Tag: peshawar

  • پشاور: بارشوں اور سیلاب سے جانی و مالی نقصان کی ابتدائی رپورٹ جاری

    پشاور: بارشوں اور سیلاب سے جانی و مالی نقصان کی ابتدائی رپورٹ جاری

    پشاور(31 اگست 2025): خیبر پختونخوا میں پی ڈی ایم اے  نے بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں پی ڈی ایم اے (پختونخوا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) نے 30 اگست سے جاری بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کی ابتدائی رپورٹ جاری کی ہے۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق 30 اگست سے جاری بارشوں کے باعث صوبے بھر میں جانی و مالی نقصان کی تصدیق کی ہے، بارشوں سے مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

    پی ڈی ایم اے ترجمان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بارشوں اور حادثات میں 5 افراد زخمی بھی ہوئے، بارشوں اور اربن فلڈنگ کے باعث 6 گھروں کو نقصان پہنچا ہے، حادثات پشاور، جنوبی وزیرستان، خیبر اور ایبٹ آباد میں پیش آئے، متاثرہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو  امدادی سرگرمیاں تیز  کرنے کی ہدایت کی ہے، متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو  امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

    واضح رہے کہ پشاور میں ہوئی بارش سے نواحی علاقوں کے نالے بھپر گئے، ندی نالوں کا پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا، کشتیوں کے ذریعے 300 لوگوں کو نکالا گیا، بڈھنی نالہ میں پانی خطرے کے نشان تک پہنچنے پر قریبی رہائشیوں نے سامان محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے تیز بارشوں کی وجہ سے ضلع پشاور اور خیبر کے مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کے پیش نظر متعلقہ ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو کے اعلی حکام کو فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچنے اور ریسکیو آپریشنز کی بذات خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔

  • بچوں کی لڑائی میں بڑے کود پڑے، خاتون سمیت 3 افراد قتل

    بچوں کی لڑائی میں بڑے کود پڑے، خاتون سمیت 3 افراد قتل

    پشاور(29 اگست 2025): پشاور میں بچوں کی لڑائی میں بڑے کود پڑے جس میں 2 خواتین سمیت 3 افراد جان سے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق داؤد زئی میں بچوں کی ہونے والے لڑائی طول پکڑ گئی اور اس میں بڑوں کے کودنے سے لڑائی شدت اختیار کر گئی، ملزموں نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 2 خواتین سمیت 3 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق اطلاع پر امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں، قتل ہونے والے تینوں افراد کی لاشوں کو ضروری کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزموں کی تلاش شروع کردی۔

    اس سے قبل اسلام آباد کے مضافاتی علاقے پیر سوہاوہ میں بچوں کی لڑائی پر مسلح تصادم میں ایک خاندان کی تین افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے تھے، پولیس کے مطابق جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، فریقین کے درمیان ذاتی رنجش چل رہی تھی۔

    https://urdu.arynews.tv/raheem-yar-khan-father-with-children/

  • ایک دن میں 14 ٹاوی سرجریز کر کے پشاور نے سربیا کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

    ایک دن میں 14 ٹاوی سرجریز کر کے پشاور نے سربیا کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

    ویڈیو رپورٹ: مدیحہ سنبل

    پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے ایک دن میں 14 ٹاوی سرجریز کر کے سربیا کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا، بغیر سینہ چاک کیے 14 معمر مریضوں کی سرجریز کی گئیں۔

    پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے جشن آزادی پر پاکستان کو ایک انوکھا تحفہ دیا، 14 آگست کو ایک ہی دن میں 14 ٹاوی سرجریز کا ریکارڈ قائم کر کے سربیا کا ایک دن میں 13 سرجریوں کا عالمی ریکارڈ توڑ ڈالا۔

    معمر مریضوں کو ٹاوی سرجری کے ذریعے نئی زندگی ملی، ڈاکٹر کے مطابق ایک ہی دن میں بغیر سینہ چاک کیے مریضوں کے دل کے والو تبدیل کرنا ایک بڑا چیلنج تھا۔ اس ریکارڈ کو قائم کرنے کے لیے بڑے اسپتالوں کے کارڈیالوجسٹ اور سرجن نے حصہ لیا۔ عالمی معیار کی سہولیات اور مہارت کے ساتھ پاکستان کا طبی شعبے میں یہ انتہائی اہم کارنامہ ہے۔


