Tag: permission

  • بغیر اجازت نامہ عمرہ کرنے پر بھاری جرمانہ عائد

    بغیر اجازت نامہ عمرہ کرنے پر بھاری جرمانہ عائد

    ریاض: سعودی حکام نے بغیر اجازت عمرہ کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کردیے، حکام کا کہنا ہے کہ کووڈ ویکسین کی دونوں خوراکوں کے بغیر اجازت نامے نہیں ملیں گے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق پبلک سیکیورٹی حکام نے واضح کیا ہے کہ بغیر اجازت نامے حرم شریف میں داخل ہونے والوں پر جرمانہ عائد کیا جائے گا، بغیر اجازت نامہ عمرہ کرتے ہوئے پکڑے جانے پر 10 ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔

    یاد رہے کہ عمرہ، نماز اور زیارت کی تدریجی بحالی کے بعد سے اب تک ایک کروڑ زائرین کو حاضری کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ نئے اسلامی آغاز سے مختلف ملکوں کے زائرین کو 12 ہزار سے زائد عمرہ ویزے جاری کیے جا چکے ہیں۔

    سعودی حکام کے مطابق اس وقت ہر روز 8 شفٹوں میں 70 ہزار عمرہ زائرین کی گنجائش رکھی گئی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ عمرہ، مسجد الحرام میں نماز اور مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کے خواہش مند ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوائیں، اس کے بغیر اجازت نامے نہیں ملیں گے۔

  • چین کی تیار کردہ  ایک اور کورونا ویکسین پاکستان لانے کی تیاریاں

    چین کی تیار کردہ ایک اور کورونا ویکسین پاکستان لانے کی تیاریاں

    اسلام آباد: پاکستان میں چین کی تیارکردہ ایک اور کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کا اجازت نامہ طلب کرلیا گیا، ڈریپ رجسٹریشن بورڈ کورونا ویکسین کی منظوری دے گا۔

    تفصیلات کے مطابق چین کی تیارکردہ تیسری کورونا ویکسین پاکستان لانے کی تیاریاں جاری ہے ،  پاکستان میں کورونا ویک ویکسین کے  ہنگامی استعمال کا اجازت نامہ طلب کرلیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کی کمپنی نے چینی ویکسین کی منظوری کیلئے درخواست جمع کرادی، لاہور کی کمپنی سرجیکل،طبی آلات کی امپورٹ، ایکسپورٹ کرتی ہے۔

    ذرائع کے مطابق کوروناویک ویکسین چینی کمپنی سائینو ویک لائف سائنسز کی تیار کردہ ہے، کمپنی نےڈریپ کو کورونا ویک کےکلینیکل ٹرائلز کاڈیٹا جمع کرا دیا ، ڈریپ رجسٹریشن بورڈ کورونا ویکسین کی منظوری دے گا، ویکسین کو رواں ماہ ڈریپ سے منظوری ملنے کا امکان ہے۔

    ذرائع وزارت صحت نے کہا ہے کہ کورون اویک ان ایکٹیویٹڈ ویکسین 2 ڈوزز پرمشتمل ہے، یہ ویکسین منفی 2تا 8درجہ حرارت پر زخیرہ ہوتی ہے۔

    خیال رہے چین نے جولائی 2020 میں کورونا ویک کے ہنگامی استعمال کی اجازت دی تھی ، کورونا ویک کے فیز ون ،ٹو کلنیکل ٹرائلز چین میں کیے گئے تھے  جبکہ فیز 3 ٹرائلز لاطینی امریکہ، یورپ ، ایشیا ، برازیل، ترکی، انڈونیشیا ، فلپائن میں کیے گئے۔

    ترکی کے فیز 3 ٹرائلز میں ویکسین 83.5 فیصد اور انڈونیشیا کےفیز تھری ٹرائلز میں ویکسین 65.3 فیصدمعیاری ثابت ہوئی ، میکسیکو ،ٹونیشیا،زمبابوے ، آذربائیجان، ملائیشیا، سنگاپور، ہانگ کانگ، فلپائن،تھائی لینڈ کورونا ویک ویکسین کی منظوری دے چکے ہیں۔

    انڈونیشیا دسمبر 2020 میں کورونا ویک ویکسین کی پہلی کھیپ درآمد کر چکا ہے جبکہ سائینو ویک رواں ماہ مختلف ممالک کو ویکسین کی 7 کروڑ ڈوزز فراہم  کر چکی ہے ، ویکسین سازی کی پیداواری صلاحیت 2ارب ڈوزز سالانہ ہے۔

    یاد رہے  چین میں تیار کردہ سائینو فارم اور کین سائینو ویکسین پاکستان میں استعمال کی جارہی ہے۔

