Tag: personal-data-protection-bill

  • شہریوں کا آن لائن ڈیٹا محفوظ بنانے کے حوالے سے بڑی خوش خبری

    شہریوں کا آن لائن ڈیٹا محفوظ بنانے کے حوالے سے بڑی خوش خبری

    اسلام آباد: ڈیجیٹل دنیا سے خود کو ہم آہنگ کرنے کے لیے وزارت آئی ٹی نے اہم قدم اٹھا لیا، وفاقی کابینہ نے فرسٹ کلاؤڈ پالیسی اور پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل منظور کر لیا۔

    وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے اہم ترین بل اور پالیسی کی منظوری پر وزیر اعظم اور کابینہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پرسنل ڈیٹا پروٹیکشنل بل پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد ایکٹ بن جائے گا، اس بل کا مقصد شہریوں، سرکاری و نجی اداروں کے آن لائن ڈیٹا کی پرائیویسی یقینی بنانا ہے۔

    سید امین الحق نے کہا تمام متعلقہ ادارے ڈیٹا، خدمات اور سسٹم کی سائبر سیکیورٹی سے ہم آہنگی یقینی بنائیں گے، کلاؤڈ فرسٹ پالیسی وفاقی وزارتوں، محکموں اور خود مختار اداروں کا احاطہ کرے گی۔

    وفاقی وزیر کے مطابق وزارتوں اور اداروں کے مختلف ڈیٹا سینٹرز پر بھاری اخراجات اور اپ گریڈیشن کا عمل مشکل ہوتا ہے، ان کے ڈیٹا سینٹرز اب مطلوبہ تقاضوں سے آراستہ کلاؤڈز پر مرحلہ وار منتقل ہوں گے، اس سے سرکاری اخراجات میں کمی، ڈیٹا کا تحفظ اور اداروں کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔

    سید امین الحق کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ ممالک کی حکومتیں بھی سرکاری محکموں کے ڈیٹا کے لیے کلاؤڈز خدمات حاصل کرتی ہیں، اپنی نوعیت کی اس پہلی کلاؤڈ پالیسی کی منظوری کے بعد وزارت آئی ٹی کے تحت کلاؤڈ بورڈ، کلاؤڈ آفس، اور کلاؤڈ ایکوزیشن آفس کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

    وزیر کے مطابق کلاؤڈ بورڈ میں سیکریٹری آئی ٹی چیئرمین، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور 2 آئی ٹی ماہرین ممبرز ہوں گے، کلاؤڈ آفس کلاؤڈ سروس پرووائیڈرز کی ایکریڈیشن، کوالٹی، سیکیورٹی اور محکمانہ آئی ٹی امور کی نگرانی کرے گا، جب کہ کلاؤڈ ایکوزیشن آفس مختلف اداروں کو کلاؤڈ سروسنگ کے حصول میں معاونت فراہم کرے گا۔

  • پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل حتمی مراحل میں داخل

    پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل حتمی مراحل میں داخل

    اسلام آباد : پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل حتمی مراحل میں داخل ہوگیا ہے، بل کا مقصد پاکستانی صارفین کاتحفظ اورمعاشی سرگرمیوں کوفروغ دینا ہے، بل کی منظوری کے بعد ڈیٹا بین الاقوامی معیار کے مطابق محفوظ ہوسکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت پرسنل ڈیٹاپروٹیکشن بل حتمی مراحل میں داخل ہوگیا ہے ، بل میں پرائیویسی اور معاشی تسلسل کو برقرار رکھنے کے نکات شامل کئے گئے ہیں۔

    بل کا مقصدپاکستانی صارفین کاتحفظ اورمعاشی سرگرمیوں کوفروغ دینا ہے، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا کہ ڈیٹا پروٹیکشن بل کی تیاری میں تمام اسٹیک ہولڈرزکی مشاورت شامل ہے، پالیسی انفرادی صارف کیلئے ہے،بزنس کنزیومر اس میں شامل نہیں۔

    امین الحق کا کہنا تھا کہ ڈیٹا بل میں سوشل میڈیا کمپنیوں کی پالیسیوں کو مدنظر رکھا گیا، بل انسانی حقوق،ڈیجیٹل رائٹس سمیت بنیادی حقوق کااحاطہ کرتاہے، بل کو قانونی شکل دینےکیلئے متعلقہ محکمے کو جلد ارسال کردیا جائے گا۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان کےعام شہریوں کےڈیجیٹل ڈیٹا کا تحفظ یقینی بنانا ہے، بل کی منظوری کے بعد ڈیٹابین الاقوامی معیار کے مطابق محفوظ ہوسکے گا۔

    یاد رہے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی قائم مقام سیکریٹری کی وڈیو لنک سے ملاقات کی تھی ، جس میں امین الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کے ممبر ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، پاکستان ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کے مقاصد کے حصول کے لیے مکمل تعاون کرے گا۔