    پاکستان میں پہلی بار بچے کا پیدائش کے ساتھ ہی ڈیجیٹل اندراج (ویڈیو رپورٹ)


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں


  • پشاور : فائرنگ سے پولیس افسر سمیت 3 افراد جاں بحق

    پشاور : فائرنگ سے پولیس افسر سمیت 3 افراد جاں بحق

    پشاور : مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کرکے 3 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا، جاں بحق ہونے والوں میں ایک پولیس افسر بھی شامل ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پشاور کے علاقے ورسک روڈ درمنگی میں گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک پولیس افسر سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    واردات کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار ملزمان  نے چلتی گاڑی پر فائرنگ کی، گاڑی میں موجود تینوں افراد نے موقع پر ہی جان دے دی۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جاں بحق افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردی گئیں۔

    جاں بحق ہونے والوں میں سب انسپکٹر علی حسین بھی شامل ہے، جو مچنی گیٹ پولیس اسٹیشن کا تفتیشی افسر بھی تھا، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

    جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں پولیس کے مطابق ملنے والے گولیوں کے خولوں سے پتہ چلتا ہے کہ ملزمان نے فائرنگ کیلیے کلاشنکوف اور پستول استعمال کی، ابتدائی تفتیش میں فائرنگ کی وجوہات تاحال سامنے نہ آسکیں۔

  • مخصوص نشستوں کی تقسیم، عدالت نے الیکشن کمیشن کے اعلامیے کالعدم کر دیے

    مخصوص نشستوں کی تقسیم، عدالت نے الیکشن کمیشن کے اعلامیے کالعدم کر دیے

    پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے خواتین اور اقلیت سے متعلق اعلامیے کالعدم کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کی جانب سے مخصوص نشستوں کی تقسیم کار کے خلاف درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

    دو صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے خواتین اور اقلیت سے متعلق دونوں اعلامیے کالعدم قرار دیے جاتے ہیں، الیکشن کمیشن کا 26 مارچ 2024 کا نوٹیفیکشن کلعدم قرار دیا جاتا ہے، جب کہ خواتین کی مخصوص نشستوں سے متعلق الیکشن کمیشن کے 4 مارچ 2024 کے نوٹیفکیشن میں ترمیم کریں۔

    فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن 10 دن کے اندر تمام امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو سنے، اور فیصلے تک فریق 4 اور 5 سے حلف نہ لیا جائے۔

    عدالت نے فیصلے میں کہا کہ اقلیت کی نشست پر جے یو آئی کے گورپال سنگھ کی نوٹیفکیشن کو کلعدم قرار دیا جاتا ہے، اور جے یو آئی کی خواتین کی مخصوص نشست پر ممبر ناہیدہ نور اور عفیفہ بی بی سے حلف نہ لیا جائے۔

    دوسری طرف پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کی جانب سے دائر کردہ مقدمات کی تفصیل جاننے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے صنم جاوید کو 7 دن کی حفاظتی ضمانت دے دی۔

    عدالت نے صنم جاوید کو درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا ہے، وکیل عالم خان ادینزئی نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کے خلاف کچھ مقدمات کا علم نہیں ہیں، درخواست گزار کو حفاظتی ضمانت دی جائے تاکہ وہ متعلقہ ہائیکورٹ سے رجوع کر سکیں۔

    جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے ریمارکس دیے کہ ہمارے سامنے کوئی ایف آئی آر نہیں ہے، ہم کیسے حفاظتی ضمانت دے دیں، اس لیے 7 دن کی حفاظتی ضمانت دیتے ہیں درخواست گزار متعلقہ عدالت سے رجوع کریں۔

    وکیل نے کہا خاتون ہے جیل بھی کاٹی ہے، گزشتہ روز جیل سے نکلی ہے، 14 دن کی حفاظتی ضمانت دی جائے، جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے کہا پہلے بھی بہت سے کیسز میں حفاظتی ضمانت دی ہے، اس کیس میں ہمارے سامنے کوئی ایف آئی آر نہیں ہے، آپ ایف آئی آر لے آئیں ہم حفاظتی ضمانت زیادہ دن کر دیں گے۔