  • سعودی عرب: بیرون ملک سفر کے لیے اجازت ناموں کی وضاحت

    سعودی عرب: بیرون ملک سفر کے لیے اجازت ناموں کی وضاحت

    ریاض: سعودی حکومت کی اسمارٹ فون ایپ ابشر پر بیرون ملک سفر کے لیے اجازت نامے حاصل کرنے کی وضاحت کردی گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں ابشر پلیٹ فارم کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ مستثنیٰ زمروں میں شامل افراد سفری اجازت نامے کس طرح حاصل کریں، سعودی حکومت کرونا وائرس کے باعث مقامی شہریوں کے بیرون مملکت سفر پر پابندی عائد کیے ہوئے ہے۔

    اس کے لیے ابشر پلیٹ فارم نے سفری اجازت نامہ حاصل کرنے کے لیے طریقہ کار جاری کیا ہے، درخواست ابشر پلیٹ فارم کے سوا کسی اور ذریعے سے نہیں دی جاسکے گی۔

    ہدایات میں کہا گیا ہے کہ مستثنیٰ زمرے میں شامل سعودی شہری سفری اجازت نامے کے لیے کسی کو ثالث کے طور پر استعمال کریں اور نہ کوئی شخص ثالث بن کر سفری اجازت نامے کی کارروائی میں حصہ لے۔

    بعض لوگ غیر قانونی طریقے سے اجازت ناموں کے اجرا کے بہانے مقامی شہریوں کو دھوکہ دے رہے ہیں ان سے ہوشیار رہا جائے۔

    ابشر پلیٹ فارم کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ اجازت نامہ حاصل کرنے کے لیے کسی بھی ثالث کی خدمات کسی بھی صورت میں نہ لی جائیں۔

    اگر کوئی شخص سفری اجازت نامہ نکلوانے کے لیے اپنی خدمات پیش کرے تو پہلی فرصت میں اس کو رپورٹ کر دیا جائے، اجازت نامے کی کارروائی صرف آن لائن ہو رہی ہے کسی اور ذریعے سے نہیں۔

  • عمرہ ادا کرنے کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خبر آگئی

    عمرہ ادا کرنے کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خبر آگئی

    ریاض : سعودی عرب نے اتوار 4 اکتوبر 17 صفر 1442ھ سے عمرہ اور زیارت کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔ عمرہ مرحلہ وار بحال کیا جائے گا۔ اندرون مملکت سے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو عمرہ اور زیارت کی اجازت ہوگی۔

    سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ کے عہدیدار نے منگل کو بیان میں کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے عمرہ و زیارت کی ادائیگی کی اجازت کی آرزو اور نئے کورونا وائرس کی تازہ صورتحال کے پیش نظر سعودی قیادت نے عمرہ اور زیارت کی مرحلہ وار تدریجی اجازت دی ہے۔

    ضروری حفاظتی پابندی کے ساتھ عمرہ اور زیارت کی جاسکے گی اور یہ اجازت مرحلہ وار ہوگی۔ عمرے کی ادائیگی اور مسجد نبوی کی زیارت چار مرحلوں میں تدریجی طور پر دی جائے گی۔

    پہلا مرحلہ اتوار 4 اکتوبر 17 صفر 1442ھ سے شروع ہوگا۔ اس مرحلے میں اندرون ملک سے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو عمرے کی اجازت ہوگی۔ روزانہ چھ ہزارعمرہ زائرین کو مسجد الحرام جانے کا موقع دیا جائے گا۔ اس موقع پر حفظان صحت کی تدابیر کی پابندی کرائی جائے گی۔

    دوسرے مرحلے کی شروعات 18 اکتوبر 2020 یکم ربیع الاول 1442ھ سے ہوگی۔ اس کے تحت سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو عمرہ، زیارت اور نمازوں کی اجازت ہوگی۔ روزانہ 15 ہزارعمرہ زائر اور چالیس ہزار افراد مسجد الحرام میں نماز ادا کرسکیں گے۔ اس موقع پر حفاظتی تدابیر کا اہتمام ہوگا۔

    علاوہ ازیں مسجد نبوی کی گنجائش کے 75 فیصد تک نمازیوں کو جانے کی اجازت ہوگی۔ تیسرے مرحلے کی شروعات یکم نومبر 2020 پندرہ ربیع الاول سے ہوگی۔ اس دوران سعودی شہریوں اور مملکت کے اندر اور باہر سے غیرملکیوں کو عمرہ، زیارت اور نمازوں کی اجازت دی جائے گی۔

