Tag: peshawar airport

  • جعلی ریزیڈنٹ کارڈ کے ذریعے یورپ جانے کی کوشش کرنیوالے 2 مسافر گرفتار

    جعلی ریزیڈنٹ کارڈ کے ذریعے یورپ جانے کی کوشش کرنیوالے 2 مسافر گرفتار

    ایف آئی اے امیگریشن نے پشاور ائیر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی پولینڈ ریذیڈنس کارڈ کے ذریعے یورپ جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2 مسافر آف لوڈ کردیے۔

    ایف آئی اے کے مطابق مسافر پرواز نمبر G9-554 کے ذریعے ترکی جا رہے تھے، مسافر کی شناخت محمد علی جان اور فاروق شاہ کے نام سے ہوئی ہے، پروفائلنگ کے دوران مسافر کے قبضے سے جعلی پولینڈ ریذیڈنس کارڈ برآمد ہوا۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق محمد علی نامی مسافر اپنے رشتہ دار فاروق شاہ کے ہمراہ اور معاونت میں سفر کر رہا تھا، مسافروں کے مطابق فرانس میں مقیم ایجنٹ طارق خان نے جعلی پولش ریذیڈنس کارڈ فراہم کیا اور اسے یورپ پہنچانے کا مکمل بندوبست کیا مذکورہ ایجنٹ نے اس کام کے عوض 40 ہزار یورو وصول کیے مسافر انسانی سمگلنگ کے منظم گروہ کے ساتھ رابطے میں تھے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کا نیٹ ورک مسافروں کو ترکی کے ای ویزا پر روانہ کرتے جہاں سے کشتی کے ذریعے یونان منتقل کیا جاتا تھا، مسافروں کو آف لوڈ کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے  اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل پشاور منتقل کر دیا گیا۔

  • کرغزستان سے پاکستانی طلبہ کو لے کر ایک اور پرواز پشاور ایئرپورٹ پر اتر گئی

    کرغزستان سے پاکستانی طلبہ کو لے کر ایک اور پرواز پشاور ایئرپورٹ پر اتر گئی

    پشاور: کرغزستان سے پاکستانی طلبہ کو لے کر ایک اور پرواز پشاور ایئرپورٹ پر اتر گئی ہے، جس میں 285 طلبہ سوار تھے۔

    تفصیلات کے مطابق چوتھی خصوصی پرواز کرغزستان سے 285 طلبہ کو لے کر پشاور ایئرپورٹ پہنچ گئی، جہاں پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کے حکام نے طلبہ کا استقبال کیا، اور گل دستے پیش کیے۔

    طلبہ اور والدین نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا شکریہ ادا کیا، طلبہ کا تعلق مختلف صوبوں سے تھا، جنھیں ان کے آبائی علاقوں کی طرف روانہ کر دیا گیا۔ خیال رہے کہ اب تک کے پی حکومت کے تعاون سے 1143 طلبہ کو کرغزستان سے لایا جا چکا ہے۔

    کرغزستان سے طلبہ کی پہلی فلائٹ پانچ دن قبل پشاور ایئرپورٹ پہنچی تھی جب کہ دو دن قبل بشکیک سے آنے والی فلائٹ میں 300 طلبہ سوار تھے، جن میں اکثریت کا تعلق پنجاب اور سندھ کے مختلف اضلاع سے تھا۔ اب تک 5 ہزار سے زائد طلبہ کرغزستان سے وطن واپس آ چکے ہیں۔

  • جعلی پاسپورٹس پر خواتین اور بچوں کی بیرون ملک اسمگلنگ کا واقعہ

    جعلی پاسپورٹس پر خواتین اور بچوں کی بیرون ملک اسمگلنگ کا واقعہ

    کراچی: جعلی پاسپورٹس پر برطانیہ جانے کی کوشش کرنے والی خواتین اور بچوں کو پشاور ایئرپورٹ پر آف لوڈ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے پشاور ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی پاسپورٹس پر خواتین اور بچوں کی بیرون ملک اسمگلنگ ناکام بنا دی۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے خاتون کو 5 بچوں سمیت آف لوڈ کیا، بچوں کی عمریں 10 سے 18 سال کے درمیان ہیں، یہ مسافر افغان پاسپورٹس پر برطانیہ جا رہے تھے۔