  • پشاور : گھر میں خوفناک آتشزدگی، دو خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق

    پشاور : گھر میں خوفناک آتشزدگی، دو خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق

    پشاور کے علاقے کوچی بازارمارکیٹ کے ساتھ گھر میں اچانک آگ لگ گئی، آتشزدگی کی زد میں آکر 2 خواتین سمیت 4افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جاں بحق افراد میں 2 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں ،اسپتال انتظامیہ کے مطابق آتشزدگی سے دو زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو عملے نے جائے وقوعہ پر فوری پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

    ریسکیو حکام کے مطابق گھر میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تھی، دو افراد  نے موقع پر جان دے دی جبکہ دو نے اسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے جھلس کر زخمی ہونے والے دیگر 2 افراد کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    ریسکیو حکام نے بتایا کہ آگ بجھانے کے عمل کے دوران 2 ریسکیو اہلکاروں کی حالت بھی غیر ہوگئی تھی
    جن کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق گھر میں لگی آگ پر قابو پاکر اسے مزید پھیلنے سے روک دیا گیا، کولنگ کا عمل جاری ہے۔

    مزید پڑھیں : سلنڈر پھٹنے سے وین میں آتشزدگی، دو طالبات جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے احمد پور شرقیہ کے علاقے لیاقت پور میں سلنڈر پھٹنے سے وین میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں زخمی ہونے والی طالبہ اسپتال میں دم توڑ گئی جس کے بعد جاں بحق طالبات کی تعداد 2 ہوگئی۔

    جاں بحق ہونے والی اجالا نامی طالبہ برن یونٹ ملتان میں زیر علاج تھی اور چک 2 عباسیہ کی رہائشی تھی، حادثے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

    کالج وین میں گیس سلنڈر آتشزدگی واقعے کے بعد 3 نجی کالجز کے پرنسپلز سمیت کالج ایڈمن، وین مالک، ڈرائیور سمیت 8 افراد پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

  • 9 اور 10 محرم الحرام کو لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان

    9 اور 10 محرم الحرام کو لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان

    پشاور: 9 اور 10 محرم کے دوران صوبہ میں کہیں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے اعلان کیا ہے کہ 9 اور 10 محرم 2025 کو لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی، پیسکو کے ترجمان نے تصدیق کی کہ ان دنوں امام بارگاہوں کے لیے بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

    پیسکو نے مقررہ مدت میں چوبیس گھنٹے بجلی فراہم کرنے کے لیے 94 فیڈرز کو مخصوص کیے ہیں، پیسکو کے ہیڈ کوارٹر میں ایک سرشار کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس میں اعلیٰ حکام کے ساتھ عملہ موجود ہے تاکہ بجلی کی فراہمی کو مؤثر طریقے سے مانیٹر کیا جا سکے۔

    ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ 2025 کے جلوسوں کے راستوں پر لٹکی ہوئی بجلی کی تاریں ہٹا دی گئی ہیں تاکہ حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور رکاوٹوں کو روکا جا سکے۔

    https://urdu.arynews.tv/muharram-moon-sighted-ashura-july-6/

    قبل ازیں پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے ماہ مقدس محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے پشاور میں دفعہ 144 نافذ کر دی تھی۔

    پشاور ڈپٹی کمشنر آفس سے جاری بیان کے مطابق ڈبل سواری اور افغان مہاجرین کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی گئی ہے، اس کے علاوہ ہوائی فائرنگ، نفرت انگیز تقریر اور لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال کی بھی سختی سے ممانعت ہے۔

    واضح رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں محرم الحرام کا چاند 26 جون کو نظر آیا اور ملک بھر میں عاشورہ 6 جولائی کو ہوگا۔

  • منشیات ضبط کرنے والے اداروں کے لیے ویڈیو گرافی لازمی قرار

    منشیات ضبط کرنے والے اداروں کے لیے ویڈیو گرافی لازمی قرار

    پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے منشیات ضبط کرنے والے افسر کے لیے ویڈیو گرافی کو لازمی قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ نے منشیات کی ضبطگی کی ویڈیو گرافی کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے لازمی قرار دے دیا ہے، اور مؤقف اپنایا ہے کہ منشیات ضبط کرنے والا افسر کسی بھی کمی کی معقول وجہ بیان کرے گا۔

