے ہمارے بارے میں بھی سوچیں، ہمیں کثیرالدھاری تلوار سے کاٹاجارہا ہے، آئین کا بنیادی نکتہ ہے کہ حکومت ہر شہری کی حفاظت کرے، حکومت یہ کام نہ کرسکے تو حکومت کو استعفیٰ دے دینا چاہئیے۔

    مردم شماری میں دھاندلی کیخلاف احتجاج سے روکا جا رہا ہے

    کراچی کےایک کڑور40لاکھ لوگوں کو گمشدہ کردیا گیا ہے، دھاندلی کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کیا تو ہمیں روکا جارہا ہے، اس کی ایک کڑی خواجہ اظہار پرحملہ بھی ہے، عوامی رابطہ مہم یا لوگوں میں جانے کی کوشش کی تو روکا جارہا ہے، ہماری شرافت کا کب تک فائدہ اٹھایا جائےگا، وفاق صوبائی حکومت سیکیورٹی کی ذمہ داری نہیں لے سکتی تو بتا دے۔


    مزید پڑھیں: لندن سے دھمکیاں مل رہی ہیں، حکومت تعاون کرے، فاروق ستار


     

  • سسسٹم بچانے کیلئے وزیراعظم فوری طورپرمستعفی ہوں، پیپلزپارٹی

    سسسٹم بچانے کیلئے وزیراعظم فوری طورپرمستعفی ہوں، پیپلزپارٹی

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر سسٹم بچانے کے لیے وزیر اعظم نوازشریف سے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا، پی پی رہنماؤں اعترازاحسن، شیری رحمان اور فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ شریف خاندان سسٹم کو ڈی ریل کررہا ہے، ملک  کو مزید بحرانوں میں مت ڈالا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق پانامہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد بلاول بھٹو کی زیرصدارت پیپلز پارٹی کا مشاورتی اجلاس زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں سسٹم کو بچانے کیلئے وزیر اعظم سے استعفے کا مطالبہ کیا گیا۔

    بلاول بھٹو نے رہنماؤں کو وزیراعظم کے استعفی کیلئے تمام جماعتوں کوایک نکتہ پراکٹھا کرنے کی ہدایت بھی دی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا نواز شریف اخلاقی ہی نہیں بلکہ حکمرانی کرنے کا قانونی جواز بھی کھو چکے ہیں کہ وہ اس منصب پر رہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے جمہوریت کو بچانے کیلئے قربانیاں دیں، (ن) لیگ سے گزارش ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کو ذرا غورسے پڑھ لیں، افسوس ہے کہ نوازشریف نوشتہ دیوارنہیں پڑھ رہے جبکہ پی آئی ڈی کو مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اپنے دفاع کے لئے استعمال کیاجارہاہے۔

    اعتزازاحسن نے کہا کہ نون لیگ اگر بھٹو جیسی سازش کی بات کر رہی ہے تو یہ عدلیہ اور فوج پر براہ راست الزام ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے استعفے سے اسمبلیاں نہیں ٹوٹیں گی بلکہ نواز شریف ہی استعفی ٰ دیں گے۔

    اعتزز احسن کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کی جانب سے سپریم کورٹ میں جعلی دستاویزات جمع کرائی گئیں، مجھے توقع نہیں تھی کہ گریڈ20کے افسران اتنی اچھی تحقیقات کریں گے۔

    فرحت اللہ بابر نے کہا کہ لیگی وزراء جے آئی ٹی رپورٹ کی وضاحتیں دینے میں لگے ہوئے ہیں، حکومت اور وزیر اعظم متنازع ہوگئے ہیں، نوازشریف فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوں ورنہ بحران بڑھتاجائے گا۔

  • پیپلز پارٹی اپنے دن گننا شروع کردے، پورا حساب لیں گے، فاروق ستار

    پیپلز پارٹی اپنے دن گننا شروع کردے، پورا حساب لیں گے، فاروق ستار

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آج سے اپنے دن گننا شروع کر دے، ایک ایک پائی کا حساب لیں گے۔ عامرخان کا کہنا تھا کہ چاکنگ کرنے والے لندن کے نہیں ناکام دھرنا دینے والے لوگ ہیں۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے کراچی میں میئرکے حقوق کے لیے نکالے گئے نہت بڑے احتجاجی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، احتجاجی مارچ لیاقت آباد دس نمبر سے مزار قائد نمائش چورنگی تک کیا گیا تھا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے کارکنان اورعوام کی بڑی تعداد نے ہاتھوں میں پارٹی پرچم تھامے لیاقت آباد دس نمبر سے مزار قائد تک مارچ کیا۔

    شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے ووٹرز اورسپورٹرز ناقابل تقسیم ہیں، جیسے ووٹرز اور سپورٹرز ہمارے پاس ہیں ویسے کسی سیاسی جماعت کے پاس نہیں ہیں۔

     ایم کیو ایم پاکستان کے سب سے بڑے شہر کے مسائل کے حل اور اس کے مئیر کو اختیارات دلانے کے لیے سڑکوں پر نکل ائی ہے۔ ہم سیاست کو تو چھوڑ سکتے ہیں لیکن اپنے شہداء کے خون کا کسی صورت سودا نہیں کرسکتے۔

    سربراہ ایم کیوایم پاکستان نے کہا کہ ہم نے تشدد اورتصادم کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے خیرباد کہہ دیا ہے،لندن میں بیٹھے لوگوں کے کراچی اورلندن میں گھر دیکھیں عوام کو واضح فرق نظر آجائے گا۔ ہم نے 23 اگست کو لوگوں کو متحد رکھنے کا کام کیا تھا، ہمارے اس دن کے اقدام کو ہلکا نہ لیا جائے، ۔

    مزید پڑھیں : فاروق ستار کے خلاف وال چاکنگ ناکام دھرنے والوں نے کروائی، عامر خان

    انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان نے کبھی تقسیم کی بات نہیں کی، سندھ کےشہری علاقوں کی حقوق کی بات کرتےہیں، 23 اگست سے کہہ رہے ہیں کہ جائز سیاسی جگہ دیں، ایم کیوایم پاکستان کے دفاترکھلیں گے تو آپ خود انقلاب دیکھ لیں گے، آج کے بعد کارکنوں کے ساتھ انصاف کا آغازہوگا اور ہمارے بےگناہ کارکنان بہت جلد رہا ہونگے۔

  • پانی،گیس بجلی کی عدم فراہمی، سندھ بھر میں جیالے سڑکوں پر

    پانی،گیس بجلی کی عدم فراہمی، سندھ بھر میں جیالے سڑکوں پر

    لاڑکانہ / حیدر آباد/ خیرپور/ ٹھٹھہ/ جیکب آباد : پانی، بجلی، گیس کی قلت پر وفاقی حکومت کے خلاف سندھ بھرمیں جیالوں نے دھرنے دئیے اور احتجاج ریکارڈ کرایا۔ جیالوں نے کہیں نوازشریف اور عابد شیر علی کے پتلوں کو گدھاگاڑی پر بٹھایا تو کہیں ان کے پتلے نذرآتش کئے۔ لاڑکانہ میں جیالے اور متوالے آمنےسامنے آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے جناح چوک پر پیپلزپارٹی کے جیالوں نے وفاقی حکومت کیخلاف دھرنا دیا۔ اسی دوران نون لیگ کے متوالے نواز شریف کی حمایت میں ریلی نکالتے ہوئے پہنچے تو گو نواز گو کے نعروں پر جیالے اور متوالے آگئے آمنے سامنے اور بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔

    حیدر آباد میں حیسکو دفتر پر دھرنے میں پی پی کارکنان نے نواز شریف اور عابدشیرعلی کے پتلوں کو گدھا گاڑی پر بٹھایا، جوتے مارے اور گو نواز گو کے نعرے لگائے، جیکب آباد میں مظاہرین نے ڈپٹی کمشنر چوک تک ریلی نکالی اور عابد شیرعلی کا پتلا نذر آتش کیا۔

    خیرپور میں سیپکو آفس کے سامنے رکن قومی اسمبلی نواب وسان کی قیادت میں دھرنا دیاگیا، اس کے علاوہ سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں روہڑی نیشنل ہائی بائی پاس پر دھرنا دیا گیا۔ ایم پی اے اویس شاہ نے دھمکی دی کہ وفاقی حکومت نے بجلی پانی گیس نہیں دیا توسندھ پنجاب بارڈر بند کر دیں گے۔

