Tag: pervez rathore

  • پرویز راٹھور کو توہین عدالت کا ایک اورنوٹس،7دن میں جواب طلب

    پرویز راٹھور کو توہین عدالت کا ایک اورنوٹس،7دن میں جواب طلب

    اسلام آباد: ہائیکورٹ نے پیمرا کے قائم مقام چیئرمین کو توہین عدالت کا ایک اور نوٹس جاری کرتے ہوئے سات دن میں جواب طلب کرلیا ہے۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیمرا کے قائم مقام چیئرمین پرویز راٹھور سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس نورالحق قریشی نے کی، فریحہ افتخار اور اسرار عباسی کے وکیل ملک طاہر محمود نے مؤقف اپنایا کہ پرویز راٹھور نے عدالتی حکم کی توہین کی، وہ عدالت کے کام سے روکنے کے باوجود بحیثیت چیئرمین کام کر رہے ہیں۔

    دلائل سننے پر جسٹس نور الحق قریشی نے کہا کہ عدالتی حکم کی مسلسل خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

    جس کے بعد عدالت نے پیمرا کے قائم مقام چیئرمین پرویز راٹھور کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سات دن میں جواب داخل کرنے کا حکم دیا اور ساتھ ہی عدالت نے تنبیہ بھی کی کہ جواب نہ دیا تو خود پیش ہونا ہوگا۔

  • سپریم کورٹ کا چیئرمین پیمرا پرویز راٹھورکی معطلی کا حکم کالعدم قرار

    سپریم کورٹ کا چیئرمین پیمرا پرویز راٹھورکی معطلی کا حکم کالعدم قرار

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا چیئرمین پیمرا پرویز راٹھورکی معطلی کا حکم کالعدم قرار دے دیا ہے۔

    سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقدمے کی تفصیلی سماعت کرنے کے بعد ہی کوئی حکم جاری کرے، سپریم کورٹ کے حکم کے نتیجے میں اپنے عہدے پر بحال ہوگئے ہیں، اپیل کی سماعت چیف جسٹس ناصر الملک اور جسٹس مشیر عالم پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔

      وفاق کی جانب سے محمود شیخ ایڈوکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ابتدائی مرحلے میں ہی حتمی فیصلہ دے دیا، جس کی استدعا بھی نہیں کی گئی تھی ، ہائی کورٹ نے نہ صرف پرویز راٹھور کو معطل کیا بلکہ خالی نشت پر کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی، ہائی کورٹ کے حکم کے باعث پیمرا کے روز مرہ امور کی انجام دہی بھی معطل ہو کر رہ گئی ہے۔

    فریق مخالف شمس الدین کے وکیل حشمت حبیب نے موقف اختیار کیا کہ ہائی کورٹ کا حکم قانون کے مطابق ہے کیونکہ وزیر اعظم کو چیئرمین پیمرا کے تقرر کا اختیار حاصل نہیں بلکہ آئین کے تحت صدر کو یہ اختیار حاصل ہے جبکہ یہ نوٹفیکشن وزیراعظم نے جاری کیا تھا۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ صدر نے دوبارہ نوٹیفیکشن جاری کرکے غلطی کی تصیح کر دی تھی اور ہائی کورٹ کو ضابطہ کی کارروائی مکمل کیئے بغیر عبوری حکم جاری کرنے کا اختیار حاصل نہیں ہے، سپریم کورٹ اپنے مختصر حکم کی تفصیل بعد میں جاری کرے گی۔

  • ہائیکورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ، حکومت نے چیئرمین پیمرا کے لئے اشتہار دے دیا

    ہائیکورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ، حکومت نے چیئرمین پیمرا کے لئے اشتہار دے دیا

    اسلام آباد: وفاقی حکومت اسلام آباد ہائی کورٹ کو زبان دے کر پھر گئی پیمرا کے چیئرمین کی اسامی کیلئے اشتہار دے ڈالا۔

    حکومت کے بے باکی اتنی بڑھ گئی ہے کہ عدالت کو یقین دہانی کرا کر بھی وہی کرتی ہے جو کرنا چاہتی ہے۔ پہلے چودھری عبد الرشید کیس میں یقین دہانی کرائی کہ مقدمے کا فیصلہ آنے تک پیمرا کا نیا چیئرمین نہیں لگایا جائے گا پھر چیئرمین پیمرا کی اسامی کے لئے اشتہار دے ڈالا۔

    پیمرا کے رکن میاں شمس کا کہنا ہے کہ حکومت کاچیئرمین پیمرا کیلئے اشتہار دیناغیرقانونی ہے، ۔یہ سب کچھ پرویز راٹھور کے لئے کیاجارہا ہے۔

    پیمرا کیس کے مدعی عبد الرشید چودھری کے وکیل ادریس اشرف نے رد عمل میں کہا کہ حکومت کا فیصلہ توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔

    ادریس اشرف نے اس امید کا اظہار کیا کہ امید ہے عدالت کی جانب سے فیصلے پرعمل کرایاجائے گا۔

  • پرویز راٹھورکا معطلی کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ

    پرویز راٹھورکا معطلی کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: قائم مقام چیئرمین پیمرا پرویز راٹھور نے اپنی معطلی کے خلاف سپریم کورٹ جانےکا فیصلہ کرلیا، انھوں نےاسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر نظرثانی درخواست واپس لے لی ہیں۔

    قائم مقام چیئر مین پیمرا پرویز راٹھور اور کمال الدین ٹیپو نے اپنی معطلی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائرنظر ثانی کی درخواست واپس لے لی، جس پر عدالت نے درخواست خارج کردی۔

    وکیل صفائی نے بیان میں کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کےحکم کیخلاف سپریم کورٹ جانا چاہتے ہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ نے پرویز راٹھور اور کمال الدی ٹیپو کی تقرری کا نوٹی فکیشن معطل کردیا تھا۔

    تفصیلی فیصلے میں عدالت نے کہا کہ قائم قام چیئر مین کو کام سے روکنے کا حکم دیا گیا لیکن فریقین نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی اور توہین عدالت کے مرتکب ہوئے۔

  • قائم مقام چیئرمین پیمرا پرویز راٹھور کی تقرری کا نوٹی فکیشن معطل

    قائم مقام چیئرمین پیمرا پرویز راٹھور کی تقرری کا نوٹی فکیشن معطل

      اسلام آباد:  اسلام آباد ہائی کورٹ نے قائم مقام چیئرمین پیمرا پرویز راٹھوراور ممبر کمال الدین ٹیپو کی تقرری کا نوٹی فکیشن معطل کردیا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیمرا کے پرائیویٹ ممبر اسرارعباسی کی توہین عدالت کی درخواست پر قائم مقام چیئرمین پیمرا پرویز راٹھور کی تقرری کا نوٹیفیکشن معطل کر دیا جبکہ ان کی بطور ممبر تقرری کا نوٹیفیکشن بھی معطل کر دیا گیا، عدالت نے پیمرا کے ایگزیکٹو ممبر کمال الدین کا نوٹیفکیشن بھی معطل کردیا۔

    درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ پرویز راٹھور توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے تھے، سماعت کے دوران پیمرا کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ احکامات پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا جاتا اور فیصلوں کا مسلسل مذاق اڑایا جاتا ہے۔

    پیمرا کے وکیل نے دلائل دینے کی کوشش کی تو جسٹس نورالحق قریشی نے انھیں روک دیا اور پرویز راٹھور کی معطلی کا فیصلہ سناتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لئےملتوی کر دی۔