    یہ فیصلہ پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سید محمد عتیق شاہ نے تحریر کیا ہے، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ہم اکیسویں صدی میں رہ رہے ہیں، جہاں ہر دوسرا شخص سمارٹ فونز اور جدید کیمرے جیسی جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔ لہٰذا منشیات کے معاملات سے متعلق مقدمات کی ویڈیو گرافی تفتیشی افسر کو موبائل فون کے ذریعے کرنی چاہیے تاکہ اس کے پاس شواہد موجود رہے۔

    فیصلے میں مزید کہا گیا کہ اگر ضبط کرنے والا یا تفتیشی افسر کسی معقول وجہ سے ویڈیو گرافی نہیں کر سکتا، تو اسے عدالتوں کی تشریح کے لیے تحقیقات میں اس کمی کی وجہ درج کرنی ہوگی۔ فیصلے کے مطابق ویڈیوگرافی کو مضبوط اور قابل اعتماد ثبوت کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے، بلکہ یہ خاص طور پر منشیات کے معاملات میں معصوم افراد کو جھوٹے مقدمات میں ملوث ہونے سے بچائے گی۔

    فاضل بنچ نے یہ فیصلہ منشیات کے مقدمے میں گرفتار ملزم مجاہد خان کی ضمانت کی درخواست پر دیا، ملزم کو سربند پولیس نے 18 مئی 2025 کو گاڑی میں 6 کلو چرس اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ ملزم کے وکیل امجد نور خان نے دلیل دی کہ اگرچہ ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا تھا کہ مبینہ واقعے کی ویڈیو متعلقہ افسر نے اپنے موبائل فون میں بنائی تھی، جو بعد میں میموری کارڈ میں تبدیل کر دی گئی، لیکن درحقیقت کچھ بھی نہیں ہوا تھا۔

    انھوں نے کھلی عدالت میں مبینہ ویڈیو چلانے کی درخواست کی، جس پر عدالت نے تفتیشی افسروں کو طلب کیا، جن سے کہا گیا کہ وہ مذکورہ ویڈیو چلائیں، تاہم میموری کارڈ چلانے کی کوششیں کی گئیں لیکن یہ خالی تھا اور نہیں چل سکا۔ بینچ نے اپنے تفصیلی فیصلے میں واضح کیا کہ عدالت میں موجود پولیس افسر کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے موبائل فون سے مبینہ ویڈیوگرافی چلائے، جس میں یہ محفوظ تھی، لیکن حیرت انگیز طور پر، یہ ویڈیو بھی اس کے موبائل فون میں دستیاب نہیں تھی۔

    بعد ازاں، بنچ نے اعلیٰ افسروں کو طلب کیا، جس کے بعد پشاور کیپٹل سٹی پولیس آفیسر قاسم خان بنچ کے سامنے پیش ہوئے اور انھوں نے عدالت کو یقین دلایا کہ معاملے میں مناسب انکوائری کی جائے گی۔ بنچ نے انھیں ہدایت دی کہ وہ معاملے میں ایک ایمان دار اور اعلیٰ درجے کے پولیس افسر کے ذریعے مناسب اور غیر جانب دارانہ انکوائری کریں اور دو ہفتوں کے اندر حتمی انکوائری رپورٹ پیش کریں۔

    بینچ نے درخواست گزار کو ہر ایک کی 100,000 روپے کی دو ضمانتی بانڈز پیش کرنے کی شرط پر ضمانت بھی دے دی، تاہم عدالت نے قرار دیا کہ بنچ نے نوٹ کیا کہ ویڈیو گرافی کو عدالتوں میں ’خاموش گواہ‘ کے اصول کے تحت بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، جس کا مطلب ’’منشیات کے معاملات میں، یقیناً، معاشرے خاص طور پر نوجوانوں کو منشیات کی لت سے بچانے کے لیے منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت اور مضبوط اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، لیکن ساتھ ہی، پولیس کی ذمہ داری ہے کہ وہ جرائم کو کنٹرول کرنے میں ایمان دار، سیدھے، سچے اور غیر جانب دار رہے۔‘‘