    ٹھٹھہ اور سجاول میں جیالوں نے قومی شاہراہ پر ٹائر نذرآتش کر کے روڈ بلاک کردیا، دادو میں رکن سندھ اسمبلی کلثوم چانڈیو اور سنجیلا لغاری کی قیادت میں دھرنا دیا گیا، گھوٹکی میرپور ماتھیلو میں بھٹائی چوک پر بھرپور احتجاج کیا گیا۔

    ٹنڈوالہ یارمیں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے کیریا شاخ کے مقام پر احتجاج ریکارڈ کرایا، عمرکوٹ میں پریس کلب کے سامنے دھرنے میں جیالوں کی بڑی تعداد میں شریک ہوئی۔

    میونسپل کمیٹی مٹھی گراؤٴنڈ پر بھی دھرنے میں پی پی کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ میر پور ماتھیلو سمیت اندرون سندھ چھوٹے بڑے متعدد شہروں میں بھی جیالے وفاقی حکومت کیخلاف سڑکوں پر نکلے۔

  • سعد رفیق آئی جی سندھ کے معاملے پرٹانگ نہ اڑائیں، مولا بخش چانڈیو

    سعد رفیق آئی جی سندھ کے معاملے پرٹانگ نہ اڑائیں، مولا بخش چانڈیو

    کراچی : پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ آئی جی سندھ کے معاملے میں وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق کو ٹانگ اڑانے کی ضرورت نہیں، یہ معاملہ خالصتاً ہمارے صوبے کا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، خواجہ سعد رفیق کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق کو آئی جی سندھ کے معاملے پرسیاست نہیں کرنی چاہئیے۔

    انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ میرٹ پر کام کررہے ہیں یا نہیں یہ ان کا مسئلہ نہیں فکر نہ کریں، وزیر ریلوے ناکامیاں چھپانے کےلیے ایسی باتیں کرتے ہیں جو اُنہیں زیب نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے پریشان نہ ہوں پیپلز پارٹی پنجاب کے لیے بھی کام تیز کرے گی۔

     مزید پڑھیں : پیپلز پارٹی نے سندھ کا کباڑہ کردیا ہے، سعد رفیق

    واضح رہے کہ وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے اپنے ایک بیان میں سندھ حکومت کی جانب سے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی برطرفی پر اعتراض اُٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ چوںکہ آئی جی سندھ میرٹ پر کام کرتے ہیں اور کرپٹ لوگوں کو نہیں چھوڑتے اس لئے وہ پیپلز پارٹی کو راس نہیں آتے ہیں کیوں کہ پیپلز پارٹی آئی جی کے عہدے پر گھر کا منشی لگوانا چاہتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے سندھ کا کباڑہ کر کے رکھ دیا ہے اس لیے سندھ حکومت کو مذید فری ہینڈ نہیں دیں گے۔

  • عمران خان کےاسپتال میں عالمی دہشتگردوں کا علاج ہوا، سعیدغنی

    عمران خان کےاسپتال میں عالمی دہشتگردوں کا علاج ہوا، سعیدغنی

    اسلام آباد : پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ عمران خان کےاسپتال میں عالمی دہشت گردوں کا علاج ہوا، چیئرمین پی ٹی آئی خود ایک ذہنی مریض ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین تحریک انصاف کے خطاب پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ سینیٹرسعید غنی نے عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی کے والد اکرام نیازی کو پیپلزپارٹی کی حکومت نے کرپشن کے الزام میں نوکری سے فارغ کیا گیا تھا اورعمران نیازی کو اسی بات کا غصہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی سےدشمنی میں عمران خان اور نوازشریف ایک ہیں۔ عمران خان قوم کو بتائیں کہ کیا وہ بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی سے چندہ لینے گئے تھے؟

    واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سندھ حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو غلط کام نہ کرنے کی وجہ سے سندھ حکومت نے ہٹایا۔

    آج چکوال تلہ کنگ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی واپسی پر 5 ارب روپے کی کرپشن کرنے والے شرجیل میمن کو رہائی ملی۔