    اس کا سلسلہ کورونا وبا کے خاتمے یا اس کا خطرہ ختم ہوجانے کے رسمی اعلان تک چلے گا۔ اس کے تحت روزانہ 20 ہزار زائر عمرہ کرسکیں گے اور 60 ہزار کو مسجد الحرام میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ نماز ادا کرنے کا موقع مہیا ہوگا۔ اسی تناسب سے مسجد نبوی میں حفاظتی تدابیر کے ساتھ نماز ادا کی جا سکے گی۔

    بیرون مملکت سے عمرہ اور زیارت کی اجازت تدریجی طور پر دی جائے گی۔ ایسے ملکوں کے باشندوں کو عمرہ اور زیارت کے ویزے جاری کیے جائیں گے جن کی بابت وزارت صحت یہ فیصلہ دے گی کہ وہاں کورونا کی وبا کے حوالے سے صحت کے لیے خطرات ختم ہوگئے ہیں۔

    چوتھے مرحلے کے تحت سعودی شہریوں، مقیم غیرملکیوں اور بیرون مملکت کے لوگوں کو عمرہ، زیارت اور نمازوں کی سو فیصد اجازت ہو گی۔ یہ اجازت اس وقت دی جائے گی جب متعلقہ حکام وبا کے خطرات ختم ہوجانے کا فیصلہ کرلیں گے۔

    وزارت حج و عمرہ ’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے عمرہ، زیارت اور نماز کے عمل کو منظم کرے گی۔ اس حوالے سے وزارت صحت اور متعلقہ حکام کے مقرر کردہ صحت ضوابط اور پیمانے نافذ کیے جائیں گے۔

    وزارت داخلہ نے عمرہ، نماز اور زیارت کرنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں۔ صحت ضوابط کے تحت ماسک، سماجی فاصلے اور اشیا کو نہ چھونے کا اہتمام کریں۔

    وزارت داخلہ کے عہدیدار نے مزید کہا کہ سعودی عرب اندرون و بیرون مملکت سے زائرین کو عمرہ زیارت اور نماز کی محفوظ ادائیگی کی خواہاں اور کوشاں ہے۔ سعودی حکومت چاہتی ہے کہ تمام عبادتیں صحت خطرات سے پاک ماحول میں انجام دی جائیں۔

    وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ اس اعلامیے میں جن چار مراحل کا اعلان کیا گیا ہے ان کا مستقل بنیادوں پر جائزہ لیا جاتا رہے گا۔ وبا کی تازہ صورتحال کے حوالے سے فیصلوں میں ردوبدل ہوسکتا ہے۔

  • سعودی خواتین کا مرد سرپرستوں کی رضامندی کے بغیر بیرون ملک سفر

    سعودی خواتین کا مرد سرپرستوں کی رضامندی کے بغیر بیرون ملک سفر

    ریاض : نئے قوانین کے نفاذ کے بعد پہلی مرتبہ 1ہزار سعودی خواتین نے بغیر مرد سرپرستوں کی رضا مندی کے سرٹیفکیٹ بغیر بیرون ملک کیا، شہزادی ریما بنت بندر کا کہنا ہے کہ ان نئی تبدیلیوں سے دراصل ایک تاریخ رقم ہورہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں خواتین کو حاصل آزادی کے حوالے سے ایک خاموش انقلاب بتدریج برپا ہورہا ہے۔اس کا اندازہ اس امر سے کیا جاسکتا ہے کہ مملکت کے مشرقی صوبے میں سوموار کو اکیس سال سے زائد عمر کی ایک ہزار سے زیادہ سعودی خواتین اپنے مرد سرپرستوں کی رضامندی کے بغیر بیرون ملک روانہ ہوئی ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ وہ جب امگریشن کے لیے پاسپورٹ کنٹرول سے گزر رہی تھیں تو انھیں اپنے مرد سرپرستوں کی رضا مندی کا سرٹی فکیٹ یا کوئی اور متعلقہ دستاویز دکھانے کی ضرورت پیش نہیں آئی ۔

    سعودی عرب نے اگست کے اوائل میں نئے قوانین جاری کیے ہیں جن کے تحت اب خواتین کسی قسم کی قدغن کے بغیر پاسپورٹ کے حصول کے لیے درخواست دے سکتی ہیں اور بیرون ملک سفر پر جاسکتی ہیں۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے اکیس سال سے زیادہ عمر کی خواتین کو اپنے والد ، بھائی ، خاوند یا کسی اور مرد سرپرست سے بیرون ملک سفر کے لیے اجازت لینا پڑتی تھی۔

    ترمیم شدہ قوانین کے مطابق اب اکیس سال سے زیادہ عمر کی حامل سعودی خواتین کو اپنے مرد سرپرست کی اجازت کے بغیر پاسپورٹس کے حصول اوربیرون ملک آزادانہ سفر کی اجازت حاصل ہوگئی ہے۔