    بنچ نے مزید کہا: ’’بلاشبہ، منشیات کی اسمگلنگ جیسے منظم جرائم کو کنٹرول کرنے کے لیے سخت قانون ضروری ہے، تاہم، بعض اوقات قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کے سخت دفعات کا غلط استعمال کرتے ہیں، جس سے نہ صرف کچھ معصوم افراد کو جھوٹے طور پر ملوث کیا جاتا ہے بلکہ اس سے ان کی طویل، غیر معقول اور غیر قانونی حراست ہوتی ہے۔‘‘

    بنچ نے کہا: ’’مزید برآں، ضبطگی کے عمل کی ویڈیو ریکارڈ کرنے کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ صرف حقیقی مجرموں کو سزا ملے، اور معصوم افراد جھوٹی ضبطگی کی وجہ سے غلط طور پر پکڑے نہ جائیں یا ذہنی، جسمانی یا مالی طور پر تکلیف نہ اٹھائیں۔‘‘

  • پشاور میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید

    پشاور میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید

    خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے شاہ جی آباد قبرستان میں فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے شاہ جی آباد قبرستان میں فائرنگ کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ شہید اہلکار شہنشاہ تھانہ ہشت نگری میں تعینات تھا، 2 نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی، شہید ہلکار گھر سے ڈیوٹی کیلئے آرہا تھا۔

    اس سے قبل پشاور کے تھانہ سربند کی حدود میں فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید اور ایک راہگیر زخمی ہوگیا تھا، شہید اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) حیات آباد تھانے میں تعینات تھا، اہلکار موٹر سائیکل پر ڈیوٹی کے لیے جارہا تھا کہ نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی۔

    بعد ازا شہید اہلکار کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبر پختونخوا اختر حیات، سی سی پی او سید اشفاق انور سمیت دیگر حکام اور لواحقین نے شرکت کی۔

    پولیس کےمطابق جائے وقوع سے 30 بور کے 10 خول ملے ہیں، پولیس نے شواہد اکھٹے کرکے تفتیش شروع کردی ہے جب کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔

  • پی ٹی آئی کے کیمپ کو آگ لگانے پر مقدمہ درج

    پی ٹی آئی کے کیمپ کو آگ لگانے پر مقدمہ درج

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کیمپ کو آگ لگانے کا مقدمہ تھانہ شرقی میں درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں اسمبلی چوک پر پیپلز پارٹی کے احتجاجی مظاہرے کے دوران مشتعل مظاہرین نے پی ٹی آئی کے احتجاجی کیمپ کو آگ لگا دی تھی، اس واقعے کا مقدمہ پی ٹی آئی کارکن عارف کی مدعیت میں تھانہ شرقی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    ایف آئی آر میں توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں، جب کہ مقدمہ میں پیپلز پارٹی کے جنرل سیکریٹری ہمایوں خان، ملک عظمت، اور ضیااللہ آفریدی کو نامزد کیا گیا ہے۔

    ایف آئی آر میں شاہ ذوالقرنین، احسان اللہ اور دیگر نامعلوم کارکنان بھی نامزد ہیں، مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کیمپ کو پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی باچا کی ایما پر آگ لگائی گئی۔


    پشاور میں پیپلز پارٹی کا احتجاج : پی ٹی آئی کیمپ نذر آتش


    واضح رہے کہ پشاور میں پیپلز پارٹی کا ’صوبہ بچاؤ مہم‘ احتجاج جاری تھا کہ پشاور اسمبلی چوک پر پولیس نے مظاہرین پر شیلنگ کر دی، پی پی کے قائدین اور کارکن ریڈ زون میں جمع ہوئے تو ریڈ زون کی خلاف ورزی پر پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ شروع کر دی۔

    پولیس کی شیلنگ کے بعد مشتعل افراد نے تحریک انصاف کے احتجاجی کیمپ کو آگ لگا دی، کیمپ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے لگایا گیا تھا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نقاب پوشوں نے ریڈ زون میں داخلے کی کوشش کی تھی، جس پر پولیس کو شیلنگ کرنی پڑی۔