    اس کے علاوہ ڈاکٹرعاصم کو 460 ارب روپے کی کرپشن کے باوجود ضمانت مل گئی، ملک کی دو بڑی جماعتوں نے نام نہاد جمہوریت کو بچانے کے لیے ایک بار پھر مک مُکا کرلیا ہے۔

  • ہم کے الیکٹرک کے نہیں بلکہ عوام کے ساتھ ہیں، مولا بخش چانڈیو

    ہم کے الیکٹرک کے نہیں بلکہ عوام کے ساتھ ہیں، مولا بخش چانڈیو

    حیدرآباد : پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ہم کے الیکٹرک کےنہیں بلکہ عوام کے ساتھ ہیں، کراچی میں جو کچھ ہوا اس کی مذمت کرتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، مولابخش چانڈیو نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں ہونے والے احتجاج کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔

    حیسکو اور کے الیکٹرک عوام دشمنی پراترے ہوئے ہیں، کراچی میں لوگ نکلے اس کا کے الیکٹرک کے ارباب اختیارکو نوٹس لینا چاہئیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حیسکو کے انچارج وزیراعظم سے بھی دو ہاتھ آگےہیں، انہیں صرف راناثناء اللہ ہی پہچانتے ہیں، ایک سوال کے جواب میں مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ہم پنجاب میں سرگرم ہونا چاہتےہیں۔

    پنجاب ہماراگھر ہے، ہم پنجاب فتح کرنے نہیں گئے نہ ہی ایسی سوچ رکھتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ سندھ سے نوازشریف کو اچھی امیدیں نہیں رکھنی چاہئیں، سندھ میں ن لیگ کہاں ہے؟

    کراچی آپریشن اور کے فور منصوبے کےفنڈز ابھی تک نہیں ملے، ہم احتجاج کرتے کرتے تھک گئے لیکن وفاق نے سندھ کو این ایف سی نہیں دیا۔

  • نوازشریف کی پالیسیاں وفاق کے لیے خطرہ ہیں، بلاول بھٹو زرداری

    نوازشریف کی پالیسیاں وفاق کے لیے خطرہ ہیں، بلاول بھٹو زرداری

    کراچی : پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نوازشریف کی پالیسیاں وفاق کے لیے خطرہ ہیں، وہ پنجاب کے مخصوص حلقوں کو خوش رکھنے کی کوشش کرتےہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پہنچنے کے بعد اپنے بیان میں کیا، چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وزیراعظم کا مخصوص علاقوں کے لیے سینتیس ارب کے ستانوے گیس منصوبوں کو منظور کرنا وفاق پر کلہاڑی چلانے اور صوبوں کو ایک دوسرے کے خلاف بھڑکانے کے مترادف ہے۔

    بلال بھٹو کا کہنا تھا کہ نواز لیگ کی پالیسیاں یکساں نہیں، پیپلزپارٹی نواز اینڈ کمپنی کو چند نشستیں حاصل کرنے کے لئے وفاق کو نقصان نہیں پہچانے دے گی۔

    انہوں نے کہا کہ وہی لوگ صوبوں کے اتحاد کے لیے خطرہ بن گئے ہیں جنہوں نے ماضی میں سیاسی و ذاتی مفادات کی خاطر لسانی نعرے لگائے۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف نے 90 کی دہائی میں کیٹی بندر اور تھر کول جیسے اہم منصوبے ختم اور چھوٹے صوبوں کے ہزاروں ملازمین کو برطرف کردیا تھا، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے وفاق کے نئے گیس منصوبوں کو غیر آئینی و غیر قانونی قرار دینا حکومت سندھ کا درست موٴقف ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پی پی پی و دیگر جمہوری جماعتیں وفاق کو درپیش ظاہری یا خفیہ خطرات کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گی۔

  • اس بار سندھ میں بھی ہماری حکومت ہوگی، سعد رفیق

    اس بار سندھ میں بھی ہماری حکومت ہوگی، سعد رفیق

    حیدرآباد : وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اس بار سندھ میں صوبائی حکومت بھی بنائیں گے، پیپلزپارٹی کی حکمرانی نے سندھ کو کھنڈرمیں تبدیل کر دیا، نواز لیگ سندھ کو متبادل قیادت دے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدر آباد میں مسلم لیگ نواز کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نواز لیگ نے سندھ میں دستک دینے کا آغاز کردیا ہے، اس بار سندھ میں صوبائی حکومت بھی ہم بنائیں گے، ملک تو بدل رہا ہے سندھ کے لوگوں کی زندگی نہیں بدل رہی۔