    شاہی فرامین کے تحت عائلی قوانین میں بھی نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں اور اب ترمیمی قانون کے تحت خواتین کو اپنی شادی ، طلاق یا بچوں کی پیدائش کے اندراج کا حق حاصل ہوگیا ہے اور انھیں سرکاری طورپر خاندانی دستاویزات کا بھی اجرا کیا جاسکے گا۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان کے تحت اب ایک باپ یا ماں دونوں بچّے کے قانونی سرپرست ہوسکتے ہیں۔

    امریکا میں متعیّن سعودی عرب کی سفیر شہزادی ریما بنت بندر نے خواتین کے حقوق سے متعلق ان ترمیمی قوانین کو سراہا اور کہا کہ ان نئی تبدیلیوں سے دراصل ایک تاریخ رقم ہورہی ہے۔

  • پشاور ایئرپورٹ : پانچ سال بعد رات کے اوقات میں جہازوں کے اترنے کی اجازت

    پشاور ایئرپورٹ : پانچ سال بعد رات کے اوقات میں جہازوں کے اترنے کی اجازت

    پشاور : خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور ایئرپورٹ پر رات کے اوقات میں جہازوں کے اترنے کی اجازت دے دی، یہ پابندی گزشتہ پانچ سال سے عائد تھی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے باچاخان ایئرپورٹ پشاور  پر نائٹ لینڈنگ کی اجازت دے دی ہے، سیکیورٹی وجوہات پر ایئرپورٹ پر نائٹ آپریشن  سال 2014سے معطل تھا اور کوئی جہاز رات کے اوقات میں ایئرپورٹ پر نہیں اتر سکتا تھا۔

    اس حوالے سے کے پی ہوم اینڈ ٹریول افیئرز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو بھی بحالی کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) پشاور ایئرپورٹ پر نائٹ لینڈنگ سے متعلق نوٹم جاری کرے گا، نوٹم کے بعد پشاور ایئرپورٹ پر رات کے اوقات میں آپریشن شروع ہوجائے گا۔

  • سوشل میڈیا اسٹار پریا پرکاش موبائل فون سے محروم

    سوشل میڈیا اسٹار پریا پرکاش موبائل فون سے محروم

    ممبئی: انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے ذریعے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی بھارتی اداکارہ پریا پرکاش کے لیے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر اپنی رومانوی ویڈیو کے ذریعے مقبولیت حاصل کرنے اور لاکھوں فلمی مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرانے والی اداکارہ پریا پرکاش پر یہ پابندی ان کے والد کی جانب سے عائد کی گئی ہے۔

    مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ کے والد (پرکاش ویریئر) نے کہا کہ جب سے بیٹی کی ویڈیو وائرل ہوئی اس کے بعد سے ہی پریا پاکاش کو موبائل فون استعمال کرنے سے روک دیا ہے، یہ فیصلہ ہم نے ان کی حفاظت کے پیش نظر کیا، ضرورت پڑنے پر وہ اپنی والدہ کا فون استعمال کرتی ہیں۔

    پریا پرکاش کی ویڈیووائرل، فالوورزکی تعداد ایک ملین تک جاپہنچی

    انہوں نے کہا کہ پریا کے پاس ذاتی فون تو دور کی بات اس کے پاس تو اپنی ’سم‘ تک نہیں، وہ اپنے آنے والے تمام کالز اپنی والدہ کے فون پر ریسیو کر رہی ہیں، اور ان ہی کے موبائل پر انٹرنیٹ بھی استعمال کر رہی ہیں۔

    اداکارہ کے والد کا مزید کہنا تھا کہ میری بیٹی کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونی والی ویڈیو میرے ساتھ کام کرنے والے ایک شخص نے بھیجی میں نے اس سے پوچھا کہ تم اس لڑکی کو جانتے ہو تو انہوں نے جواباً کہا نہیں جس کے بعد میں نے بتایا کہ ویڈیو میں نظر آنے والی لڑکی میری بیٹی ہے تو وہ حیران رہ گئے۔

    نٹ کھٹ پریا پرکاش کا دل کش انداز میں سری دیوی کو خراج تحسین، ویڈیو وائرل

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ انٹرنیٹ پر ایک ملیالم فلم کا گانے سامنے آیا، جس میں پریا پرکاش کی شوخیاں، نادانیاں اور معصومیت نے نہ صرف بھارت، بلکہ دنیا بھر میں یکدم مقبول حاصل کر لی تھی۔

    واضح رہے کہ بالی ووڈ میں یہ خبریں بھی گردش میں ہیں کہ روہت شیٹھی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’سامبا‘ میں اداکارہ پریا پرکاش اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گی تاہم اب تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا البتہ مذکورہ فلم میں رنویر سنگھ مرکزی کردار نبھا رہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