    مسافروں کی جانب سے پیش کیے جانے والے افغان پاسپورٹ مشتبہ پائے گئے تھے، مسافر غیر قانونی طریقے سے بارڈر پار کر کے پاکستان داخل ہوئے تھے۔

    ایف آئی اے حکام نے کہا کہ مسافروں کا پاکستان آمد کے حوالے سے کسی قسم کا سفری ریکارڈ سسٹم میں موجود نہ تھا، ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافروں نے ایجنٹ سے مذکورہ افغان پاسپورٹ حاصل کیے۔ افغان قونصلیٹ کی جانب سے بھی مسافروں کے پاسپورٹس کو جعلی قرار دیا گیا تھا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافروں کے خلاف اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل پشاور نے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

  • سابق وزیر شوکت یوسفزئی کو پشاور ایئر پورٹ پر آف لوڈ کر دیا گیا

    سابق وزیر شوکت یوسفزئی کو پشاور ایئر پورٹ پر آف لوڈ کر دیا گیا

    پشاور: سابق وزیر خیبر پختون خوا شوکت یوسفزئی کو پشاور ایئر پورٹ پر آف لوڈ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق عمرہ ادائیگی کے لیے جانے والے شوکت یوسفزئی کو باچاخان ایئرپورٹ پر روک لیا گیا ہے، اپنے ویڈیو پیغام میں شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے اور دیگر اداروں نے کلیئر کر دیا مگر پھر آف لوڈ کر دیا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ تمام کلیئرنس ملنے کے بعد سمجھ نہیں آ رہا کیوں روکا گیا، سمجھ نہیں آ رہا کہ کیوں اور کس نے حراست میں لے کر بٹھایا ہوا ہے، میں اس وقت پشاور ایئرپورٹ پر ہوں، ابھی انھوں نے بتایا آپ آف لوڈ ہیں۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا ’’ای سی ایل میں نام ہے نہ میرے خلاف کوئی ایف آئی آر ہے، میں نے کبھی فوج اور اداروں کے خلاف بھی بات نہیں کی، اپنی سیاست میں ہمیشہ اداروں کا احترام کیا ہے، ہمیشہ صاف ستھری سیاست کی، دو نمبر کی سیاست نہیں کی۔‘‘

    انھوں نے کہا ’’میں عمرے کے لیے چھ سات دن کے لیے جا رہا ہوں، لیکن وہ کہہ رہے ہیں کہ آپ نہیں جا سکتے، بورڈنگ کارڈ بھی لے لیا گیا ہے۔‘‘

  • جعلی دستاویز پر سفر کرنیوالا افغانی پشاور ایئرپورٹ سے گرفتار

    جعلی دستاویز پر سفر کرنیوالا افغانی پشاور ایئرپورٹ سے گرفتار

    کراچی : ایف آئی اے امیگریشن نے پشاور ایئرپورٹ پر کارروائی کرکے بیرون ملک سے آنے والے افغان شہری کو حراست میں لے لیا۔

    ایف آئی اے ترجمان کے مطابق مشتاق احمد نامی ملزم دبئی سے پشاور پہنچا تھا،جسے جعل سازی سے نائیکوب کارڈ لینے پر پاکستان پہنچتے ہی گرفتار کرلیا گیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کے برطانوی پاسپورٹ پر پیدائش افغانستان لکھی ہوئی تھی، ملزم نے جعل سازی کرتے ہوئے پاکستانی نائیکوب کارڈ حاصل کیا۔

