Tag: peshawar airport

  • پشاور ایئر پورٹ کی حدود میں دفعہ 144 نافذ کرنے کی تجویز

    پشاور ایئر پورٹ کی حدود میں دفعہ 144 نافذ کرنے کی تجویز

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور کے باچا خان ایئر پورٹ کی حدود میں ایک سال کے لیے دفعہ 144 نافذ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری کی زیر صدارت اجلاس میں پشاور ایئر پورٹ اور ہوائی روٹس کے اطراف سخت حفاظتی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اجلاس میں ایک سال کے لیے ایئر پورٹ کی حدود میں دفعہ 144 نافذ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    اجلاس میں پتنگ بازی، کبوتر بازی، ہوائی فائرنگ اور لیزر لائٹس پر پابندی کی سفارش کی گئی۔ پشاور رنگ روڈ اور کوہاٹ روڈ پر ہوٹلوں کے ہائی بیم کو ہوائی سفر کے لیے خطرہ قرار دیا گیا۔

  • پشاور ایئرپورٹ پر 2 افغان شہریوں سے کروڑوں روپے مالیت  کا سونا برآمد

    پشاور ایئرپورٹ پر 2 افغان شہریوں سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا برآمد

    پشاور : اے ایس ایف کے عملے نے باچا خان ایئرپورٹ پر کروڑوں روپے مالیت کا سونا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی اور دو افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹس سیکورٹی فورس نے پشاور ائر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے دبئی جانے والے مسافروں سے 9.9 کلو گرام سونابرآمد کرلیا۔

    ترجمان اے ایس ایف نے بتایا کہ افغان نیشنل مسافر مسمات سہیلہ الکوزے اور مسافر حواد خالدی سونا دو بیگوں میں لے جا رہے تھے تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان کو مشکوک قرار دیتے ہوئے تلاشی کے دوران مذکورہ سونا برآمد کیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سونے کی مالیت لگ بھگ 10کروڑ76لاکھ پاکستانی روپےبنتی ہے ، ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد مذکورہ سونا سمیت مزید کارروائی کے لئے کسٹمز حکام کے حوالے کردیا گیا۔

    یاد رہے گذشتہ سال ستمبر میں باچاخان ایئرپورٹ پر مسافرکروڑوں کا سونا اور غیرملکی کرنسی لیکرجہازتک پہنچ گیا تھا ، جس پر انٹیلی جنس اطلاع پر کسٹم اور دیگر اداروں کی دوڑیں لگ گئی۔

    بعد ازاں مسافر کے دستی سامان کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے ڈیڑھ کلو سے زائد سونے کے بسکٹ اور13ہزار سے زائد یورو برآمد کئے گئے۔

    ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا تھا کہ کسٹم نے مسافر کو گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

  • دوحا سے پشاور پہنچنے والے 30 مسافروں میں کرونا وائرس کی تصدیق

    دوحا سے پشاور پہنچنے والے 30 مسافروں میں کرونا وائرس کی تصدیق

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں دوحا سے آنے والے 30 مسافروں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، مسافروں کو ضلعی انتظامیہ کی مدد سے قرنطینہ کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحا سے پشاور پہنچنے والے 30 مسافروں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، مسافر نجی ایئر لائن کی پرواز سے دوحا سے پشاور پہنچے تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور ایئرپورٹ پر مسافروں کے ریپڈ ٹیسٹ کیے گئے، ریپڈ ٹیسٹ میں 30 مسافروں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔

    مسافروں کو ضلعی انتظامیہ کی مدد سے قرنطینہ کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    یاد رہے کہ ملک بھر میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 12 لاکھ 38 ہزار 668 ہوچکی ہے، این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 1 ہزار 780 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 42 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد کرونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 27 ہزار 566 ہوگئی۔

  • باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جعلی کورونا رپورٹ کی تیاری کا انکشاف

    باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جعلی کورونا رپورٹ کی تیاری کا انکشاف