    انہوں نے سوال کیا کہ زرداری صاحب بتائیں کہ سندھ کا نقشہ کیوں بگڑا ہے؟ پیپلزپارٹی کی حکمرانی نے سندھ کو کھنڈرکیوں بنا دیا؟ سعد رفیق نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے کرپشن کی باتوں پرلوگ ہنستے ہیں، کرپشن کیخلاف باتیں پیپلزپارٹی کو زیب نہیں دیتیں۔

    پنجاب کا نقشہ بدل سکتا ہے تو سندھ میں تبدیلی کیوں نہیں آ سکتی

    ان کا کہنا تھا کہ ہراس شخص کے ساتھ ہیں جو پاکستان زندہ باد کی بات کرے گا، آئندہ نعروں پر الیکشن نہیں جیتا جا سکے گا ،پنجاب کا نقشہ بدل سکتا ہے تو سندھ میں تبدیلی کیوں نہیں آ سکتی۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک ایسی جماعت بن گئی ہے جو ہر بار صرف نعرے پرالیکشن جیتنا چاہتی ہے، لیکن اس بارایسا نہیں ہوگا، کیونکہ ببر شیرمیدا ن میں نکل آیا ہے۔

    اس با رسندھ کو متبادل قیادت دیں گے۔ سعدرفیق نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو جب پنجاب آتےہیں تو اچھا لگتا ہے، اس لئے ہم نے بھی سندھ میں دستک دینے کا آغاز کردیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پیاری پیپلزپارٹی کےدوستو ہم سندھ میں لینڈ کرچکے ہیں،اور 2018میں سندھ میں حکومت ہم بنائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ جو پاکستان کیخلاف بات کرے گا تو عوام اس کی سیاست کو مسترد کردینگے۔

  • وزیراعظم نے سندھ میں صرف 250 لوگوں سے خطاب کیا، پیپلزپارٹی

    وزیراعظم نے سندھ میں صرف 250 لوگوں سے خطاب کیا، پیپلزپارٹی

    کراچی : پیپلز پارٹی بلاول ہاؤس کے ترجمان نے کہا ہے کہ ٹیکس چور اور پاناما لیکس والے پی پی کا مقابلہ نہیں کرسکتے، وزیراعظم نوازشریف نے 250 لوگوں سے خطاب کرکے اپنی شکست تسلیم کرلی۔

    یہ بات ترجمان بلاول ہاؤس نے وزیراعظم نوازشریف کے حیدرآباد میں نواز لیگ ورکرزکنونشن سے خطاب پراپنے رد عمل میں کہی۔


    وزیر اعظم کا حیدر آباد میں انٹرنیشنل ایئر پورٹ بنانے کا اعلان 


    ترجمان کا کہنا تھا کہ میٹرو کے 100 کلومیٹر کے منصوبے پر 150 ارب روپے کھائے گئے، سرکلر ڈیٹ کو 500 ارب تک پہنچا دیا گیا۔قطری خط کی طرح نوازشریف کےاعلانات بھی جعلی ہیں، نوازشریف نے اپنےادوار میں درجن میگا واٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی۔

    سندھ میں مسلم لیگ ن کوکوئی امیدوارنہیں مل رہا

    ترجمان  نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں نواز لیگ کو سمجھ جانا چاہیے کہ عوام کومزید لوڈ شیڈنگ کی دھمکیاں دے کرووٹ نہیں لیےجاسکتے۔

    پیپلز پارٹی کے سینیٹرسلیم مانڈوی والا نے بھی وزیراعظم کے خطاب پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف کو پاناما کیس کے فیصلے نے پریشان کر رکھا ہے انہیں سندھ کی پروا ہی نہیں، اسی لیے سندھ میں مسلم لیگ ن کوکوئی امیدوارنہیں مل رہا۔

    سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ سندھ کے امیدواروں کو پنجاب میں ٹکٹ دیئے گئے ہیں،  کراچی میں امن کے لیے پی پی نے اہم کردارادا کیا ہے۔