    ایف آئی اے حکام کا مزید کہنا ہے کہ ملزم ابتدائی تفتیش میں پاکستانی شہریت کے حوالے سے امیگریشن حکام کو مطمئن نہ کرسکا، ملزم کو اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔

  • پشاور ایئرپورٹ کے تمام لاؤنجز میں جدید تھرمل اسکینرز نصب

    پشاور: باچا خان ایئر پورٹ کے تمام لاؤنجز میں جدید تھرمل اسکینرز نصب کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ پشاور ایئرپورٹ پر جدید تھرمل اسکینر نصب کر دیے گئے ہیں، جن کے ذریعے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی کرونا اسکیننگ کی جائے گی۔

    ترجمان سی اے اے کے مطابق یہ اسکینر این ڈی ایم اے نے نصب کیے ہیں، جن کی دیکھ بھال سی اے اے انجنیئر کر رہے ہیں، اور آنے والے بین الاقوامی مسافروں کی تھرمل اسکینرز کے ذریعے جانچ کی جا رہی ہے۔

    سی اے اے کے مطابق ڈی پورٹ ہو کر لوٹنے والے مسافروں کی بھی اسکریننگ ہو رہی ہے، کووِڈ 19 ویکسینیشن سرٹیفکیٹ نہ رکھنے والوں کی بھی اسکریننگ کی جا رہی ہے۔

    کرونا کا پھیلاؤ، اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کی اسکریننگ شروع

    سی اے اے ترجمان نے کہا کہ مشتبہ علامات والے مسافروں کا RAT باقاعدگی سے کیا جا رہا ہے، پاکستان آنے والے 2 فی صد بین الاقوامی مسافروں کی پی سی آر ٹیسٹنگ بھی جاری ہے۔

  • منشیات کی سعودی عرب اسمگلنگ کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

    منشیات کی سعودی عرب اسمگلنگ کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

    کراچی : ائرپورٹس سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے پشاور ائیر پورٹ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

    تفصیلات کے مطابق اے ایس ایف کے عملے نے پشاور سے جدہ جانے والے مسافر سے 1461 گرام سے زیادہ آئس ہیروئن برآمد کر کے اسے حراست میں لے لیا۔

    مسافر صاحب دین نے آئس ہیروئن ٹرالی بیگ میں مہارت سے چھپا رکھی تھی تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران منشیات برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوششں ناکام بنا دی

    ترجمان اے ایس ایف کے مطابق ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لئے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

    اے ایس ایف حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

  • جعلی پاسپورٹ پر برطانیہ جانے والا افغان مسافر گرفتار

    جعلی پاسپورٹ پر برطانیہ جانے والا افغان مسافر گرفتار

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں جعلی پاسپورٹ پر برطانیہ جانے والے افغان مسافر کو ایئرپورٹ پر آف لوڈ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی پاسپورٹ پر برطانیہ جانے والا افغان مسافر آف لوڈ کردیا۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ جہانزیب شانورے نامی افغان مسافر نے پشاور سے لندن سفر کے لیے پاسپورٹ دکھایا، شک کی بنا پر امیگریشن مسافرکو شفٹ انچارج کے پاس ریفر کیا گیا۔

    شفٹ انچارج سلمیٰ جان نے ملزم کو آف لوڈ کر کے گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مزید قانونی کارروائی کے لیے مسافر کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل پشاور کے حوالے کردیا گیا ہے۔

  • پشاور ائیرپورٹ : بھاری مالیت کی غیرملکی کرنسی کی اسمگلنگ ناکام

    پشاور ائیرپورٹ : بھاری مالیت کی غیرملکی کرنسی کی اسمگلنگ ناکام

    پشاور : پاکستان کسٹمز (ایف بی آر) نے پشاور ائیرپورٹ پر 38500 ڈالر مالیت کی غیرملکی کرنسی کی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔

    ملک بھر میں غیرملکی کرنسی کی بیرون ملک اسمگلنگ کے خاتمے کے لئے جاری مہم کے دوران پاکستان کسٹمز نے اتوار کے روز پشاور ایئرپورٹ پر 38500 ڈالر مالیت کے قطری ریال ضبط کرلیے۔

    عمران خان نامی مسافر جس کا پاسپورٹ نمبر 1570-65304-1 ہے اور اس کا تعلق دیر بالا سے ہے، اتوار کی سہ پہر قطری ائیر لائنز کی پرواز کے ذریعے پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے قطر روانہ ہورہا تھا۔

    بیرون ملک روانگی ہال میں موجود کرنسی ڈیکلئریشن سنٹر پر جب اسے اپنے پاس موجود کرنسی ظاہر کرنے کو کہا گیا تو اس نے یہ رقم چھپا لی۔

    جب مسافر کو مشکوک جان کر اس کے سامان کی تلاشی لی گئی تو ایک لاکھ چھیالیس ہزار قطری ریال کی بھاری رقم برآمد ہوئی جسے وہ غیر قانونی طریقے سے پاکستان سے باہر منتقل کررہا تھا۔

    مسافر سے کہا گیا کہ وہ اس رقم کی قانونی ملکیت ثابت کرے لیکن وہ ایسا کرنے میں ناکام رہا جس کے سبب یہ رقم ضبط کرلی گئی اور ملزم کو پاکستان کسٹمز کے حکام نے پشاور ائیرپورٹ سے اپنی حراست میں لے کر مزید قانونی کاروائی شروع کردی۔

    چیئرمین ایف بی آر و سیکرٹری ریونیو ڈویژن جناب عاصم احمد نے پشاور ائیرپورٹ پر تعینات کسٹمز حکام کو اس کامیاب کاروائی پر مبارکباد دی اور اپنے اس غیرمتزلزل عزم کو دہرایا کہ وہ ملک بھر سے غیرملکی کرنسی کی غیر قانونی منتقلی کو ناکام بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

    یہ امر قابل ذکر ہے کہ چیئرمین ایف بی آر فیلڈ میں موجود کسٹمز حکام کو پہلے ہی یہ ہدایات جاری کرچکے ہیں کہ وہ ائیرپورٹ اور زمینی سرحدوں پر نگرانی سخت رکھیں اور کرنسی اسمگلنگ کی غیر قانونی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے مستعد رہیں۔

  • جیکٹ میں ایک لاکھ سے زائد ریال لے جانے والا مسافر پکڑا گیا

    جیکٹ میں ایک لاکھ سے زائد ریال لے جانے والا مسافر پکڑا گیا

    کراچی: ایئر پورٹس سیکورٹی فورس نے ایک کارروائی میں منی لانڈرنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی، پشاور ایئر پورٹ پر ایک مسافر سے ایک لاکھ سے زائد سعودی ریال برآمد کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اے ایس ایف اہل کاروں نے پشاور ایئر پورٹ پر منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک مسافر کو گرفتار کر لیا، جس کی شناخت بخت محمد کے نام سے ہوئی ہے، جو شارجہ جا رہا تھا۔

    اے ایس ایف کے عملے نے مسافر کے قبضے سے ایک لاکھ 20 ہزار سعودی ریال برآمد کیے، کرنسی کی مالیت مقامی کرنسی میں 56 لاکھ 2 ہزار تین سو روپے سے زائد بنتی ہے۔

    اے ایس ایف ذرائع کے مطابق مسافر بخت محمد نے سعودی کرنسی بیگ کے اندر رکھے ایک جیکٹ میں مہارت کے ساتھ چھپا رکھی تھی، تاہم عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران کرنسی برآمد کر کے منی لانڈرنگ کی کوششں ناکام بنا دی۔

    اے ایس ایف کا کہنا ہے کہ ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ رقم سمیت مزید کارروائی کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