    پشاور : ایف آئی اے نے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جعلی کورونا رپورٹ کی تیاری کے انکشاف کے بعد لیبارٹری کے انچارج سمیت 6افراد کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاورکے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جعلی کورونا رپورٹ تیاری کا انکشاف ہوا ، جس کے بعد ایف آئی اے نے لیبارٹری کے انچارج سمیت 6افراد کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    ایف آئی اے کے چھاپے کے دوران مسافر سے 2کورونارپورٹس برآمد ہوئیں ، مسافر کے پاس کورونا پازیٹو اور نیگیٹو دونوں رپورٹس موجود تھیں۔

    مسافر نے کورونا کی جعلی رپورٹ پشاور ایئرپورٹ پر واقع نجی لیبارٹری سے لی تھیں ، جس کے بعد ایف آئی اے نے مسافر کو آف لوڈ کرکے تحقیقات شروع کردیں۔

  • پشاور ایئرپورٹ:پرندوں کےطیاروں سے ٹکرانےکے واقعات پر سی اے اے کا اہم فیصلہ

    پشاور ایئرپورٹ:پرندوں کےطیاروں سے ٹکرانےکے واقعات پر سی اے اے کا اہم فیصلہ

    پشاور: پشاور ائیرپورٹ کے اطراف گندگی اور پرندوں کے طیاروں سے ٹکرانے کے واقعات میں اضافے پر حکام نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔

    ائیرپورٹ منیجر کے مطابق ایئر پورٹ کے اطراف صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کے باعث گندگی پر منڈلانے والے پرندے جہازوں سے ٹکرانے کی وجہ بن رہے ہیں،پرندے ٹکرانے سے جہاز اور مسافروں کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

    ائیرپورٹ منیجر کے مطابق ضلعی انتظامیہ ائیرپورٹ کے اطراف کچرے کو ٹھکانے اور صفائی کے انتظامات کو یقینی بنائے، ریسٹورنٹ اور گوشت کی دکانوں کو صفائی ستھرائی کا پابند کرے عیدالاضحی بھی قریب ہے اسکے لئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔

    خیال رہے کہ ایئرپورٹ کے اطراف میں رہائشی آبادیوں میں کچرے کی وجہ سے پرندوں کا ایئر پورٹ پر آنا معمول بن گیا ہے، پرندوں کے ٹکرانے کی وجہ سے طیاروں کو بے تحاشہ نقصان پہنچتا ہے جس کے بعد طیاروں کی مرمت پر خطیر رقم خرچ ہوتی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی اور لاہور ایئرپورٹ کے اطراف پرندوں کے خاتمے کیلئے برڈ شوٹرز فعال

    دوسری جانب عید الاضحیٰ کے موقع پر آلائشیں پھینکے جانے کے پیش نظر سول ایوی ایشن نے آگاہی مہم شروع کردی ہے سی اے اے کا کہنا ہے کہ آلائشوں کے پڑے رہنے سے پرندوں کی آمد بڑھ جاتی ہے جس سے طیاروں کو نقصان کا خطرہ ہوتا ہے۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ کوشش ہے کچرے کے باعث آنے والے پرندوں سے طیاروں کو نقصان نہ پہنچے، آلائشوں کے پڑے رہنے سے پرندوں کی آمد بڑھ جاتی ہے۔

    سی اے اے نے اپیل کی ہے کہ قومی اثاثوں اور فضائی سفر محفوظ بنانے کے لیے شہریوں کو کردار ادا کرنا ہوگا، عید الاضحیٰ پر جانوروں کی باقیات اور کچرا مقررہ جگہوں پر ہی پھینکیں۔

  • تربیت یافتہ سراغ رساں کتوں نے مزید  34کورونا میں مبتلا مسافروں کی نشاندہی کرلی

    تربیت یافتہ سراغ رساں کتوں نے مزید 34کورونا میں مبتلا مسافروں کی نشاندہی کرلی

    پشاور : باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ پرتربیت یافتہ سراغ رساں کتوں نے 34کورونا میں مبتلا مسافروں کی نشاندہی کردی، مسافروں کوقرنطینہ کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کےحوالےکردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلیے متعدد حکومتی اقدامات کیے جارہے ہیں، جس کا مقصد عوام کو اس وبا کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھنا ہے

    باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر34کورونا میں مبتلا مسافروں کی نشاندہی کرلی گئی ، مسافروں کی نشاندہی تربیت یافتہ سراغ رساں کتوں نے کی ، ایئرپورٹ انتظامیہ نے بتایا کہ دبئی سےپشاورپہنچنےوالے156مسافروں کےریپڈٹیسٹ کیے گئے ، جس میں سے 34 مسافروں کےکوروناٹیسٹ مثبت آئے۔

    ایئرپورٹ انتظامیہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ریپڈ ٹیسٹ میں34مشتبہ مریضوں کے سویب ٹیسٹ ایک مخصوص مقام پر رکھے گئے جہاں تربیت یافتہ کتے  سویب ٹیسٹ کو سونگھ کر ان کی نشاندہی کی، مسافروں کوقرنطینہ کرنےکیلئےضلعی انتظامیہ کےحوالےکردیا گیا ہے۔

    ایئرپورٹ منیجر عبیدالرحمان عباسی نے کہا پشاور ایئرپورٹ کو مکمل طور پرڈس انفیکٹ کیا جارہا ہے، ایس او پی کے تحت کورونا مثبت نکلنے والے مسافروں کی اسپتال منتقلی کے بعد ایئرپورٹ کے تمام لاونجز میں جراثیم کش اسپرے کیا جاتا ہے۔

    یاد رہے دو روز قبل بھی تربیت یافتہ سراغ رساں کتوں نے 24 مسافروں میں کوروناکی نشاندہی کی تھی ، پی کے 218 کے ذریعےپہنچنے والے 128مسافروں کے ریپڈ ٹیسٹ کئے گئے، جس میں سے 24مسافروں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ، مسافروں نے احتجاج کرنے ہوئے قرنطینہ جانے سے انکار کیا ، جس پر ائیر پورٹ انتظامیہ نے پولیس طلب کر لی تھی۔

  • بیرون ملک سے آنے والی پرواز کے 24 مسافر کورونا میں مبتلا ، حکام کی دوڑیں لگ گئیں

    بیرون ملک سے آنے والی پرواز کے 24 مسافر کورونا میں مبتلا ، حکام کی دوڑیں لگ گئیں

    پشاور : ایئرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے 24 مسافروں میں کورونا کی تصدیق ہوگئی ، مسافروں میں کوروناکی نشاندہی تربیت یافتہ سراغ رساں کتوں نے کی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ایئرپورٹ پر سراغ رساں کتوں کی مدد سے مسافروں کے سویب ٹیسٹ جاری ہے ، تربیت یافتہ سراغ رساں کتوں نے 24 مسافروں میں کوروناکی نشاندہی کردی۔

    پی کے 218 کے ذریعےپہنچنے والے 128مسافروں کے ریپڈ ٹیسٹ کئے گئے، جس میں سے 24مسافروں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ، مسافروں نے احتجاج کرنے ہوئے قرنطینہ جانے سے انکار کیا ، جس پر ائیر پورٹ انتظامیہ نے پولیس طلب کر لی۔

    پشاورائیرپورٹ منیجر نے ضلعی انتظامیہ اور ایمبولینس بھی طلب کرلی ہے، مسافروں کو قرنطینہ سینٹر منتقل کردیا گیا، جہاں انکا دوبارہ ٹیسٹ لیا جائے گا اور کرونا منفی آنے پر انہیں گھر روانہ کیا جائے گا۔

  • پشاورایئرپورٹ پر سی اے اے کے 32 فرنٹ لائن ورکرز کورونا میں مبتلا

    پشاورایئرپورٹ پر سی اے اے کے 32 فرنٹ لائن ورکرز کورونا میں مبتلا

    پشاور : باچا خان اںٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن کے 32فرنٹ لائن ورکرز کورونا میں مبتلا ہوگئے ، بیرون ملک سے آنیوالے کورونامثبت مسافرکورونا کے پھیلاؤ کا سبب بنے۔

    تفصلات کے مطابق پشاور ایئرپورٹ منیجر نے 32فرنٹ لائن ورکرز کے کورونا میں مبتلاہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کورونا میں مبتلا زیادہ تر ایئرپورٹس پر کام کرنیوالے ویجلنس،ایئرپورٹ سروسزکا عملہ شامل ہیں۔

    ایئرپورٹ منیجر کا کہنا تھا کہ کورونا میں مبتلا برج آپریٹرز ،ایچ آر اور میڈیکل کا عملہ بھی متاثر ہوا ، بیرون ملک سے آنیوالے کورونامثبت مسافرکورونا کےپھیلاؤکا سبب بنے۔

    پشاور ایئرپورٹ پر خلیجی ممالک سے آنیوالے80سے زائد مسافرکورونا میں مبتلا تھے ، ایئرپورٹ منیجر کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ کو ڈس انفیکٹ کرنے کیساتھ اسپرےبھی کیاجارہاہے۔

    یاد رہے تین روز قبل شارجہ سے آنے والی پرواز کے 27 مسافروں میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد محکمہ صحت نے کورونا متاثرہ مسافروں کو قرنطینہ کیلئے مقامی اسپتال منتقل کردیا تھا۔

    دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جعلی کورونا سرٹیفکیٹ کےذریعے مسافروں کو پشاورلانے کے معاملے پر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر نجی ایئر لائن کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک پرواز کا اجازت نامہ منسوخ کردیا تھا۔

  • پشاور ایئرپورٹ پر ٹوائلٹ  سے سونا اور قیمتی موبائل فونز برآمد

    پشاور ایئرپورٹ پر ٹوائلٹ  سے سونا اور قیمتی موبائل فونز برآمد

    پشاور : باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ پرسول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے بڑی کاررروائی کرتے ہوئے انٹر نیشنل آرائیول لاونچ کے ٹوائلٹ  سے 10قیمتی موبائل فونز برآمد  کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر سونے اور موبائل فونز اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے انٹر نیشنل آرائیول لاونچ کے ٹوائلٹ سے 10قیمتی موبائل فونز برآمد کرلئے۔

    ایئرپورٹ منیجر نے کہا کہ دبئی سے پشاور آنیوالی پی آئی اے کی پروازپی کے 284 پہنچی تو ائیرپورٹ سروسز کا آفیسر معمول کی انسپیکشن پر تھا کہ عملے کو ٹوائلٹ میں موبائل فون پڑے ہو ئے ملے۔

    سی اے اے عملے نے موبائل فونز ڈیوٹی ٹرمینل آفیسر کے پاس جمع کرائے، جس کے بعد ڈی ٹی ایم نے کسٹمز کو بھی طلب کرلیا، کسٹمز کی موجودگی میں موبائل فونز کھولے گئے تو اس میں سے سونے کی ٹکیاں برآمد ہوئیں، مجموعی طور پر20تولہ سونا برآمد ہوا۔

    کسٹمز حکام نے موبائل اور سونے ٹکیاں کو اپنی تحویل میں لیکر مسافر کی تلاش شروع کردی ہے۔

  • پشاور سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن اسمگل کی کوشش ناکام، مسافر گرفتار

    پشاور سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن اسمگل کی کوشش ناکام، مسافر گرفتار

    پشاور : اے ایس ایف نے باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن بیرون ملک اسمگل کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مسافرکو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن بیرون ملک اسمگل کی کوشش ناکام بنادی۔

    اے ایس ایف کا کہنا تھا کہ مسافر گلف ایئر کی پروازجی ایف785کے ذریعے بحرین جانا چاہتا تھا، اے ایس ایف نے سی اے اے کے جوائنٹ سرچ بیگجز کاونٹر پر مسافر کے سامان کی تلاشی لی تو اس میں سے 2کلو 394گرام اعلیٰ کوالٹی کی آئس ہیروئن برآمد ہوئی ۔

    حکام کے مطابق مسافر نے ہیروئن ٹرالی بیگ کے خفیہ خانوں میں چھپا رکھی تھی، جس کے بعد اے ایس ا یف نے مسافر کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی۔

    اے ایس ایف حکام کا کہنا ہے کہ مزید قانونی کارروائی کیلئے مسافر کو اے این ایف کے حوالے کردیا گیا ہے۔